All posts by Khabrain News

سینیٹراعظم سواتی سے ناانصافی، ججز سے پوچھتا ہوں انصاف کدھر ہے؟ عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ سینیٹراعظم سواتی پر نا انصافی کے معاملے پر معزز ججز سے میں پھر سے پوچھتا ہوں اس سب میں انصاف کدھر ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ دستور کا آرٹیکل 14 شرفِ انسانی کو قابلِ حرمت قرار دیتا ہے؛ چنانچہ سپریم کورٹ کے معزز ججز سے میرا سوال ہے آیا دستور کے اس آرٹیکل کا اطلاق محض ریاست کے طاقتور حکام تک ہی محدود ہے کیونکہ باقی سب کیلئے تو شرفِ انسانی جیسے بنیادی حق کو بھی تحفظ حاصل نہیں؟
پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو برہنہ کیا گیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی اہلیہ کو ایک غیر اخلاقی ویڈیو بھجوا کر ان کی تذلیل کی گئی۔ ہفتوں تک وہ سپریم کورٹ سےحصولِ انصاف کے منتظر رہے مگر ان کی کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ جب قابلِ فہم غصے اور مایوسی کےعالم میں وہ (ان زیادتیوں پر) ردِعمل کا اظہار کرتےہیں تو انہیں جیل میں ڈال دیا جاتا ہےاور ملک بھر میں ان کیخلاف کم و بیش 15 پرچے کاٹ دیے جاتے ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ اپنے معزز ججز سے میں پھر سے پوچھتا ہوں اس سب میں انصاف کدھر ہے؟ کیا دستور کا آرٹیکل 14 امتیازی طور پر محض اعلیٰ و طاقتور ریاستی حکام کیلئے ہی قابلِ اطلاق رہے گا؟

پنجاب اور سندھ سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے آنا شروع

کراچی، لاہور:(ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب اور سندھ سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اراکین کے استعفے آنا شروع ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے اراکین نے استعفیٰ دے دیا، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کو تمام اراکین کے استعفیٰ موصول ہوگئے۔
اس حوالے سے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں موجود تمام 26 اراکین نے اپنے استعفے جمع کروادیے ہیں، چیئرمین عمران خان کی کال پر اراکین نے استعفے دیئے، قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی صورتحال سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خرم شیر زمان قائد جب حکم دیں گے استعفیٰ سندھ اسمبلی میں جمع کروادیں گے، یہ نشست عمران خان کی امانت ہے، ووٹ عمران خان کا تھا اور رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کے اراکین نے استعفے دینا شروع کردئیے، محمد عامر اقبال شاہ ایم پی اے پی پی 224 دنیا پور نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔
عامر اقبال شاہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام استعفیٰ تحریر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔

ننکانہ صاحب: سکھ یاتریوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) سکھ یاتریوں کے ساتھ ہونے والی چوری کی واردات کے ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کے ساتھ ہونے والی چوری کی واردات کے ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے 80 ہزار روپے نقدی اور 6 قیمتی موبائل برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق CCTV کیمروں کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سکھ یاتریوں کی عارضی رہائشگاہ سے نقدی اور موبائل فونز چوری کر کے فرار ہوئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ صاحب سردار موارہن خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او بوٹا ڈوگر اور پولیس ٹیم کو شاباشی دی اور کہا کہ اقلیتوں کے جان ومال کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان میں موجود مہمان انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔
بین اسٹوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شئیر کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ تاریخی سیریز کے لیے پہلی مرتبہ پاکستان آنا خوش آئند ہے۔
بین اسٹوکس نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیلاب نے ملک اور عوام کو خاصا متاثر کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اس کھیل نے مجھے زندگی میں بہت کچھ دیا ہے، لیکن اب میں اس کرکٹ سے ہی کچھ واپس کرنا چاہتا ہوں، اس لیے میں اپنی ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کرتا ہوں۔
انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے یہ امدادی رقم پاکستان کے متاثرہ لوگوں کے کام آسکیں گی۔
بین اسکٹوکس نے ٹوئٹ کے کیپسن میں امداد کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے جھنڈا اور دل کے اسٹیکر بھی شئیر کیے ہیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) صدرمملکت اور اور وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی ہے۔
شہبازشریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا، صدر مملکت اوروزیراعظم شہبازشریف نے نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔
دونوں رہنماوں نے ملاقات میں ملک اور پاک فوج کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی جبکہ مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جھنڈے سے اللہ کا نام ہٹانے پر ایران کا امریکا سے احتجاج

