All posts by Muhammad Saqib

سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر روڈ مارش 74سال کی عمر میں انتقال کرگئے

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر روڈ مارش 74سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
روڈ مارش کو گزشتہ ہفتہ ہارٹ اٹیک ہوا تھا ،روڈ مارش دل کا دورہ پڑنے کے بعد کومہ میں چلے گئے تھے، روڈ مارش کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلکیٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ روڈ مارش نے آسٹریلیا کیلئے 50 سال ناقابل یقین خدمات انجام دیں۔ روڈ مارش کی یاد میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم آج کے میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلے گی۔
روڈ مارش 4 نومبر 1947 کو پیدا ہوئے اور 1970 میں انگلینڈ کے خلاف کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھا، انہوں نے کیرئر کا آخری ٹیسٹ میچ پاکستان کے خلاف 1984 میں کھیلا۔
سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر نے 96 ٹیسٹ میچز، 92 ون ڈے کھیلے، انہوں نے 1982 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی وکٹ کیپر کا اعزاز حاصل کیا۔

تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائے تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائے تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، نمبر گیم میں واضح سبقت حاصل ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدم اعتماد کے لئے اپوزیشن کی بھاگ دوڑ کسی کام نہیں آئے گی، جس اپوزیشن اتحاد پر اس کی اپنی جماعتیں عدم اعتماد کر چکی ہوں انہیں عدم اعتماد کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا، بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کی سیاست چمکانے کی کوشش پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔

نیلم منیر خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ہیں: ندا یاسر

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے کہا ہے کہ اداکارہ نیلم منیر خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ندا یاسر نے مداحوں کیلئے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں ایک مداح نے ندا سے سوال کیا کہ آپ کے شوہر یاسر نواز نے ہر بار صرف نیلم منیر کے ساتھ ہی کیوں کام کیا جس پر ندا یاسر نے نیلم منیر کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیلم منیر ایک خوبصورت انسان ہیں، وہ بیحد باصلاحیت اداکارہ ہیں اور سخت محنت کرنے والی انسان ہیں۔

انٹرٹینمنٹ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے: فرحان سعید

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار و گلوکار فرحان سعید نے آج کل کے ڈراموں پر تنقید کرنیوالے صارفین کو جواب دے دیا۔
فرحان سعید نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں اُنہوں نے آج کل ٹی وی ڈراموں میں دِکھائے جانے والے مواد کے بارے میں بات کی۔ اُنہوں نے کہا کہ‘ ہم سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ ہم کیا دِکھا رہے ہیں اور کیا سکھا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اُن کا تعلق انٹرٹیمنٹ انڈسٹری سے ہے ناکہ شعبۂ تعلیم سے کہ ہم آپ کو ہمیشہ اچھا پیغام ہی دیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ‘ لوگوں کو انٹرٹینمنٹ کو اتنا زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے، ہم لوگوں کو وہی سب کچھ دکھا تے ہیں جو معاشرے میں ہوتا ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے پراجیکٹس کو روکنے اور ان پر پابندی لگا کر صرف آپ اپنی آنکھیں بند کرسکتے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے فیض آباد کے بجائے ڈی چوک پر پڑاؤ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے فیض آباد کے بجائے ڈی چوک پر پڑاؤ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلزپارٹی نے انتظامیہ سے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے خط لکھ کر انتظامیہ سے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے خط چیف کمشنر اسلام آباد کو لکھ گیا۔ جس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا، 8 مارچ کو ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
پیپلزپارٹی نے اس سے قبل فیض آباد کے مقام پر جلسے کے لئے تین دن کی اجازت مانگی تھی۔ انتظامیہ نے تین دن کی بجائے ایک دن جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

قوم بابر اعظم اور ٹیم پاکستان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ چوبیس سال بعد پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹاکرا، قوم بابر اعظم اور ٹیم پاکستان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ آسٹریلیا آپ نے یہ مارچ ہمارے لئے خوبصورت بنایا، آسٹریلوی ہائی کمیشن نے ایونٹ کو ممکن بنانے کیلئے بہت محنت کی۔
خیال رہے 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ دونوں کے درمیان اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، چھیاسٹھ ٹیسٹ میچز میں تینتیس مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے پندرہ بار میدان مارا جبکہ اٹھارہ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔

پہلا ٹیسٹ: پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) 24 سال کا انتظار ختم ہوگیا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔ عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔
قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سیریز کیلئے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں، ٹیم میں 2 اسپنرز شامل کیے ہیں۔
پاکستان پلیئنگ الیون کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، چھیاسٹھ ٹیسٹ میچز میں تینتیس مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے پندرہ بار میدان مارا جبکہ اٹھارہ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔
ادھر سی ای او پی سی بی فیصل حسنین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان پر شکر گزار ہیں، پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا آج اہم دن ہے، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، پاکستانی عوام کی جانب سے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

ملک میں کورونا کی وبا: 24 گھنٹے میں 11 افراد انتقال کر گئے، 953 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ پانچ نو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 248 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 12 ہزار 707 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 2 ہزار 264، سندھ میں 5 لاکھ 69 ہزار 338، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 16 ہزار 614، بلوچستان میں 35 ہزار 361، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 543، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 519 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 68 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان نے انسانی بنیادوں پر یوکرین میں بھارتی طلبہ کی مدد کی، شاہ محمود قریشی

میرپورخاص: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر یوکرین میں ’پریشان‘ بھارتی طلبہ کی مدد کی ہے۔
یہ انکشاف انہوں نے سندھ کے ضلع میرپورخاص میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر بات کی۔ شاہ محمود قریشی اس وقت کئی دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پی ٹی آئی کے ’حقوق سندھ مارچ‘ کی قیادت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ویڈیو ضرور دیکھی ہوگی جس میں پریشان بھارتی طلبہ کو پاکستانی سفارتخانے نے انہیں کھانا پیش کیا اور ان کی دیکھ بھال کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ طلبعلم تھے اور پریشانی اور دباؤ میں تھے اس لیے ہم نے انسانی بنیادوں پر ان کے لیے جو ممکن تھا وہ کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ انہوں نے پولینڈ، رومانیہ سمیت ہنگری نے پاکستان کو یوکرین سے تمام پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کا یقین دلایا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ طلبہ کی بڑی تعداد حفاظت کے ساتھ پہنچ گئی ہے اور جو رہ گئے ہیں ان کی وطن واپسی کےلیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے موجودہ صورتحال کو ایک ’چیلنج‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی ایمبیسی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

یوکرینی صدر کی پیوٹن کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ ہم دونوں کو پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے، یورپ فوری طور پر یوکرین کو نو فلائی زون قرار دے، فضائی حدود بند نہیں کرسکتے تو مجھے طیارے فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے بعد لیٹویا، لتھوینیا، اسٹونیا کی باری آئے گی، بچوں کو مردہ خانے میں نہیں ہونا چاہیے اور روسی مائیں اپنے بچے لے جائیں۔