All posts by Muhammad Saqib

منی لانڈرنگ کیس: چالان میں تاخیر کا الزام ملزمان پرنہیں لگایا جاسکتا، عدالت

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیشل کورٹ سینٹرل نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ ٹرائل روزانہ کی بنیاد پرکرنےکی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ ایف آئی اے نے مقدمے کا چالان ایک سال سے بھی زائد عرصے میں جمع کرایا ، فرد جرم میں تاخیر کے ذمہ دار شہباز شریف نہیں ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کرمنل لاء ترمیمی ایکٹ 1958 میں کہیں نہیں لکھاکہ ٹرائل روزانہ کی بنیادپرکیا جائے، عدالت پوری کوشش کرےگی کہ شہباز شریف کیس کوترجیجی بنیادوں پر سنا جائے، ایف آئی اے نے دسمبر 2021 میں درج مقدمے کاچالان ایک سال سے زائدعرصے میں پیش کیا، چالان تاخیر سے پیش کرنےکا الزام ملزمان پرنہیں لگایا جاسکتا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے ابھی تک ملزمان کو 24 بینکرزکے بیانات کی کاپیاں فراہم نہیں کیں، چالان سے منسلک دستاویزات کی کاپیاں فراہم کرنےکےحکم پرپراسیکیوشن نے ابھی تک عمل نہیں کیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 241 اے اور 265 سی پرعمل کیے بغیر فردجرم عائد نہیں ہوسکتی۔

نیب نے (ن) لیگ کے ایم این اے اظہر قیوم اور ان کے بھائی کو طلب کرلیا

لاہور : (ویب ڈیسک) نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ کو طلب کرلیا۔
نیب لاہور نے آمدن سے زائداثاثہ جات کے الزام میں گوجرانوالہ سے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ اور ان کے بھائی مدثر قیوم ناہرہ کو آج طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
ناہرہ برادران نے نیب کی جانب سے طلب کیے جانے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ نیب ہمیں ان الزامات میں انکوائری کے بعد کلیئرنس جاری کرچکا ہے، ڈھائی سال بعد ہمیں دوبارہ طلب کرناسیاسی بلیک میلنگ ہے،کسی بلیک میلنگ میں آکرن لیگ کونہیں چھوڑیں گے۔

عدم اعتماد پر حکمت عملی تیار، وزیراعظم جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں: گل کادعویٰ

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ عمران خان جہانگیر ترین کے ساتھ رابطے میں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران خان جب تک چاہیں گےعثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے، کچھ عالمی طاقتیں پاکستان کے نظام پر حملہ آور ہیں اور اپوزیشن ان کے اشارے پر چل رہی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم پر تنقید کے حوالے سے شہباز گل نے کہا کہ بلاول کی خاتون اول پر الزام تراشی شرمناک ہے، بلاول گھریلو خواتین پر کیچڑ اچھالیں گے تو جواب بھی اُتنی شدت سے دیا جائے گا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک سے فارغ ہو کر بلاول بھٹو زرداری کو سرکاری خرچ پر اُردو سیکھائیں گے۔

کراچی: نیٹی جیٹی پل کے قریب حادثہ، باپ اور دو بیٹے جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) نیٹی جیٹی پل کے قریب ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں باپ اور دو بیٹے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق تینوں افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں، جاں بحق افراد میں باپ اور دو بیٹے شامل ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ تینوں باپ بیٹےکیماڑی کے رہائشی تھے، آگرہ تاج میں محنت مزدوری کے بعد واپس گھر جا رہے تھےکہ حادثے کا شکار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ موٹرسائیکل اور ٹریلر کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور حادثے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایلون مسک کی بیٹی کی خفیہ پیدائش کا راز فاش ہوگیا

امریکا: (ویب ڈیسک) کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور ان کی گرل فرینڈ گلوکارہ گرائمز کے ہاں سریگوسی کے ذریعے بیٹی کی خفیہ پیدائش کا راز فاش ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسک اور گرائمز کی بیٹی کی پیدائش کا انکشاف اس وقت ہوا جب گلوگارہ امریکی میگزین کو انٹرویو دے رہی تھیں ۔
انٹرویو کے دوران بچے کے رونے کی آواز آئی جس پر میزبان نے کہاکہ یہ کیا شور ہے، بعد ازاں گرائمز نے اعتراف کیا کہ یہ ایک چھوٹی بچی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بیٹی کا نام (Exa Dark Sideræl) رکھا تاہم اپنے بیٹے ‘Y’ سے ملتے جلتے نام رکھنےکی وجہ سے بیٹی کو مختصر نام دیتے ہوئے ‘X’ پکارتے ہیں۔گرائمز نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش دسمبر 2021 میں ایک سروگیٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق گرائمز نے انٹرویو کے بعد اعلان کیا کہ ان کی اور ایلون کے درمیان ایک بارپھر علیحدگی ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون اور گرائمز کے ہاں مئی 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام مختصر طور پر ‘X’ رکھا گیا تھا۔

