All posts by Khabrain News

آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے ن لیگ کا کوئی فیورٹ نام نہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، سپہ سالار کی تعیناتی کے لئے مسلم لیگ ن کا کوئی فیورٹ نام نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ کیا سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان آرمی چیف کے نام پر ڈیڈ لاک ہے ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ابھی آرمی چیف کے نام کے حوالے سے مشاورت ہی نہیں ہوئی تو ڈیڈ لاک کیسے ہوگا، 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، جو نام فوج بھیجے گی اسی پر ہی مشاورت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک فوج نے آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے نام نہیں بھیجا، عمران خان کے حالیہ بیانات پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان ذاتی مفاد کے لئے قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان الزامات لگا کر ہمارے بین الاقوامی تعلقات کو خراب کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کا اپنے ذاتی مفاد کے لئے ملکی سالمیت اور وقار سے کھیلنا جرم ہے۔

فلیمش، دنیا کے سب سے وزنی خرگوش

بیلجیئم: (ویب ڈیسک) فلیمش نسل کے خرگوش دنیا کے سب سے بڑے اور وزنی خرگوش ہوتے ہیں، بسا اوقات ان کی جسامت ایک کتےسے بھی بڑھ کرہوتی ہے اور وزن دس کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔ اس کے باوجود لوگ انہیں پیار کرتے ہیں اور وہ بہترین پالتو ثابت ہوتے ہیں۔
فلیمش خرگوشوں کی نسل بیلجیئم سے تعلق رکھتی ہے جنہیں کھال اور گوشت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن پالتو خرگوشوں کو جانوروں کے شو میں یہ توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ خرگوش بے ضرر اور انسان سے انسیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں اپنی خوابگاہ تک لے آتے ہیں۔ اب تک اس نسل کا سب سے بڑا خرگوش 22 کلوگرام وزنی دیکھا گیا ہے جس کی کل لمبائی چار فٹ تین انچ تک تھی۔
خیال ہے کہ سولہویں صدی میں فلیمش قسم کے خرگوش موجود تھے جنہیں بطورغذا استعمال کیا جاتا تھا ان میں سب سے مشہور بیلجیئن اسٹون خرگوش تھے جو آج بھی پائے جاتے ہیں۔ تاہم 1910 کے آس پاس پوری دنیا میں ان کی مقبولیت شروع ہوگئی اور اب بھی انہیں گوشت اور کھال وغیرہ کے لیے ہی پالا جاتا ہے۔ تاہم یورپ کے سرد علاقوں میں یہ بچوں کے بہت دوست ہیں اور بچے انہیں پالنا پسند کرتے ہیں۔

اژدھے نے ایک مگرمچھ کو سالم نگل لیا

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ایک اژدھا کسی مگرمچھ کو سالم نگل جائے ؟
مگر ایسا ہوا ہے اور سائنسدانوں کے ایک گروپ نے اسے دریافت کیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سائنسدان ایک مردہ اژدھے کے معدے سے غذا کے بارے میں جاننے کے لیے نمونے اکٹھے کررہے تھے۔
اس کے دوران انہوں نے اژدھے کے پیٹ سے 5 فٹ کے مگرمچھ کو دریافت کیا جسے سانپ نے سالم نگل لیا تھا۔
18 فٹ کے اژدھے کی غذائی نالی سے یہ مگرمچھ باہر نکالا گیا جس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔
سائنسدانوں کی ٹیم میں شامل روزی مورے نے بتایا کہ ہم نے مگرمچھ کو معدے کے اندر موجود پایا اور پھر اژدھے کی جھلی کاٹ کر اسے باہر نکالا۔
اس اژدھے کو ایور گلیڈز نیشنل پارک کے عملے نے مارا تھا کیونکہ اسے وہاں کے جانوروں کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
اژدھے چھوٹے جانوروں کو غذا بناتے ہیں مگر موقع ملنے پر بڑے جانوروں جیسے ہرن اور مگرمچھوں کو بھی سالم نگل لیتے ہیں۔
یہ سانپ اپنے جبڑے کو اتنا بڑا کرلیتے ہیں کہ آسانی سے شکار کو نگل لیں۔
ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ اژدھے انسانوں کا شکار کریں مگر کبھی کبھار ایسا سننے میں آتا ہے۔
اکتوبر میں انڈونیشیا میں ایک 54 سالہ خاتون کو ایک اژدھے نے زندہ نگل لیا تھا جس کی لاش بعد میں سانپ کو مار کر نکالی گئی۔

