All posts by Muhammad Saqib

پشاور خودکش دھماکے میں ملوث تین ملزمان کی شناخت ہوچکی: شیخ رشید کا دعویٰ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہےکہ پشاور خودکش دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے ، ایک دو روز میں پولیس ملزمان تک پہنچ جائے گی۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک اورریکوزیشن علیحدہ چیزیں ہیں، عدم اعتماد سے متعلق اجلاس بلانے کی ریکوزیشن ابھی تک موصول نہیں ہوئی، ریکوزیشن موصول ہونے کے 14 دن کے اندر اسپیکر اجلاس طلب کرتاہے، اپوزیشن کو پہلے بھی شکست ہوئی تھی، اب بھی ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کو نواز شریف کے پاسپورٹ کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

دوران پروازائیرہوسٹس کی روتے بچے کوبہلانے کی ویڈیو وائرل

برازیلیا: (ویب ڈیسک) دوران پرواز روتے ہوئے بچے کوبہلاتی اورچپ کراتی ائیرہوسٹس کی ویڈیونے دیکھنے والوں کے دل جیت لئے۔
محبت اورشفقت سے روتے ہوئے بچے کوچپ کرانے کی کوشش کرتی ائیرہوسٹس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔برازیل کے ایک شہرسے دوسرے شہرجانے والے طیارے کے ننھے مسافرنے کسی بات پرخفا ہوکرجورونا شروع کیا توکسی سے چپ نہ ہوا۔
بچے کے گھروالے بھی اسے چپ کرانے میں ناکام ہوئے تو ائیرہوسٹس نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لیا اوربچے کوگود میں لے کربہلانا شروع کیا۔ اورپھرائیرہوسٹس کی محنت رنگ لائی اوربچے نے پہلے رونا بند کیا اورپھر ائیرہوسٹس کی گود میں ہی سوگیا۔
ائیرہوسٹس کی بچے کوچپ کرانے کی ویڈیو کی سوشل میڈیا کے صارفین نے خوب تعریفیں کیں اورائیرہوسٹس کے رویے کومثالی قراردیا۔ اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد اس ویڈیو کودیکھ چکے ہیں۔

نبیل عرف بھولاریکارڈ کی عبوری ضمانت میں 8 مارچ تک توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) سیشن عدالت نے لڑکی سے زیادتی کیس میں ٹک ٹاکر نبیل عرف بھولاریکارڈ کی عبوری ضمانت میں 8 مارچ تک توسیع کردی۔ عدالت نے ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد ممتازنے بھولاریکارڈ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ نبیل عرف بھولا ریکارڈ سیشن عدالت پیش ہوئے۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ غالب مارکٹ کے تفتیشی کو تین بار کال کی پر پی ایس ایل کے میچز کی وجہ سے وہ مصروف رہے۔
جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون کا ناجائز فائدہ مت اٹھائیں، ملزم شامل تفتیش ہوں۔سیشن کورٹ نے پولیس کو بھولاریکارڈ کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔ٹک ٹاکر بھولاریکارڈ پر لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ میں درج کیا گیا۔
ملزم نے عدالت سے استدعا کی کہ لڑکی نے جھوٹا مقدمہ درج کرایا۔ عدالت پولیس کو گرفتاری سے روکے، عدالت نے ملزم کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔

شین وارن کا انتقال، وزیراعظم عمران خان کا دکھ کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے سابق سپنرشین وارن کے انتقال پررنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ دنیائے کرکٹ میں آنجہانی جینئیس لیگ سپنر،جنہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، کی کمی محسوس ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ کرکٹر شین وارن کے اچانک انتقال سے انہیں صدمہ ہواہے۔ شین وارن ایک جینئیس باؤلرتھے اورانہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کونئی بلندیوں تک پہنچایا۔دنیائے کرکٹ میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔
یاد رہے کہ 52 سالہ شین وارن ایک روز قبل تھائی لینڈکے علاقہ کوہ سموئی میں، جہاں وہ چھٹیاں منارہے تھے، دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکر دی، اظہر کی بھی سنچری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز نے قومی ٹیم نے 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔
دوسرے روز کھیل کے آغاز سے قبل گزشتہ روز انتقال کرنے والے لیجنڈ لیگ اسپنر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آسٹریلین لیجنڈ شین وارن اور پشاور دھماکے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا اور پشاور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کی۔
خیال رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 44 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہیں نتھن لائن نے پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان نے دوسرے روز اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور اظہر نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم 313 کے مجموعی سکور پر لیفٹ ہینڈ بیٹر 157 رنز کی باری کھیل کر آؤٹ ہو گئے، کمنز نے وکٹ حاصل کی، اس دوران بابر اعظم اور اظہر علی نے رنز کو آگے بڑھایا دونوں کے درمیان 100 سے زائد رنزکی پارٹنر شپ بنی۔
کپتان 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس دوران اظہر علی نے وکٹ کے چاروں طرف جارحانہ شارٹس کھیلے تاہم وہ بدقسمت ثابت ہوئے اور ڈبل سنچری نہ بنا سکے اور 185 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر گرین کو کیچ دے بیٹھے۔
476 رنز پر پہنچا تو قومی کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کر دی، محمد رضوان 29 اور افتخار 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نیتھن لیون ، پیٹ کمنز اور لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کر کے دیکھ لے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کا شوق پورا کرکے دیکھ لے، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ریاض فتیانہ اور نصر اللہ دریشک شامل تھے، یہ ملاقات گزشتہ روز ہوئی۔ اس ملاقات میں وفاقی وزراء بھی ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ارکان سے ملاقات میں ممکنہ تحریک عدم اعتاد پر گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ارکان ارکان پر اعتماد رہیں، سب کچھ ٹھیک ہے، تحریک کے بارے میں ہوم ورک مکمل ہے، ہمارے نمبر گیم پورے ہیں۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ کہیں نہیں جار رہے ہیں، ایسا سوچا بھی نہیں، ہمارے بارے مطمئن رہیں، ہم آپ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے آپ کی وفاداری پر یقین ہے، تحریک انصاف کے سب ارکان سے متحد ہیں، تمام اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کا شوق پورا کرکے دیکھ لے،اندازہ ہوجائے گا۔

کراچی: دودھ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری

کراچی : (ویب ڈیسک) کمشنر کراچی اقبال میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو دودھ کی قیمتیں کنٹرول میں رکھنے کے لیے سنجیدگی اختیار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
ترجمان کمشنر آفس کے مطابق کمشنر کراچی اقبال میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گوشت، دال، چاول، سبزی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر کراچی نے آئندہ ہفتے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیے جب کہ قیمتوں کے سلسلے ڈی سیز آئندہ پیر کو سفارشات تیار کرکے دیں گے۔
کمشنرکراچی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک قریب ہے،آئندہ ہفتے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجائے گا، قیمتوں کو ضابطے میں رکھنا کراچی ڈویژن کے ساتوں ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

روسی فوج نے یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول کا محاصرہ کرلیا

لاہور : (ویب ڈیسک) روس کی فوج نے یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول کا محاصرہ کرلیا جب کہ نیٹو نے یوکرین کی جانب سے روس کی بمباری روکنےکے لیے نو فلائی زون کی درخواست مسترد کردی۔
روسی فوج کی جانب سے ماریوپول کا محاصرہ کرنے کے بعد یوکرین کے ایک اور شہر ارپن کے وسط کی طرف پیش قدمی جاری ہے جسے روکنے کے لیے یوکرینی فوج نےاہم پل تباہ کردیا ۔
نیٹو نے نو فلائی زون کی درخواست مسترد کردینیٹو نے یوکرین کی جانب سے روس کی بمباری روکنےکے لیے نو فلائی زون کی درخواست مسترد کردی۔
نیٹوچیف نے کہا کہ تنازع میں مداخلت کی تو ماسکو سے براہ راست تصادم کا خطرہ ہوگا اور براہ راست تصادم سےایٹمی جنگ چھڑسکتی ہے۔
نو فلائی زون سے انکار روس کو مزید بمباری کے لیے گرین سگنل ہے: زیلنسکی
یوکرین کے صدر نے نیٹو کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئے حملے اور ہلاکتیں دیکھنے کے باوجود نیٹو نے جان بوجھ کر فضائی حدود بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا، نو فلائی زون سے انکار روس کو مزید بمباری کے لیے گرین سگنل ہے۔
ادھر مغربی اتحاد نے روس کو مزید پابندیوں کی دھمکی دے دی جب کہ امریکی وزیرخارجہ نے خبر دار کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ شاید جلد ختم نہ ہو سکے ، انہوں نے روس پرسخت دباؤ برقرار رکھنے پر زور دیا۔
علاوہ ازیں جنگ اورپابندیوں کے پیش نظر روس میں شہریوں نے کھانے پینے کی اشیاء جمع کرنا شروع کردیں جس کے باعث خریداری کی حد مقرر کر دی گئی۔

