All posts by Khabrain News

روپے کی بے قدری، ڈالر مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی کرنسی ڈالرکی قیمت میں اضافہ جبکہ سٹاک مارکیٹ انڈیکس میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روزکاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 56 پیسہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ڈالر 224 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان پایا گیا اور708 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے ،جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 42ہزار227 پوائنٹس کی سطح آگیا ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے پُرعزم

استنبول: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ کو اپنی سلامتی کیلئے اپنے سرحدی علاقوں میں ہر قسم کی کارروائی کا حق ہے، ہمیں سرحد پار فوجی کارروائی سے بھی کوئی نہیں روک سکتا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترک سرحد کے قریب واقع شمالی عراق میں جاری آپریشن کلاؤ لاک کے آغاز سے اب تک ترکیہ نے 480 دہشت گردوں کو بے اثر کیا ہے۔
عراقی اور شامی سرحدوں کے پار کرد ملیشیا کے غیر قانونی ٹھکانے ہیں جہاں سے وہ ترکیہ کی سر زمین پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

کپتان کی ایک کال پر پرویز الٰہی اسمبلی توڑ دینگے:فیاض چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) فیاض الحسن چوہان نے پنجاب حکومت کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے پر کہا کہ عمران خان نےجس دن پرویزالہیٰ کو پنجاب اسمبلی توڑنے کا کہا وہ ایک سیکنڈ نہیں لگائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ ایک یار باش، لجپال شخص اور ایک وضع دار شخص ہیں جو تعلق نبھانا جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے تکا اور بے ڈھنگا سیاستدان شرجیل میمن کہتا ہے کہ پرویز الہیٰ اسمبلیاں نہیں توڑیں گے، شرجیل میمن سن لے “بندر کیا جانے ادرک کا سواد”، تمھاری سوچ بھی تمھارے کرپٹ لیڈر زرادی جیسی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شرجیل میمن کی اپنی کوئی سیاسی وقعت نہیں، وہ پرویز الہیٰ پر انگلی اٹھاتا ہے۔

ایرانی حکومت کو ’قاتل‘ قرار دینے پر آیت اللہ خامنہ ای کی بھانجی گرفتار

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی حکومت کو ’قاتل‘ قرار دینے پر انسانی حقوق کی کارکن اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھانجی فریدہ مراد خانی کو گرفتار کر لیا گیا۔
فریدہ مراد خانی کا تعلق خامنہ ای کے خاندان کی اس شاخ کے ساتھ ہے جو ایران کی مذہبی قیادت کی مخالف رہی ہے، فریدہ کے بھائی نے ہفتے کو ان کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں انہوں نے ایرانی شہریوں کو جبر کا نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کوئی قدم نہ اٹھانے پر عالمی برداری پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا ’آزاد لوگو، ہمارا ساتھ دو۔ اپنی حکومتوں کو بتاؤ کہ وہ اس قاتل اور بچوں کو ہلاک کرنے والی انتظامیہ کی حمایت بند کریں۔
واضح رہے کہ ایران نے مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔

کینیڈا نے طویل عرصے سے زیر غور انڈو پیسیفک حکمت عملی پیش کر دی

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا نے انڈوپیسیفک کی حکمت عملی کا آغاز کر دیا، جس کے تحت چین سے نمٹنے کیلئے مزید وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
حکمت عملی کے مطابق کینیڈا موسمیاتی تبدیلی اور تجارتی مسائل پر دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کے ساتھ کام بھی جاری رکھے گا، حکمت عملی میں 1.9 ارب ڈالر کے اخراجات کا ذکر کیا گیا ہے جس کے تحت خطے میں کینیڈا کی فوجی موجودگی اور سائبر سکیورٹی کو بڑھانا بھی شامل ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق چینی سرکاری اداروں کو اہم معدنی سپلائی سے روکنا ہے، پلان کے تحت خطے کے تیزی سے ترقی کرتے 40 ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینی ہے جن کی اقتصادی سرگرمیاں تقریباً 500 کھرب کینیڈین ڈالر ہیں۔

