All posts by Muhammad Saqib

سیاسی منظر نامے پر پیشرفت، مسلم لیگ ن کی اہم قیادت کا ترین گروپ سے رابطہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی منظر نامے پر پیش رفت، مسلم لیگ ن کی اہم قیادت نے ترین گروپ سے رابطہ کرلیا۔ ن لیگ کی قیادت نے ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چودھری سے رابطہ کیا۔
مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی وفد ترین گروپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔ ٹیلی فونک رابطے کے بعد ترین گروپ نے مشاورت کے لئے ایک اور اجلاس طلب کرلیا۔ مسلم لیگ ن کے رابطے اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلی عثمان بزدار کو گھر بھیجنے کے مشن کے تحت ترین گروپ کے رہنما علیم خان لندن چلے گئے، جہانگیر ترین سے ملاقات میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے، آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے تجاویز زیر غور آئیں گی۔
خیال رہے سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان سے گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔ علیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چودھری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگا تھا۔

کراچی: مسلح ڈاکو دو مختلف وارداتوں میں شہریوں سے موٹرسائکل، نقدی اور موبائل لے اڑے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی زمان آباد میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں۔ ایک ہی علاقے سے مسلح ڈاکو دو مختلف وارداتوں میں شہریوں سے موٹرسائکل، نقدی اور موبائل لے اڑے۔
کراچی کے ضلع کورنگی میں سٹریٹ کرمنلز شہریوں کے پیچھے پڑ گئے، زمان آباد کے علاقے میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں عروج پر ہونے لگیں۔ ایک ہی دن، چند گھنٹوں اور ایک ہی علاقے میں دو وارداتیں ہو گئیں۔ پہلی واردات صبح کے اوقات میں ہوئی جس کے دوران موٹرسائیکل سوار دو ڈاکو گن پوائنٹ پر شہری کی موٹرسائکل لیکر فرار ہوگئے۔
دوسری واردات موٹر سائیکل پر سوارمسلح ملزمان نے سیلزمین کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا۔ ڈکیتوں نے سیلزمین سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لئے۔ گزشتہ روز ہونے والی دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہوئی۔ مکین کہتے ہیں زمان آباد میں ڈکیتیاں اور چوریاں معمول بن چکی ہیں۔ پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

مداح کے آبدیدہ ہونے پر عاطف اسلم گانے کے بول بھول گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) گلوکار عاطف اسلم کنسرٹ میں ایک پرستار کے آبدیدہ ہونے پر گانے کے بول بھول گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم نے کنسرٹ میں گانا گانے کے دوران آبدیدہ پرستار سے پوچھا کہ کسے یاد کر کے رو رہے ہو؟ اس سوال کے بعد عاطف اسلم دوبارہ اپنے گانے کی طرف لوٹے تو گانے کے بول ہی بھول گئے۔
گلوکار نے گانا بھول جانے کا اعتراف کنسرٹ کے دوران خود کیا۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور سونا مہنگا، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 249 پوائنٹس اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور سونا مہنگا ہو گیا، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 249 پوائنٹس کااضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرےروز سٹاک ایکس چینج میں 249 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 43 ہزار 127 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈکرنے لگا۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہو گیا، امریکی خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر 59 سینٹ اضافہ ہوا جس کے بعد 126 ڈالر 29 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہوا، برطانوی خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر 17 سینٹ اضافہ ہوا اور 131 ڈالر 15 سینٹ فی بیرل ریٹ پر فروخت ہوا۔
روس یوکرین جنگ کے تناظر میں عالمی سطح پر سونے کے ریٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، عالمی منڈی میں سونا 3 ڈالر 40 سینٹ فی اونس مہنگا ہو گیا جس کے ساتھ ہی فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 54 ڈالرتک پہنچ گئی۔

پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے علیم خان کے ساتھ چلنے سے انکار کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی منظر نامے پر اہم پیش رفت، پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے علیم خان کے ساتھ چلنے سے انکار کر دیا۔ تین ارکان پنجاب اسمبلی نے رابطے پر علیم خان کو جواب دے دیا۔
ڈاکٹر اختر ملک نے علیم خان کو صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔ ڈاکٹراختر ملک اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی آج ملاقات شیڈول ہے۔
ادھر وزیراعلی عثمان بزدار نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے رابطوں کا ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، 8 صوبائی وزرا کو مشاورت کیلئے ایوان وزیراعلیٰ طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد سے واپسی پر 8 صوبائی وزرا کو ایوان وزیراعلیٰ طلب کرلیا جن میں راجہ بشارت، محمودالرشید، اسلم اقبال اور یاسمین راشد سمیت دیگر شامل ہیں۔ وزرا کو وزیر اعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے دیگر ارکان سے رابطوں کا ٹاسک دیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ترین گروپ کی بغاوت کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
عثمان بزدار کا تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری نہیں، انہوں نے عدم اعتماد کا جو گڑھا کھودا ہے وہ خود اس میں گرے گی، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، اپوزیشن اکٹھی ہو کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، اقتدار کی ہوس میں اپوزیشن عناصر نے قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔

