All posts by Muhammad Saqib

امریکی ماڈل بیلا حدید کی بھارت میں حجاب پر پابندی کی مذمت

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ماڈل بیلا حدید نے بھارت میں حجاب پر پابندی کی سوشل میڈیا پر مذمت کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر امریکی ماڈل نے لکھا کہ بھارت، فرانس، بیلجیم سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک جو خواتین کیخلاف فیصلے کرتے ہیں میں ان سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ غور کریں، یہ آپ کی ذمہ داری نہیں ہے کہ آپ خواتین کو بتائیں وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں۔
بیلا حدید نے مزید لکھا کہ فرانس میں خواتین کو اسکول میں سر ڈھکنے کی اجازت نہیں، نہ ہی کھیلوں میں حصہ لینے کی۔
انہوں نے کہا کہ فرانس میں آپ حجاب پہن کر سرکاری نوکری نہیں کر سکتے نہ ہی اسپتالوں میں کام کر سکتے ہیں۔ انٹرن شپ حاصل کرنے کے لیے زیادہ تر یونیورسٹی کہیں گی کہ اس کے لیے ایک ہی طریقہ ہے کہ حجاب اتار لیا جائے۔
امریکی ماڈل نے کہا کہ کسی آدمی کے لیے 2022 یعنی آج کے دور میں یہ سوچنا کہ وہ ایک عورت کے لیے فیصلہ کرسکتا ہے، صرف ہنسنے کی بات نہیں بلکہ ذہنی فتور بھی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں خواتین کے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر پابندی لگانے کے خلاف ہندو انتہاپسندوں کی تحریک جاری ہےجس کے خلاف دنیا بھر میں خواتین اظہار یکجہتی کررہی ہیں۔

میڈیا پر قدغنوں کو مسترد کرتے ہیں، جابرانہ طرزِ حکومت کسی صورت قبول نہیں، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس حکومت کا آزادی اظہارپر پابندی کا فاشسٹ ہتھکنڈا ہے۔ حکمران چاہتے ہیں کہ عوام بھیڑ بکریاں بن کر رہیں، کوئی اس پر تنقید نہ کرے۔ میڈیا پر قدغنوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں، جابرانہ طرزِ حکومت کسی صورت قبول نہیں، حکمران اپوزیشن اور عوام کو کارنر نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہدکرے گی۔ حکمرانوں کو تنقید برداشت نہیں تو گھر چلے جائیں۔
منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے ایوانِ صدر کو آرڈیننسز کی فیکٹری میں تبدیل کر دیا۔ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 181میں ترمیم کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن کو چرانے کے لیے تمام حربے استعمال کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے ای وی ایم کے ذریعے الیکٹرانک دھاندلی کی بنیاد رکھی۔ ملک میں آزادی اظہار پر پابندی، الیکشن میں دھاندلی کی بنیادیں رکھی جا رہی ہیں، ایسا جاری رہا تو جمہوریت صرف نام کی ہی رہ جائے گی۔
انہوں نے کہا بدقسمتی سے 73برسوں میں ملک میں جمہوری اقدار مضبوط نہیں ہو سکیں۔ سیاسی جماعتوں پر چند گھرانوں کے قبضے ہیں۔ ملک میں انصاف اور قانون نام کی چیزیں صرف ڈکشنریوں تک محدود ہو گئیں۔ عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ظلم اور ناانصافی کے خلاف تب تک جدوجہد جاری رہے گی جب تک پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست نہ بنا لیں۔
سراج ا لحق نے کہا کہ حکومت ہر میدان میں ناکامیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے۔ پونے چار سال میں پی ٹی آئی حکومت نے ایک قدم بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نہیں اٹھایا۔ وزیراعظم نے کوئی وعدہ ایسا نہیں کیا جو پورا کیا ہو، وہ ہر روز قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کر دیا اور ایوانِ صدر کے ذریعے ہی کام چلایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ملک میں لا اینڈ آرڈر، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کی صورت حال انتہائی تشویش ناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ غیر ملکی اداروں سے دھڑا دھڑ سود پر قرضے لیے جا رہے ہیں۔ ملکی خودمختاری کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا۔ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف نے جو کہا حکومت نے بے چوں چراں عمل درآمد کرتے ہوئے قوانین بنا ڈالے۔ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عام آدمی پر عرصہ حیات تنگ ہو چکا ہے۔ لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، لاکھوں بچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جاتے۔ غریب آدمی کو ہسپتال سے ڈپریشن کی گولی تک فری نہیں ملتی۔

