All posts by Muhammad Saqib

آئندہ بھی عوام کو ریلیف دیتے رہیں گے: فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول و ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت ایک بڑے عوامی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے اور آئندہ بھی عوام کو ریلیف دیتے رہیں گے،قیمتیں کم کرنے پر بھی اپوزیشن کو اعتراض ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10,10روپے اور بجلی فی یونٹ 5 روپے کم کیے ہیں، عالمی سطح پر مہنگائی ہوئی تو امریکا،یورپ، برطانیہ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی کا 40سالہ ریکارڑ ٹوٹ گیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پٹرول فی بیرل 40 ڈالر سے 111ڈالر، خوردنی تیل 400 ڈالر سے 1300 ڈالر فی ٹن، کوئلہ 40 ڈالر سے 200 ڈالر پر پہنچ چکا ہے، دنیا میں ہونے والی مہنگائی کا اثر حکومتوں اور عوام پر پڑا،امریکا میں مہنگائی کا 42 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے، ہمارا خیال تھا کووڈ 19 کے بعد حالات بہتر اور مہنگائی کی شرح کم ہوگی تو عوام کو ریلیف دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں لاجسٹک اور رانسپورٹیشن مہنگی ہوئی ہے، اسکے بھی اثرات ہیں، اسی صورت حال میں عمران خان نے عوام کو بوجھ ڈالنے کی بجائے ریلیف دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے پہلے بھی ٹیکسز کم کرنے سے حکومت 70ارب کا بوجھ خود برداشت کررہی تھی، ٹیکس وصولیاں بھی ریکارڈ ہیں، 8 ماہ میں 30فیصد ٹیکس زائد اکٹھے کیے ہیں، پہلے اپوزیشن آئی ایم ایف کے پاس جانے پر تنقید کررہی تھی اور اب قیمتیں کم کرنے پر بھی اپوزیشن کو اعتراض ہے، اپوزیشن منافقانہ رویہ ترک کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن منافقانہ رویہ ترک کرےعمران خان نے معیشیت کو دیوالیہ سے ٹیک آف پر پہنچا دیا، ہمارے وزیراعظم کے محلات نہیں، منی لانڈرنگ نہیں کی اور نہ ہی لوٹ مار کی، ، اپوزیشن جان چکی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کہیں جانے والی نہیں،یہ پانچ سال مکمل کرے گی اور آئندہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہی ہوگی۔

پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر مزید زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ایران نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا، مراد سعید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جبکہ دنیا میں عالمی وبا کے بعد سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستان میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی ترقی میں مزید مضبوط کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں: سعودی سفیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مزید مضبوط کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
سعودی سفیر نواف المالکی اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے ڈی جی کی وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بشمول سعودی تیل کی سہولت، جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق موخر ادائیگی کی بنیاد پر 1.2 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لئے سعودی تیل کی سہولت پر بات چیت ہوئی، سعودی آئل فیسیلٹی کے تحت پہلا آئل ٹینکر مارچ 2022ء کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آنے کی توقع ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر برائے اقتصادی امور نے پاکستان کی سماجی، اقتصادی ترقی کے لئے ایس ای ڈی کی تکنیکی اور مالی معاونت کو سراہا جبکہ وفاقی وزیر نے تمام رکاوٹیں دور کرکے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موخر ادائیگی کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد شروع ہوچکی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق سعودی سفیر نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 3 افراد شہید، 25 زخمی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا کے باعث ڈی ایس پی سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دھماکے میں کرائم برانچ کے ڈی ایس پی اجمل سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ کر معلومات اکھٹی کر رہے ہیں اور فی الحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

یورپی یونین نے روس کے 7 بینکوں کو سوئفٹ بینکنگ نیٹ ورک سے نکال دیا

برسلز: (ویب ڈیسک) مغربی ممالک کی جانب سے روس پر مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہیں اور یورپی یونین نے روس کے 7 بینکوں کو سوئفٹ بینکنگ نیٹ ورک سے نکال دیا ہے جن میں روس کا دوسرا بڑا بینک “وی ٹی بی بینک ” بھی شامل ہے، ماسکو سے تیل اور گیس کی خریداری کے لئے یورپی یونین نے روس کے دوبینکوں کو سوئفٹ سسٹم میں برقرار رکھا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی ممالک کے بلاک نے روس کے سرکاری میڈیا کی نشریات بند کردی ہیں جبکہ برطانوی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ پیوٹن پر یوکرین سے افواج نکالنے کے لئے زور دیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے یوکرینی شہریوں کے لئے ویزہ فری انٹری ختم کردی ہے جس کے بعد یواے ای آنے کے خواہشمند یوکرینی شہریوں کو پہلے ویزہ لینا ہوگا۔
ادھرعالمی ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ یوکرین سے لوگوں کی بڑے پیمانے پر ہجرت جاری ہے، اب تک 8 لاکھ 36 ہزار افراد یوکرین سے باہر نقل مکانی کرچکےہیں اور پولینڈ میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد مہاجرین موجود ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتیں، سعودی عرب کی چاندی ہوگئی

ریاض: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں سے سعودی عرب کی چاندی ہوگئی۔
خبرایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی کمپنی ارامکو کے شیئرز میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے، کمپنی کے شیئرز کی قیمت 11 اعشاریہ 4 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے یوکرینی شہریوں کے لئے ویزہ فری انٹری ختم کردی ہے جس کے بعد یواے ای آنے کے خواہشمند یوکرینی شہریوں کو پہلے ویزہ لینا ہوگا۔

روسی افواج کو یوکرین میں پہلی بڑی کامیابی مل گئی، اہم شہر پر قبضہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی افواج کو یوکرین میں پہلی بڑی کامیابی مل گئی اور روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے شہر خیرسون پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق خیرسون شہر پر روسی افواج کا قبضہ ہے، یہ دعویٰ سچ ثابت ہوا تو یہ روس کے قبضے میں جانے والا اب تک کا سب سے بڑا شہر ہوگا، تاہم خیرسون کے میئر نے روسی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گلی گلی لڑائی جاری ہے۔
یوکرین کی وزارت دفاع سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک جنگ میں روس کے 5 ہزار 840 فوجی مارے جا چکے ہیں، یوکرینی افواج نے 30 روسی طیارے،31 ہیلی کاپٹرز بھی مار گرائے، 211 روسی ٹینک، 862 بکتر بند گاڑیاں، 85 آرٹلری سسٹم بھی تباہ ہوئے۔
یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں شدید لڑائی جاری ہے، خارکیف کے مئیر کا کہنا ہے کہ روسی بمباری سے 21 افراد ہلاک، 112 زخمی ہوئے، شہر کا مکمل کنٹرول اب بھی یوکرینی حکام کے ہاتھ میں ہے۔

پشاور: ڈیوٹی ختم کر کے گھر جانے والی لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر قتل

پشاور: (ویب ڈیسک) ڈیوٹی ختم کر کے گھر جانے والی لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر ٹارگٹ کلنگ کا شکارہو گئی۔
لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر اقرا ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہی تھی کہ اس دوران گڑھی حمزہ کے قریب نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ سے خاتون پولیس ورکر شدید زخمی ہوگئی اور ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔
پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کرکے جائے وقوعہ سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرکے مزید شواہد اکھٹے کرنا شروع کردئیے جبکہ علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان کر دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے ساتھ کھیلی جانے والی بینو قادر ٹرافی کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔
انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا۔اس کے علاوہ زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے۔پرزینٹر نیرولی میڈوزصرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ایونٹ کی کوریج کے دوران کُل 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔اس دوران ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور ایلٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