ٹائیگر شارک پر کیمروں کی مدد سے سمندری گھاس کی نقشہ کشی کا منصوبہ

ریاض: (ویب ڈیسک) کھارے پانیوں کے فرش پر جابجا سمندری گھاس کے وسیع ایکو سسٹم موجود ہیں اور اب ان پر تحقیق اور نقشہ کشی کے لیےٹائیگر شارک پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
کارخانہ فطرت میں ٹائیگرشارک سمندری گھاس سے دلی لگاؤ رکھتی ہے اور بسا اوقات دیگر جانوروں کو اندھا دھند گھاس چرنے سے بھی روکتی ہے۔ اس لیے اسے سمندری باغ کا چوکیدار بھی کہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں کو ٹائیگرشارک پر کیمرے لگانے کی سوجھی اور انہوں نے اس کے پچھلے دھڑ پر طاقتور کیمرے نصب کئے ہیں۔
سعودی عرب میں شاہ عبداللہ جامعہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور بینیتھ دی ویوز نامی تنظیم نے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ سب سے پہلے باہاماس کی ٹائیگرشارک پر 360 درجے پر دیکھنے والے کیمرے لگائے گئے ہیں جو شارک کے طویل سفر کے دوران سمندری گھاس کی ویڈیو اور تصاویر بناسکتے ہیں۔
اگرچہ باہاماس کے پانیوں میں سمندری گھاس کی بڑی مقدار موجود ہے لیکن اس کے وسیع وعریض ذخائر دنیا بھر میں موجود ہیں۔ لیکن ہر جگہ پہنچ کر گھاس کی پیمائش کرنا ایک مشکل عمل ہوتا ہے اور اسی لیے ٹائیگرشارک کا سہارہ لیا گیا ہے۔ صرف باہاماس میں اس کا رقبہ 66 سے 92 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جو سمندری گھاس کا سب سے بڑا فطری نظام بھی ہے۔
محتاط اندازے کے مطابق ٹائیگرشارک 72 فیصد وقت سی گراس کی اطراف میں گزارتی ہیں اور ان پر لگے کیمرے اب واضح تصاویر بنارہے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹائیگرشارک ایک دن میں 70 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے جو کئی ماہر غوطہ خوروں کے لیے بھی کسی طرح ممکن نہیں۔
سمندری گھاس آبی ماحول کے لیے بہت اہم ہیں۔ یہ ساحلوں کو سمندری طوفان کے کٹاؤ سےبچاتی ہیں اور اس کے اندر طرح طرح کے جانور رہتےہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کاربن جذب کرتی ہیں اور طویل عرصے تک زندہ رہتی ہیں۔

واٹس ایپ کا نیا فیچر جو صارفین کو ضرور پسند آئے گا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اگر آپ کے پاس ایک سے زیادہ اسمارٹ فونز ہیں اور واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر اس حقیقت سے خوش نہیں ہوں گے کہ آپ اس میسجنگ پلیٹ فارم کے اکاؤنٹ کو متعدد ڈیوائسز میں استعمال نہیں کرسکتے۔
مگر اب صارفین کا یہ مسئلہ ختم ہونے والا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک فیچر کمپینن موڈ کو متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن کے کچھ صارفین کو دستیاب ہے جس سے وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بیک وقت 4 ڈیوائسز میں استعمال کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرنا آسان ہے۔
صارف جب جب کسی نئے فون پر واٹس ایپ انسٹال کرے گا تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرنے پر اسے لنک اے ڈیوائس کا آپشن نظر آئے گا۔
اس آپشن پر کلک کرنے کے بعد کیو آر کوڈ سے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ڈیوائس سے لنک کرنا ممکن ہوگا۔
اس فیچر پر کمپنی کی جانب سے کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے مگر اس وقت صرف ٹیبلیٹس کے لیے دستیاب تھا،
مگر اب اس فیچر میں ایک سے زیادہ فونز کی سپورٹ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
اس ملٹی پل ڈیوائسز فیچر سے جس ڈیوائس پر بھی واٹس ایپ کو اوپن کیا جائے گا، میسجز اور فائلز کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
چونکہ اب یہ فیچر بیٹا ورژن میں کچھ افراد کو دستیاب ہے تو امکان ہے کہ بہت جلد تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اداکارہ صبا قمر کے بھائی انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت بالی وڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی مشہور اداکارہ صبر قمر کے بھائی کا انتقال ہوگیا۔
اداکارہ صبا قمر نے بھائی کے انتقال کی افسوسناک خبر کی اطلاع مداحوں کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اسٹور ی شیئر کی جس پر ‘انا اللہ وانا الیہ راجعون’ درج ہے اور اس کے نیچے صبا قمر نے اپنے بھائی کے لیے مُنا لکھا۔
اس خبر کی تصدیق صبا قمر کی منیجر مشل چیمہ کی جانب سے بھی کی گئی ہے، مشل نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر لکھا کہ ‘یہ میرے لیے اچانک اور حیرت میں مبتلا کردینے والی خبر ہے کہ صبا قمر کے بھائی کا آج صبح انتقال ہوگیا ہے۔’
ساتھ ہی انہوں نے فینز سے گزارش کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ سب مرنے والے کیلئے دعائے مغفرت کریں، اللہ سبحان تعالیٰ مرحوم کے جنت میں درجات بلند فرمائے اور اس نقصان پر اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔’

