All posts by Muhammad Saqib

اپوزیشن کی سیریز کا آخری سیزن، اس کے بعد یہ ڈرامہ ختم ہو جائے گا: حسان خاور

لاہور: (ویب ڈیسک) حسان خاور نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے وعدوں کا پاس رکھا، وہ ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن کی سیریز کا آخری سیزن ہے، اس کے بعد یہ ڈرامہ ختم ہو جائے گا۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 بڑی اپوزیشن جماعتوں نے نہ صرف فضائی آلودگی پھیلائی بلکہ سیاسی آلودگی بھی پھیلائی، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سیاسی آلودگی کا انڈیکس بہت اوپر جا رہا ہے، وزیراعظم کے ایجنڈےمیں فضائی آلودگی کیساتھ ساتھ سیاسی آلودگی ختم کرنا بھی ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ بلاول نے وزیراعظم کو 5 دن کی مہلت دی، انہوں نے کہا 5 دن میں نمبر پورے کریں گے، فضل الرحمان کہتے ہیں وہ سفر میں ہیں کچھ کہہ نہیں سکتے، اس فلم کے پروڈیوسر زرداری صاحب ہیں اور ہیرو کیلئے کشمکش چل رہی ہے، آصف زرداری نے اپنی انتخابی مہم چلا دی ہے، ن لیگ سارا ملبہ شہباز شریف پر ڈلے گا، ہوسکتا ہے چھوٹے بھائی کی بڑے بھائی سے سرزنش بھی ہو۔

بلاول نے سرکاری وسائل استعمال کر کے بدین میں جلسہ کیا: شاہ محمود قریشی

بدین: (ویب ڈیسک) بدین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول نے سرکاری وسائل استعمال کر کے بدین میں جلسہ کیا، سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ہیں، اشارے واضح ہیں کہ سندھ کی ہوا کس جانب چل رہی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں، عمران خان نے کہا تھا تمام جماعتیں میرے خوف سے ایک ہو جائیں گی، تمام اپوزیشن جماعتیں عمران خان کے خوف سے آج ایک ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مسلسل 15 سال سے پیپلزپارٹی کے ہاتھوں میں گروی ہے، سندھ کا نوجوان پڑھا لکھا طبقہ پیپلزپارٹی سے بددل اور مایوس ہوچکا، سندھ کا نوجوان پیپلزپارٹی سے متعلق سوچتا ہے، اب ان تلوں میں تیل نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حکومت سنبھالتے ہی 20 ارب ڈالر کا خسارہ ملا جسے دور کیا، تحریک انصاف حکومت کو دوست ممالک سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے پیسے لینے پڑے، کورونا میں دنیا کی معاشی گروتھ کم ہوئی، ہماری بڑھی، ان 3 سالوں میں فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، موٹر سائکلیں ٹریکٹروں کی سیل میں اضافہ ہوا۔

پیپلزپارٹی نے حکومت سے پیکا قانون واپس لینے کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے حکومت سے پیکا قانون واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ فیک نیوز کے نام پر تنقید کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیکا قانون فیک نیوز کی آڑ میں ایک ہتھیار ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے پیکا قانون پر سوالات اٹھائے ہیں، ‏قانون میں فیک نیوز کی تشریح کئے بنا تنقید کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ یہ قانون غلط خبروں کی روک تھام کے لئے ہوتا تو پارلیمان میں بل پیش کیا جاتا، آزادی اظہار پر قدغنیں لگانا کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت پیکا آرڈیننس واپس لے۔