ٹویٹر پر بندش کے بعد ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ لانچ کردی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر اور یوٹیوب پر پابندی کے بعد ’’ٹروتھ‘‘ یعنی سچائی کے نام سے اپنی سوشل میڈیا ایپ لانچ کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوری 2021 میں امریکی کانگریس کی عمارت پر ٹرمپ کے مشتعل حامیوں کے حملے بعد ٹویٹر اور یوٹیوب نے سابق صدر کا اکاؤنٹ حذف کردیا تھا۔
سماجی رابطے کی پلیٹ فارمز نے الزام ڈونلڈ ٹرمپ پر اپنے حامیوں کو اکسانے کے لیے اشتعال انگیز پوسٹیں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر سابق صدر نے اپنی سوشل میڈیا ایپ لانے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے اعلان پر عمل کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل موبائل فونز کے صارفین کے لیے ایک ایپ متعارف کرادی ہے۔ ٹرتھ سوشل نامی ایپ کو ایپل کے ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
تجرباتی مرحلے کے دوران صارفین اس ایپ کو صرف اسی صورت میں ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جب انھیں اس ایپ کا رجسٹرڈ صارف شمولیت کی دعوت کے لیے لنک فراہم کرے۔
یہ ایپ ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کے توسط سے لانچ کی گئی ہے تاہم اکثر صارفین نے شکایت کی ہے کہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان کل ایک اور ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد دو بڑی سیاسی پارٹیوں کے درمیان قربت آنے لگی، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے درمیان ایک اور ملاقات ہو گی۔
سیاسی منظر نامے پر ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے، سابق صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان منگل کو ایک اور ملاقات ہو گی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بلاول ہاؤس لاہور میں ہو گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال ،عدم اعتماد کی تحریک پر پیش رفت بارے بات چیت ہوگی جبکہ دونوں رہنما ملاقات میں حکومت مخالف لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔
خیال رہے کہ 5 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن میں لیگی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کو ’نہ گھبرانے ‘ کا پیغام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب ہم حکومت میں آئے تو حالات بہت برے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا لہٰذا مجھے اپنی کابینہ کو کہنا پڑتا تھا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی ای تجارت پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تبدیلی آگئی ہے، عون عباس بپی کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کام وہی کرسکتا تھا جس میں جنون تھا۔ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مراعات دے رہے ہیں۔ دنیا کا مستقبل بہت تیزی سے ڈیجیٹیلائزیشن کی طرف جا رہا ہے اور ٹیکنالوجی کا انقلاب ہمارے ملک، نوجوانوں کو ہرگز نہیں مس کرنی چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اگلے چند سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی 50ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں بلکہ ایک سے دو سالوں میں تھوڑے سے کام کی بدولت یہ ایکسپورٹ دو ارب سے پونے چار ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مراعات دے رہے ہیں اور آپ کے سامنے جتنی بھی رکاوٹیں ہیں ان کو ہٹاتے جائیں گے تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کر سکیں اور وہ ٹیکنالوجی کے انقلاب کا پورا فائدہ اٹھائیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے حکومت میں آنے کے بعد جو جملہ سب سے زیادہ استعمال کیا وہ تھا گھبرانا نہیں ہے، جب ہم حکومت میں آئے تو حالات بہت برے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا لہٰذا مجھے اپنی کابینہ کو کہنا پڑتا تھا آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے، مجھے اندازہ تھا مشکل وقت سے گزریں گے، مجھے اپنی ٹیم کی فکرتھی، اس لیے کہتا تھا گھبرانا نہیں۔ کرکٹ ٹیم میں دورہ ویسٹ انڈیز جانے سے قبل اپنی ٹیم کو کہتا تھا گھبرانا نہیں۔
پولیو سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کو پاکستان دورے کی دعوت دی، بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے بہت مدد کی، پچھلے ایک سال میں پولیوکا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ وقاریونس کوبولنگ کرتے دیکھا تو اسے ٹیسٹ کرکٹ میں موقع دیا، اب ہم پاکستان کا کرکٹ سٹرکچرتبدیل کررہے ہیں، آنے والے دنوں میں پاکستان کی ٹیم کو ہرانا مشکل ہوجائے گا، اسی طرح ہرشعبے میں سسٹم کوبہترکرنا ہوگا، پاکستان میں تعلیم کے الگ الگ معیارہے، ہمارا تعلیم کا سسٹم ہی عوام کو اوپر نہیں آنے دیتا، پانچویں کلاس تک یکساں نصاب لائے ہیں آہستہ آہستہ اوپرلیکرجائیں گے۔ پاکستانی قوم کوجب بھی موقع ملا اس نے خود کومنوایا۔

