All posts by Muhammad Saqib

یوکرین سے پہلا پاکستانی طالبعلم وطن واپس پہنچ گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) یوکرین سے پہلا پاکستانی طالبعلم استنبول کےراستے وطن واپس پہنچ گیا۔
کراچی کے علاقے گارڈن کا رہائشی جنید حسین الہٰی 4 ماہ قبل میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے یوکرین گیا تھا۔
وطن واپس پہنچنے پر جنید حسین نے کہا کہ بہت سے طالبعلم یوکرین میں بے یارومددگار پڑے ہیں، ہمیں سمجھ نہیں آتی تھی کہ کیسے دن گزرے گا اورکیسے رات گزرے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی سفارتخانے کا کردار یوکرین میں صفر ہے، سفارتخانے نے کہا کہ صرف 3 دن کی رہائش ہم دیں گے۔

وزیراعظم وہاڑی میں عدم اعتماد سے متعلق بڑے انکشافات کرینگے: سینیٹر فیصل جاوید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وہاڑی میں اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے بڑے انکشافات کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ اتوار کو وزیراعظم عمران خان وہاڑی میں اہم خطاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان خطاب میں عوام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی وزیراعظم کیخلاف گرینڈ سازش کو بے نقاب کریں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کیا ہے ؟ بڑے انکشافات سامنے آنے والے ہیں،اپوزیشن کو دوبارہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا انشاءاللہ۔

خود رابطے کر رہا ہوں، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی: آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خود رابطے کر رہا ہوں، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی ۔
ذرائع کے مطابق امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا سابق صدر آصف علی زداری سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تحریک عدم اعتماد کے لئے اپوزیشن کی نمبر گیم پر بات چیت اور عدم اعتماد کے لئے ممکنہ تاریخ کے تعین پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری نے حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا جبکہ پی ڈی ایم سربراہ نے آصفہ بھٹو زرداری کی خیریت دریافت کی اوران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری طرف آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں یوسف رضا گیلانی، خورشد شاہ اور نوید قمر سے ملاقات کی ہے جس میں سابق صدر کو عدم اعتماد کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا۔
اس موقع پر پی پی شریک چیئر مین کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کیلئے خود رابطے کر رہا ہوں، انشاللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،عمران خان کو ہٹائیں گے۔

روس یوکرین تنازع، ٹک ٹاک نے پالیسی تبدیل کرنے کا اعلان کردیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مقبول ترین ایپلی کیشنز میں سے ایک ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاستوں کے زیر کنٹرول میڈیا اداروں کی ویڈیوز پر لیبل لگانا شروع کررہا ہے۔
کمپنی کی ایک نیوز پوسٹ کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے پالیسی کو تیزی سے تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، صارفین اگلے چند دنوں میں لیبلز کے ظاہر ہونے کی توقع کرسکتے ہیں۔
ٹِک ٹِک کے ترجمان نے ای میل کے ذریعے دی ورج کو بتایا کہ لیبل کم از کم کچھ روسی سرکاری میڈیا اکاؤنٹس پر لاگو کیے جائیں گے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کون سے یا کتنے؟،تاہم ٹک ٹاک پر ایک روسی میڈیا آر ٹی کا ویری فائیڈ اکاؤنٹ موجود ہے۔
ٹک ٹاک ترجمان نے مزید بتایا کہ لیبلز باضابطہ طور پر نظر آئے گا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز پر روسی مواد کے خلاف ویڈیوز پر لیبل لگے ہوئے ہیں، جس کا آغاز یوٹیوب نے 2018 میں کیا تھا جبکہ ٹوئٹر اور فیس بک نے 2020 میں لیبلز لاگو کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے روسی ریاست کے زیر کنٹرول میڈیا جیسے آر ٹی اور اسپوٹنک کے مواد بند کردئیے ہیں۔
دوسری جانب ریڈڈیٹ نے روسی میڈیا آؤٹ لیٹس کے لنک پر پابندی لگادی ہے جبکہ فیس بک اور یوٹیوب نے یورپ میں ان کے مواد کو بلاک کردیا ہے۔

بھارت؛ 100 روپے واپس نہ کرنے پر دوست نے دوست کا سر کچل دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں 100 روپے قرض واپس نہ کرنے پر طیش میں آکر ایک دوست نے دوسرے دوست کے سر پر اینٹ مار کر قتل کر دیا
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے گراگئوم میں ایک دوست ارجن یشونت سنگھ نے دوسرے دوست منوج سے 100 روپے قرض لیا تھا، دونوں دوست ایک ساتھ ہی ملازمت بھی کیا کرتے تھے۔
منوج نے ادھار واپسی کا مطالبہ کیا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور منوج نے طیش میں یشونت کے سر پر اینٹ دے ماری اور اس وقت تک مارتا رہا جب تک سر کچل نہیں گیا۔
ارجن یشونت کی موقع پر موت واقع ہوگئی جب کہ ملزم منوج فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کرلیا اور تعاقب کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا۔

آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں فارم بحال کرنے کی کوشش کروں گا،بابراعظم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ ’آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی فارم بحال کرنے کی کوشش کروں گا‘۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل میرے پاس جو بھی وقت تھا، اس دوران اپنے کھیل پر سخت محنت کی اور امید ہے کہ سیریز میں بہترین فارم کا مظاہرہ کروں گا، بابراعظم کا کہنا تھا کہ ’1998 کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے کوشش ہوگی نتیجہ ہمارے حق میں ہو‘۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بابراعظم پہلی بار کپتانی کے جوہر دیکھاتے نظر آئے تھے تاہم کراچی کنگز نے انکی قیادت میں کراچی کنگز کو 10 میچز میں 9 میں ناکامی جبکہ ایک میچ میں فتح ملی، اس سیزن میں کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابراعظم نے 343 رنز اسکور کیے تھے۔
بابراعظم کو عماد وسیم کی جگہ کپتانی کے فرائض سونپے گئے تھے جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بابراعظم کی بلےبازی آئی وہ محض 36 رنز اسکور کرسکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

روس کا پشاور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) روس نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں اب تک امام ارشاد خلیلی سمیت 62 افراد شہید ہوگئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی مسجد پر ہونے والے دہشتگردی حملے میں جانی نقصان پر تعزیت اور دہشتگردی کی مذمت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران یوکرین کی صورتحال پر پاکستان کی تشویش پر میں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ٹویٹر پر مزید لکھا کہ یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ حالیہ ٹیلیفونک گفتگو پر روسی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرگئی لاروف کو پاکستان کا اصولی بتایا، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ روس، یوکرین کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے، وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے محفوظ اور فوری انخلا کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کو سراہتے ہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے پشاور میں ہونے والے دہشتگردی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔
مزید ٹویٹ میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ صومالیہ کے وزیر خارجہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پشاور میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

شمالی کوریا کا 2 ماہ میں نواں میزائل تجربہ

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے رواں برس میزائل تجربات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے اور صرف 2 ماہ میں اب تک 9 میزائل تجربات کرچکا ہے۔
شمالی کوریا نے اپنے سخت ترین حریف جنوبی کوریا میں انتخابات کے قریب آتے ہی میزائل تجربات میں ضافہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں آج رواں برس کا نواں میزائل تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا اور جاپان نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں ماہ مزید ایسے تجربات ہوسکتے ہے۔
امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں پر ہونے والے مذاکرات کی معطلی کے بعد سے شمالی کوریا نے میزائل تجربات تیز تر کردیئے ہیں جن میں 2017 کے بعد کا سب سے بڑے ہتھیار کا تجربہ بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں شمالی کوریا مستقبل قریب میں جاسوسی سٹیلائٹ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے جب کہ جوہری ہتھیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی بیلسٹک میزائل کی تیاری کی بحالی کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں صدارتی الیکشن ہورہے ہیں جس کی ابتدائی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور اس موقع پر شمالی کوریا کے میزائل تجربات سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہوگیا۔

مغربی پابندیاں روس کیخلاف اعلان جنگ کے مترادف ہیں، پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ مغربی پابندیاں روس کےخلاف اعلان جنگ کےمترادف ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشرقی یورپ میں روسی زبان بولنےوالوں کومحفوظ بنانے کی ضرورت تھی۔ یوکرین میں سب کچھ منصوبےکےعین مطابق چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو فوج ،نازیوں سے پاک اورغیرجانبدار بنانا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد امریکہ سمیت یورپی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

علما کرام سے زیادہ شدت پسندی سیاستدانوں میں نظر آتی ہے، طاہر اشرفی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سیاست دانوں میں علما کرام سے زیادہ شدت پسندی نظر آتی ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات ماضی کی حکومتوں میں بھی ہوتے رہے ہیں، ہمیں ایسے عناصر کیخلاف ہمیشہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں میں علما کرام سے زیادہ شدت پسندی نظر اتی ہے، علما کرام تو شدت پسندی کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں، سیاستدان بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں، تمام مکاتب فکر کے علما شدت پسندی کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندی تو میڈیا اور سیاسی لوگوں میں زیادہ ہے، بہنے والے خون سے زیادہ سیاست کو اہم تصور کیا جاتا ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پشاور کے مظلومین کے ساتھ رابطے میں ہیں، شعیہ علما کونسل کے ساجد نقوی کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں، وزیراعظم خود سارے عمل کی نگرانی کررہے ہیں، واقعے میں ملوث مجرموں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اجتماعی بات کرنی چاہیے، دہشت گردی زرداری گیلانی نوازشریف دور میں ہوتے رہے، حالیہ واقعے میں کسی کی کوتاہی ہوگی تو ایکشن ہوگا۔