روس نے بی بی سی پر پابندی عائد کردی

روس : (ویب ڈیسک) یوکرین حملے کے بعد جہاں برطانیہ اور امریکا کا روس پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں روس بھی ان پابندیوں کی گیم میں پیچھے نہیں، اب روس نے بی بی سی پر پابندی عائد کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس نے میڈوزا اور ریڈیو لبرٹی خبر رساں ادارے بھی بلاک کردئیے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بی بی سی کو امن خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے
ماسکو کا موقف ہے کہ برطانیہ سمیت غیر ملکی میڈیا دنیا کے سامنے جزوی نظریہ پیش کر رہا ہے۔لیکن مغربی حکومتیں اس دعوے کو مسترد کر رہی ہیں، اور روسی سرکاری میڈیا پر تعصب کا الزام لگا رہی ہیں۔
دوسری جانب امریکین کمپنی ائیر بی این بی نے روس اور بیلاروس میں آپریشنز معطل کر دئیے ہیں، ائیر بی این بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس اور بیلاروس میں آپریشنز روک رہے ہیں، پابندی امریکہ اور مغربی ممالک کی روسی معیشیت پر لگائی گئی پابندیوں کا تسلسل ہے۔
گزشتہ روز ویڈیو گیم بنانے والی امریکہ کی دوسری بڑی کمپنی نے بھی روسی ٹیموں کو فیفا اور این ایچ ایل 22 سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ ای اے نے اپنی ٹوئٹ میں یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم یوکرین کی عوام کے ساتھ ہیں اور فٹ بال کی دنیا میں امن اور یوکرین پر حملے کے خاتمے کے لیے دعا گو ہیں۔
جبکہ گوگل نے بھی یورپ بھر میں پلے ایپ اسٹور سے روسی میڈیا آر ٹی اور اسپانتک سے منسلک ایپس کو بلاک کر دیا ہے۔ جبکہ یوکرینی عوام کے تحفظ کیلئے گوگل نے میپ فیچر بھی بند کردیاہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شاہراہوں اور یوکرینی عوام کو روسی حملوں سے بچانا ہے۔

سینئر صحافی محسن بیگ کی ایک اور کیس میں ضمانت منظور

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے بھی سینئر صحافی محسن بیگ کی ایک اور مقدمے میں ضمانت منظور کر لی۔
سندھ ہائی کورٹ میں اسلام آباد سے گرفتار سینئر صحافی و تجزیہ کار محسن بیگ کے خلاف کراچی میں درج مقدمہ کو ختم کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے گرفتار صحافی محسن بیگ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزم جیل میں ہے تو آپ نے اسی دن کراچی میں مقدمہ کیسے درج کر لیا ؟
محسن بیگ کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ مقدمے میں کہیں بھی محسن بیگ کا نام نہیں ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ محسن بیگ کے خلاف مقدمہ عمران خان اور مراد سعید کی ایما پر بنایا گیا۔
ایف آئی اے نے تحریری جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروایا اور محسن بیگ کی منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتاری ڈال دی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ محسن بیگ کو کراچی میں درج مقدمے میں بھی گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف سیشن عدالت میں عبوری چالان بھی جمع کرا دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم مقدمہ ختم نہیں کر رہے لیکن اگر بدنیتی ثابت ہوئی تو کارروائی کریں گے۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر عدالت کو بھی تحفظات ہیں اور مقدمہ درج کرنے والوں کو جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔
عدالت نے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پر ایف آئی اے اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی محسن بیگ کو پولیس نے گھر سے گرفتار کیا تھا اور محسن بیگ اسوقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ محسن بیگ کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں اور بعد ازاں گرفتاری کے بعد ناجائز اسلحہ کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تاہم اس مقدمے میں محسن بیگ کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔

