All posts by Muhammad Saqib

سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ ڈی سیل کرنے کا حکم دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ ڈی سیل کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا غیر دستخط شدہ مختصر حکم نامہ معطل کر دیا ہے۔
تین ہفتے قبل سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ کوسیل کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کومعطل کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔ عدالت نے معاونت کے لیے وفاقی حکومت اورفریقین کونوٹس جاری کردیئے تھے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے تھے کہ جو جو کچھ ہوا اسے فی الحال واپس نہیں کرسکتے۔ ہم ابھی سٹیٹس کو برقرار رکھتے ہیں۔
یاد رہے دو ماہ قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے اسی روز مونال ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا تھا۔ عدالت نے سی ڈی اے کو نیوی گالف کورس کا قبضہ لینے اورسیکرٹری دفاع ‏کوتجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

گورنر سندھ اور فواد چودھری کی ملاقات، ترین گروپ کے معاملات پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل اور فواد چودھری میں ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں ترین گروپ کے معاملات پر بات چیت کی گئی جبکہ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر اطلاعات کو علیم خان سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ناراض ارکان 24 گھنٹے میں ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہونگے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور سابق صوبائی وزیر علیم خان وزیراعظم عمران خان کیخلاف نہیں جائینگے، پہلے علیم خان سے ملاقات کروںگا بعد میں جہانگیر سے بات ہو گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کا حصہ بن کر علیم خان کے پاس آنے پر انتہائی افسوس ہے، وہ میرے ساتھی اور بھائی ہیں، خوشی ہے کہ علیم خان آج بھی عمران خان کا ساتھی اور سپاہی ہے۔ علیم خان اور جہانگیر ترین نے جتنی محنت اور جدوجہد اس پارٹی کو اقتدار میں لانے اور عمران خان کے پروگرام پر عمل کرنے کیلئے کی تھی وہ آج بھی اس پر عمل پیرا ہیں، جہانگیر ترین کے گروپ کے پنجاب کی حد تک پی ٹی آئی حکومت سے اپنے تحفظات ہیں، جس کا اظہار علیم خان نے آج کی میٹنگ میں کیا۔

خواتین پر تشدد کے حوالے سے قانون موجود لیکن عملدرآمد نہیں

ملتان: (ویب ڈیسک) خواتین پر تشدد کے حوالے سے قانون موجود ہے لیکن عملدرآمد نہیں جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافے کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔
ملتان میں مختلف مقامات پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات جاری ہیں لیکن اس کے برعکس جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے رواں سال ابتک تین خواتین تیزاب گردی کا شکار ہو چکی ہیں جبکہ 11 خواتین کو جھلسانے کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں 7 خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں تاہم 9 خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
سماجی تنظیم کی رہنما نیلو فر بختیار کا موقف ہے کہ خواتین کی اکثریت اپنے حقوق کے حوالے سے آگاہ نہیں جس کی وجہ سے مسائل آ رہے ہیں۔ اسی لیے خواتین کو آگاہی دینے کیلیے کاوشیں شروع کر دی ہیں۔
خاندانی مسائل اور پنچائیتی سسٹم کیساتھ اداروں میں خواتین کیساتھ رویہ بھی متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے جس کی وجہ سے خواتین پر تشدد کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ گئی

امریکا : (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ گئی۔
کوویڈ انیس کے سبب عالمی سطح پر تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ کورونا کی وبا پر نظر رکھنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی نے اعداد وشمار جاری کیے۔
دسمبر 2019میں چین کے شہر ووہان میں منظر عام پر آنے والا یہ وائرس پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ کووڈ انیس کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 958,437 ہے۔
جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مارے جانے والوں کی تعداد30 ہزار 281 ہو گئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا کے باعث اموات میں پاکستان کا 31 واں نمبر ہے۔

فضائی حملوں اور دھماکوں کی گونج، یوکرین کے فوجی جوڑے نے شادی کرلی

کیف : (ویب ڈیسک) فضائی حملوں اور دھماکوں کی گونج میں لکھی گئی محبت کی لازوال داستان، یوکرین کے فوجی جوڑے نے جنگی حالات میں شادی کرلی۔
دارالحکومت کیف میں دوران ڈیوٹی فوجی جوڑے نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا عہد کیا، باراتیوں کا کردار دیگر فوجی ساتھیوں نے نبھایا۔
فوجی جوڑے کی شادی کی ویڈیوکو اب تک 22 ہزار سے زائد لائیکس اور سیکڑوں نیک خواہشات موصول ہوچکی ہیں۔ جنگی حالات میں جوڑے نے فوجی یونیفارم کو ہی اپنا عروسی جوڑا بنایا اور ایک دوسرے کے ساتھی بن گئے، دلہا اور دلہن نے نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
جوڑے کا اس وقت کا کہنا تھا کہ وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اس لیے شادی کی، لیکن ان کا فرض ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔
اس سے پہلے بھی یوکرین کے دارلحکومت کیف میں ایک جوڑے نے ایک ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھائیں تھیں۔

