All posts by Khabrain News

وزیراعلیٰ پنجاب نے طارق ٹیڈی کو علاج کیلئے 5 لاکھ کا امدادی چیک دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے اداکار طارق ٹیڈی کے لئے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کی جانب سے طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا گیا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف اقبال لودھی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے پریس سیکرٹری چودھری محمد اقبال نے پی کے ایل آئی میں اداکار طارق ٹیڈی کی عیادت کی۔
سیکرٹری اطلاعات اور پریس سیکرٹری نے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے طارق ٹیڈی کے بیٹے کو مالی امداد کا چیک دیا، وزیر اعلی پنجاب نے طارق ٹیڈی کو گلدستہ بھی بھجوایا، وزیر اعلی چودھری پرویزالہٰی نے طارق ٹیڈی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا طارق ٹیڈی کے علاج معالجے کیلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لئے مراسلہ ڈین پی کے ایل آئی کو فی الفور میڈیکل بورڈ تشکیل دیئے کی ہدایت کی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت طارق ٹیڈی کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کورونا کا شکار، جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کورونا پازیٹو ہوگئے ہیں، دو روز سے وزیراعظم کی طبیعت ناساز تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے میاں شہباز شرف کا آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا، عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔

سندھ بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہاالیکشن کمیشن چاہے گا انتخابات کے لئے ماحول سازگار ہو۔سیکیورٹی کا شارٹ فال پنجاب سے کیوں نہ پورا کرلیں؟
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔ ایڈ منسٹریٹر مرتضی وہاب نے سماعت کے دوران بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے کراچی کے بلدیاتی انتخاب موخر کرنے کی استدعا کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں لیکن چاہتے ہیں مکمل سیکورٹی ہو۔ سیلاب کی وجہ سے حالات بہت مشکل ہیں اکیلے حکومت حالات سے نہیں نمٹ سکتی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاصوبائی حکومتیں بلدیاتی الیکشن کرانا نہیں چاہتیں ، جن صوبوں میں الیکشن ہوئے ہمارے احکامات پر ہوئے،الیکشن سے متعلق سندھ حکومت کا موقف پہلے کچھ اور تھا آج مختلف ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہےہیں انتخاب کے دوران آپ سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے۔آپ چاہتے ہیں الیکشن ملتوی کیے جائیں۔ سیکیورٹی کا شارٹ فال پنجاب سے کیوں نہ پورا کرلیں؟
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن چاہے گا انتخابات کے لئے ماحول سازگار ہو۔انتخاب موخر کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے صوبائی حکومت موخر نہیں کر سکتی ۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پرامن ضمنی الیکشن سے آپکا مورال بلند ہونا چاہیئے،ضمنی الیکشن کو پائلٹ پراجیکٹ سمجھ کر الیکشن کرائیں۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد میں الیکشن کرانے کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دنیا کی آبادی8 ارب ہو گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی آبادی 8 ارب ہو گئی۔پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا تین فیصد ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچنےکو انسانی ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2030 تک دنیا کی آبادای ساڑھے 8 ارب ہو جانے کا امکان ہے۔ جبکہ آبادی 2050 میں 9.7 ارب اور2100 میں 10.4 ارب ہوجائے گی۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1950 کے بعد سے دنیا کی آبادی سست ترین شرح سے بڑھ رہی ہے۔ جبکہ 2020 میں آبادی کے اضافے کی شرح میں ایک فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعدادو شمار کے مطابق عالمی آبادی کو 7 ارب سے 8 ارب ہونے میں 12 سال لگے۔ تاہم آبادی میں اضافے کی شرح میں کمی کے باعث آبادی کو 8 سے 9 ارب ہونے سے 15 سال لگیں گے۔ اندازے کے مطابق 2037 میں دنیا کی آبادی 9 ارب ہو جائے گی۔
دنیا کی 8 ارب آبادی کا نصف حصہ ایشیا میں ہے۔ ایشیائی ممالک چین اور بھارت سب سے زیادہ آبادی والے ممالک ہیں۔ دونوں کی آبادی 1.4 ارب سے زیادہ ہے۔
1426ملین آبادی کے ساتھ چین دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے۔جبکہ بھارت کی آبادی اس سے صرف تھوڑی سے کم 1412 ملین ہے، تاہم چین کی آبادی میں اضافے کی شرح بہت کم ہوچکی ہے جس کے باعث2023 میں بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔
پاکستان کی آبادی دنیا کی آبادی کا تین فیصد ہےاور یہاں شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔پاکستان ان آٹھ ملکوں میں سے ایک ہے جہاں 2050 تک دنیا کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ موجود ہوگا۔