مسلم لیگ ق کا پہلی بار اپوزیشن کے ساتھ جانے کا اشارہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ دونوں کی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ منظر نامے پر آپشنز پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی ملاقات میں حکومتی ارکان ٹوٹ جانے کی صورت میں آئندہ سیاسی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ مسلم لیگ ق نے حکومتی ارکان ٹوٹ جانے پر پہلی بار اپوزیشن کے ساتھ جانے کا اشارہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ اگر آپ کے پندرہ بیس ارکان ٹوٹ گئے تو ہم بھی اپوزیشن کے ساتھ جانے پر مجبور ہوں گے، اتحاد کے معاملات میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن اگر آپ کے ارکان بکھر گئے تو ہم نئی پالیسی بناسکتے ہیں۔ اتحادی ق لیگ نے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا۔

چودھری سرور کا پارٹی قیادت کو جہانگیر ترین اور علیم خان سے بات چیت کرنیکا مشورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری سرور نے پارٹی قیادت کو جہانگیر ترین اور علیم خان سے بات چیت کرنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات نقصان دہ ہوتے ہیں، کس کو ہٹانا ہے کس کو وزیر اعلیٰ لگانا ہے یہ وزیراعظم کا اختیار ہے، ہارس ٹریڈنگ جمہوریت کیلئے اچھی نہیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بھی ایک خاندان ہے جس کو متحد رکھنا پارٹی قیادت کی ذمہ داری ہے، جب پارٹیوں میں اختلافات پیدا ہو جائے تو یہ نقصان دہ ہوتا ہے، علیم خان اور جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں، پارٹی میں اتحاد کیلئے جہانگیر ترین اور علیم خان سے قیادت کو بات کرنا چاہیے، تحریک عدم اعتماد جمع ہو گئی اب جو بھی فیصلہ ہو گا پارلیمان میں ہوگا جو ہر کسی کو قبول کرنا ہے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ جب تک عثمان بزدار کو وزیراعظم. پارٹی اور اتحادیوں کا اعتماد حاصل ہے وہ وزیر اعلیٰ رہیں گے، کس کو ہٹانا ہے کس کو وزیر اعلیٰ لگانا ہے یہ وزیراعظم کا اختیار ہے، 172 اراکین کو قومی اسمبلی میں پورا کر نا اپوزیشن کا کام ہے۔

سلیکٹڈ حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹا کر قوم کے پاس جانا چاہتے ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کسی فرد واحد نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے، سلیکٹڈ حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹا کر قوم کے پاس جانا چاہتے ہیں، پنجاب میں عدم اعتماد کے حوالے سے تمام پارٹیوں سے بات چیت چل رہی ہے، سیاست میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی، ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا حق ہے۔
قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عدم اعتماد کی قرارداد ایوان میں داخل ہوچکی، سراج الحق کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی درخواست کی ہے، ایک سلیکٹڈ حکومت کو پارلیمان کے ذریعے آئینی طریقے سے ہٹا کر قوم کے پاس دوبارہ جانا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کا اپنا ایک نظام ہے وہ اپنی شوریٰ سے مشاورت کر کے فیصلہ کریں گے، سیاست میں کوئی حتمی بات نہیں ہوتی، پاکستان کے سیاسی حالات میں بات کبھی جڑتی ہے کبھی ٹوٹتی ہے، ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا ہمارا سیاسی حق ہے۔

زرداری کی وجہ سے عمران خان کی حکومت چل رہی تھی، مصطفیٰ کمال

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی وجہ سے عمران خان کی حکومت چل رہی تھی۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک 3 آئینی ترامیم نہیں ہوتیں تو سب بے کار ہے۔ جب جب حق مانگو تو کہا جاتا ہے کہ پنچاب آپ کا حصہ کھا رہا ہے اور جو پیسے وزیر اعلیٰ سندھ کو مل چکے ہیں ان کا تو حساب دو۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو جو پیسے ملے ہیں اس کا سوال کرتے رہیں گے جان نہیں چھوڑیں گے۔ کراچی کے ساتھ زیادتی کرنے والے حکومت گرانے کی باتیں کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کیا کسی سیاست دان نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس طرح ملاقاتیں کیں ؟ عمران خان اپنے اقتدار بچانے کے لیے اتحادیوں سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں، عمران خان نے جلسے میں کہا تھا کہ جنوبی پنچاب کو صوبہ بنانے کے لیے ریفارم لا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی چھٹے یوم تاسیس کا مرکزی پاور شو 27 مارچ کو ٹنکی گراؤنڈ لیاقت آباد میں کرے گی اور پی ایس پی اپنی جان پر کھیل کر کسی کو بھی پاکستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے نہیں دے گی۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے والے اور مہاجروں کو اسلحہ اٹھانے کی تلقین کرنے والے ہی مہاجروں کے اصل دشمن ہیں۔ مہاجروں کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے مہاجروں کے خون کا سودا کر کے اپنی وزارتیں اور جاگیریں بنائیں۔

اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا مشن، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کراچی چلے گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد پر ساتھیوں کو اعتماد میں لینے کا مشن، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کراچی چلے گئے۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دورہ کراچی کے دوران اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم سندھ ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کی سربراہی بھی کریں گے، پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں سے خطاب بھی وزیر اعظم کے کراچی دورے کا حصہ ہوگا۔