All posts by Muhammad Saqib

فضل الرحمان، نواز شریف کا حکومت سے جلد از جلد قوم کو نجات دلانے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق نمبر گیم پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور میاں نواز شریف نے موجودہ حکومت سے جلد از جلد قوم کو نجات دلانے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے پلان کو عملی جامع پہنانے کے علاوہ ملکی، قومی امور پربھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ نے سابق وزیراعظم کو اپوزیشن کی پیش قدمی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار کی ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لینے کے درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما اسحق ڈار کی ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ میں حلف لینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
لیگی رہنما نے اپنے وکیل کے زریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر سماعت 7مارچ کو ہو گی، درخواست میں الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئر مین سینیٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے حلف کی درخواست دی جسے مسترد کر دیا گیا، صادق سنجرانی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لینے کی اجازت دے۔

لانگ مارچ کے اختتام پر وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے، خورشید شاہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سید خورشید شاہ اہم مشن پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے عوامی لانگ مارچ جاری ہے اور ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سید خورشید شاہ اہم مشن پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ کے اختتام پرپہلے قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور اس کے بعد وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت کے 12 سے 13 ایم این ایز اپنا فیصلہ کر چکے ہیں، وہ عمران خان کی ناکامیوں کا بوجھ اٹھانے کو تیارنہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ یقین سے کہہ سکتا ہوں عمران خان اپنی پارٹی چوہدریوں کی جھولی میں کبھی نہیں ڈالیں گے ، وہ وزارت اعلیٰ پرویز الہٰی کو نہیں دے رہے تھے تو پارٹی کیسے دیں گے؟
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی جلد پورا نیٹ ورک سامنے لے آئیں گے، بیرسٹر سیف

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ نادراکی مدد سے خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی ساتھ ہی سہولت کاروں کا بھی پتا چل گیا ہے، 48 گھنٹوں میں پورا نیٹ ورک میڈیا کے سامنے پیش کردیں گے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے پولیس حکام کے ہمراہ کوچہ رسالدار قصہ خوانی بم دھماکے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خودکش بمبار کی شناخت کرلی گئی ہے، پشاور بم دھماکا دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا، دو پولیس اہلکار مسجد کی سیکیورٹی پر تعینات تھے، پولیس پر انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں حالاں کہ پولیس ڈیوٹی پر تھی اور جانوں پر کھیل گئی۔.
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے بھی صوبے میں مہم جاری ہے اور پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں، پشاور ہی میں جمعہ کے روز ہندوؤں کے تہوار کی وجہ سے مندروں کے باہر بھی پولیس اہلکار موجود تھے، انٹیلی جنس میں خامی ہوسکتی ہے الرٹ ضرورتھا۔
انہوں نے کہا کہ خودکش بمبار کی شناخت کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے نادرا کی مدد لی گئی ہے، خودکش بمبار نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا، تلاشی لینے والے پولیس اہلکار پر فائر کیا گیا، تنگ جگہ ہونے کی وجہ سے دھماکے سے زیادہ نقصانات ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شواہد جمع کرلیے گئے ہیں اب تحقیقات جاری ہیں، خودکش بمبار کو لانے والے سہولت کاروں کی شناخت کی گئی اور کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا، اصل نیٹ ورک کو ہم 48 گھنٹوں میں میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔
تمام انٹیلی جنس ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، کئی واقعات کو انٹیلی جنس ادارے ناکام بھی بناتے ہیں جو منظرعام پر نہیں آتے، ہم کسی پر بھی انگلی نہیں اٹھاتے، سب ہی کام کر رہے ہیں، دہشت گردی کے واقعات ہر ملک میں ہو رہے ہیں، بہتری کی گنجاش موجود رہتی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مذکورہ جامع مسجد پر حملے کے حوالے سے کوئی الرٹ نہیں تھا، ہم نے بم دھماکے کے حوالے سے گرفتاریاں کی ہیں۔
سی سی پی او اعجاز خان نے کہا کہ پولیو مہم میں 5500 نفری تعینات تھی، نماز جمعہ اجتماعات پر بھی پولیس اہلکار تعینات تھے، شروع میں دو دہشت گردوں کی آمد کی اطلاع تھی لیکن ایک ہی خودکش بمبارتھا، پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو سنبھالا اور اب بھی سنبھال لیں گے۔
سی سی سی پی او اعجاز خان نے کہا کہ شہر میں مجموعی طور پر سکیورٹی ہائی الرٹ تھی، پولیو مہم میں 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے، شہر کے تمام مذہبی مقامات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی، اندرون شہر کے مندروں کو بھی سیکیورٹی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی، پشاور پولیس اور حساس اداروں پر مشتمل ٹیم نے موقع سے اہم شواہد حاصل کیے ہیں، جائے وقوع کے اطراف میں پانچ کلومیٹر تک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تجزیہ کیا گیا، جائے وقوع اور اطراف میں جیو فسنگ بھی کی گئی، موقع سے شواہد حاصل کیے گئے جن میں خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا، وقوعہ میں استعمال ہونے والی پستول سے فنگر پرنٹس اور خالی خول وغیرہ شامل ہیں۔
سی سی پی او نے بتایا کہ پستول سے فنگر پرنٹس لے کر نادرا ٹیم کو موقع پر بلا کر خود کش حملہ آور اور سہولت کاروں کی پہچان کی گئی، اسی طرح ہیومن انٹیلی جنس کو بھی بروئے کار لاتے ہوئے رکشا ڈرائیور تک رسائی حاصل کی گئی ہے، شواہد کی روشنی میں تفتیشی ٹیم نے وقوعہ کو 2/3 گھٹوں میں ورک آوٹ کرتے ہوئے ملوث نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے۔
سی سی پی او اعجاز خان نے مزید کہا کہ خودکش حملہ آور کے خاندان تک رسائی حاصل کرلی ہے اور 48 گھنٹوں میں بقایا نیٹ ورک تک پہنچ جائیں گے۔

اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف سست رفتار بیٹنگ کی وجہ بتا دی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف سست رفتار بیٹنگ کی وجہ بتا دی۔
پنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز کے کھیل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی بولرز نے اچھی بولنگ کی، گیند ریورس اور وکٹ سلو ہونے کی وجہ سے رن ریٹ سلو رہا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج ہے۔ آسٹریلیا کے بولرز نے بہتر کوشش کی اور رورس سونگ بھی نظر آیا۔
اظہر علی نے کہا کہ میں چاہتا تھا ڈبل سنچری ہو۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بہت اچھی شروعات ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو آؤٹ کرنا آسان نہیں ہوگا۔ جیسے جیسے وقت گزرے گا سپنرز کو مدد ملے گی اور بیٹنگ میں مشکلات ہونگیں۔
سابق کپتان نے کہا کہپچ تیسرے دن کے اختتام پر کام دکھائے گی اور ہمارے لیے آسانی ہوگی۔
ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جب تک فٹنس اور فارم نے اجازت دی تب تک پاکستان کے لیے کھیلتا رہوں گا۔ فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

طالبان کے سب سے پُراسرار رہنما سراج الدین حقانی پہلی بار منظرعام پر

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر داخلہ اور امریکی کو نہایت مطلوب سراج الدین حقانی کے ٹھکانہ تو دور کوئی واضح تصویر تک کسی ملک کی خفیہ ایجنسی کو نہیں مل سکی تھی تاہم اب پہلی بار طالبان رہنما براہ راست نشریات میں سامنے آگئے۔
طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سراج الدین حقانی کو وزیر داخلہ بنایا گیا تھا جو افغان جنگ کے دوران امریکا کو نہایت مطلوب شخصیت تھے لیکن کسی بھی ملک کی خفیہ ایجنسی ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی تھی۔
اس کی بنیادی وجہ سراج الدین حقانی کی کوئی تصویر نہ ہونا تھی۔ اُن کی ایک ہی تصویر دستیاب تھی جس میں ان کا چہرہ آدھے سے زیادہ چادر سے ڈھکا ہوا تھا۔ افغانستان میں طالبان کی فتح بھی سراج الدین حقانی کی جنگی مہارت کا نتیجہ تھی۔
وزیر داخلہ بننے کے بعد سراج الدین حقانی کافی متحریک رہے ہیں اور درجنوں سرکاری تقریبات میں بھی شرکت کی ہے تاہم ان کے آتے ہی کیمرے بند کرادیئے جاتے تھے اور کسی کو موبائل سے بھی تصویر لینے کی اجازت نہیں تھی۔
تاہم پہلی بار کابل میں ہونے والی نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کے موقع پر میڈیا کو سراج الدین حقانی کی کوریج نہیں روکا گیا اور ان کا خطاب براہ راست نشریات میں دکھایا بھی گیا۔
اپنے خطاب میں سراج الدین حقانی کا کہنا تھا کہ دہائیوں پر مشتمل ہماری جدوجہد اور واحد آرزو کا مقصد اسلامی نظام کا قیام رہا ہے۔

