All posts by Muhammad Saqib

یوکرین رو س کو جنگ میں ہرا سکتا ہے: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہےکہ یوکرین رو س کو جنگ میں ہرا سکتا ہے۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے روسی حملے کے خلاف یوکرین کے عوام کی مزاحمت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں یوکرین جنگ کتنا عرصہ چلے گی لیکن  یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے،  یوکرینی عوام وقت کےساتھ سرخرو ہوں گے۔

امریکی وزیر خارجہ کاکہناتھا کہ یہ جنگ پہلے ہی روسی صدر پیوٹن کی منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہورہی اور روس یوکرینی عوام کی خواہشات کو دبا نہیں سکتا۔

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ روس پوری عسکری قوت لگاتا ہےتویوکرین کے لیے مقابلہ کرنا مشکل ہوگا جب کہ بین الاقوامی برادری پرعزم ہے کہ وہ یوکرین کی مدد کے لیے سب کچھ کرے۔

امریکی وزیر خارجہ کا  کہنا تھا کہ امریکا اور اتحادیوں کو جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے متعلق تشویش ہے۔

انٹونی بلنکن نے جنگ کے انتخاب پر پیوٹن پر دباؤ برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

پشاور دھماکہ میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو گئی، وزیر داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پشاو دھماکے کے تینوں ملزمان تک خیبر پختونخوا پولیس اور تحقیقاتی ادارے پہنچ چکے ہیں اور تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آئندہ ایک 2 روز میں ملزمان تک پہنچ جائے گی۔
نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ میں نوازشریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی اور حزب اختلاف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا شور مچایا جا رہا ہے لیکن اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست بھی ابھی موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن اور عدم اعتماد کی تحریک دو مختلف چیزیں ہیں جبکہ عدم اعتماد کی تحریک پر بھی 2 سے 3 دن اسپیکر کے پاس ہوتے ہیں اور پھر 7 دن تقریریں اور ووٹنگ ہوتی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حزب اختلاف عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔ ملک سیلاب، زلزلوں یا بیماریوں سے تباہ وبرباد نہیں ہوتے بلکہ ملک کو افواہوں، تخریب کاری اور انتشار کی باتوں سے نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور جو مرضی تحریک لے آئیں۔ انہیں پہلے بھی شکست ہوئی تھی اور اب بھی ہو گی۔ پاکستان آگے بڑھنے کی طرف جا رہا ہے اور بعض لوگ انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔

نیٹو اجلاس کمزور اور الجھنوں سے بھرا ہوا تھا، یوکرینی صدر

کیف: (ویب ڈیسک)
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نیٹو اجلاس کمزور اور الجھنوں سے بھرا ہوا قرار دے دیا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نیٹو اجلاس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں جتنے لوگ مریں گے وہ نیٹو کمزوری کی وجہ سے مریں گے۔ نیٹو اجلاس میں ظاہر کیا گیا کہ ہر کسی کے لیے یورپ کی آزادی کی لڑائی پہلا مقصد نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ نئے حملے اور ہلاکتیں ناگزیر ہیں لیکن اس کے باوجود نیٹو نے جان بوجھ کر یوکرین پر نو فلائی زون کا اطلاق نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیٹو نے نو فلائی زون کا اطلاق نہ کر کے یوکرین کے شہروں اور دیہاتوں پر مزید بمباری کے لیے روس کو گرین سگنل دیا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ نیٹو ممالک کی تمام انٹیلیجنس ایجنسیاں دشمن کے منصوبوں سے واقف ہیں اور روس جارحیت جاری رکھنا چاہتا ہے لیکن یوکرین ختم ہوا تو یورپ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک اندر سے کمزور اور خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔

پشاور خودکش دھماکے کا مقدمہ درج

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا۔
پشاور دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر پہلے فائرنگ کی اور پھر فائرنگ کے بعد خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اس سے قبل پشاور خود کش دھماکے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس نے مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کیا تھا۔ مراسلہ ایس ایچ او خان رازق وارث خان کی مدعیت میں ارسال کیا گیا تھا۔
ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ حملہ آور نے کالا لباس پہنا ہوا تھا اور حملہ آور نے حملے سے پہلے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ مراسلہ میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
پولیس اسٹیشن سے ارسال مراسلے کی بنیاد پر ہی سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا۔

