All posts by Khabrain News

ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک

ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے ڈیرہ ٹاؤن کے قریب فورسز،سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا،آپریشن کے دوراں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے،دہشتگردوں سے دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔
دوسری جانب ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ٹی ٹی پی گنڈہ پور گروپ کے 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاکستان آرڈی ننس فیکٹری نے ہدف پر بم پھینکنے والے ڈرون ’’ابابیل‘‘ تیار کرلیے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان آرڈی ننس فیکٹری واہ نے کثیر المقاصد ڈرونز ’’ابابیل‘‘ تیار کرلیے، جدید ڈرونز بم سے ہدف کو نشانہ بنانے کے ساتھ حالت امن میں آگ بجھانے اور ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے پھینکے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دفاعی ساز و سامان کی 11 ویں چار روزہ بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز منگل سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگئی، آئیڈیاز میں جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ مقامی تیار کردہ ڈرونز بھی نمائش کیلئے پیش کیے جارہے ہیں۔
یہ کثیر المقاصد ڈرونز جنگی اور غیر جنگی دونوں حالات میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ دفاعی مصنوعات کی پیداوار کے سب سے بڑے ملکی ادارہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف)کے تیار کردہ ’’ابا بیل‘‘ سیریز کے یہ ڈرونز خاص طور پر مارٹر بم گرانے میں مہارت رکھتے ہیں تاہم ان کثیر المقاصد ڈرونز کو جنگی حالات کے ساتھ ساتھ غیر جنگی حالات، جیسے آگ بجھانے اور آنسو گیس کے شیل وغیرہ پھینکنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پی او ایف، آئیڈیاز نمائش 2022ء میں 11 نئی مصنوعات متعارف کرنے جا رہا ہے، ان مصنوعات کی پیداوار شروع ہونے سے پی او ایف کی وسیع مصنوعات کی رینج میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاکستان آرڈی ننس فیکٹریز کی تیار کردہ اسالٹ رائفلز CW-39 اور CW-56 سمیت دیگر رائفلز بھی اسی نمائش میں متعارف کرائی جائیں گی، یہ رائفلز مکمل طور پر پاکستان آرڈی ننس فیکٹریز میں تیار کی گئی ہیں جو عصر حاضر کے جدید تقاضوں اور پاکستان کی مسلح افواج کی مستقبل کی دفاعی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔
پی او ایف میں تیار کردہ 60 اور 81 ملی میٹر کیلیبر کے حامل ائیر ڈراپ بم بھی اس برس آئیڈیاز میں متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ 125 ایم ایم اینٹی ٹینک ایمونیشن کی لانچنگ بھی اس نمائش کا حصہ ہے۔
عالمی معیار کے مطابق پی او ایف میں تیار کردہ 5.56×45 ایم ایم ایمونیشن اور 12.7×99 ایم ایم ہیوی اسنائپر ایمونیشن بھی آئیڈیاز 2022ء کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا۔
پی او ایف کے ذیلی ادارے واہ انڈسٹریز میں پرنٹڈ سرکٹ بورڈز کی مکمل ڈیزائننگ، فیبریکیشن اور اسمبلنگ کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ آئیڈیاز 2022ء میں پی او ایف پرنٹڈ سرکٹ بورڈز کی عالمی معیار کے مطابق تیاری کے لیے قائم کیے گئے ذیلی ادارے الیکٹرا ٹیک کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

کرنل (ر) شجاع خانزادہ خود کش حملے کا سہولت کار گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صوبائی وزیرداخلہ شجاع خانزادہ شہید پر دہشتگرد حملے میں ملوث سہولت کار گرفتار کرلیا گیا۔
محکمہ سی ٹی ڈی پنجاب نے خفیہ اطلاع پر کلر سیداں روڈ راولپنڈی میں کاروائی کی، جس میں سی ٹی ڈی نے سابق صوبائی وزیرداخلہ پر خود کش بم دھماکے میں ملوث سہولت کار گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار ملزم عبداللہ خان میر پور آزاد کشمیر کا رہائشی ہے، ملزم عبداللہ سے بھاری تعداد میں دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ ملزم دھماکا خیز مواد کو پنڈی اور اسلام آباد میں تخریب کاری کیلئے لے کر جا رہا تھا۔
ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔ ملزم عبداللہ خان افغانستان مرکز سے تربیت یافتہ ہے۔