اسلام آباد: تھانہ ترنول کی حدود میں گاڑی کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد تھانہ ترنول کی حدود میں گاڑی کھائی میں گرنے سے دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اچانک کار بے قابو ہو کر پول سے ٹکرا کر کھائی میں جاگری، گاڑی کے کھائی میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس سے چار افراد بری طرح جھلس گئے۔ مرنے والوں میں دو بچے، خاتون اور ایک مرد شامل ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کر دیں۔ مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی ساری ٹیم 459 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاہین اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کریز موجود ہیں، انہوں نے 3 اوورز کے اختتام تک 8 رنز بنائے ہیں۔
قبل ازیں آج کھیل شروع ہونے پر آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، پیٹ کمنز کو محض 8 رنز پر نعمان علی نے شکار کیا۔ ناتھن لیون کو بھی نعمان علی نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ صرف 3 رنز بنا سکے۔ یوں ساری مہمان ٹیم 459 کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں 17 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
شاہین باولر نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ 97، مارنس لبوشین 90 ، سٹیو سمتھ 78 رنز بنا نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔
پاکستانی سکواڈ:
پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
آسٹریلوی سکواڈ:
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

کراچی میں خواتین ہاکی اور فٹبال گراؤنڈ آخری سانسیں لینے لگا، دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں دس سال پہلے بنایا جانے والے پاکستان کا پہلا ویمنز ہاکی اور فٹبال گراؤنڈ اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین اور ویمن فٹبال آرگنائزر نے گراونڈ کو دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں نارتھ ناظم آباد بلاک آئی کے اس گراونڈ کا دس سال پہلے صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی نے اپنے ہاتھوں افتتاح کیا تھا جہاں خواتین کو ہاکی اور فٹبال کھیل کر اپنا مستقبل سنوارنے کا موقع ملا۔
ساڑھے تین ایکڑ پر مشتمل گراونڈ میں لڑکے کرکٹ کھیلتے اور جانور گھومتے پھرتے رہتے ہیں، 11ملین کی لاگت سے فلڈ لائٹس ٹاور بھی لگائے گئے جبکہ پویلین اور ڈریسنگ روم بھی بنایا جانا تھا۔
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین اور ویمن فٹبال آرگنائزر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گراونڈ کو خواتین کے لئے دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں خواتین کے لئے فٹبال اور ہاکی کا یہ ایک منفرد گراونڈ ہے جہاں ان کی حفاظت کے لئے اونچی دیواریں بھی بنائی گئی تھیں، اس منصوبے کو جلد دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو دیگر گراونڈز کی طرح اس کا نام و نشان بھی ختم ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں شوہر نے اہلیہ،سسراورسالے سمیت 4 افراد کوقتل کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تھانہ آبپارہ کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔
سیکٹر جی سکس ون میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل اور ایک شخص زخمی ہے، ملزم نے پہلے اہلیہ پر فائرنگ کی اور پھر سسر اور بہنوئی کوقتل کیا، ملزم کے باہر نکلنے پر پڑوس سے ایک شخص نے ملزم کو زخمی کردیا۔
قتل ہونے والی خاتون پولی کلینک اسپتال میں نرس تھی، ملزم نے پہلے اپنی اہلیہ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے ملازم کوقتل کیا، ملزم نے دوسرے مقام پرجا کر سسر اور بہنوئی کوفائرنگ کرکے قتل کردیا۔

روس سے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، چینی وزیرخارجہ

چین : (ویب ڈیسک) چین کی دوستی روس سے اب بھی انتہائی مضبوط ہے، اس میں کوئی دراڑ نہیں، تایم یوکرین مسئلہ پر مزاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ چینی دوستی ’چٹان جیسی‘ ہے، انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون بہت وسیع ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ یوکرین معاملے پر چین کا موقف واضح ہے، روس اور یوکرین باہمی اختلافات کو پرامن انداز سے حل کریں، مذاکرات ہی مسائل کے حل کا بہترین راستہ ہیں اور تمام ممالک کی علاقائی خودمختاری کا احترام اور تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اخطے کی طویل المدتی سلامتی اور امن، متوازن اور پائیدار یورپی سکیورٹی ڈھانچے سے وابستہ ہے۔ اس سلسلے میں چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے چین پہلے ہی اس تنازعے کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کر چکا ہے، لیکن روس کے خلاف تجارتی اور معاشی پابندیوں پر تنقید کرتا ہے۔