All posts by Muhammad Saqib

تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی: مراد سعید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی، اپوزیشن والے پھر قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا دوستی سب سے، غلامی کسی کی نہیں کریں گے، وزیراعظم نے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا، انہون نے دنیا کو بتایا کہ ڈرون حملوں سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا، عمران خان نے اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کی، آج دنیا کے بڑے لیڈر اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ نواز شریف ذاتی کاروبار کیلئے بھارت گئے تو حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی، آزاد کشمیر الیکشن میں اپوزیشن کو شکست ہوئی، پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان الیکشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کی، اپوزیشن کو ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کی ناقص پالیسیوں سے ہم گرے لسٹ میں چلے گئے، عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی، چوروں کا ٹولہ، ڈاکوؤں کا گلدستہ پھر ایک ساتھ ہوگئے ہیں، اپوزیشن والے ٹی وی، ٹی وی کھیل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا تھا یہ سارے چور اکٹھے ہو جائیں گے، پرچی چیئرمین بھی مارچ اور تقاریر کر رہے ہیں، پرچی چیئرمین کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، ان کے مہنگائی کے بیانیے کو بھی شکست ہوگی، 2028 میں یہ لوگ سر اٹھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔

کراچی کا ٹیسٹ انتہائی اہم، کوشش ہو گی میچ نتیجہ خیز ثابت ہو: امام الحق

کراچی: (ویب ڈیسک) اوپننگ بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کا ٹیسٹ انتہائی اہم ہے، کوشش ہو گی دوسرا ٹیسٹ نتیجہ خیز ثابت ہو۔
اوپننگ بلے باز امام الحق نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا مضبوط کم بیک کرتی ہے، کوئی بھی نہیں چاہتا ہے میچ ڈرا ہو، ہر کھلاڑی جیتنے کی کوشش کرتا ہے، کوشش کریں گے کراچی ٹیسٹ نتیجہ خیز ثابت ہو، کراچی کی وکٹ پر بہت میچز کھیلے ہیں زیادہ مشکل نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین راولپنڈی ٹیسٹ میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

نیپرا نے بجلی 95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دیدی، فیصلہ حکومت کو ارسال

لاہور: (ویب ڈیسک) نیپرا نے آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی 95 پیسے فی یونٹ تک مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا، منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔
دستاویز کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط 53 پیسے اضافہ کیا گیا ، بجلی کے 100یونٹ استعمال تک 8 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ بجلی کے 101سے 200 یونٹ تک استعمال پر 18 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا جبکہ بجلی کے 201 سے 300 یونٹ استعمال پر 48 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے۔ بجلی کے301 سے 700 یونٹ تک استعمال پر 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری سے ہو گا۔

عمران خان اپنا انجام قریب دیکھ کر بازاری زبان پر اتر آئے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے، اس لیے وہ دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا، چور چور کے بیانات وہ دے رہا ہے، جس کا ذہن ماؤف ہو چکا ہے، عمران خان سامنے آئیں اور مقابلہ کریں، اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کریں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جہاں جا رہے غلاظت کے ڈھیرجمع کر کے جا رہے ہیں، ان کے غلاظت کے ڈھیر کون صاف کرے گا ؟ عمران خان گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا، نہیں چھوڑوں گا اور چور ڈاکو ایسا شخص کہہ رہا ہے جو خوفزدہ ہے، ایک مہذب شخص ایسی گفتگو نہیں کرتا جو عمران خان کر رہے ہیں۔
دوسری جانب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے تقاریر میں اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائیں، چور اور ڈاکو سن سن کر کان پک گئے ہیں، عمران نیازی خارجہ معاملات پر بھی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں، کیا پاکستان کے تجارتی مفادات دوسرے ممالک سے جڑے ہوئے نہیں ؟ وزیراعظم کے بیان پر وزیر خزانہ کو کہنا پڑا ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیراعظم کے منہ پر ٹیپ لگا دینی چاہیے، یہ ملکی مفادات کا نقصان کرتے ہیں۔

پیکا آرڈیننس، میری باتوں پر عمل نہ ہوا تو اس کیس کا دفاع نہیں کروں گا: اٹارنی جنرل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیکا آرڈیننس سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیکا آرڈیننس آیا تو پتہ چلا اس قانون کا غلط استعمال ہو سکتا ہے، اگر میری باتوں پر عمل نہ ہوا تو میں اس کیس کا دفاع نہیں کروں گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیکا آرڈیننس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ میں پیکا آرڈیننس پر وزیراعظم سے ملا ہوں، جب پیکا آرڈی نینس آیا تو پتہ چلا کہ اس قانون کا غلط استعمال ہو سکتا ہے، کسی سیاسی جماعت کی نہیں وفاق کی نمائندگی کر رہا ہوں، میرے خیال سے یہ ترمیم برقرار نہیں رہ سکتی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایک کمیشن بنے گا جس کی سفارش کے بغیر کارروائی نہیں چل سکے گی، وزیراعظم کو بتایا کہ ترمیمی آرڈی نینس سے کچھ چیزیں تو واپس ہوں گی، ہم پی ایف یو جے، سی پی این ای اور تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لیں گے، عدالت کا حکم موجود ہے، ترمیمی آرڈی نینس کے تحت کوئی کیس پراسیس نہیں ہوگا، اگر میری کی گئی باتوں پر عمل نہ ہوا تو میں اس کیس کا دفاع نہیں کروں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہتک عزت کو فوجداری قانون میں بھی رکھیں تو اس کا اطلاق پبلک آفس ہولڈرز پر نہیں ہوتا۔

