All posts by Khabrain News

پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب منگل کو ہوگی

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کل بروز ( منگل ) کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل بروز ( منگل ) کو جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو ) میں منعقد ہوگی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے 16ویں آرمی چیف ہیں جبکہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کی کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف ہیں۔

سعودی عرب فٹبال ٹیم کے کپتان ورلڈ کپ سے باہر

قطر : (ویب ڈیسک) سعودی عرب فٹبال ٹیم کے کپتان سلمان الفراج انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے کپتان سلمان الفراج ارجنٹائن کے خلاف میچ میں شدید زخمی ہونے کے بعد انجری کا شکار ہیں۔
انجری کے باعث فٹبال ٹیم کے کوچ ہیرو رینارڈ نے کپتان سلمان الفراج کو اگلے میچ کے تربیتی کیمپ سے رخصت دی گئی ہے۔
میڈیکل ٹیم نے بھی معائنے کے بعد سلمان الفراج کو ورلڈ کپ کے آئندہ میچز کے لیے فٹ قرار نہیں دیا۔
سلمان الفراج زخمی ہونے کے بعد اب مکمل بحالی کے پروگرام سے گزریں گے۔ جس کے باعث وہ قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے باقی میچ نہیں کھیلیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کیخلاف درج 13 مقدمات خارج کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درج 13 مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے علی امین گنڈا پور کی اخراج مقدمہ کی درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر اسلام آباد کے 15 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کے بیانات کے بعد علی امین گنڈاپور کے خلاف دائر مقدمات خارج کر دیئے جب کہ 2 مقدمات کے خلاف درخواستیں علی امین گنڈا پور کے وکیل نے واپس لے لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف 25 مئی کے لانگ مارچ میں جلاؤ گھیراؤ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے اخراج کے لئے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سیاسی دھند اتنی چھا گئی کہ الیکشن کا سورج طلوع ہونا لازمی ہے: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے جلد از جلد الیکشن کرانے ضروری ہیں ورنہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لکھا کہ سیاسی دھند اتنی چھا گئی ہے کہ الیکشن کا سورج طلوع ہونا لازمی ہے اب تو مفتاح بھی کہہ رہے ہیں بانڈ کلیئر ہونے کے باوجود ملک ڈیفالٹ ہوسکتا ہے، ایکسپورٹ ترسیلات زرمبادلہ کے ذخائر کم اور سٹاک ایکسچینج بھی ٹھس ہوگئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول، گیس، ڈالر مہنگا اور نایاب ہے، اسمبلیاں بچانے پر مشورے ہو رہے ہیں، ملک اور تباہ حال معیشت بچانے پر کام نہیں ہو رہا، اگر 567 ممبر اسمبلیوں سے مستعفی ہوجاتے ہیں تو پیچھے کیا رہ جاتا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ اسمبلیاں توڑیں یا چھوڑیں لولی لنگڑی اسمبلیوں کی طرف کوئی نہیں دیکھ رہا، حکمران اور اُن کو لانے والے دونوں افسردہ اور شرمندہ ہیں، اکیلے عمران خان نے 13 پارٹیوں کی اجتماعی سیاسی قبر کھود دی ہے جس کی وجہ سے پی ڈی ایم الیکشن سے فراری ہے۔

چھوٹا طیارہ بجلی کے پول کے ساتھ جا ٹکرایا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست میری لینڈ میں چھوٹا طیارہ بجلی کے پول کے ساتھ جا ٹکرایا۔
واشنگٹن پوسٹ نے مقامی حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں گزشتہ رات ایک چھوٹا طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، کاؤنٹی میں بلیک آؤٹ کی وجہ سے 90 ہزا سے زیادہ گھر اور کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔
حادثے میں پائلٹ اور مسافر طیارے میں پھنس گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، حادثہ ایک تجارتی علاقے کے قریب بارش کے دوران پیش آیا تاہم اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

کار سرکار میں مداخلت، عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی جبکہ آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے اورعمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
وکیل بابراعوان نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم زخمی ہیں اور سفر نہیں کر سکتے ،عدالت نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی اجتماع میں موجود تھے ،کیس کو زیادہ دیر التوا کا شکار نہیں بنا سکتے، عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ عمران خان اسلام آباد میں موجود ہیں یا لاہور؟
وکیل بابراعوان نے کہاکہ عمران خان اس وقت لاہور میں موجود ہیں اور عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن اسلام آباد انتظامیہ انہیں اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کواسلام آباد داخلے روکنے کا حکمنامہ آپ کے پاس ہے ؟
بابراعوان نے کہا کہ حکمنامہ تحریری طور پر نہیں زبانی کہاں گیاہے جس پر فاضل جج نے کہاکہ سابق وزیر اعظم کے داخلے کے معاملے پر عدالت انتظامیہ سے وضاحت بھی طلب کر سکتی ہے۔
بابراعوان کی جانب سے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی،عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی پیشی ہر صورت یقینی بنائیں۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

اٹلی: لینڈ سلائیڈنگ سے 3 بچوں سمیت سات افراد ہلاک، 5 تاحال لاپتہ

روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے تین بچوں سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں سے اٹلی کے سیاحتی مقام ہالی ڈے آئی لینڈ پر دو سو سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں ایمر جنسی نافذ ہے۔
حکام کے مطابق جزیرے پر چھ گھنٹے میں 126 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش ہوئی، لینڈ سلائیڈنگ سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی گاڑیاں سمندر میں بہہ گئیں۔
حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقے کی بحالی کے لئے 20 لاکھ یورو امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آج الوداعی ملاقات ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آج الوداعی ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے آج دوپہر ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف آج دوپہر لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

عالمی منڈیوں میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل کمی

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی منڈیوں میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے جبکہ پاکستان میں یکم دسمبرسے پٹرول ڈیزل سستا ہونے کا امکان ہے۔
ڈبلیو ٹی آئی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 2.18 فیصد کمی کے بعد خام تیل کی قیمت 76.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
برنٹ آئل مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمت 2.13 فیصد کم ہوئی جس کے بعد برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل 83.63 ڈالر فی بیرل فروخت ہورہا ہے۔
قدرتی گیس کی قیمتیں میں بھی مسلسل کمی کا رحجان جاری ہے، عالمی مارکیٹ میں گیس نرخ میں 4.04 فیصد تک کمی رہی ہے جس کی وجہ سے قدرتی گیس کی قیمت 7.02 فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ سے عالمی منڈیوں میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے تاہم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا گیا۔

فوج پروپیگنڈے کے باوجودغیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی:آرمی چیف

دبئی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج کا کردار غیر سیاسی بنا کر صرف آئینی ذمہ داری تک محدود کر دیا ہے، یہ فیصلہ طویل مدت تک فوج کے وقار کو بڑھانے میں مدد دے گا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے جمہوری اقدار پروان چڑھے گا۔
خلیجی اخبار کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی، ملکی سیاست میں کردار کی وجہ سے فوج کو ہمیشہ شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے اندرونی خلفشار پر قابو پانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا، افواج پاکستان نے بذریعہ عسکری سفارتکاری عالمی سیاست میں توازن قائم رکھا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے پاکستان میں سیاسی استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مشرقی وسطی، خلیجی ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