All posts by Khabrain News

بھارتی گلوکار جوبن نوٹیال سیڑھیوں سے گر کر زخمی، کہنی اور پسلیاں ٹوٹ گئیں

ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار جوبن نوٹیال حادثے میں شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں ممبئی کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پلے بیک سنگر جوبن نوٹیال گزشتہ روز مبینہ طور پر عمارت کی سیڑھیوں سے گر کر شدید زخمی ہوگئے جس کے باعث ان کی کہنی اور پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں جبکہ سر پر بھی چوٹ لگی ہے۔
حادثے کے بعد انہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کے دائیں بازو کا آپریشن کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جوبن نوٹیال نے پاکستانی گانے بول کفارہ کیا ہوگا اور استاد نصرت فتح علی خان کی مشہور زمانہ قوالی ’غم ہے یا خوشی ہے تو میری زندگی ہے تو‘ کی نقل کر کے خوب شہرت حاصل کی ہے۔

انگلینڈ والے ٹی ٹونٹی پلیئر لیکر آئے، پاکستان کو بھی سوچنا پڑیگا: رمیز راجا

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ والے ٹیسٹ کے لئے ٹی ٹونٹی کے کھلاڑی لیکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پنڈی سٹیڈیم کی بے جان وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچز بنانے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، پنڈی سٹیڈیم کی پچ بہتر ہونی چاہیے تھی کیونکہ پچ شہ رگ ہوتی ہے، بغیر گھاس والی پچوں پربھی باؤنس ہوتا ہے، سیزن میں اچھی پچز بنیں گی اور کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ میں بھی یہی پچز ملیں گی۔
رمیز راجا نے کہا کہ ڈراپ ان پچز مسئلےکا حل ہو سکتا ہے، ڈراپ ان پچز مہنگی ہوتی ہیں لیکن امید کرتا ہوں کہ پچیں اچھی بنیں گی، ڈراپ ان پچ بحری جہاز میں آنی ہے، پاکستان خود ڈراپ ان پچیں بنائے گا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ کے حوالے سے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے جیسی بیٹنگ کی وہ آج تک نہیں دیکھی، انگلینڈ والے ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر لےکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔
ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نہیں جانا لیکن ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر نہیں جا سکتا، ایشیا کپ ہمارا ہے، ایشیا کپ پاکستان سے باہر نہیں جا سکتا۔

بیلجیئم کھلاڑی رومیکا لوکاکو نے گول نہ ہونے کا غصہ شیشے پر نکال دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں رومیکا لوکاکو نے گول نہ ہونے کا غصہ ڈگ آؤٹ کے شیشے پر نکال دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بیلجیئم اور کروشیا مدمقابل تھی اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے بیلجیئم کو یہ میچ جیتناضروری تھا لیکن مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا اور کروشیا کے کوالیفائی کے ساتھ بیلجیئم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
دوران میچ رومیکا نے اپنی ٹیم کے لئے ایک نہیں کئی گول کرنے کی کوشش کی لیکن نتیجہ بے سود رہا، ٹیم کے باہر ہونے کے بعد رومیکا لوکاکو نے اپنی فرسٹریشن ڈگ آؤٹ کے شیشے پر نکالی جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں رومیکا کو ڈگ آؤٹ پہنچنے پر غصے میں ہاتھ مار کر شیشہ توڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔

نیمار سے محبت، مداح نے فیس ماسک پر تصویر بنا ڈالی

دوحہ : (ویب ڈیسک) برازیلین فٹبال ٹیم کے کھلاڑی نیمار کے مداح نے فٹبالر سے اپنی محبت کا انوکھا اظہار کرتے ہوئے فیس ماسک پر تصویر بنا ڈالی۔
سوشل میڈیا پر ایک منفرد ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوایڈورڈی نامی مداح آرٹسٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس میں مداح کے سامنے موجود اسکرین پر اس کے پسندیدہ کھلاڑی کی تصویر نمایاں ہے جس کو سامنے رکھتے ہوئےقینچی کے ذریعے فیس ماسک کو اس انداز میں کاٹا گیا کہ نیمار کی تصویر بن گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آرٹسٹ نے نیمار سے اپنی محبت کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیت کا بھی بھرپور اظہار کیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مداح کے ٹیلنٹ کو بھی سراہا جارہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کا معاملہ، وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر آج ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کیلئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف لاہور پہنچ گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس آج لاہور میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاون پر ہوگا۔
اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی، اس سلسلے میں شہباز شریف آج صبح ہی اسلام آباد سے لاہور پہنچے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، لیگی رہنما، معاونین خصوصی، اراکین پنجاب اسمبلی شریک ہوں گے، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے نئے آرمی چیف کی نامزدگی کے فوراً بعد قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دیدی تھی جو جی ایچ کیو، وزارت دفاع سے پراسیس ہوتی ہوئی وزیراعظم آفس پہنچی جس کی شہباز شریف نے منظوری دیدی۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپریل 2023ء میں ریٹائر ہونا تھا، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، وہ 27 اپریل 2023 کو ریٹائرڈ ہو رہے تھے۔
خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں کور کمانڈر پشاور اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے بھی جی ایچ کیو سے وزارت دفاع کو بھیجے گئے ناموں میں ان کا نام شامل تھا۔

