All posts by Khabrain News

توہین الیکشن کمیشن کے کیس، عمران خان کو نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس جاری کردئیے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں ادارے کی درخواست پر سماعت کی جس دوران عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کسی ایک ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے، الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ بلدیاتی اور عام انتخابات کی تیاری کریں یا کیسز لڑیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم سے کیسزیکجا کرنے کی عدالتی نظائربھی پیش کیں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پرعمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 دن تک ملتوی کر دی۔

حکمران راولپنڈی کوآنکھیں دکھانے کے قابل نہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران راولپنڈی کوآنکھیں دکھانے کے قابل نہیں ہیں، مسئلہ پنڈی کا ہے، پنڈی والے 30 نومبر تک حل کرلیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 6 ماہ اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہوا اپنی ذات کے لئے نیب ترامیم کیسے پاس کرا لیں، ارشد شریف کے جسم پر 12 زخم اور 4 ناخن غائب یہ قومی المیہ ہے۔
قوم پہلے ہی مہنگائی سے مر رہی ہے جو ہزاروں کی نفری باہر سے منگوائی وہ سردی سے مر رہی ہے، معیشت ناک آوٹ اور دیوالیہ ہونے والی ہے، مزید ایک کروڑ لوگ غربت کے شکنجے میں آگئے ہیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے گریبان سے پکڑ لیا ہے، حکمرانوں نے سعودی عرب اور چین کا نام بےجا استعمال کیا، روس سے تیل منگوانے کےلئے حوصلہ چاہیے، سیٹ بیلٹ باندھ لیں،احتساب انتخاب دونوں ہونگے مزید 15 دن ٹویٹر پر ہوں۔

ایمازون کا 10 ہزار ملازمین نکالنے کا فیصلہ

نیویارک : (ویب ڈیسک) ٹوئٹر، فیس بک کے بعد ایمازون نے بھی اپنے ملازمین کو کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایمازون اس ہفتے سے کارپوریٹ اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹس میں سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
یہ کٹوتیاں کمپنی کی تاریخ میں سب سے بڑی ہوں گی اور بنیادی طور پر ایمازون کی ڈیوائسز آرگنائزیشن، ریٹیل ڈویژن اور انسانی وسائل کو متاثر کرے گی۔ اطلاع دی گئی برطرفی ایمازون کی عالمی افرادی قوت کے 1 فیصد سے بھی کم اور اس کے کارپوریٹ ملازمین کے 3 فیصد کی نمائندگی کرے گی۔
واضح رہے دنیا بھر میں ایمزون ملازمین کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں اور کرسمس سے پہلے کا وقت ایمازون کے لیے انتہائی منافع بخش ہوتا ہے۔
ایمازون کمپنی کی جانب سے ملازمین کو نکالے جانے کے بارے میں ابھی تک کوئی تصدیقی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرسمس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے عالمی معیشت کی سست رفتاری کی وجہ سے کامیاب کاروباری ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔

فائنل میچ، پاکستان کے نعرے لگانے والے کشمیریوں پر بھارت میں تشدد

موگا: (ویب ڈیسک) بھارت میں انتہا پسندی اپنے عروج پر ہے، آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میچ میں بھارت میں پاکستانی ٹیم کا ساتھ دینا کشمیریوں کو مہنگا پڑ گیا۔
انتہا پسند ہندووں نے کشمیری طلبا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، بھارتی پنجاب کے شہر موگا میں کشمیری طلبا پر پاکستان کے حق میں نعرے بازی پر تشدد کیا گیا، بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیری طلبا پر پتھراو کیا گیا جس سے کئی طلبا زخمی ہوئے۔
کشمیری طلبا کا کہنا ہے کہ بھارتی شائقین کی جانب سے میچ کے دوران اسلام کے خلاف نعرے بازی کی جانے لگی جس پر مسلمان طلبا جزباتی ہو گئے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 10 طلبا کو ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کو معمول کی چوٹیں آئی ہیں۔