ایران : (ویب ڈیسک) ایران کے جھنڈے میں اللہ کا نام ہٹانے پر فیفا ورلڈ کپ میں نیا تنازع شروع ہو گیا، ایران نے امریکا کیخلاف فیفا میں شکایت درج کرادی۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 میں 29 نومبر کو امریکا اور ایران کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، جس کیلئے امریکی ٹیم نے سوشل میڈیا پر اس مقابلے کے بارے میں پوسٹس شئیر کیں، لیکن اس میں ایران کے جھنڈے میں سے ۔۔ اللہ‘ ۔۔ کا لفظ ہی موجود نہیں تھا۔
بی بی سی کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیم کی جانب سے موقف دیا ہے کہ ایران کے سرکاری پرچم کو اس لیے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ ایران میں بنیادی انسانی حقوق کی جنگ لڑنے والی خواتین سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتے تھے جو ملک میں حکومت مخالف مظاہروں کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اسے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ٹیم نے فیفا قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے تحت ان پر 10 میچوں کی پابندی عائد کریں۔

قومی ترانے کا نیا انداز ، ستاروں میں جنگ چھڑ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب ستاروں کی پرفارمنس اور انہیں دیئے گئے ایوارڈز کی وجہ سے نہیں بلکہ تقریب کے بعد دو ستاروں کی سوشل میڈیا پر تکرار کی وجہ سے موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ پہلے سجل علی اور عدنان صدیقی آمنے سامنے آئے، پھر اعجاز اسلم اور فرحان سعید بھی بحث میں کود پڑے۔ سوشل میڈیا صارفین اور ان ستاروں کے پرستار بھی اپنا اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ وجہ تھی تقریب کے دوران قومی ترانے کو نئے ڈھنگ سے پیش کرنا۔
لکس اسٹائل ایوارڈز کا آغاز ہمیشہ کی طرح قومی ترانے سے کیا گیا۔ معروف گلوکار شہزاد رائے اور کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والے وہاب بلوچ فنکار وہاب نے یہ ترانہ گایا، بول تو وہی تھے لیکن انداز کچھ الگ تھا۔
تقریب ختم ہوئی تو سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی، جہاں ترانے کو کئی لوگوں نے سراہا وہیں اداکار عدنان صدیقی سے سب سے پہلے نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تخلیقی آزادی کی آڑ میں قومی ترانے میں ردو بدل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قومی ترانے کو تمام تقریبات اور ایوارڈ شوز میں اصل موسیقی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، جس سے عوام میں حب الوطنی بیدار ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی آئین کسی کو تخلیق کے نام پر قومی ترانے کو ری مکس کی صورت میں پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے؟
عدنان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ شاید ان کی رائے غلط ہو، لیکن انہیں یہ سب اچھا نہیں لگا، انہوں نے صارفین سے اس بارے میں ان کی رائے بھی پوچھی۔
صارفین نے بھی اس بحث میں کھل کر حصہ لیا ، کسی نے اداکار کی بات سے اتفاق کیا تو کسی نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ترانے کے الفاظ وہی ہیں جن سے وطن سے محبت کا اظہار ہوتا ہے۔ بیشتر صارفین نے کہا کہ قومی ترانے کو جیسا ہے ویسا ہی پیش کیا جانا چاہیے، ایسی بہت سی چیزیں ہیں جن کو آپ نئے انداز میں پیش کر سکتے ہیں لیکن قومی ترانہ ان میں سے نہیں ہے، کیونکہ یہ ہماری قوم کی پہچان ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ترانے کو نئے انداز میں پیش کرنا کوئی برائی نہیں، دوسرے ممالک میں ترانوں کی دھن اور میوزک میں ہلکا پھلکا ردو بدل جائز ہے، اس سے نئی نسل بھی اس سے زیادہ قربت محسوس کرتی ہے۔
معاملہ تب بڑھا جب اداکارہ سجل علی بھی میدان میں آگئیں، اور انہوں نے عدنان صدیقی کو ٹیگ کر کے ان کی بات سے سب سے کے سامنے اختلاف کیا۔ سجل علی نے لکھا پاکستان کا تنوع ہی اسے خوبصورت بناتا ہے۔ شہزاد رائے اور وہاب بگٹی نے کوئی قانون نہیں توڑا، ان کا گانا ہمارے آئین کی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس پر عدنان صدیقی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تخلیق کے نام پر قومی پرچم کو الٹا لہرائیں اور قومی نشان کو اپنی مرضی کا ڈیزائن دیں؟ عدنان صدیقی نے سجل علی کو کہا کہ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کسی فنکار کا نام نہیں لیا، تو سجل بھی غیر ضروری تنازع کھڑا نہ کریں۔
اس بحث میں اداکار اعجاز اسلم نے بھی انٹری کی، اور کہا کہ ان کے نزدیک عدنان صدیقی کا نکتہ نظر واضح ہے ، کسی ایسی چیز کو ٹھیک کرنے کی کوشش نہ کریں جو پہلے سے ہی بے مثال ہے۔
دوسری جانب فرحان سعید نے عدنان صدیقی کی مخالفت کرتے ہوئے لکھا کہ میں عدنان صدیقی کی بہت عزت کرتا ہوں، اور میں جانتا ہوں کہ وہ کسی کو تکلیف پہنچانے کیلئے کچھ نہیں کریں گے، آپ ایسا محسوس کرتے ہیں تبھی آپ نے یہ سب کہا لیکن خدا کا واسطہ ہے یہ وہ آخری چیز ہے جو ہم پاکستان میں ۔۔ نہ کرنے کی۔۔ فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں، یہ ترانہ بہت خوبصورت ہے۔
اب اس میں بحث میں کون صحیح ہے اور کون غلط اس کا فیصلہ تو مشکل ہے، لیکن یہ یاد رکھیے کہ قومی ترانے کو نئے انداز میں پیش کرنا یہ پہلی بار نہیں ہوا، بلکہ رواں برس ہی یوم آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان نے اصل قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کو ریلیز کیا تھا۔
قومی ترانے کو 68 سال بعد دوبارہ پرانی دھن پر ہی ریکارڈ کیا گیا اور ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت اسلام آباد کے گلوکاروں نے اس میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

