All posts by Khabrain News

کورونا کے مزید 31 کیسز رپورٹ، 40 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 31 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.50 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 40 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

انگلش کرکٹ ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سر زمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
انگلش کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر بین اسٹوکس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا، مہمان کھلاڑیوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی، انگلش کرکٹرز آج آرام کے بعد پیر سے کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
پاکستانی سرزمین پر پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔
انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے تھے۔

متنازعہ ٹوئٹس پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی دوبارہ گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متنازعہ ٹوئٹس پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔
ایف اے سائبر کرائم ونگ کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں اعظم سواتی کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، انہیں اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ سینٹر اعظم سواتی نے پاک فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔
گرفتاری کے دوران اعظم سواتی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ مجسٹریٹ سے وارنٹ لے کر آئے ہیں جو درست طریقہ ہے تو میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں لیکن یہ طریقہ غلط ہے کہ پہلے گرفتار کریں پھر تشدد کریں۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سینیٹر کیخلاف مقدمہ سائبر کرائم ونگ میں درج کیا، ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اعظم سواتی کو گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

L’Oréal Pakistan پاکستان نے صنفی مساوات کیلئے Global GEEIS – SDGs ٹرافی حاصل کرلی

کراچی: (ویب ڈیسک) نے زیادہ سے زیادہ صنفی مساوات،خواتین کی خود مختاری اور تعلیم کو یقینی بنانے کی اپنی کاوشوں کیلئے پیرس میں منعقدہ تقریب میں پلیٹ فارم ”LRPO Empowering The Salon Community“میں
Arborus Endowment Fund کی جانب سے معتبر GEEIS-SDG ٹرافی حاصل کی ہے۔
2010میں برسلز میں یورپی اکنامک اینڈ سوشل کونسل میں متعارف کرایا گیاGEEISلیبل صنفی مساوات کیلئے ایک فعال نقطہ نظر رکھنے والی بنیادی کمپنیوں اور ان کے ذیلی اداروں کا جائزہ لیتا ہے اور ان کی نشاندہی کرتا ہے،جنہوں نے اپنی صنفی مساوات کی پالیسی کیلئے موثر انتظامی ٹولز کے استعمال کا انتخاب کیا ہے۔
یہ ٹرافی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل کے پیچھے محرک قوت کے طور پر صنفی مساوات پر توجہ مرکوز کرتی ہے،جو کہ خاص طور پر SDG5)) خواتین اور مردوں کے درمیان مساوات سے متعلق ہے۔
L’Oréal Pakistan کو اس مقصد کیلئے L’Oréal Pakistan پروفیشنل اکیڈمی کے ذریعہ اس کے با اختیار بنانے کے جدید منصوبے کیلئے ایوارڈ دیا گیا ہے،جس نے گزشتہ13برسوں میں مقامی سیلون انڈسٹری کے ارتقاء میں متحرک کردار ادا کیا ہے۔
L’Oréalپروفیشنل مصنوعات استعمال کرنے والے سیلون کے ساتھ شراکت کے ذریعہ،سیلون کا عملہ L’Oréalپروفیشنل ہیئر ایکسپرٹس کی جانب سے فراہمم کردہ پیشہ وارانہ تربیت سے استفادہ اٹھاتا ہے۔یہ پروگرام خاص طور پر ان خواتین کی تربیت اور ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے جنہوں نے ہیئر اسٹائلسٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن ان کے پاس خود اس طرح کی تعلیم تک رسائی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔
L’Oréalپروفیشنل پاکستان اکیڈمی تعلیم اور تربیت تک رسائی کی فراہمی سے 7500خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے میں کامیاب ہوئی،جو آج اپنی اور اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے کے قابل ہیں۔
L’Oréalگروپ کی چیف گلوبل DE&Iافسر مارگریٹ جانسن کلارک کے اس ایوارڈ کے حصو ل پر کہناہے کہ”L’Oréal پاکستان کی پروفیشنل پروڈکٹس ڈویژن اکیڈمی ایک قابل ذکر اقدام ہے جو اس مہارت میں شمولیت کو سرایت کرتا ہے جو شروع سے ہمارے کاروبار کا خاصہ رہا ہے، ہیئر ڈریسنگ۔ سیلون ٹریننگ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا اس بات کا حصہ ہے کہ ہم اس خوبصورتی کو کیسے تخلیق کرتے ہیں جو دنیا کو متحرک کرتی ہے۔”
L’Oréal پاکستان کے کنٹری منیجر قوی نصیر کا اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ”
L’Oreal پاکستان، کمیونٹی کیلئے اور انہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے کام کی عالمی سطح پر پذیرائی پر بہت خوش ہے۔ یہ ایک اہم اعزاز ہے جو ہماری تنظیم اور اس سے باہر یکساں مواقع فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پی پی ڈی اکیڈمی کے ذریعے ہمارامقصد خواتین کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ملک کی معیشت کا ایک لازمی حصہ بننے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا جاری رکھنا ہے۔”
پیرس میں ہونے والی اس تقریب میں Arbrorusکی مندوب Cristina Lunghiنے کہا کہ ”
“مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں 2019 میں متعارف کی گئی یہ ٹرافیاں GEEIS لیبل رکھنے والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں، تاکہ معاشرے کے ایک نئے منصوبے کی طرف راہ ہموار کی جا سکے جو خواتین اور مردوں کے درمیان مساوات کا باعث بنے، مرد ان تمام اہم مسائل کے حل کے لیے لیور ہیں جن کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے اور جنہیں اقوام متحدہ کے SDGs میں بھی اٹھایا گیا ہے۔“
GEEISصنفی مساوات اور شمولیت کیلئے ایک یورپی اور بین الاقوامی لیبل ہے۔GEEIS-SDGٹرافی کا مقصد نجی اور عوامی فیصلہ سازوں اور معاشرے میں عمومی طور پر صنفی مساوات کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کسی بھی نظامی اور اسٹریٹجک نقطہ نظر کا مرکزی ستون بنانے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔

Matnsazموبائل فونز پر اردو ٹائپنگ کے حوالے سے انقلاب لانے کیلئے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیکنولوجسٹ زیرک احمد نے اپنی نوعیت کی پہلی ایپ”متنساز”, متعارف کرائی ہے،جس میں ایک نئے تصور شدہ ڈیجیٹل کی بورڈ لے آؤٹ کی خصوصیات ہیں،جو اردو/عربی رسم الخط کی تہوں کو خود استعمال کرتے ہوئے بڑے حروف تہجی کو استعمال کرنے میں آسان جدید کی بورڈ میں منتقل کرتی ہے۔
بانی،لیڈ ڈیزائنر،اور انجینئر زیرک احمد کی دماغ کی اختراع Matnsaz کی بورڈ ہارورڈ یونیورسٹی کے ڈیزائن انجینئرنگ پروگرام میں یہ دیکھتے ہوئے بنایا گیا تھا کہ تکنیکی دنیا میں علاقائی زبانوں کے ساتھ دوسرے درجہ کے شہریوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے،زیرک نے نئے سرے سے ایک نیا کی بورڈ بنایا،تاکہ اس عقیدہ کو دور کیا جاسکے کہ اردو،جدید ٹیکنالوجی کی زبان نہیں ہوسکتی۔
زیرک نے کہا کہ”کافی طویل عرصہ سے اردو ٹائپ کرنے کیلئے قدیم لے آؤٹ،شفٹ کیز اور خراب اصلاح درکار ہوتی ہے،جدید ٹیکنالوجی کو پہلے لاطینی رسم الخط کیلئے بنایا گیا ہے۔Matnsaz نے اس کو تبدیل کیا،یہ اردو کمپیوٹنگ کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔“
Matnsaz پراجیکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے زیرک نے مزید کہا کہ ”مقصد محض سافٹ ویئر بنانا نہیں ہے،بلکہ اپنے سامعین کو یہ یقین دلانا بھی ہے کہ اردو میں اعلیٰ معیار کی کمپیوٹنگ کا تجربہ کیا جاسکتا ہے اور اسے اردو بولنے والوں کے ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔“
اردو کیلئے واضح طور پر بنائے گئے ایک جدید خود کار درستگی نظا م کے ساتھ،کی بورڈ اپنی ظاہری شکل کو بھی اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ ایک حروف کہاں داخل کیا جارہا ہے،تاکہ اردو لکھے جانے کی بہتر نمائندگی کی جاسکے۔
Matnsaz کا مقصد دیگر اردو مرکوز خصوصیات کے ساتھ ملک کر جیسے کہ بہت سے اردو الفاظ کے اندر موجود“soft spaces”شامل کرنے کی صلاحیت،اوربعض حروف پر تلفظ کے نشانات کے خود کار اضافہ کے ذریعہ اردو ٹائپنگ کے تجربہ کو قدرتی اور ہموار بنانا ہے۔
ایپ کو علمی اردو تحریر کے ایک مخصوص زبان کے ڈیٹا سیٹ کے تحت بنایا گیا ہے،جس میں مسلسل اضافہ اور بہتری کی گئی ہے،تاکہ اس کی پیشن گوئی اور لغت کے استعمال کو بہتر بنایا جاسکے۔
Matnsaz کے پیچھے پانچ سال کی تحقیق اور ترقی سے حاصل ہونے والی تعلیم کو عربی رسم الخط پر مبنی دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ پنجابی،پشتو،سندھی،فارسی وغیرہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔
Matnsaz فی الوقتiOSایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔
مزید معلومات کیلئے https://matnsaz.net/ وزٹ کریں۔

