All posts by Muhammad Saqib

ویمن ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دیدی۔
بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پوجا واسترنے سڑسٹھ اور سمرتی مندھانا باون رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جبکہ سنیہ رانا تریپن رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرا سندھو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستانی خواتین ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم محض 137 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ کپتان بسمہ معروف 15، سدرہ نواز 12 ، دیانا بیگ 24 جبکہ سدرہ امین 30 رنز بنا سکیں۔

100ملین پاکستانی مکمل طو رپر ویکسین لگوا چکے ہیں،اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں 100 ملین شہریوں نے کورونا کی مکمل ویکسینیشن کروالی۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہےقومی ویکسینیشن مہم میں اہم سنگ میل عبورکر لیا گیا ہے۔100ملین پاکستانی اب مکمل طورپر ویکسین لگوا چکے ہیں۔
انہوں نے اعدادوشمار جاری رتے ہوئےکہا ہے کہ 127ملین سے زائد لوگوں نے کم از کم ایک خوراک حاصل کی ہے۔ہم تمام اہل شہریوں کی ویکسی نیشن کے بہت قریب ہیں۔

میکسیکو: فٹبال میچ کے دوران شائقین میں تصادم، 22 افراد زخمی

میکسیکو : (ویب ڈیسک) میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران شائقین میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب کیوریٹرو اور اٹلس کے درمیان ہونے والے میچ میں لڑائی شروع ہو گئی۔ لڑائی شائقین کے درمیان اسٹینڈرز میں ہوئی جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہوئے۔
لڑائی کے دوران شائقین نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھنسوں کی بارش کی۔ لڑائی کے دوران اسٹیڈیم میں موجود وار مانیٹر کو نقصان پہنچا جبکہ زخمی ہونے والوں میں 2 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی گئی۔
میکسیکو لیگا ایگس ایم ایکس کے ایگزیکٹیو صدر نے واقع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے تمام کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
اٹلس کلب کی جانب سے جاری بیانیے میں مطالبہ کیا گیا کہ لیگ انتظامیہ اور حکام کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے تاکہ ناخوشگوار واقعہ میں ملوث افراد کا تعین کیا جا سکے اور ان کے خلاف قانوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب کیوریٹرو کے گورنر ماروسیو کوری کا کہنا ہے کہ کلب کے مالکان اور اداروں کو حقائق کا جواب دینا چاہئیے، میں نے ہدایات جاری کردی ہیں کہ قانون پاسداری کرتے ہوئے اس واقعہ کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔

سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے ، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس بند ہونا معیشت کے لیے خطرناک ہے جبکہ تاریخی مہنگائی میں ان یونٹس کے بند ہونے سے مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی زراعت اور کسان متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا اور ‎ یہ عمران خان کی لائی ترقی کے بھیانک ثمرات ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ‎2 سال سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے اور اگر ‎ریونیو بڑھ گیا ہے تو سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی 2 سال سے کیوں بند ہے؟
انہوں نے کہا کہ ‎اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے جبکہ ‎ملک میں ٹریکٹر کی قیمت بڑھ جائے گی اور ملک کی فوڈ سکیورٹی متاثر ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎زراعت متاثر ہونے سے خوراک کی قلت اور قیمت دونوں میں اضافہ ہو گا۔ ‎ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی جو پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں مہنگائی شہروں سے زیادہ ہے۔ ‎پیداواری یونٹس سمیت دیگر کو فی الفور سیلز ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

لیہ میں ٹریفک حادثہ 6 افراد کی جان لے گیا

لیہ : (ویب ڈیسک) لیہ میں ٹریفک حادثہ 6 افراد کی جان لے گیا۔
لیہ میں ایم ایم روڈ گولہ اڈہ پر کیری ڈبہ اور کار میں تصادم ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمی اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور کل ہو گا

روس : (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور کل ہو گا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور کہا کہ روس یوکرین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور امید ہے کیف معقول اور تعمیری مؤقف اپنائے گا۔
واضح رہے کہ روس یوکرین مذاکرات کے دوسرے دور میں شہریوں کے انخلا کے لیے راہداریوں کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔

یوکرین میں سب کچھ طے شدہ منصوبے کے تحت جاری ہے، روسی صدر

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین میں سب کچھ طے شدہ منصوبے کے تحت جاری ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملک میں مارشل لا کے نفاذ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مارشل لا کا اعلان کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور مارشل لا کی ضرورت تب ہوتی ہے جب ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسی کوئی صورت حال نہیں اور نہ ہی مستقبل میں ایسے حالات کا کوئی امکان ہے۔ یوکرین میں سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہے۔
ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ جو ملک یوکرین کو نو فلائی زون قرار دے گا وہ تنازع میں شامل ہو جائے گا اور کسی بھی ملک کی ایسی کسی تحریک کو تنازع میں شامل ہونے کے برابر سمجھیں گے۔

سلو اور ڈیڈ وکٹ، جیت کا ارادہ بھی نظر نہیں آ رہا،محمد حفیظ

لاہور: (ویب ڈیسک) اسٹار کرکٹر محمد حفیظ نے راولپنڈی کی وکٹ اور پاکستانی بلے بازوں کی سست رفتار بیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
محمد حفیظ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ سلو اور ڈیڈ وکٹ۔۔ اس کے ساتھ جیت کا ارادہ بھی نظر نہیں آ رہا۔
راولپنڈی ٹیسٹ نتیجہ خیز رہنے کا امکان کم ہوتا جا رہا ہے۔ میچ کا نتیجہ اسی صورت آئے گا جب ایک ٹیم بہت برا کھیلے۔
ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل نتیجہ خیز کرکٹ کی وجہ سے ہے۔ بے مزہ اور ڈرا ہونے والے میچ ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل نہیں۔

خیبرپختونخوا میں 39 فیصد بچے سکولوں سے باہر، تعداد 40 لاکھ سے زائد ہو گئی

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں 39 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی۔
تحریک انصاف حکومت کے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نفاذ کے دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے، صوبے میں ہر سال داخلہ مہم کے باوجود سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے لگی، صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ تعلیم پر سال 2017-18 میں 136 بلین ،2018-19 میں 145 بلین سے زائد ،سال 2019-20 کے دوران 166اور گزشتہ سال 2020-21 میں 183 بلین روپے بھی خرچ کئے لیکن 9 سالوں کے باوجود بھی سکولوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات میسر نہ ہوسکیں۔ سال 2018 میں صوبے کے بندوبستی اضلاع میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد 20لاکھ سے زائد تھی جو گزشتہ سال 2021 میں بڑھ کر 30لاکھ سے زائد ہو گئی۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری سکولوں کے اساتذہ کے ایک سروے کے مطابق صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے جبکہ ضم قبائلی اضلاع میں 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں ، ضم شدہ اضلاع میں 74 فیصد لڑکیاں اور 38 فیصد سے زائد لڑکے سکول نہیں جارہے، ضلع کولئی پالس میں سب سے زیادہ 77 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
سروے کے مطابق ،اپر کوہستان میں 70 فیصد ،لوئرکوہستان 69،شمالی وزیرستان 66 ،باجوڑ63 ،تورغر61،شانگلہ 55،لکی مروت 53،مہمند 51،کرم اوراورکزئی میں 47ڈی آئی خان 46،ہنگو اوربنوں میں 47،پشاور44 اور مردان میں 28 فیصد بچے سکولوں سے باہرہیں، صوبے میں 65 فیصد سے زائد والدین معاشی حالات کے باعث بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے۔
سکول نہ جانے والے بچوں میں 12 فیصد بچے محنت مزدوری جبکہ 3فیصد تعلیم کی خواہش نہیں رکھتے، صحت کے مسائل کےباعث بھی 3 فیصد سے زائد بچے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔

وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر میلسی جائیں گے، عوامی اجتماع سے خطاب شیڈول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج میلسی کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں عوامی اجتماع سے ان کا خطاب بھی شیڈول ہے۔
وزیراعظم عمران خان میلسی میں آج اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے، دورے کے دوران وزیراعظم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
گذشتہ روز تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹر پیغام میں لکھا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وہاڑی میں اہم خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان اپنے خطاب میں عوام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی وزیراعظم کیخلاف گرینڈ سازش کو بے نقاب کریں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بھی کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کیا ہے ؟ بڑے انکشافات سامنے آنے والے ہیں،اپوزیشن کو دوبارہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا انشاءاللہ۔