جی-20 سربراہ اجلاس کا آغاز؛ سعودی ولی عہد کی غیرمتوقع آمد

بالی: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا پہنچ گئے جہاں انھوں نے غیر ملکی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جی-20 ممالک کے سربراہان کا سترہویں اجلاس کا آغاز انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہوگیا جس میں روس یوکرین جنگ، عالمی اقتصادی بدحالی اور غذائی تحفظ سمیت اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے۔
G20 کے اجلاس سے افتتاحی خطاب میں میزبان انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے رکن ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک دنیا کو ایک اور سرد جنگ سے بچانے کے لیے روس یوکرین تنازع کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے متحرک ہونا چاہیئے۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے مزید کہا کہ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو دنیا کے لیے آگے بڑھنا مشکل ہو جائے گا۔ اس جنگ سے عالمی معیشت زبوں حالی اور دنیا غذائی قلت کا شکار ہوسکتی ہے۔
قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بالی کے نگورا رائے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی وفد کے ہمراہ پہنچے جہاں ان کا استقبال انڈونیشیا کے کوآرڈینیٹنگ وزیر برائے سمندری امور اور سرمایہ کاری لوہوت بنسر نے کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بہت مصروف وقت گزارا اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، ترک صدر طیب اردوان، برطانوی وزیراعظم رشی سنک، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقاتیں کی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چین کے صدر شی جنپنگ اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ولی عہد محمد بن سلمان کی ان مصروفیت کے باعث ان کے علیل ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ گزشتہ ماہ ولی عہد نے عرب لیگ کے نومبر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت سے پیشگی معذرت کرلی تھی۔
شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ناسازیٔ طبعیت کے باعث ڈاکٹرز کی ٹیم نے ولی عہد کو سفر کرنے سے منع کیا ہے اس لیے وہ یکم اور دوم نومبر کو ہونے والے عرب لیگ اجلاس میں شرکت کے لیے الجزائر نہیں جائیں گے۔
گو اُس وقت سرکاری سطح پر یہ نہیں کہا گیا تھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نومبر میں ہی انڈونیشیا میں ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے تاہم ایسی افواہیں زیر گردش تھیں کہ شاید ولی عہد بالی بھی نہ جائیں۔
واضح رہے کہ آج شروع ہونے والا G20 سربراہان کا اجلاس کل اختتام پذیر ہوجائے گا۔ اس سال G20 کی صدارت انڈونیشیا کے پاس ہے اور حسب روایت انہی کی میزبانی میں سال بھر 200 سے زیادہ ورکنگ گروپ میٹنگز اور ضمنی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔

چمن واقعے پر افسوس، مجرموں کو پکڑنے کیلئے اعلیٰ سطحی جرگہ بنا دیا: افغان طالبان

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ چمن میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس ہے، مجرموں کو پکڑنے کے لیے اعلیٰ سطحی جرگہ بنا دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سپن بولدک سے چمن جانے والی سڑک پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے امارت اسلامیہ کے ترجمان نے لکھا کہ نامعلوم شخص کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانی فوجی کے واقعے پر افسوس ہے، اس کی تحقیقات اور مجرموں کی تلاش کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی جرگہ بنا دیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کے سیکورٹی ادارے اس طرح کے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے سنجیدگی سے توجہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آسام میں بھارتی فوج پرحملہ؛ ملٹری آپریشن ادھورا چھوڑ کر بھاگ کھڑی ہوئی

دسپور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں علیحدگی پسند عسکری جماعت ’’الفا‘‘ کے جنگجوؤں نے انڈین آرمی کے قافلے پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج جان بچانے کے لیے ملٹری آپریشن ادھورا چھوڑ کر بھاگ کھڑی ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آسام میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والے فوجی قافلے پر کالعدم یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) کے جنگجوؤں نے گھات لگاکر حملہ کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے بھارتی فوج کے قافلے پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ اچانک ہونے والے حملے سے بھارتی فوج کے اہلکاروں نے خوف زدہ ہوکر گاڑی سے اتر کر محفوظ مقام کی جانب دوڑ لگا دی۔
یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں بھارتی فوج کی باردوی سرنگ پروف گاڑی کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا جب کہ جان بچانے کی کوشش میں گاڑی سے اتر کر بھاگنے والے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب بھارتی فوج نے الفا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کو ناکام بنادیا اور جوابی فائرنگ میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کا ایک جنگجو شدید زخمی ہوگیا۔
واضح رہے کہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام ایک علیحدگی پسند تنظیم ہے جو ریاست آسام کی بھارت سے علیحدگی حاصل کرکے ایک آزاد اور خود مختار ریاست بنانے کے لیے مسلح جدوجہد کر رہی ہے جس کے باعث حکومت نے 1990 میں تنظیم پر پابندی لگا دی تھی۔

