لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر حکومتی اتحاد نے مشاورت میں انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گورنر پنجاب عمر سرفرازچیمہ سے رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ گورنر عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الہیٰ کو مکمل سپورٹ کریں گے، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر بھرپور طاقت بن کر ابھرے گی۔ گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی اداروں پہ حملہ آور ہونے کے تاریخی حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، وفاق میں حکومتی اتحاد میں ابھی سے جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہو گئی۔
مونس الہی کا کہنا تھا کہ پرویز الہی نے اپنے وزارت اعلی کے دور میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے مثالی اقدامات اٹھائے، پرویز الہی کا بطور وزیر اعلی پنجاب انتخاب شرافت تحمل، وضع داری اور گڈگورننس کی بنیاد بنے گا، وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تیار ہے، کل پنجاب کے ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔
All posts by Khabrain News
آئس کے عادی نشئی نے اہلخانہ پر فائر کھول دیا، 5 افراد جاں بحق، ایک زخمی
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں آئس کے عادی نشئی نے اپنے والدین اور بہن سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھات اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
نشے نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، لاہور کے علاقے ٹاون شپ میں آئس کے نشے میں دھت ملزم عابد مسلح ہو کر گھر آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر اس کے والدین، بہن، خالہ اور بھانجا موقع پر جاں بحق جبکہ وہاں موجود ملزم کا سسر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ ان لوگوں نے اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔
ریسکیو عملے نے زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کو بھی قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
‘پاکستان میں سازش کے حوالے سے امریکا پر لگائے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں’
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سازش کے حوالے سے امریکا پر لگائے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، پاکستان میں کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمہوری اقدار کی حمایت کرتے ہیں، سازش کے حوالے سے ہمارا موقف بڑا واضح ہے، اس حوالےسے ترجمان پاکستانی فوج کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔
پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی سفارش کر دی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری پیٹرولیم ڈویژن کوبھیجوا دی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 پیسے فی لیٹرجب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے فی لیٹراضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 77 روپے 31 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویز ہے۔
اوگرا نے موجودہ ٹیکس پر ہائی اسپیڈڈیزل فی لیٹر 51 روپے 32 پیسے، پیٹرول 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر سمری تیار کی ہے۔
امریکا نے ترجمان پاک فوج کے بیان کی تائید کردی
عراقی سرزمین کا ایران کے خلاف استعمال ہونا ناقابلِ برداشت ہے: ایران
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ نے عراق کو وارننگ دی ہے کہ وہ عراقی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہونے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
الجزیرہ کے مطابق ایران کی جانب سے یہ وارننگ عراق میں کردستان کے دارالحکومت اربل میں اسرائیل کے مبینہ ٹارگٹس پر میزائل حملے کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے کہ ہمارا ایک پڑوسی، جس کے ہمارے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف خطرے کا مرکز بنے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے بارہا عراقی سرزمین کے ذریعے ایران کے لیے سیکورٹی کے مسائل پیدا کیے ہیں، جس میں شمالی عراق کے کرد علاقے میں ایران مخالف ریلیوں اور “دہشت گرد گروپوں” کو منظم کرنا بھی شامل ہے۔
خطیب زادہ نے یہ بھی کہا کہ میزائل حملے سے پہلے عراق کو عوامی سطح پر اور سفارتی چینلز کے ذریعے بارہا خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اپنی سرحدوں کو ایران کے خلاف سازشوں اور تخریب کاری کا مرکز بننے سے روکے۔
سیاسی مداخلت کے ہمارے مؤقف کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی، شاہ محمود
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آرکی ایک متوازن پریس کانفرنس تھی، سیاسی مداخلت کے ہمارے مؤقف کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ ایک خفیہ دستاویز ہے اسے پبلک اس طرح نہیں کرنا چاہیے، اس میں سکیورٹی کے کوڈ ہیں، اس سے پاکستان کا سسٹم کمپرومائز ہوسکتا ہے، مراسلے کا اخباروں میں شائع ہونا اوربازاروں میں بٹنا مناسب نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج کی پریس کانفرنس سے ہمارے مؤقف کو تقویت ملتی ہے، ہر جماعت ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی اپنے مطابق تشریح کرےگی، مناسب حل یہ ہے کہ سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، چیف جسٹس آف پاکستان مناسب ٹی او آرز کے ساتھ چھان بین کروائیں، جوڈیشل کمیشن میں سکیورٹی کمیٹی اور اسپیشل کیبنٹ کمیٹی اجلاس کے منٹس پیش کیے جائیں۔
شان مسعودکاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنیوالے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے اپنے کاؤنٹی کرکٹ کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں ڈبل سنچری اسکور کردی۔
رپورٹس کے مطابق شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔
شان مسعود نے میچ کے پہلے روز ہی ڈبل سنچری اسکور کی۔
اس سے قبل کاؤنٹی کرکٹ کے ڈیبو میچ پر بائیں ہاتھ کے بیٹر نے 91 اور 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی تھی۔
شہبازشریف کی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا؟ حتمی فیصلہ کر لیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہبازشریف نئی کابینہ تشکیل دینے کیلئے متحرک، وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لئے حتمی فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعظم کی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 12 وزراء ہوں گے، پیپلزپارٹی کے7، جے یو آئی (ف) کے 3 اور ایک وزیر مملکت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی پیپلزپارٹی سے ہوگا، راجہ پرویز اشرف سپیکر کیلئے مضبوط ترین امیدوار بن گئے جبکہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جے یو آئی سے ہوگا۔
ایم کیو ایم کو پورٹ اینڈ شپنگ کی وزرات اور ایک دوسری وزارت دی جائے گی، باپ پارٹی اور بی این پی مینگل کو بھی 2 ، 2 وزارتیں دی جائے گی، اے این پی کو وزارت مواصلات دی جائے گی جبکہ آزاد اراکین کو بھی وزارتیں دئیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کا گورنر ایم کیو ایم اور پنجاب کا پیپلزپارٹی سے ہوگا جبکہ کے پی کے کا گورنر جے یو آئی اور بلوچستان کا بی این پی مینگل سے ہوگا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ 9 جون کو ہوگی
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، کاغذات نامزدگی اکیس سے پچیس اپریل تک جمع ہونگے، پولنگ 9 جون کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 21 سے 25 اپریل تک جمع کرائے جا سکیں گے، پہلے مرحلے کے دوران ضلع ڈی جی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بلدیاتی الیکشن ہوگا، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، ساہیوال، پاکپتن بھی پہلے مرحلے کے اضلاع میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، سیالکوٹ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بلدیاتی الیکشن 9 جون کو ہو گا، جہلم اور اٹک میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 9 جون کو ہو گی جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں الیکشن ہوگا۔