نوازشریف جب آرمی چیف لگائے گا تو کہے گا پہلے میرے کیسز کو ختم کرو: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف نہ ملنا ملک کی تباہی کا سبب ہے، چیف جسٹس صاحب ہم انصاف کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جب اداروں میں میرٹ ہو گا تو تبھی ادارے مضبوط ہوتے ہیں، نوازشریف میرٹ پر فیصلہ نہیں کرے گا، نوازشریف جب آرمی چیف لگائے گا تو کہے گا پہلے میرے کیسز کو ختم اور راستے سے عمران خان کو ہٹایا جائے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں بینکوں سے قرض واپس کرنے کا رسک 5 فیصد، آج 5۔64 فیصد ہو چکا ہے، اس کا مطلب ہماری معیشت کا قتل ہوا ہے، قوم کوسمجھنا چاہیے ان کے ساتھ ہوا کیا ہے، دنیا سمجھ رہی ہے پاکستانی معیشت کمزور ہے، اب اپنے قرض واپس نہیں کرسکے گا، بیرون ملک سے سرمایہ کاری کرنے والے بھی اب ڈریں گے، سارے قرضے دوخاندانوں نے ہمارے دس سالوں میں بڑھائے۔ روپیہ کی قدرمسلسل نیچے جارہی ہے، ملک میں ڈالرنہیں آرہے،روپیہ مسلسل گررہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ سب سے پہلا سوال ہے جن لوگوں نے سازش کر کے چوروں کو مسلط کیا اب بتائیں کون ذمہ دارہے؟ پچھلے 7 ماہ میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، ہمارے دور میں 16 فیصد اور آج مہنگائی بھی دُگنا ہو چکی ہے، ہمارے دورمیں ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی، موجودہ حکومت کےاکنامک سروے کے مطابق پی ٹی آئی حکومت میں 6 فیصد گروتھ ہو رہی تھی، اکنامک سروے کے مطابق 32 ارب ڈالرکی ہم نے تاریخی ایکسپورٹ کی، اکنامک سروے کے مطابق 17 سال بعد زراعت میں اضافہ ہوا۔ اکنامک سروے کے مطابق سروسز سیکٹر 2۔6 فیصد گروتھ ہوئی، ہمارے دورمیں آئی ٹی سیکٹر میں 26 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا، مسلم لیگی حکومت نے بجلی کےمعاہدے ایسے کیے اگر بجلی کم استعمال بھی کریں گے تو پیسے پورے ہی دینے پڑیں گے، ہمارے دورمیں معیشت بڑھ رہی تھی اورملک ترقی کررہا تھا، ترقی کے باوجود سازش کے تحت ان کوبٹھایا گیا، شہباز شریف کو ایسے بٹھایا گیا جیسے اس سے زیادہ کوئی جنیئس نہیں، اسحاق ڈارنے تو آ کر کہا تھا موڈیز کو ٹھیک کرونگا اب تو غائب ہی ہو گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ دو ڈاکو خاندانوں کی حکومتوں میں بھارت ہم سے آگے نکل گیا، نوازشریف نے لندن کے مہنگے علاقے میں چار فلیٹس بنائے، نوازشریف امیر اور قوم غریب ہو گئی، اسٹیبلشمنٹ، ہینڈلرز کو سمجھایا اگر سازش کامیاب ہو گئی تو یہ ملک نہیں سنبھال سکیں گے، میں نے کہا کہیں پاکستان ڈیفالٹ نہ کر جائے انہوں نے میرے خلاف مقدمات بنائے، جو قرض دے گا وہ ہم سے قیمت مانگیں گے، جو قرض دے گا وہ ہمارے قومی اثاثے کی طرف جائیں گے، نوازشریف کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اگرہم نیشنل سیکیورٹی پر کمپرومائز کریں گے، نواز شریف 23 دفعہ سرکاری دوروں پر لندن گیا، مجھے بھی دو لندن کے دوروں کی آفر ہوئی نہیں گیا، ہمارا ملک مقروض ہے، برطانیہ کے دورے پر نہیں گیا تھا، برطانیہ بیٹھ کر ڈیل کرتے ہیں جب گرین سگنل ملتا ہے تو واپس آجاتے ہیں، 30 سال سے یہی دوخاندان اقتدارمیں رہے دیوالیہ کس نے نکالا؟ ہماری حکومت نے ملک کو کورونا اور معیشت کوبھی بچایا، دنیا نے ہماری کورونا کی پالیسی کو سراہا۔
عمران خان نے کہا کہ جب حکومت گرائی تب انڈسٹریز ترقی کررہی تھی، کیا اب بھی کوئی سمجھتا ہے کہ یہ لوگ ملک کومسائل سے نکال سکتے ہیں، ماضی میں کسی بھی حکومت نے ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ نہیں دی، مسلم لیگ کے گزشتہ حکومت میں ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا تھا، ہمارے دور میں 32 ارب ڈالر کی تاریخی ایکسپورٹ ہوئی، ہماری حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ شروع کیا، بنڈل آئی لینڈ کو پی پی حکومت نے شروع نہیں کرنے دیا، پیپلز پارٹی نے آخری وقت میں منصوبے کو ختم کردیا، راوی ریورسٹی منصوبہ لاہورمیں شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں الیکشن کی جلدی کیوں ہے، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، اللہ کا خاص کرم ہے، اللہ نے لوگوں کے دل تحریک انصاف کی طرف موڑ دیئے ہیں، ہمارے ملک کو خطرہ ہے، ہم ملک کے قرض واپس نہیں کرسکیں گے، شہباز شریف بیرون ملک مانگ رہا ہے، سازش کی وجہ سے پاکستان