NUSTکے تحت پاکستان میں کارپوریٹ سرمایہ کاری کے ماحولیاتی اثرات پر بحث کیلئے سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ)نے کوکا کولا پاکستان کے تعاون سے ماحولیات،گورننس اور پائیداری سے متعلق کمیونٹی کی سرمایہ کاری سے متعلق ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔اثرات کے ان شعبوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے نیشنل انکیو بیشن سینٹر کے سی ای او اور ٹیم اپ کے بانی زوہیر خالق،انڈس ارتھ کی ٹرسٹی عافیہ سلام اورکوکا کولا پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ فہد اشرف کی جانب سے تین ماسٹر کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔نسٹ کی کارپوریٹ ایڈوائزری کونسل کی جنرل منیجر ثنا مقبول نے تقریب کی میزبانی کی اورپبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعہ موثر تعاون کے حوالے سے نسٹ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
Driving Science and Technology to Solve for the Planet” کے عنوان سے ایک پینل ڈسکشن نے صنعتی ماہرین اور ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر رائج بہترین طریقوں کے ذریعہ جدت اور پائیداری کے درمیان تعلق پر غور کریں۔پینل نے پانی پراجیکٹ،پاکستان کی پہلی پلاسٹک سے بنی سڑک اور ری سائیکل سے بنی بوتلوں کے حالیہ رول آؤٹ،پلاسٹک (rPET). سمیت کوکا کولا اورCoca-Cola içecekپاکستان کے تاریخی منصوبوں پر نسٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر آف سسٹین ایبلیٹی،بریرہ حنیف کی تصنیف کردہ ایک رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کوکا کولا پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ فہد اشرف نے کہا کہ ”قدرت نے پہلے ہی تسلسل کیلئے خاکہ تیار کررکھا ہے،جہاں کچھ بھی ضائع نہیں ہوتا،ہر شئے کو بنیادی بلاکس میں توڑ دیا جاتا ہے اور بار بار استعمال کیا جاتا ہے،اور یہ ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ہم جدت پسندوں،ماہرین تعلیم،کارکنوں اور صارفین کو سرکلر اکانومی کی جانب اپنے سفر کو تیز رفتاری سے ممکنہ طور پر حقیقت سے قریب لانے کے حوالے سے پر عزم ہیں۔“
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ کمیو نیکیشن Coca-Cola içecekپاکستان سید عمر نے کہا کہ ”پائیداری،مستقبل کی نسلوں کی ضروریات پر سمجھوتہ کئے بغیر،موجودہ نسل کی ضروریات کو پورا کرنے کی ذمہ داری ہے،ہمیں پر فیصلہ میں اپنی زمین،ماحول اور لوگوں کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔“
نسٹ میں ڈائریکٹرانوویشن اینڈ کمرشلائزیشن آفس محمد انور فرید کا کہنا تھا کہ”یہ رپورٹ اس امر کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم قدم ہے جو کہ ابھی تک کیا گیا ہے،اور ساتھ ہی ہمیں یہ باور کراتی ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ،ری سائیکلنگ اور پانی کی بھرپائی میں کارپوریٹ وعدوں سے متعلق ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے۔ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ بعد کے بجائے ابھی ہی وعدوں کی تکمیل ممکن بنائی جائے۔“
پینلسٹ میں ایم ڈی گرین ارتھ سائیکلنگ بابر عزیز بھٹی سمیت نسٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر سسٹین ایبلیٹی بریرہ حنیف،ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ کمیو نیکشن Coca-Cola içecekپاکستان سید عمر،ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز میٹرو کیش اینڈ کیری پرویز اختراور نسٹ میں آئی ای ایس سی میں پروفیسر،ڈاکٹر شیر جمال شامل تھے۔