کترینہ، دیپیکا اورعالیہ کی چھٹی کرانے والی نئی ہیروئن کون؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) کیا بالی ووڈ پر کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کا راج ختم ہونے جا رہا ہے ؟ کیونکہ بالی ووڈ کی ہیروئنوں کو ٹکر دینے ساؤتھ فلم انڈسٹری کی اداکارہ نے انٹری لے لی ہے۔
سمانتھا رُتھ نے آتے ہی بالی ووڈ کی ہیروئنوں سے بھارتی معروف اداکارہ کا اعزاز چھین لیا ہے، انہوں نے 2022 کی معروف اداکاراؤں کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی نئی فہرست میں عالیہ بھٹ دوسرے، نیانتھرا تیسرے، کاجول اگروال چھوتھے اور دپیکا پڈوکون پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ کترینہ کا اس فہرست میں ساتواں نمبر پر ہے۔
واضح رہے سمانتھا رُتھ پربھو بہترین اداکارہ کے ساتھ ساتھ بہترین ڈانسر بھی ہیں، اور حال ہی میں بلاک بسٹر فلم ’پشپا‘ کے آئٹم سانگ میں ڈانس کر کے انہوں نے سب پر جیسے جادو کر دیا اور وہ بھارت کی سب سے مقبول خاتون اسٹار بن گئی ہیں

پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان قانون اور آئین کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اور کارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب صوبائی اسمبلی سےاستعفی دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

ہوٹل میں مکمل انتظام، انگلش ٹیم کو باہر سے کچھ منگوانے کی اجازت نہیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہمان انگلش کھاڑیوں کے لیے ہوٹل میں مکمل انتظام کیا گیا ہے جبکہ ان کو باہر سے کچھ منگوانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آئی انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کو ہوٹل میں ہی مختلف سرگرمیاں کرنے کا موقع دیا جائے گا، مہمان کھاڑیوں کے لیے ہوٹل میں منی گالف کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ بین سٹوکس اپنے ساتھ اپنی پسندیدہ ویڈیو گیمز لائے ہیں۔
ذرائع کا کہا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کے متعدد کھلاڑیوں کو ویڈیو گیمز کا شوق ہے، زیک کرالی اپنے ساتھ پسندیدہ کارڈز کی گیم لائے ہیں جبکہ کیٹن جیننگز کافی کے شوقین ہیں اور وہ کافی مشین ہمراہ لائے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مہمان کھلاڑیوں کو سکیورٹی ببل سے باہر جانے کی اجازت نہیں، مہمان کھلاڑی باہر سے کچھ نہیں منگوا سکتے، چیف سکیورٹی ببل میں پسندیدہ پکوان مہیا کرے گا، انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کے ہمراہ شیف بھی آیا ہے۔