اقوام متحدہ کا پشاور دہشتگرد حملے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے پشاورمیں مسجد پرحملے میں جانی نقصان پردکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل جناب انتونیو گوتیرس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کو ٹیلی فون کر کے پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سیکریٹری جنرل نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے ذاتی طور پر صدمہ کا باعث ہے کیونکہ وہ پشاور کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہاں کے لوگوں کے بہترین سلوک سے آگاہ ہیں۔
انتونیوگوتریس نے پشاورواقعے پرپاکستان کی حکومت، قیادت اورعوام سے اظہارتعزیت کیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پاکستان کے ساتھ تعزیت اور اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

روس کا دو یوکرینی شہروں میں عارضی جنگ بندی کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین پر جنگ مسلط کرنے کے بعد روس نے انسانی بنیادوں پر 2 شہروں میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پریوکرین کے 2 شہروں ماریوپل اوروولونواخا میں عارضی جنگ بندی کی جارہی ہے۔ جنگ بندی کا مقصد شہریوں کوانخلا کی سہولت دینا ہے۔ اس سلسلے میں یوکرینی حکام سے بات ہوگئی ہے۔ شہریوں کے انخلا کے دوران کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ماریوپل کے میئر وادیم بوئیچنکو نے روسی فوجیوں کے حملے اور ناکہ بندی کے دوران انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارت میں اسکول پرنسپل نے 84 طلبا کے بال کاٹ دیئے

لکھنؤ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے مارواڑ انٹر کالج اسکول کے پرنسپل نے پابندی کے باوجود لمبے بال رکھنے والے 84 طلبا کے بال خود کاٹ دیئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ایک اسکول کے میدان میں 84 طلبا سر جھکائے بیٹھے ہیں اور پرنسپل صاحب ایک ایک کر کے کان سے اوپر اور گردن سے نیچے بالوں کو کاٹ رہے ہیں۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبا کو لمبے بال رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ یہ اسکول کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ طلبا کو بار بار تنبیہ بھی کی گئی تھی۔
اسکول پرنسپل راجیش یادو نے اپنے اقدام کو طلبا کی جانب سے قوانین کو توڑنے کی سزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران زیادہ تر وقت طلبا نے گھر میں گزارا اور اس دوران کچھ زیادہ ہی ماڈرن اور فیشن ایبل ہوگئے۔
پرنسپل نے مزید نے کہا کہ گھر میں ان لوگوں کو روکنے والا کوئی نہیں تھا۔ میں نے انہیں سبق سکھانے کے لیے بال کاٹے۔ یہ میرا فرض ہے کہ طلبا کو نظم و ضبط کا طریقہ سکھاؤں۔ اسکول آنا ہے تو انسان بن کے آنا ہوگا۔
تاہم طلبا نے اسے ذلت آمیز اقدام قرار دیا۔ دو طلبا کے والدین نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے شکایت بھی کی ہے۔ پولیس نے بھی پرنسپل کو طلب کیا لیکن ان کے مؤقف کو درست مان کر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
پرنسپل کی ایک قطار میں کھڑے طلبا کے بال کاٹنے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

شاہ رخ خان کی ایئرپورٹ پر اپنے ڈرائیور کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان صرف نام کے ہی نہیں بلکہ دل کے بھی ’’کنگ‘‘ ہیں۔
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اپنے ڈرائیور کو گلے لگاتے ہوئے ویڈیو اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
شاہ رخ خان اپنی فلم ’’پٹھان‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں گزشتہ روز اسپین گئے۔ تاہم اسپین جاتے ہوئے انہوں نے ایک ایسا کام کیا جس سے انہوں نے مداحوں کا دل ایک بار پھر جیت لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگ خان اسپین جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں کو پوز دینے کے لیے رکے نہیں، بلکہ خاموشی سے ایئر پورٹ کے اندر جاتے ہوئے نظر آئے۔ تاہم ایئرپورٹ کے اندر جانے سے قبل انہوں نے اپنے ڈرائیور کو پیار سے گلے لگایا۔ شاہ رخ خان کے اس فعل کو وہاں موجود میڈیا نمائندوں نے اپنے کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا۔
بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں نے شاہ رخ خان کے اس عمل کو ’’عاجزی‘‘ قراردیتے ہوئے ان کی تعریف کی کہ کنگ خان کا اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ساتھ رویہ اتنا اچھا ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے تین روز قبل اپنی فلم ’’پٹھان‘‘ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ کنگ خان کی فلم اگلے سال 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