روس نے ایٹمی جنگ کے خدشات کو ردکردیا

برطانیہ : (ویب ڈیسک) روس نے ایٹمی جنگ کے خدشات کو رد کردیا۔
برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کے روز کہا کہ انہیں نہیں لگتاکہ یوکرین کا تنازع ایٹمی جنگ میں تبدیل ہوگا۔
تاہم انہوں نے امریکا اور یورپ کو خبردار کیا کہ روس اب دوبارہ کبھی مغربی ممالک پر انحصار نہیں کرنا چاہتا۔
ترکی میں ایک صحافی نے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے سوال کیا کہ کیا جوہری جنگ شروع ہو سکتی ہے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر یقین نہیں کرنا چاہتا اور میں اس پر یقین نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ کے موضوع کو صرف مغرب نے ہی بحث میں ڈالا ہے۔
خیال رہے کہ روس کی معیشت 1991 کے سوویت یونین کے زوال کے بعد اب سب سے بڑے بحران کا سامنا کر رہی ہے جب مغربی ممالک نے روس کے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد بھاری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
واضح رہے کہ روس اور امریکا کے پاس سرد جنگ کے بعد سب سے بڑے جوہری ہتھیار ہیں جبکہ 27 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فوج کی جوہری تنصیبات رکھنے والی یونٹ (نیوکلیئر فورس) کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر جموں و کشمیر میں گر کر تباہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر جموں و کشمیر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر گریز سیکٹر کے بروم علاقے میں گر کر تباہ ہوا،عملے کو بچانے کے لیے سیکورٹی فورسز روانہ ہو گئیں۔

جدید لڑاکا طیارے جے 10 سی کی پاک فضائیہ میں شمولیت، وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں، ائیر چیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی کی پاکستان ائیر فورس میں شمولیت کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہیں۔
تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ نے مہمانوں کوخوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ ہم ایک چیلنجنگ دورمیں رہ رہے ہیں، پاکستان اور چین آزمائے ہوئے دوست ممالک ہیں، خطے میں امن کیلئے پاک چین تعاون مثالی ہے۔
ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا کہ جے ٹین سی کی پاکستان ائیر فورس میں شمولیت باعث خوشی ہے، آج کا دن پاک فضائیہ کے لیے اہم ہے، پاک فضائیہ نے ہر مشکل میں وطن کی حفاظت کاعزم کیا ہے، جے ٹین سی کی پاکستان ائیر فورس میں شمولیت سے دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی،جدید ہتھیاروں اور دیگر دفاعی شعبوں میں چین کی معاونت قابل تعریف ہے۔
جے ٹین سی فضا سے زمین اور فضا سے سمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جے ٹین سی میں بحری حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بحری جہاز تباہ کرنے والے مؤثر میزائلوں سے لیس ہے۔
جے ٹین سی بھاری مقدار میں حربی سازو سامان اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جے ٹین سی اسٹریٹیجک جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل ہے، جے ٹین لڑاکا طیاروں کو جے ایف 17کے ساتھ مواصلاتی طور پر منسلک کرنے کا آپشن موجود ہے، فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بھارتی رفال طیاروں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
چینی ساختہ جے ٹین سی 4.5 پلس پلس جنریشن طیارہ ہے جس میں جدید ترین ریڈار نظام نصب ہے، جے ٹین سی کے ریڈار میں 1400 ٹی آر ایم ، بھارتی رفال طیاروں کے ریڈار میں 1200 ٹی آر ایم ہے، جے ٹین سی کو ویگرس ڈریگن بھی کہا جاتا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی میں شروع ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی میں صبح 10 بجے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔
اہم مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں خصوصی پچ بھی تیار کر لی گئی۔ قومی کپتان بابر ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کراچی ٹیسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان اترنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ٹیم میں بھی ایک سے دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ حسن علی کی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے جبکہ فہیم اشرف کی شمولیت کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سے مشروط ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی پہلی اور پاکستان کی دوسری پوزیشن ہے۔

کراچی: سیوریج کا بوسیدہ نظام، رہائشی علاقے گندے پانی کا تالاب بن گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں سیوریج کا بوسیدہ نظام اور نالوں میں کچرے کے ڈھیر لگنے کے باعث مصروف سڑکیں اور رہائشی علاقے گندے پانی کا تالاب بن گئے، ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گٹر اور نالہ ابلنے کے باوجود بھی متعلقہ بلدیاتی ادارے کچھ نہ کر سکے۔
شہر قائد میں سیوریج کا بوسیدہ نظام شہریوں کیلئے عذاب بن گیا۔ بلدیہ ضلع وسطی، نارتھ ناظم آباد میں گڑ ابلنے اور نالے کچرے سے چوک ہونے کے باعث مصروف سڑکیں اور رہائشی علاقے گندے پانی کا تالاب بن گئے۔
نارتھ ناظم آباد میں آئی بلاک سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج مسائل سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر بھی تعفن و بیماریاں پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد میں بیشتر مقامات پر گڑ ابلنے سے ٹریفک متاثر اور سڑکیں بھی تباہ ہو رہی ہیں۔ گندگی سے مچھروں اور مکھیوں کی بہتات اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