فالج کے علاج کے لیے نئی پروٹین تھراپی کے حوصلہ افزا نتائج برآمد

اوسلو: (ویب ڈیسک) ہم جانتے ہیں کہ فالج بہت تباہ کن ثابت ہوتا ہے کیونکہ خون کا لوتھڑا دماغی رگ میں پھنسنے سے دماغ کے اہم حصے آکسیجن اور خون کی کمی سے تیزی سے ناقابلِ تلافی انداز میں تباہ ہونے لگتے ہیں۔ اس ضمن میں اب بالکل نئی پروٹین تھراپی وضع کی گئی ہے جو فالج کے نقصان کو بہت حد تک کم کرسکتی ہے۔
جامعہ اوسلو کے سائنسدانوں کے مطابق فالج کے بعد مخصوص پروٹین داخل کرکے فالج کے نقصان کو کم کیا جاسکتا ہے۔ چوہوں کو فالج میں مبتلا کرنے کے چند گھنٹوں بعد ابتدائی آزمائش سے بہت امید افزا نتائج ملے ہیں جو اس مزید بگاڑ کو روک سکتے ہیں۔ تاہم انسانی آزمائش کی منزل ابھی بہت دور ہے۔
’فالج سے ہونے والی منفی دماغی تبدیلیاں پوری عمر کا روگ بن جاتی ہیں، فالج کا ہر منٹ دماغ کے لیے تباہ کن ہوتا جاتا ہے اور حملے کے بعد دماغی حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہمیشہ سے ہی محسوس کی جاتی رہی تھی۔ اس تھراپی میں ہم نے خون کا ایک پروٹین، ’فیکٹر سیون ایکٹی ویٹنگ پروٹیئز‘ (ایف ایس اے پی) پر توجہ کی ہے،‘ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر سندیپ کانسے نے بتایا۔
فالج کے بعد خون میں ایف اے ایس پی کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور فالج کے مریضوں میں بھی اس کی زائد مقدار دیکھی گئی ہے۔ سائنسداں جاننا چاہتے تھے کہ اگر چوہوں میں ایف اے ایس پی کی پیداوار جینیاتی یا کسی اور طریقے سے مکمل روک دی جائے تو فالج کی صورت میں ان پر کیسے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ لیکن اس صورت میں ماہرین کا اندازہ غلط نکلا اور چوہوں کے دماغ کو زیادہ نقصان پہنچا۔
اگلے مرحلے میں چوہوں کو فالج کا مریض بنا کر ایف ایس اے پی داخل کیا گیا تو اس کے اچھے اثرات دیکھنے میں آئے۔ اسی بنا پر پروٹین تھراپی وضع کی گئی ہے۔
فی الحال شدید فالج کے بعد کا ایک علاج ٹشو پلازمینوجن ایکٹی ویٹر یا ٹی پی اے دنیا بھر میں رائج ہے جو فوری طور پر دماغ کی نسیجوں میں پھنسے لوتھڑے کو گھلا کر رگوں کو کشادہ کردیتی ہے۔ لیکن ضروری ہے کہ جتنی جلدی اس کا ٹیکہ لگایا جائے تو فائدہ ہوتا ہے لیکن اب بھی صرف ایک تہائی افراد کو ہی اس سے فائدہ ہوتا ہے۔
جن چوہوں کو ٹی پی اے کے ساتھ ایف ایس اے پی دیا گیا ان میں صرف ٹی پی اے تھراپی والے چوہوں کے مقابلے میں بہت بہتری دیکھی گئی۔ توقع ہے کہ اسے ٹی پی اے کے ساتھ ملاکر نئی پروٹین تھراپی سے فالج کے بعد دماغ کو مزید نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔ تاہم انسانوں سے قبل مزید تحقیق اور آزمائشوں کی ضرورت ہے۔