نوواک جوکووچ کورونا ویکسین نہ لگوانے پر بضد، میامی ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) نوواک جوکووچ کورونا ویکسین نہ لگوانے پر بضد ہیں، سربین کھلاڑی نے انڈین ویلز اور میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
نوواک جوکووچ نے ٹویٹ میں لکھا کہ امریکا میں کورونا پابندیوں کے باعث وہ ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے، ورلڈ نمبر ٹو اس سے قبل آسٹریلین اوپن میں بھی کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
جوکووچ ٹورنامنٹ کھیلنے آسٹریلیا پہنچ تو گئے تھے تاہم انہیں ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

سونیا حسین کو نکاح کیلئے ایک اچھے انسان کی تلاش

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ سونیا حسین کو نکاح کیلئے ایک اچھا انسان درکار ہے، کہتی ہیں جتنی جلدی ایک اچھا انسان مل جائے گا شادی کر لوں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ٹی وی پروگرام میں سونیا حسین نے شادی سے متعلق سوال پر ایک اچھے انسان کی وضاحت کرنے کو مشکل قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک اچھا انسان وہ ہے جسے بات کرنی آتی ہو کیوں کہ ذوق ظرافت کا ہونا بہت ضروری ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر ایک لڑکے میں ساری خوبیاں ہوں لیکن اسے بات کرنے کا سلیقہ نہ ہو تو معنی نہیں رکھتا، مجھے ایسے لڑکے سخت ناپسند ہیں جو اپنی ذات کیلئے جنونی ہوتے ہیں۔

کوئٹہ کے اکثر پٹرول پمپوں پر عوام کو پوری مقدار نہ دینے کی دھوکہ بازی جاری، عوام لٹنے لگے

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر پٹرول پمپس کا گیج پورا نہیں، مہنگائی کے مارے لوگوں کو کم مقدار میں پٹرول دینے کی دھوکہ بازی سرعام جاری ہے، عوام دونوں ہاتھوں لٹنے لگے۔
کوئٹہ سمیت صوبے بھرمیں تقریبا 100 کے قریب مختلف کمپنیوں کے پٹرول پمپس سے لاکھوں صارفین اپنی چھوٹی بڑی گاڑیوں، موٹرسائیکل اور دیگر سواریوں میں پٹرول ڈلواتےہیں مگرانہیں شکایت ہے کہ جو پٹرول انکی سواریوں میں ڈالاجاتا ہے اس کا گیچ کم ہوتا ہے، لوگوں کا کہناہے کہ ایک جانب مہنگائی ہے اور دوسری جانب پمپس والےگیج کم کرکے لوٹ رہے ہیں۔
پمپس لگے پٹرول پیلرز پر لگے میٹر میں ٹیکنیکل طریقے سے گیج کم کیا جاتا ہے، پمپس پر کام کرنے والا عملہ پٹرول ڈالتے وقت اکثر پٹرول گن کو لاک نہیں کرتے جس سے میٹر تو چلتا ہے مگر پٹرول کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
محکمہ اوزان و پیمائش کے حکام کہناہے کہ ایک ماہ کے دوران کم گیج والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 20 پمپس مالکان کو چالان کرکے ایک لاکھ 88 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم گیج دینےوالوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔

سٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان، 571 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان کے سبب 571 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکس چینج میں لین دین کے دوران 571 پوائنٹس اضافے سے 100 انڈیکس 43 ہزار 614 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے سبب عالمی معیشت مسلسل زوال کا شکار تھی تاہم گذشتہ روز صورتحال تبدیل ہوتی دکھائی دی اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی کی واپسی ہوئی۔ 100 انڈیکس 164.61 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43042.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.38 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 22 لاکھ 31 ہزار 20 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔

2013 انتخابات میں دھاندلی الزامات: ایاز صادق کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر ایاز صادق کی درخواست پر عمران خان، نادرا اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کر دئیے۔
سپریم کورٹ میں 2013 کے عام انتخابات میں این اے 122 میں دھاندلی کے الزامات کے معاملے پر سابق سپیکر ایاز صادق کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایاز صادق نے موقف اپنایا کہ دھاندلی کے الزامات سے میری کردار کشی کی گئی، مجھے جھوٹا کہا گیا، بطور سپیکر مجھے بہت زیادہ باتیں سننا پڑی، میرے بارے میں دھاندلی کرنے کا تاثر بنایا گیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ایاز صادق سے استفسار کیا کہ کیا اس کے بعد آپ الیکشن ہار گئے، جس پر ایاز صادق نے کہا کہ نہیں، میں اس کے بعد بھی الیکشن جیتتا رہا، کبھی الیکشن نہیں ہارا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایاز صادق صاحب آپ بہت حساس ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ہتک عزت کا قانون بڑا واضح ہے، اگر آپ کی کردار کشی ہوئی تو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین کو نوٹس کر دیئے ہیں، جلد اس معاملے کو سنیں گے۔