توہین عدالت کیس: ‘حکومت فوجداری کارروائی چاہتی ہے تو تقاضے بھی سمجھے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے 25 مئی لانگ مارچ سے متعلق عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں ریمارکس دئیے ہیں کہ حکومت فوجداری کارروائی چاہتی ہے تو تقاضے بھی سمجھے، حکومت توہین عدالت کارروائی کیلئے کیسے متاثرہ فریق ہے؟
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی، وزارت داخلہ کے وکیل سلمان بٹ نے دلائل دیے کہ عمران خان 24مئی سے ہی ڈی چوک جانے کی کال دے رہے تھے، وہ عدالتی حکم سے آگاہ تھے یہ بات ریکارڈ سے ثابت ہے، انہوں نے اپنے جواب میں غلط بیانی کی ہے، پہلے اپنے اور بعد میں وزیراعلی کے جیمرز کا بیان دیا گیا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں ہے جو شہادتیں ریکارڈ کرے، حکومت کی درخواست پہلے ہی غیرموثر ہے، توہین کا معاملہ عدالت اور توہین کرنے والے کے درمیان ہوتا ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا عدالت چاہے گی تو کارروائی کرے گی، کوئی ایک عدالتی فیصلہ دکھا دیں جس میں غیرموثر کیس میں توہین عدالت کی کارروائی ہوئی ہو، لانگ مارچ حکومت کیخلاف احتجاج تھا ڈسپلن سے ہونے والی پریڈ نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود معلومات مانگی تھیں جو سامنے لائی گئی ہیں، جسٹس یحیحیٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے اور معلومات جانے، درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ 25 مئی والا کیس تو سپریم کورٹ نے نمٹا دیا تھا، موجودہ درخواست 25 مئی والے حکم کا تسلسل کیسے ہو سکتی ہے؟ سپریم کورٹ نے کیس غیرموثر ہونے پر ختم کیا تھا، حکومت کیسے متاثرہ فریق ہے جو توہین عدالت کی کارروائی شروع کرائے؟۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے سامنے مواد آ گیا ہے اور عمران خان کا موقف بھی، عمران خان کہتے ہیں انہیں عدالتی حکم کا علم ہی نہیں تھا، حکومت صرف معاونت کر سکتی ہے، فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، عدالت نے دیکھنا ہے کہ کن حالات میں کیا ہوا تھا، پچیس مئی کو حالات کشیدہ تھے، مظاہرین کسی کے کنٹرول میں نہیں تھے، لارجر بنچ نے جب سماعت شروع کی تو لانگ مارچ ختم ہوچکا تھا، کس نے کیا کہا اور کیا کال دی گئی تھی سب حالات کا جائزہ لینا ہے، دیکھنا ہے ڈی چوک پہنچنے والے مقامی تھے یا لانگ مارچ کا حصہ؟
وکیل وزارت داخلہ نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ ڈی چوک ہی آنا چاہتے تھے، عمران خان نے عدالت میں متضاد بیانات دیے، پہلے کہا ڈی چوک جانا ہے، پھر کہا پالیسی ایچ نائن گرائونڈ جانے کی تھی، عدالت عمران خان کے کتنے متضاد بیانات کو درگزر کرے گی؟
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ڈی چوک نہ جانے کے بیان پر عدالت نے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم سے پہلے کے بیانات اور ارادے کا مقدمہ سے کیا تعلق؟۔
جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا ڈی چوک پر احتجاج کیلئے ممنوعہ جگہ ہے؟۔
وکیل نے جواب دیا کہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے، 2014ء میں بھی صرف آبپارہ میں دھرنے کی اجازت ملی لیکن پی ٹی آئی ریڈ زون آ گئی، جس سے سپریم کورٹ محصور ہوگئی، ججز کو دوسرے راستے سے آنا پڑا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ماضی میں کیا ہوتا رہا اس سے متاثر نہیں ہونگے۔
وزارت داخلہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات کی ویڈیوز اور ٹویٹس پیش کر دیں۔ وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے 25 مئی کی صبح ڈی چوک پہنچے کا ٹویٹ ہوا، تین بجے شیریں مزاری نے ٹویٹ کر کے ڈی چوک آنے کا کہا، حالانکہ ایک بجے اسد عمر جی 9 ایچ 9 گراؤنڈ کی یقین دہانی کروا چکے تھے، 3:09 بجے اسد عمر کنٹینر پر عمران خان کے ساتھ موجود تھے، اسد عمر عدالت کو یقین دہانی کروا کر گئے تھے کہ ایچ 9 کا گراؤنڈ چاہیے تھا، 4:13 منٹ پر عمران خان نے تقریر کی کہ رکاوٹیں عبور کر کے ڈی چوک پہنچیں گے۔
جسٹس مظاہر نقوی نے پوچھا کہ اسد عمر نے عمران خان کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا تھا اس کا کیا ثبوت ہے؟۔
وکیل نے کہا کہ تحریری جواب کے مطابق اسد عمر ہیلی کاپٹر پر عمران خان کے پاس لانگ مارچ میں پہنچے، اسد عمر نے ایک بجے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی، یقین دہانی کے بعد ڈی چوک کا اعلان ہوا تو اسد عمر عمران خان کیساتھ کھڑے تھے، عدالتی حکم کے بعد بھی عمران خان ڈی چوک ہی آنا چاہتے تھے۔
جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ عدالت کے سامنے بیانات دینے پر پابندی نہیں، آپ نے انہیں غلط ثابت کرنا ہے، حکومت فوجداری کارروائی چاہتی ہے تو اس کے تقاضے بھی سمجھے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو براہ راست کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی، ثابت کرنا ہوگا کہ عمران خان کی ہدایت پر یقین دہانی کرائی گئی، اگر کوئی غلط بیانی ہوئی ہے تو یہ بابر اعوان اور فیصل چوہدری کی جانب سے ہوگی۔
وکیل وزارت داخلہ نے اعتراض اٹھایا کہ جو سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی گئی اس کا کیا ہوگا؟۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ غلط بیانی پر الگ قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ توہین عدالت کارروائی کسی کو سزا دینے کیلئے نہیں ہوتی، عدالت کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا لیکن نوٹس نہیں لیا ، عدالت کو اسکے فیصلوں پر پرکھیں نا کہ اپنے اپنی سوچ پر کہ نیت کیا تھی۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی حکومتی درخواست پر کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