بھارت کے معروف اداکار کرشنا جن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار کرشنا جن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ٹالی ووڈ اداکار کرشنا جن کو پیر کو دل کا دورہ پڑا تھا، آج صبح تقریباً 4 بجے حیدرآباد میں انتقال کر گئے۔
کرشنا جن کا پورا نام گھٹامنی شیوا راما کرشنا مورتی نے 350 فلموں میں کام کیا تھا اور وہ اس وقت کے ٹاپ اداکاروں میں سے ایک تھے، وہ ایک کامیاب ہدایت کار اور پروڈیوسر بھی تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں 2009 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا، اداکار مہیش بابو کے والد نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی لیکن راجیو گاندھی کی موت کے بعد چھوڑ دی۔

عامر خان کا شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مختصر عرصے کیلئے اداکاری سے وقفہ لینا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو میں ’مسٹر پرفیکٹ‘ کے نام سے مشہور عامر خان نےاعلان کیا ہے کہ وہ اب فلموں سے ایک یا ڈیڑھ سال کا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنے کے باعث فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اب وہ زندگی مختلف طریقے سے جینا چاہتے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ ’جب میں بطور اداکار فلمیں کرتا ہوں تو اس طرح مصروف ہو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں بچتا، میں لال سنگھ چڈھا کے بعد چیمپیئنز نامی ایک فلم کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا جس کی کہانی بہت خوبصورت اور دل کو بھانے والے تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مجھے وقفہ لینا چاہیےتاکہ میں اپنی فیملی، اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہ سکوں میں یہ کام 35 برس سے کر رہا ہوں اور میں نے پوری توجہ سے یہ کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ ٹھیک نہیں کر رہا ‘۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ چند سال اداکاری نہیں کریں گے تاہم بطورِ پروڈیوسر کام کریں گے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر تو ناکام ہوئی مگر نیٹ فلکس پر کامیاب رہی جس کے بعد عامر نے اپنی مشہور فلم ’فنا‘ کے کئی سالوں بعد کاجول کے ساتھ ان کی آنے والی نئی فلم ’سلام وینکی‘ میں مختصر کردار ادا کیا ہے۔

رنگت کی وجہ سے برسوں تک میری بے عزتی کی جاتی رہی، متھن چکرورتی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ نگری کے سینئر اداکار متھن چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں کالی رنگت کی وجہ سے کئی سالوں تک بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹی وی ریئلٹی شو ’سا رے گا ما پا‘ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کرنے والے سینئر اداکار متھن چکرورتی کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ اُن کی زندگی پر کوئی بائیوپک بنائی جائے کیونکہ انہوں نے بےحد مشکل زندگی گزاری ہے۔
متھن دا کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی اس سے گزرے جس سے میں زندگی میں گزرا ہوں، ہر ایک نے مشکل دنوں میں جدوجہد اور جدوجہد دیکھی ہے، لیکن مجھے انڈسٹری میں میری رنگت کی وجہ سے کئی سالوں تک بے عزت کیا گیا‘۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں نے ایسے دن دیکھے ہیں جب مجھے خالی پیٹ سونا پڑتا تھا اور میں سونے کے لیے خود روتا تھا، درحقیقت وہ ایسے دن تھے جب مجھے یہ سوچنا پڑتا تھا کہ میرا اگلا کھانا کیا ہوگا، اور میں کہاں سوؤں گا‘۔
متھن چکرورتی نے انکشاف کیا کہ وہ کافی دنوں تک فٹ پاتھ پر بھی سوئے ہیں۔
متھن نے کہا کہ ’یہی واحد وجہ ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ میری بائیوپک کبھی بنے، میری کہانی کبھی کسی کو متاثر نہیں کرے گی، یہ انہیں ذہنی طور پر توڑ دے گی اور لوگوں کو ان کے خوابوں کو حاصل کرنے میں حوصلہ شکنی کرے گی میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو‘۔
متھن چکرورتی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس انڈسٹری میں خود کو ثابت کرنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے، میں لیجنڈ اس لئے نہیں ہوں کیونکہ میں نے ہٹ فلمیں دی ہیں بلکہ میں ایک لیجنڈ ہوں کیونکہ میں نے اپنی زندگی کے تمام دکھ درد اور جدوجہد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے‘۔
خیال ہے کہ متھن نے اپنی فلمی کریئر کا آغاز 1976 میں فلم مریگیا سے کیا، انہوں نے 80 اور 90 کی دہائیوں میں ڈسکو ڈانسر، وردات، باکسر، اور اگنی پتھ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کی جبکہ آخری مرتبہ انہیں رواں سال ریلیزہونے والی فلم کشمیر فائلز میں اہم کردار نبھاتے دیکھا گیا۔