منگل، بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ منگل یا بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آ جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کا نام بھی سامنے آجائے گا اور 29 نومبر کو تقریب بھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ منگل یا بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا اور جو بھی نام ہوا اس پر عسکری اور سیاسی قیادت کا مکمل اتفاق ہو گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگلے ہفتے آپ کے سامنے نئے آرمی چیف کا نام آجائے گا اور آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہو جائے گا جبکہ اسحاق ڈار کی صدر سے ملاقات میں اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت کے بغیر نہیں ہو رہا اور سسٹم میں فوج کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کر سکتے جبکہ اگر وہ کہتے ہیں کہ نیوٹرل ہو گئے ہیں تو ان کو عزت دیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جو نام سمری میں آئیں گے انہیں میں سے ایک پر اتفاق ہو گا جبکہ اتحادیوں میں اختلاف کی خواہش عمران خان کی ہو سکتی ہے مگر یہ سچ نہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن کے صاحبزادے کیخلاف تحقیقات شروع کرنیکا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ہاؤس ریپبلکنز نے ممکنہ مجرمانہ سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن کی سرگرمیوں کی باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس بات کا اعلان اوور سائیٹ اینڈ ریفارم کے سینئر رکن جیمز کومر ، نمائندہ جم جارڈن اور دیگر ریپبلکنز نے واشنگٹن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جیمز کومر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم آپ کے لیے ایسی چیز لانے جا رہے ہیں جس کے آپ سب عادی نہیں ہیں
واضح رہے کہ ریپبلکن قانون ساز گزشتہ کئی مہینوں سے صدر جو بائیڈن کے صاحبزادے کے خلاف کانگریس کی تحقیقات شروع کرنے کی دھمکیاں دیتے آ رہے تھے، اب ریپبلکنز نے ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تحقیقات 2019 میں ڈیلاویئر میں کمپیوٹر کی مرمت کی دکان پر ہنٹر کے چھوڑے گئے لیپ ٹاپ سے حاصل کیے گئے غیر ملکی تاجروں کے ساتھ کاروباری معاملات میں اخلاقیات کی مبینہ خلاف ورزیوں اورممکنہ مجرمانہ غلطیوں کے حوالے سے تھیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیمز کومر نے کہا کہ نگرانی اور اصلاحاتی کمیٹی میں ریپبلکنز نے متعدد مخبروں کے ساتھ بائیڈن خاندان کی متعدد اسکیموں کے بارے میں بات کی ہے، ہنٹر بائیڈن کے لیپ ٹاپ کا جائزہ لیا ہے اور پہلے سے نامعلوم لین دین کے بارے میں دستاویزات حاصل کی ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہمیں جو کچھ ملا ہے وہ کاروباری منصوبے تھے جو دنیا بھر میں اہداف کو نشانہ بناتے ہیں، یہ کاروباری منصوبے چین اور روس جیسی غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ تجارت کی بنیاد پر قائم تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جیمز کومر نے تصدیق کی کہ ہمیں امریکہ میں ایسے منصوبے بھی ملے جہاں بائیڈن خاندان نے لاکھوں ڈالرز میں سے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا، یہ سب معاملات جو بائیڈن کی شرکت اوران کے علم میں لائے جانے کے ساتھ کئے جا رہے تھے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جوبائیڈن کے صاحبزادے پر الزام عائد کیا تھا کہ ماسکو کے میئر کی اہلیہ نے انہیں 35 لاکھ ڈالرز دیے تھے۔