حکومت نے ڈاکٹر اسد مجید کو سیکرٹری خارجہ مقرر کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ڈاکٹر اسد مجید کو سیکرٹری خارجہ مقرر کر دیا۔
ڈاکٹر اسد مجید کو سیکرٹری خارجہ مقرر کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ڈاکٹر اسد مجید کا تعلق فارن سروسز پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے افسر ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اسد مجید اس وقت بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے میں ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سہیل محمود کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے سیکرٹری خارجہ کا عہدہ 29 ستمبر سے خالی تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کا سموگ کے پیش نظر ہفتے میں تین دن سکولز بند کرنے کا عندیہ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے پیش نظر تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز کو تین دن بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم ہارون فاروق سمیت دیگر نے درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے سموگ کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کی صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے، پنجاب حکومت سنجیدہ نہیں لگ رہی، ہمیں اس حوالے سے بین الاقوامی ماہرین کی ضرورت ہے۔
عدالت میں دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سموگ کے پیش نظر تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول ہفتے میں تین روز بند جبکہ دو روز ورک فار ہوم کرنا پڑے گا، متعلقہ منسٹرز سے رابطہ کر کے بتائیں، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرا دیتے ہیں، محکمہ ماحولیات نے بھٹوں صنعتوں کے حوالے سے رولز بنانے تھے، رولز بنائیں کہ اب بھٹہ یا فیکٹری سیل نہیں ہوگی بلکہ اسے گرایا جائے گا، بھٹہ مالکان اور فیکٹری مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں۔
عدالت نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک رولز بنا کر پیش کریں، ہم آئندہ منگل کو دوبارہ سماعت کریں گے۔

پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں قابل اعتبار، مثالی رہے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں۔
وزیراعظم نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے وفد سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی کمپنی کے وائس چیئرمین تان گو فو کررہے تھے، ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں
اس موقع پر میاں شہباز شریف نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے وفد کا خیر مقدم کیا اور اپنے گزشتہ دورۂ چین کے دوران کمپنی کے صدر سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے کمپنی کے وائس چیئرمین تان گو فو کی جانب سے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا، انہوں نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کو پاکستان میں قابل تجدید خصوصا شمسی توانائی کے منصوبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے مختلف اشیاء عطیہ کرنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