معروف ٹک ٹاکر اور ماڈل جنت مرزا کا بریک اپ ہو گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور ماڈل جنت مرزا نے بریک اپ کا اعلان کر دیا۔
ویڈیو شیئرنگ اپیلی کیشن انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے جنت مرزا نے لکھا کہ میں مزید اب کسی رشتے میں نہیں ہوں، میں سنگل ہوں۔
معروف ٹک ٹاکر اور ماڈل جنت مرزا نے مزید لکھا کہ اب اس کی وجہ بھی مجھ سے نہ پوچھی جائے۔
خیال رہے کہ کئی عرصے سے جنت مرزا اور عمر بٹ ایک دوسرے کی مختلف ویڈیوز میں دکھائی دے رہے تھے اور ان کی منگنی اور شادی کے حوالے سے بھی کئی خبریں سوشل میڈیا کی زینت بن چکی تھیں۔
دوسری جانب جنت مرزا نے انسٹا گرام پر اپنی اور عمر بٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بات پکی ہونے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

علیحدگی کی افواہوں کے درمیان شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) علیحدگی کی افواہوں کے درمیان پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کوسوشل میڈیا پر سالگرہ کی مبارک باد دی۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے درمیان کچھ دنوں سے علیحدگی کی خبریں سامنے آرہی ہیں، ان افواہوں کے بیچ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی گرم جوشی سے مبارکباد دی۔
شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شئیر کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی اور ثانیہ مرزا کے لیے صحت مند اور خوشگوار زندگی کے لیے خواہشات کا اظہار کیا۔

پی آئی اے کا استنبول کیلئے فضائی آپریشن شروع

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا مسافروں کی سہولت کے لیے استنبول فضائی آپریشن آج سے شروع ہو گیا۔
پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کیلئے یہ خوشی کی خبر ہے، اس سلسلے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کے مطابق استنبول فضائی آپریشن کی پہلی پرواز کو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہوئی جبکہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات پرواز کے ہمراہ استنبول گئے ہیں۔
استنبول پہنچنے پر ترکش ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو بلال عکسی افتتاحی پرواز کا استقبال کریں گے۔
پی آئی اے نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر مسافروں کیلئے چند روز قبل یہ خوشخبری شیئر کی اور مسافروں کو ایڈوانس بکنگ کی پیشکش کی تھی،پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام نے پرواز کی روانگی کے لیے تمام تیاریاں پہلے سے ہی مکمل کر رکھی تھیں۔
مسافر استنبول کے راستے امریکا، برطانیہ اور یورپ کے 28 سے زیادہ شہروں کا سفر کر سکیں گے، پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کیلئے اس خوشخبری کا اعلان پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کیا تھا۔
معاہدے کی رو سے پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے 4 جبکہ لاہور سے 2 پروازیں بوئنگ 777 کے ذریعے چلائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی سے استنبول کی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن: دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف لارجر بینچ تحلیل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف لارجر بینچ تحلیل ہوگیا۔
بینچ کے ممبر جسٹس علی ضیا باجوہ نے سماعت سے معذرت کر لی، جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر بینچ میں شامل نہیں ہو سکتا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ آئندہ سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔
درخواست گزار خرم رفیق نے نیا وکیل کرنے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، درخواست گزار نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کی جگہ نیا وکیل کرنے کی مہلت دی جائے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور عوامی تحریک کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش ہوئے۔
اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ بینچ میں شامل ایک جج صاحب اس کیس میں وکیل رہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ عدالت کےعلم میں ہے آئندہ سماعت سے پہلے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
درخواست گزار نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کو چیلنج کر رکھا ہے، مرکزی درخواست پولیس اہلکار رضوان قادر اور خرم رفیق کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔

توہین الیکشن کمیشن کے کیس، عمران خان کو نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس جاری کردئیے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں ادارے کی درخواست پر سماعت کی جس دوران عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کسی ایک ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے، الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاری کریں یا کیسز لڑیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم سے کیسزیکجا کرنے کی عدالتی نظائربھی پیش کیں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پرعمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 دن تک ملتوی کر دی۔

حکمران راولپنڈی کوآنکھیں دکھانے کے قابل نہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران راولپنڈی کوآنکھیں دکھانے کے قابل نہیں ہیں، مسئلہ پنڈی کا ہے، پنڈی والے 30 نومبر تک حل کرلیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 6 ماہ اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہوا اپنی ذات کے لئے نیب ترامیم کیسے پاس کرا لیں، ارشد شریف کے جسم پر 12 زخم اور 4 ناخن غائب یہ قومی المیہ ہے۔
قوم پہلے ہی مہنگائی سے مر رہی ہے جو ہزاروں کی نفری باہر سے منگوائی وہ سردی سے مر رہی ہے، معیشت ناک آوٹ اور دیوالیہ ہونے والی ہے، مزید ایک کروڑ لوگ غربت کے شکنجے میں آگئے ہیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے گریبان سے پکڑ لیا ہے، حکمرانوں نے سعودی عرب اور چین کا نام بےجا استعمال کیا، روس سے تیل منگوانے کےلئے حوصلہ چاہیے، سیٹ بیلٹ باندھ لیں،احتساب انتخاب دونوں ہونگے مزید 15 دن ٹویٹر پر ہوں۔