یورپی یونین کی ایرانی وزیرداخلہ، سرکاری ٹی وی پر پابندیاں عائد

برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے ایران کے وزیر داخلہ اور سرکاری ٹی وی سمیت 29 شخصیات اور اداروں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں ایران میں مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی، ایرانی انقلابی گارڈ کے چیف، سائبر پولیس کے سربراہ شامل ہیں۔
یورپی یونین کی ایران کی 29 کمپنیوں اور شخصیات پرعائد پابندیوں میں سفری پابندیاں، اثاثوں کا منجمد ہونا اوردیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ کئی ہفتوں سے حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، مظاہرین پر تشدد اور کریک ڈاؤن میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا: طلبہ کی بس پر فائرنگ، یونیورسٹی فٹبال ٹیم کے 3 کھلاڑی ہلاک

ورجینیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ورجینیا یونیورسٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم کے3 کھلاڑی ہلاک اور 2 طلبہ زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ یونیورسٹی طلبہ کی بس پر کی گئی، طلبہ کی بس فیلڈ ٹرپ سے واپس یونیورسٹی پہنچی تھی، فائرنگ سے یونیورسٹی فٹبال ٹیم کے 3 کھلاڑی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے،جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنےوالے مشتبہ طالب علم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، فائرنگ کرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

سائفر جھوٹ ثابت،امریکی سازش کے بیانیے سےعمران خودپیچھےہٹ گئے: سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سائفر جھوٹ ثابت ہوچکا، امریکی سازش کے بیانیے سے عمران خان خود پیچھے ہٹ گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ ایبسولوٹلی ناٹ کا دعویٰ بھی غلط نکلا، امریکا سے لابنگ کیلئے لابیسٹ فرمیں ہائر کر لیں، عمران خان نے دوران جنگ روس جانے کو غلطی مان لیا، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کی چوری پکڑی گئی، عمران خان کتنا چونا لگاؤ گے اور کب تک؟۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محض اقتدار کیلئے عمران خان کے جھوٹے بیانیوں اور احمقانہ اقدامات نے ریاست پاکستان کو عالمی تنہائی میں دھکیل دیا، پاکستان سے تعاون کرنیوالے ممالک ایک ایک کر کے دور کردیئے، اتحادی حکومت اس ڈیمج کنٹرول کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آج کراچی میں آغاز، وزیراعظم افتتاح کرینگے

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آغاز آج سے کراچی میں ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف نمائش کا افتتاح کریں گے۔
نمائش میں 51 ممالک کے 522 مندوبین شرکت کر رہے ہیں، 64ممالک کے 285 وفود نمائش میں شریک ہو رہے ہیں، دنیا بھر سے ڈیفنس انڈسٹری سے وابستہ کمپنیز آئیڈیاز میں شریک ہونگی، چار روزہ دفاعی نمائش18 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش میں آسٹریلیا، رومانیہ اورہنگری پہلی مرتبہ شریک ہونگے، انتہائی اہم سیمینار انٹیلیجنس ان ڈیفنس مارکیٹ کا انعقاد بھی کیا جائےگا، ایکسپوسینٹر کے 6 ہالز کے علاوہ 3 مارکیز بھی قائم کی گئی ہیں، ایک مارکی کشمیرکے نام سے منسوب ہے۔
آئیڈیاز 2022میں اس مرتبہ بھی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان کے زیر قیادت دوست ملکوں کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفود شرکت کریں گے، ڈیپوکے مطابق بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا انعقاد بڑا چیلنج تھا۔
کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل پر نشان پاکستان کے مقام پر 17 نومبر کو کراچی شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا، سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ کورونا وباء کے باعث 2020 میں نمائش کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا، اس سال دفاعی نمائش کا یہ گیارہواں ایڈیشن ہے۔

برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے ایکشن پلانز پر جلد عمل کے نتیجے میں برطانیہ نے یہ اقدام کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ برطانیہ نے یہ اقدام 21 اکتوبر کےفیٹف کے فیصلے کے نتیجےمیں کیا ہے۔
اس حوالے سے برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ منی لانڈرنگ، دہشتگردی کی فنانسنگ روکنےکی پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے۔

کورونا کے مزید 32 کیسز رپورٹ، 48 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 191 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 191 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 32 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.76 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 48 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