جدید ڈیوائسز کے ذریعے ’کی لیس‘ گاڑیاں چرانے والا اعلیٰ تعلیم یافتہ گروہ پکڑا گیا

لاہور : (ویب ڈیسک) جیمرز کی مدد سے کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ’کی لیس‘ گاڑیاں چرانے والا اعلیٰ تعلیم یافتہ گروہ لاہور میں دھر لیا گيا۔
لاہور میں اینٹی وہیکلز لفٹنگ اسٹاف نے کار چوروں کا ایک گروہ پکڑا ہے جو چابی کے بغیر اسٹارٹ ہونے والی گاڑیاں چراتا تھا۔
گروہ کا سرغنہ چار سدہ کا رہائشی افنان خان نے بی ایس آنرز کر رکھا ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ چور کا کہنا ہے کہ اس نے جیمرز، ٹریکر ڈیکیٹرز اور گاڑی کا سافٹ ویئر خود تیار کیا ہے۔
افنان خان کا کہنا ہے کہ ہمارا وارداتیں کرنے کا وقت رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوتا تھا۔
گاڑی چوری کرنے کا طریقہ
چور افنان خان اپنے ساتھی کی مدد سے 7 منٹ میں گاڑی قابو کر کے جاتا تھا، سب سے پہلے جیمرز آن کرتے، جو 300 میٹر کے علاقے میں تمام الیکٹرانک ڈیوائسز جام کر دیتا، پھر گاڑی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوتے، گاڑی کا سوئچ نکال کر اپنا لگا دیتے اور آخر میں کمپیوٹر سسٹم ہیک کر کے اپنی چابی بنا کر گاڑی لے جاتے۔
چوروں کے لیے آخری رکاوٹ ہوتی موٹر وے جہاں وہ اگلی گاڑی کے بمپر کے ساتھ گاڑی جوڑتے اور ٹول پلازے پر بغیر اسکین ہوئے نکل جاتے تھے۔
ایس پی انٹی وہیکلز اسٹاف آفتاب پھلروان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان افنان عادل اور شہزاد مسیح سے 3 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 9 گاڑیاں برآمد ہوئیں۔
ایس پی آفتاب پھلروان کا کہنا تھا کہ لاہور سے چوری کی جانے والی گاڑیاں کے پی کے میں فروخت کی جاتی ہیں، چوری شدہ گاڑیوں کے لیے کے پی کے میں ویئر ہاؤس اور باقاعدہ پارکنگ اسٹینڈز موجود ہیں۔

سوناکشی نے سلمان خان سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

اداکارہ سوناکشی سنہا نے سلمان خان سے شادی کی خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ دنوں سلمان اور سوناکشی کی ایک ایڈٹ شدہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل تھی جس میں سلمان سوناکشی کو انگوٹھی پہنا رہے تھے اور اس موقع پر اداکارہ سرخ رنگ کی ساڑھی میں ملبوس تھیں۔

تصویر سے متعلق بھارتی صارفین یہ دعویٰ کررہے تھے کہ دبنگ خان نے اداکارہ سے خفیہ شادی کررکھی ہے جس کے بعد بھارتی میڈیا نے واضح کیا کہ تصویر ایڈٹ کی گئی ہے اور یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

ان خبروں پر سلمان خان تو کچھ نہ بولے البتہ سوناکشی نے بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی خبر پر جواب دیا جس میں دونوں کی شادی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

سوناکشی سنہا نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘کیا آپ لوگ اتنے بے وقوف ہیں کہ اصل اور ایڈٹ شدہ تصویر میں فرق نہیں بتاسکتے؟’

فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ کے کمنٹ کو لائک کرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں تھی تاہم اس پر صارفین نے اپنی رائے کا بھی اظہار کیا اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر تنقید کی۔