All posts by Khabrain News

چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، بھارت کبھی مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا، آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج مادرِ وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں،بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ہے، جہاں انہیں تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی اور ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی قیادت نےگلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے۔
پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،ہماری مسلح افواج مادرِ وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ کسی بھی مس ایڈوینچر کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا اوربھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کا حق دلوائے۔

وفاقی حکومت کا خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کے فیصلے کا اعلان چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا بھی ہماری طرح ہی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال حکومت کا فرض ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھاکہ پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے خواجہ سرا سب سے پہلے نادرا سے شناختی کارڈ میں اپنا جِنس اپڈیٹ کرائیں، پھر بی آئی ایس پی دفاتر میں رجسٹریشن کرائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کامیاب اندراج پر درخواست گزار خواجہ سرا کو 8171 نمبر سے میسیج آئے گا اور ان کو سہ ماہی 7000 روپے ملیں گے۔

کراچی میں ایک کلو چینی 100 روپے کی ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ایک کلو چینی 100 روپے کی ہوگئی، ہول سیل میں ایک کلو چینی کی قیمت ساڑھے 85 روپے ہوگئی۔
ہول سیل مارکیٹ میں نومبر کے وسط سے اب تک ایک کلو چینی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے، تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہول سیل میں چینی کی قیمت 90 روپے کلو تک پہنچ سکتی ہے۔
دوسری جانب حکومتی ہدایت کے باوجود گنے کی کرشنگ شروع نہ کرنے پر پنجاب کی 6 شوگر ملز کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپریل 2022ء میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بار بار الیکشن کے مطالبے اور موجودہ حکومت کی طرف سے مطالبے کو نظر انداز کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق ہفتہ وار اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پہلا اہم اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے۔
طلب کیے گئے اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام ونگز تیاریوں پر بریفنگ دینگے، اس بریفنگ میں انتخابی مواد کی خریداری، پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ عملے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کے لیئے 3لاکھ ٹن اضافی کاغذ خرید لیا۔
اجلاس کے دوران رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) اور پولنگ اسٹیشن کی میپنگ سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔
منگل کو ہونے والے اجلاس میں عام اتنخابات کے لیئے فنڈز کی دستیابی سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ حکام کو انتخابی تیاریوں سے متعلق اہم بریفنگ دینگے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران راولپنڈی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم نے اس نظام سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، جلد اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، گزشتہ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد متعدد بار مشاورتی اجلاس ہوئے، جس میں ایک مرتبہ پھر عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کی پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے لیے ہمارے ساتھ بات کی جائے بصورت دیگر اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔

افغانستان؛ پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم گرفتار

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے درالحکومت سے پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی میڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت میں کابل پولیس نے پاکستانی سفارتخانے کے قریب ایک عمارت کی آٹھویں منزل پر چھاپہ مار کارروائی میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے نے پولیس کو دیکھ کر رسی سے چھلانگ مار کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ملزم کو دبوچ لیا۔ ملزم اتنا خطرناک ہے کہ اس نے تین کمروں میں بارودی سرنگیں بچھاری رکھی تھیں۔
ملزم کے قبضے سے ایک لانگ رینج رائفل کے علاوہ 47 رائفلز، اسنائپر اور دیگر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
کابل نے مرکزی ملزم سمیت ایک مشتبہ ملزم کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے تاہم دنوں کی شناخت اور وابستگی سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔ پاکستانی ناظم الامور کو اس نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ ہیڈ آف مشن کے دفتر میں داخل ہورہے تھے جو عام تعطیل کے باعث بن تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں حال ہی میں تعینات ہونے والے عبید نظامانی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں سیاسی صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور دیگر قانونی امور پر تبادلہ خیال، آئینی صورتحال کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کے غیر آئینی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ جس کا ساتھ دیتے ہیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، ان جیسا رہنما مدتوں میں ملتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں کے نمبر کم ہیں اور باتیں زیادہ کرتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد اور گورنر راج کی باتیں گیدڑ بھبھکیاں ثابت ہوں گی۔27 کلومیٹر کے وزیراعظم کے پاؤں تلے سے زمین سرک رہی ہے۔
اس موقع پر مونس الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی اوروزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں متحد اور متفق ہیں۔ عمران خان لیڈر ہے اور رہے گا۔ اسمبلی اجلاس میں متحدہ علماء بورڈ پنجاب ترمیمی بل،پنجاب ایمپاور منٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز بل پیش کیاجائے گا۔
سپیکر سبطین خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی دی یونیورسٹی آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز لاہور بل پر قانون سازی بھی کی جائے گی۔ اس اہم ملاقات میں سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔

کوشش ہے 657 سکور کے دفاع میں زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں: امام الحق