یہاں پھنسا ہوا ہے، حقیقی آزادی مارچ کا مطلب انصاف ہے، لوگوں نے پاکستان میں رول آف لا کی حکمرانی نہیں دیکھی، میں نے برطانیہ میں رول آف لا کی حکمرانی دیکھی، تمام مسائل کی وجہ انصاف، قانون کی حکمرانی نہیں ہے، یہ جنگل کا قانون ہے، اس قانون میں خوشحالی نہیں آسکتی۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب کے پاس تینوں لینڈ مارک کیسز ہیں، ارشد شریف ایسا صحافی تھا جس کے ضمیرکی کوئی قیمت نہیں تھی، ارشد شریف کو دھمکیاں دے کر ملک سے بھگایا گیا، اعظم سواتی کو تنقیدی ٹویٹ پر ننگا کر کے مارا گیا، کِدھرسے انصاف ملے گا چیف جسٹس صاحب اس لیے آپ کے پاس گئے ہیں، سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں، مجھ پرقاتلانہ حملہ ہوا، سازش بارے پہلے ہی بتادیا تھا، تین نام لیے اب تک میری درخواست پر مقدمہ درج نہیں ہوا، سابق وزیراعظم ہوں، چیف جسٹس صاحب یہ لمحہ فکریہ ہے، تین لوگوں کا نام درج کرانا میرا بنیادی حق ہے، ہوسکتا ہے انویسٹی گیشن میں یہ نام غلط ثابت ہو جائیں، اپنی حکومت ہونے کے باوجود ایف آئی آردرج نہیں کرا سکا، یہی توکہتا ہوں ملک میں طاقت وراورکمزورکے لیے الگ الگ قانون ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک میں انصاف نہ ملنا ملک کی تباہی کا سبب ہے، چیف جسٹس صاحب ہم انصاف کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں انصاف کی کہیں اور امید نہیں، چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے قریب اوراس کو ہینڈلربھی کنٹرول کر رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور کراچی کے الیکشن کمشنر کے خلاف ہم عدالت گئے ہیں، ہم تو بار بار کہہ رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار نہیں، چیف الیکشن کمشنر بار بار ہمارے خلاف فیصلے کر رہا ہے، درخواست ہے چیف جسٹس صاحب چیف الیکشن کمشنر والا کیس بھی سن لیں، چیف الیکشن کمشنرنے مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی کے فنڈنگ اکاؤنٹ کا فیصلہ نہیں دیا، جب پیپلز پارٹی، ن لیگ کا فنڈنگ کیس کھلے گا تو غیرقانونی فنڈنگ کا پتا چل جائے گا، چیف الیکشن کمشنر نے توشہ خانہ کیس میں ڈس کوالیفائی کر دیا، لکھ کر دیتا ہوں توشہ خانہ کیس میں کوئی غیرقانونی چیزثابت نہیں ہوگی، آصف زرداری، نوازشریف،یوسف رضا گیلانی کے توشہ خانہ کیس کے فیصلے نہیں سنائے جا رہے، آصف زرداری،نوازشریف،یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ سے چارمہنگی گاڑیاں لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف ملے گا تو سب کو انصاف کے نظام پر اعتماد ہوگا، مفرور، سزا یافتہ، جھوٹا لندن میں تماشا کر رہا ہے، قوم سے پوچھنا چاہتا ہوں مفرور شخص کیسے ہمارے فیصلے کر سکتا ہے، ہماری نیشنل سیکیورٹی کا سب سے اہم فیصلہ مفرور کیسے کر سکتا ہے، نوازشریف کو میرٹ کے مطلب کا ہی نہیں پتا، نوازشریف وہ فیصلے کرتا ہے جو اس کی مدد کرے گا، نوازشریف نے کبھی میرٹ پرفیصلہ نہیں کیا،سابق آئی جی کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف دور میں پنجاب پولیس کے اندر پیسے لیکر جرائم پیشہ لوگوں کو بھرتی کیا گیا، کیا ایسے شخص سے دیانت داری کی توقع کی جا سکتی ہے، کیا اخلاقی طور پر ایسا ہو سکتا ہے، جمہوریت ڈنڈوں نہیں اخلاقیات پرچلتی ہے، ڈیوڈ کیمرون نے ریفرنڈم میں شکست کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا، پاکستان کا مفرورجھوٹ بول کر باہر بھاگا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب اداروں میں میرٹ ہو گا تو تبھی ادارے مضبوط ہوتے ہیں، نوازشریف میرٹ پر فیصلہ نہیں کرے گا، پہلے چوروں کومسلط کیا پھر انہوں نے اپنے کیسز ختم کر دیئے، شہبازشریف کیس کے چارگواہان مرگئے کسی نے نہیں پوچھا۔ نواز شریف کو 40 سال سے جانتا ہوں، نوازشریف جب آرمی چیف لگائے گا تو کہے گا پہلے میرے کیسز کو ختم اور راستے سے عمران کو ہٹایا جائے، نواز شریف بزدل آدمی ہے، الیکشن میں ہارنے کا خوف ہے، نوازشریف جمخانہ میں بھی اپنے امپائرکھڑے کرکے میچ کھیلتا تھا۔ نوازشریف کو ڈر ہےعمران خان الیکشن جیت جائے گا، کرپٹ آدمی بزدل ہوتا ہے یہ پاکستان کی تقدیرسے کھیل رہا ہے، حقیقی آزادی مارچ کا مقصد ملک میں انصاف قائم کرنا ہے، اگرملک میں انصاف ہوتا تویہ سارے لوگ جیلوں میں ہوتے، ہمارا مارچ جب راولپنڈی پہنچے گا توسب کوپیغام جائے گا عوام چوروں کی غلامی نہیں کرے گی۔