یورپی یونین ممالک میں روس کی سفارتی موجودگی کا درجہ کم کر دیا گیا:ماریہ زاہرووا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاہرووا نے کہا ہے کہ یورپی یونین ممالک میں روس کی سفارتی موجودگی کو کم ترین درجے پر کر دیا گیا ہے۔
ماریہ زاہرووا نے مغربی ممالک کی طرف سے روس پر عائد پابندیوں کے بعد روس کی اختیار کردہ تدابیر کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ روس، یورپی یونین ممالک میں اپنی موجودگی جاری رکھے ہوئے ہے تاہم یہ موجودگی ایک یا دو ڈپلومیٹ سے زیادہ نہیں ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان ممالک میں سفارتی موجودگی کا سبب وہاں موجود روسی شہریوں کے مختلف نوعیت کے دستاویزات اور پاسپورٹ سے متعلقہ مسائل کو حل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ روسی فوجیوں نے 24 فروری کو یوکرین پر حملے شروع کر دیئے تھے، روس اس تاریخ سے مغربی ممالک میں کشیدگی کا سامنا کر رہا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ، جرمنی اور اسپین کے درمیان دلچسپ میچ برابر ہوگیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 میں جرمنی اور اسپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا اہم میچ ایک ، ایک، گول سے برابر ہوگیا۔
الخور کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلئے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہر کیا گیا اور کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پر متعددحملے کئے ۔
کھیل کے پہلے ہاف میں گیند زیادہ تر اسپین کے پاس رہی مگر اُن کے کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے جبکہ وقفے تک مقابلہ صفر، صفر رہا، دوسرے ہاف کے 62 ویں منٹ میں اسپینش کھلاڑی ایلویرو موراٹا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
74ویں منٹ میں جرمنی کے جمال موسییالا کو گیند اسپین کے جال میں پہنچانے کا بہترین موقع ملا تھا جب وہ اور گول کیپر آمنے سامنے تھے مگر گول کیپرکی جانب سے حملہ ناکام بنادیا گیا۔ تاہم 83 ویں منٹ میں جرمنی کے فیولکروگ نے تیز کک کے ذریعے جرمنی کے لیے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور میچ ایک، ایک سے برابری پر ختم ہوا۔
میگا ایونٹ میں جرمنی کو ناک آئوٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیلئےاپنے اگلے میچ میں کوسٹاریکا کیخلا ف کامیابی لازمی حاصل کرنا ہوگی۔

سی ٹی ڈی کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کوئٹہ کے مطابق برما ہوٹل سریاب روڈ میں کاروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ہے، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
دہشتگردوں کی پہچان کرلی گئی ہے ہلاک ہونے والا دہشتگرد نظام الدین کرد اور زخمی ہونے والے ارسلان شاہ کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے، مبینہ دہشتگردوں کی گاڑی سے 80 دستی بم، ایم ایم کے دو پستول اور راؤنڈز برآمد کرلئے گئے۔

کینیڈا کا پاکستان کیلئے ویزا آفس ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کینیڈا نے پاکستان کیلئے اپنا ویزا آفس ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شفقت علی نے بتایا کہ کینیڈا کی حکومت نے ویزا آفس اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے خطیر رقم مختص کر دی۔
واضح رہے کہ 10 سال پہلے کینیڈا کا ویزا آفس مختلف وجوہات کی بنا پر ابوظہبی منتقل کر دیا گیا تھا۔

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، پی ٹی آئی کو مظفرآباد میں شکست،ن لیگ نے میدان مار لیا

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا پہلامرحلہ مکمل ہو گیا جس میں پی ٹی آئی کو مظفرآباد میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پی ٹی آئی کو شکست ہو گئی، پی ٹی آئی میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی 36 میں سے 8 نشستیں جیت سکی جبکہ مسلم لیگ ن 12 وارڈز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
مظفر آباد کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بھی 7 نشستیں مل گئیں،7 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے جبکہ 2 سیٹوں پر مسلم کانفرنس نے کامیابی حاصل کی۔
نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد کے 3 اضلاع کی یونین کونسلز کی 74 میں سے33 نشستوں پر تحریک انصاف کامیاب رہی۔
غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی 23، مسلم لیگ ن 10 سیٹوں پر کامیاب رہی 5 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ مسلم کانفرنس 2 نشستیں جیت سکی۔