سینئر صحافی اطہر متین قتل کیس: عینی شاہدین نے ملزم کو شناخت کرلیا

کراچی : (ویب ڈیسک) صحافی اطہر متین قتل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں گرفتار ملزم اشرف کی شناخت پریڈ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مقدمے کے تین عینی شاہدین نے ملزم کو شناخت کرلیا ہے، پولیس نے شناخت پریڈ میں ملزم کے ہمراہ دس ڈمی ملزمان کو پیش کیا تھا، واقعے کے تینوں عینی شاہدین نے ملزم کو ڈمی ملزمان کے درمیان شناخت کیا۔
پولیس کی گواہان کے مجسٹریٹ کے روبرو بیان کی درخواست عدالت نے نمٹا دی، عدالت کا کہنا ہے کہ شناخت پریڈ ہوجانے کے بعد 164 کے بیانات کی درخواست غیر موثر ہوگئی ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم اشرف سینیئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کا ساتھی انور قمبر شہداد کوٹ میں پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے جبکہ ملزم نے دوران تفتیش سینکڑوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
یاد رہے دو ہفتے قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے تھے، ایس ایس پی سنٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے۔ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹرسائیکل کوٹکرماری جس سے ملزمان نیچے گرے اورغصے میں اطہرمتین کی کار پرفائرنگ کردی۔

کوہلی کا 100واں ٹیسٹ، راہول ڈریوڈ کا خراج تحسین

موہالی : (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری تو اسکور نہیں کر سکے لیکن ٹیسٹ میچوں کی سنچری کرنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی آج 100ویں ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے ہیں۔
موہالی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ویرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تمام کھلاڑی میدان میں اکٹھے ہوئے۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے انہیں اعزازی کیپ دی۔ راہول ڈریوڈ نے کہا کہ ویرات کے پاس نظم و ضبط، ہمت، مہارت اور عزم سمیت سب کچھ ہے۔ اسی لیے وہ یہاں تک پہنچے۔ انہوں نے کوہلی کو 100واں ٹیسٹ کھیلنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں دوسروں کے لیے مثال قرار دیا۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ ان کے لیے بہت خاص ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور یہ ان کے ساتھیوں کے بغیر ممکن نہیں تھا، انہوں نے بھارتی بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
کوہلی نے اب تک 99 ٹیسٹ میچوں میں 50.39 کی اوسط سے 7 ہزار 962 رنز اپنے نام کیے ہیں جس میں 27 سنچریاں شامل ہیں۔ گراؤنڈ میں ہونے والی اس خصوصی تقریب میں پوری ٹیم کے ساتھ ویرات کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔
ویرات کوہلی 12ویں بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں جو 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے سنگ میل تک پہنچے ہیں، اس فہرست میں سنیل گواسکر، دلیپ وینگسارکر، کپل دیو، سچن ٹنڈولکر، انیل کمبلے، راہول ڈریوڈ، سارو گنگولی، وی وی ایس لکشمن، وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور اشانت شرما کے نام شامل ہیں۔

شہری گوریلا جنگ کے لیے تیار ہو جائیں، یوکرینی حکومت

یوکرین : (ویب ڈیسک) یوکرین اپنے ملک کا دفاع کرنے کے لیے روسی فوج کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، جہاں روسی افواج کی یوکرین میں اہم اہداف حاصل کرنے کے لیے پیش قدمی جاری ہے، وہیں یوکرینی حکومت نے شہریوں سے گوریلا جنگ کا آغاز کرنے کی اپیل کر دی ہے۔
یوکرینی صدر کے مشیر نے لوگوں کو کہا ہے کہ روس کے پچھلے دستے کمزور ہیں، اگر ہم ان کو بلاک کر دیں تو یہ جنگ جیت سکتے ہیں۔ جس کے لیے عوام درخت کاٹیں اور روسی فوج کے دستوں کو تباہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ روسی فوج کا راستہ روکنے کے لیے عوام ریلیاں نکالیں اور جیسے بھی ممکن ہو رکاوٹیں کھڑی کریں۔
یاد رہے گزشتہ روز روسی افواج نے یوکرین کے شہر خیرسن پر قبضہ کر لیا تھا۔
مقامی حکام نے شہر پر قبضے کی تصدیق کر دی ہے۔ روسی حملے کے سات روز بعد یہ پہلا بڑا شہری مرکز ہے جس پر روس کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
علاقائی انتظامیہ کے سربراہ گیناڈی کا کہنا ہے کہ روسی شہر کے تمام حصوں میں موجود ہیں اور بہت خطرناک ہیں۔
شہر کے میئر وادیم بویچینکو کے مطابق قبضے کے وقت شہر میں یوکرینی فوج موجود نہیں تھی ۔ روسی فوج نے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ادوایات اور خوراک لے کر آنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ہے۔
یوکرین کی ایک اور اہم بندرگاہ برڈیانسک پر روسی فوجیوں نے پہلے ہی قبضہ کر لیا ہے۔روسی افواج یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف پر بھی بمباری کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین پر حملے سے 230یوکرینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی حملے سے 525یوکرینی شہری زخمی ہوئے۔فضائی حملوں سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔

صدر مملکت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہو گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی استثیٰ کے باوجود انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی استثنیٰ کے باوجود انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پیش ہو گئے۔ صدر مملکت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں استثنیٰ ختم کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارے یہاں امیر غریب کے لیے انصاف کا معیار یکساں نہیں ہے۔ میں کیس میں استثنیٰ نہیں لینا چاہتا اور اسی لیے عام آدمی کی طرح عدالت آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانون مجھے استثنیٰ دیتا ہے جس کو میں ختم کرتا ہوں اور یہاں کسی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ مجھے پتہ چلا کہ عدالت فیصلہ لکھنے لگی ہے تو میں عدالت میں پیش ہو گیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میرے اوپر صدر بننے کے بعد سیالکوٹ میں مقدمہ بنا اور اس میں بھی میں نے استثنٰی نہیں لیا بلکہ اپنا وکیل پیش کیا اور مقدمہ جیت گیا۔ عدالت میں جب تک سب برابر نہیں ہوں گے انصاف دیر سے ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری عدلیہ سے درخواست ہے کہ فیصلے جلدی ہوں کیونکہ فیصلے جلدی نہ ہوں تو نسلیں مقدمے لڑتی رہتی ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ عدالت کے اوپر بوجھ بہت ہے۔
اس موقع پر بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 348 کے تحت ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی استثنٰی حاصل ہے تاہم عارف علوی نے فیصلہ کیا کہ وہ شہری کے طور پرعدالت میں پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی نے فیصلہ کیا کہ وہ صدارتی استثنیٰ نہیں لیں گے اور انہوں نے صدارتی استثنیٰ نہ لینے کی درخواست دائر کی ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ بدلنا چاہتا ہوں۔

ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا

ٹورنگا: (ویب ڈیسک) خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا۔ پہلا میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خواتین ورلڈکپ کے مقابلے پہلے 2021 میں ہونا تھے لیکن کورونا کی وجہ سے اسے ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ آئی سی سی نے 15 دسمبر 2020 کو اعلان کیا تھا کہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 04 مارچ سے 03 اپریل تک کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کا فائنل کرائسٹ چرچ میں ہوگا لیکن اس سے پہلے 8 ٹیموں کو 30 میچوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ آخری بار جب ویمنز ورلڈ کپ نیوزی لینڈ میں منعقد ہوا تو ایملی ڈرم کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آسٹریلیا نے اب تک سب سے زیادہ ورلڈ کپ جیتے ہیں۔ سال 2013 میں اس نے اپنا ساتواں ورلڈ کپ جیتا تھا اور 2017 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔
ٹورنامنٹ کے ابتدائی مراحل میں اسٹیڈیم میں صرف 10 فیصد گنجائش کی اجازت ہوگی۔ جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھتا جائے گا شائقین کی حد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ دوسری بار ہو گا جب خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ میں فیصلے کا جائزہ لینے کا نظام (ڈی آر ایس) استعمال کیا جائے گا۔ ہر ٹیم کو فی اننگز دو ناکام ریویو ملیں گے۔ 2017 کے ایڈیشن کے دوران ڈ ی آر ایس کچھ ہی میچوں کے لیے دستیاب تھا اور ہر ٹیم کو صرف ایک ناکام جائزہ لینے کی اجازت تھی۔