ارشد شریف کیس، فیصل واوڈا اور مراد سعید کو ایف آئی اے نے طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ارشد شریف کیس کے معاملے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے فیصل واوڈا اور مراد سعید کو طلب کر لیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا اور مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے۔
ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا اور مراد سعید کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پیر کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز طلب کیا ہے، دونوں رہنماؤں کو شواہد کے ساتھ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر آنے کے لیے نوٹس بھیجے گئے۔

اہم تعیناتی بارے ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے: بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سڑکوں پر سیاسی تماشے چل رہے ہیں مجبورا ان کا جواب دینا پڑتا ہے، اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا، اہم تعیناتی کے بارے میں ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے، اتحادیوں اوراپوزیشن کو اس ایشوکومتنازع نہیں بنانا چاہیے۔
ڈاؤ ہسپتال میں جگر کی 75 کامیاب پیوندکاریوں کی تکمیل کے موقع پر کینسر سینٹر کا سنگ بنیاد اور او پی ڈی کے چار نئےبلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جگرکاعلاج کرانے کے لیے پہلے ملک سے باہرجانا پڑتا تھا، جگرکا علاج بہت مہنگا ہوتا ہے، کینسرجیسے مرض کے کامیاب علاج کے لیےابتدائی تشخیص بہت اہم ہے، آج کل ٹی وی پربری خبریں ہی ملتی ہے، اچھی خبروں کو کم سیاسی خبروں کو زیادہ اُجاگر کیا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ روس، یوکرین جنگ کے معاشی اثرات ہم بھگت رہے ہیں، سیلاب متاثرین آج بھی مدد کے انتظار میں ہیں، ہمارے لیے سیلاب متاثرین اولین ترجیح ہے، بدقسمتی سے سڑکوں پر سیاسی تماشے چل رہے ہیں مجبورا ان کا جواب دینا پڑتا ہے، اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا، ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے، آپس میں گولی چلانے،لڑنے کے بجائے الیکشن میں حصہ لیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈاؤیونیورسٹی کی ترقی پرفخرکرتے ہیں، کورونا، یوکرین جنگ نے پوری دنیا کومتاثرکیا، پاکستان نے سیلاب جیسی تباہی کا سامنا کیا، سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثرہوئے ہیں، ہم نے قوم کی ترجیح سیاسی تماشوں پر گامزن کر رکھی ہے، ہم سب کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس تعیناتی بارے ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے، آئین وقانون کے تحت یہ کام ہونا چاہیے، اتحادیوں اوراپوزیشن کو اس ایشوکومتنازع نہیں بنانا چاہیے۔ اہم تعیناتی پرغیرضروری سیاست کی جارہی ہے۔