پوپ فرانسس نے یوکرین تنازع کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی

پیرس: (ویب ڈیسک) عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے یوکرین تنازع کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس کا کہناہے ،امن کے خواہاں ہیں،ہر شخص کو تشدد ختم کرنے،غیر مسلح ہونے کا عزم کرناچاہیے۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ ویٹی کن یوکرین تنازع پر روس ،یوکرین کے درمیان ثالثی کیلئے تیار ہے ، ہم امن چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو امن پسند ہونا چاہیے،حقیقی امن بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری سے روس اور یوکرین کی جنگ جاری ہے۔

بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2022 اختتام پذیر

کراچی: (ویب ڈیسک) چار روزہ بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2022 ایکسپو سینٹرکراچی میں اختتام پذیر ہوگئی، نمائش میں 64 ممالک نے حصہ لیا جو کہ گزشتہ برسوں کی بہ نسبت سب سے بڑی نمائش تھی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر اسرارترین نے کہا کہ آئیڈیاز 2022 ہماری دفاعی مصنوعات کا شو کیس تھا، نمائش کا 40 ہزار سے زائد بین الاقوامی وفود نے دورہ کیا جبکہ نمائش سے دفاعی پیداوار کی صنعت کو فروغ حاصل ہوا ہے اور 30 سے زائد ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ڈیپو میچر جنرل عارف ملک نے کہا کہ اس نمائش کو کامیاب بنانے پر تمام ایگزیبیٹرز کاشکریہ ادا کرتے ہیں، آئیڈیاز 2022 میں ترکی، چین، نارتھ کوریا، جنوبی امریکہ، یورپ، ایشیاء اور فار ایسٹ سے بہترین ریسپونس ملا ہے، دفاعی نمائش میں اٹلی، ترکیہ، چین، انڈونیشیا، یورپ، افریقہ، خلیجی ممالک جبکہ پہلی دفعہ آسٹریا اور رومانیہ بھی شریک ہوئے۔
آلات حرب کی اس نمائش میں مختلف غیر ممالک نے اپنے دفاعی ساز و سامان کے اسٹالز لگائے تھے جس میں ایوی ایشن انڈسٹری، بری، بحری اور فضائی ساز و سامان کے ساتھ ساتھہ مختلف قسم کے جنگی ہتھیار برائے امن کے لئے ڈسپلے کئے گئے۔
میزبان ملک ہونے کے ساتھ ساتھ دفاعی طور پر خود انحصاری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی مہارت کے سکے ایک دفعہ پھر جمائے، پاکستان آرڈیننس فیکٹری، ہیوی انڈسٹری ٹیکسیلا، مختلف مقامی کمپنیوں نے اسلحہ، ہتھیار اور دیگر جنگی سازوسامان نمائش کے لئے رکھا تھا جس میں بڑے پیمانے پر غیرملکیوں نے دلچسپی لی۔
دفاعی نمائش 2022 میں الخالد ٹینک، الضرار، جے ایف17 تھنڈر، جنگی طیارے ، آرمڈ پرسنل کیرئیر، آٹومیٹک اور سیمی آٹو گنز، چھوٹے سائز کے رائفلز کے علاوہ ٹینکس، بنکرز اور خودکار روبوٹ بھی رکھے گئے تھے۔
نمائش کی خاص بات پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کو بھی متعارف کیا گیا جس کے ذریعے عسکری ساز و سامان اور جنگی ہتھیاروں کی تیاری بھی شامل ہے۔
آئیڈیاز 2022 کے مندوبین کے لئے کراچی شو اور ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیا تھا جسے شرکاء نے بیحد سراہا۔