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ جب 657 رنز ہوتے ہیں تو خود کو بچانا ہوتا ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں۔
انگلینڈ کے ساتھ تیسرے روز کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ بابر کے ساتھ بہت میچز کھیلتا ہوں،عبداللہ کے ساتھ بھی اچھا کھیلنے کا موقع ملا ہے، انگلینڈ نے پہلے اننگ کھیل لی ہے اب ہم کو سنبھل کر کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں صورتحال بہت مختلف ہوتی ہیں، ابھی 6 سیشنز ہیں، پچ کو تھوڑا سا بریک اور باوٴنس ملا ہے۔ انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا ہے مگر ہمیں بھی اچھا کھیلنا ہے، ابھی وقت ہے بہتری کے لیے اچھا کھیلنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے مثبت دوست ہیں اور مثبت کمپنی ہے میں انہی میں رہتا ہوں، میں نے ڈومیسٹک بہت کھیلا ہے اس سے میرے کھیل میں بہتری آئی ہے۔

قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے ساتھ اونٹوں کے مقابلہ حسن کا انعقاد

دوحہ، قطر: (ویب ڈیسک) قطر میں اس وقت عالمی فٹ بال مقابلے کی دھوم ہے لیکن اسی کے ساتھ خوبصورت اونٹنیوں کا مقابلہ حسن بھی منعقد کیا گیا جس میں ان کے قد، آنکھوں اور چہرے کی خوبصورتی کو بھی مدِ نظر رکھا گیا تھا۔
اس مقابلے میں نازاں نامی اونٹنی کو اس کے لمبی پلکوں، چال، حسن اور وقار کی بنا پر اول انعام دیا گیا جسے قطر کے مزائن کلب نے اس جمعے کو منعقد کیا تھا۔
یہ مقابلہ دنیا کو قطر کی تہذیب اور ثقافت سے روشناس کرنے لیے رکھا گیا تھا جس میں وزارتِ کھیل کا اشتراک بھی شامل تھا۔ کے شہر ایش شہانیہ میں یہ تقریب ہوئی جس میں الکواری خاندان کےاونٹ کو پہلا انعام دیا گیا۔ کل 15 اونٹوں میں سے ایک نازاں اونٹنی شاملک تھی جسے گلوبند سےسجایا گیا تھا۔
افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں اونٹوں کے مقابلہ حسن تواتر سے ہوتے رہتے ہیں اور نسل در نسل یہ سلسلہ جاری ہے۔ ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے سیاح بھی آتے ہیں جبکہ مقابلے میں شریک افراد کو ایئرکنڈیشنڈ خیموں میں بٹھایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جانوروں میں بوٹوکس یا ادویہ کے استعمال کو بھی چیک کرتے ہیں کیونکہ ان کا استعمال بالکل ممنوع ہے۔
نازاں کو 55 ہزار ڈالر کی رقم انعام کے طور پر دی گئی جبکہ دودھ دینے والی اونٹنی کے مقابلے میں پہلا انعام 15 ہزار قطری ریال رکھا گیا تھا۔

انڈونیشیا کا جزیرہ جاوا زلزلے سے لرز اٹھا، شدت 6.7 ریکارڈ

جکارتہ (ویب ڈیسک)انڈونیشیا کا جزیرہ جاوا ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا ریکٹر اسکیل پر شدت 6.7 ریکارڈ ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جزیرہ جاوا میں آنیوالے زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جب کہ عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگڈر مچ گئی۔
یورپی زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے، جب کہ مغربی جزیرے جاوا میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 118 کلومیٹر تھی۔
خبرایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد فوری طور کسی نقصان کی اطلاعات نہیں ہوئیں، تاہم گزشتہ ماہ جاوا میں زلزلے سے 327 افراد جان سے گئے تھے، سیکڑوں زخمی اور ہزاروں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔

ہندوستانی پرچم لہرانے پر نورا فتیحی تنقید کا نشانہ بن گئیں

دوحہ (ویب ڈیسک) مراکشی نژاد فنکارہ نورا فتیحی نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران ہونے والے کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرایا جس کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پرٹرولنگ شروع ہوگئی۔
نورا فتیحی وہ پہلی بھارتی شخصیت ہیں جس نے فیفا کے پلیٹ فارم پر پروفام کیا ، تاہم اداکارہ کو انکی بھارت سے محبت کا اظہار مہنگا پڑ گیا ۔
نورا فتیحی فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل سانگ Light The Sky میں بھی فیچر ہوئیں ۔ بھارتی اداکارہ و ڈانسر نے قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی تقریب کے دوران ایک فین فیسٹول میں بھی پروفامنس کا مظاہرہ کیا ۔
بھارتی اداکارہ نے دوران پروفارمنس بھارت سے محبت کے اظہار کے لئے بھارتی پرچم کوتھاما تاہم اداکارہ نے بھارتی پرچم کو غلط انداز میں لہرایا ۔ جس کے بعد سے ہی نورا کے حق اور مخالفت میں سوشل میڈیا پر تبصرے شروع ہوگئے ۔
فیفا ورلڈ کپ کی تقریب کے دوران بھارتی پرچم لہرانے پر بھارتیوں کو اداکارہ کی یہ ادا نہ بھائی ، اداکارہ کو کہا جارہا ہے کہ انہوں نے بھارتی پرچم کی توہین کی ۔
ایک صارف نے لکھا وہ بھارت کی نمائندگی کر رہی ہے حالانکہ وہ بھارتی شہری نہیں ۔
سوشل میڈیا پر ایک اور صارف نے نورا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کہ بھائی وہ انڈیا سے تعلق نہیں رکھتی وہ یہاں سے صرف کما رہی ہے اسے کیسے اس جھنڈے کی قدر ہوگی۔