کھربوں روپے کے مقدمات زیر التوا؛ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب میں زیر التواء کھربو ں روپے کے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو کل طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم کی زیر صدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب کو کل طلب کرتے ہوئے سیکریٹری کمیٹی کو چئیرمین نیب کی اجلاس میں شرکت کے لیے خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ اربوں کھربوں کے کیسز پر چئیرمین نیب بریفنگ دیں، خیبرپختونخوا سمیت دیگر اہم کیسوں پر چئیرمین نیب بریفنگ دیں۔
اجلاس میں وزارت سمندر پار پاکستانی کے آڈٹ اعتراضات 2019-20ء کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم میں گیس کیوں فراہم نہیں کی گئی؟ لوگ تیس تیس سال سے گیس سے محروم ہیں جس پر کمیٹی نے گیس کی فراہمی سے متعلق غفلت کے مرتکب ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ اوورسیز ہاؤسنگ اسکیم میں غریب مزدوروں کا حق ہے، جب اوورسیز ہاؤسنگ اسکیم بنائی گئی اس وقت گیس کی لاگت بھی کم تھی جس پر کمیٹی نے مواصلاتی نظام کی خرابی کی تحقیق کر کے رپورٹ طلب کرلی۔
کمیٹی کا وقت پر ڈی اے سی کا اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ بروقت ڈی اے سی نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سیکریٹری کی تنخواہ سے پیسے لیے جائیں گے اگر سیکریٹری کام نہیں کرے گا تو متعلقہ وزیر کو بھی طلب کیا جائے گا۔