کارکنان فرعون کے خلاف کھڑے ہیں، بلاول بھٹو

ساہیوال: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کارکنان فرعون کے خلاف کھڑے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال پہنچنے کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس جس شہر سے گزرے کارکن قافلے کا حصہ بنے اور ساہیوال کے عوام نے ہمارا بھرپور استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ قافلے میں شریک کارکنوں کا بہت مشکور ہوں کیونکہ کارکن اپنے معاشی حقوق کے لیے قافلے کا حصہ بنے ہیں۔ کارکن تاریخ کا حصہ بن رہے ہیں اور فرعون کے خلاف کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قافلہ آگے چلے گا اور مشکلات بڑھیں گی لیکن ہم نے ساتھ چلنا ہے اور بکھرنا نہیں ہے۔ کارکنوں نے راستے میں اپنی سیکیورٹی کا خیال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے ون وے کی خلاف ورزی نہیں کرنی اور ایک ہفتے کا سفر کوئی مذاق نہیں ہے بلکہ یہ جیالوں کا پرامن لشکر ہے۔

پشاور دھماکا: مزید 5 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں گزشتہ روز جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج انتقال کر گئے۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق دھماکے کے 37 زخمی زیر علاج ہیں، زیر علاج زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے مزید 5 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد اسپتال میں دم توڑنے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔
ادھر پشاور کے قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملہ کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت مکمل کرلی گئی جبکہ دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ خود کش حملہ آور اور دو سہولت کاروں کے اسکیچز مکمل کر لیے گئےہیں۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے اعضاء کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث مکمل گروپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر دیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔
خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 30 سے زائد افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ شب جبکہ 10 افراد کی نماز جنازہ آج کوہاٹی میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔

پاک امریکا مشترکہ فضائی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں: ترجمان پاک فضائیہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور امریکی فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقیں فیلکن ٹیلن آپریشنل ائیربیس پر اختتام پذیر ہو گئیں۔ مشقوں کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا اور پیچیدہ فضائی آپریشنز میں تعاون کا فروغ تھا۔
پاک امریکا مشترکہ فضائی مشقیں اختتام پذیر ہو گئیں۔ مشقوں میں دونوں فضائی افواج نے بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ ایئر مارشل زاہد محمود نے کہا کہ مشقوں کا مقصد حقیقت پسندانہ عصری منظرناموں میں پیچیدہ فضائی آپریشنز میں انٹر آپریبلٹی کا فروغ تھا۔ دوسری طرف امریکی فضائیہ کے افسروں نے بھی مشقوں کے انعقاد کو سراہا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل زاہد محمود اور امریکی سفیر انجیلا ایگلر نے مشترکہ فضائی مشقوں کا معائنہ کیا۔ فضائی مشقوں کا آغاز 26 فروری کو ہوا، مشقوں میں امریکی اور پاک فضائیہ کے پائلٹس اور عملے نے حصہ لیا۔

دہشتگردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے، شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندی منبر، اسکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے، شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔

سینئر اداکار مسعود اختر 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر اداکار مسعود اختر 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ سینئر اداکار عرصہ دراز سے پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث علیل تھے۔ اداکار مسعود اختر کی نماز جنازہ گلشن راوی میں ادا کی جائے گی۔
مسعود اختر 5 ستمبر 1940 کو ساہیوال کے ایک گاوں میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم مقامی سکول سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مری کالج میں داخلہ لے لیا۔ لاہور آئے تو بینک میں ملازمت کے ساتھ ایل ایل بی اور ساتھ ہی ریڈیو پر کام شروع کر دیا، وہاں برجستہ جملوں کی ادائیگی سے تھیٹر پر اداکاری کی دنیا میں قدم میں رکھا۔
1964 میں پی ٹی وی پرڈراموں کا آغاز ہوا تو انہوں نے ڈراموں میں بھی اپنے فن سے لوگوں کے دلوں میں خاص مقام بنالیا۔ کئی لازوال ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، شاید ہی کوئی ایسا کردار ہوگا جو انہوں نے ڈراموں میں نا نبھایا ہو۔
1968 میں فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ انہوں نے پہلی فلم سنگدل میں کام کیا، جو بہت مقبول ہوئی، اس کے بعد درد، دوسری ماں، آنسو، تیری صورت میری آنکھیں، جاپانی گڈی، گھرانہ، میرا نام محبت، بھروسہ، انتخاب، نکی جئی ہاں سمیت کئی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کی پر اعتماد بیٹنگ، آسٹریلوی باؤلرز بے بس

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنالئے۔ امام الحق 157 اور اظہر علی 95 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے روز کھیل کے آغاز سے قبل گزشتہ روز انتقال کرنے والے لیجنڈ لیگ اسپنر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آسٹریلین لیجنڈ شین وارن اور پشاور دھماکے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا اور پشاور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کی۔
خیال رہے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 44 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہیں نتھن لائن نے پویلین کی راہ دکھائی۔
پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لامبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