ضابطہ اخلاق میں تبدیلی، الیکشن کمیشن کا آرڈیننس پر اٹارنی جنرل سے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے آرڈیننس پر اٹارنی جنرل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حکومتی آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا جبکہ قانونی ٹیم نے آرڈیننس کے مختلف قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے آرڈیننس میں آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں، اس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں لیگل ٹیم جلد اٹارنی جنرل سے ملاقات کرے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کرکے ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔

پی ایس ایل7: پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جس میں آج کے میچ کے لئے لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی اور پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کررہے ہیں۔

پرویز الٰہی سے سوئس سفیر کی ملاقات، سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سوئٹزر لینڈ کے سفیربین ڈکٹ ڈی سرجیٹ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے اسمبلی چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں معاشی، تجارتی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں خصوصاً میڈیسن، کلینیکل سائنس، سائیکالوجی اور اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے شعبوں میں روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس پر کام کرنے کے بے شمار مواقع میسر ہیں، ملک میں پانی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں ہائیڈل بجلی کے تناسب کو بڑھانے کیلئے پانی اور پن بجلی کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، ہائیڈل پاور کے دس ڈیمز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوکل باڈیز پر الیکشن کی قانون سازی میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اعتماد میں لیا ہے، پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے، سوئٹزرلینڈ کے ساتھ باہمی تعاون خصوصاً تعلیم، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اضافہ کیا جائے۔
سوئٹزر لینڈ کے سفیربین ڈکٹ ڈی سرجیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑا خوبصورت ملک ہے، یہاں پر تعیناتی میرے کیریئر کا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔ بعدازاں سوئس سفیر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کیا۔

یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تسلسل تشویشناک ہے، بھارت، عالمی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے اور یورپی یونین کو ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔
یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق نے وزارت خارجہ آمد کے موقع پر شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے گلمور کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔
وزیر خارجہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یورپی یونین کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داروں میں ہوتا ہے، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ ایس ای پی میں شامل ماحولیاتی تبدیلی، سیکورٹی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سمیت ہماری حکومت کا سماجی و اقتصادی ایجنڈا، جی ایس پی پلس سکیم کے ساتھ مماثلت رکھتا ہے، پاکستان، جی ایس پی پلس سے متعلقہ 27 کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے، یورپی کمیشن کے مانیٹرنگ مشن کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جو مارچ 2022 میں متوقع ہے۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم مخالف فسادات کا خدشہ

کرناٹک: (ویب ڈیسک) حجاب تنازع کے بعد بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر شیوا موگا میں مسلم مخالف فسادات کا خدشہ سر اٹھانے لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسندوں کے جھتے گلی گلی مارچ کرنے لگے، انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی دکانوں پر پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے کارکن کو نامعلوم افرادنے چاقو کےوار کرکے قتل کیا تھا، انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو قتل کا ذمہ دار قرار دے کر اشتعال انگیزی کا آغاز کردیا جبکہ کرناٹک کے وزیر نے مسلمانوں کو “غنڈہ “قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے اجتماع پر پابندی کے باوجود انتہا پسند سڑکوں پر موجود ہیں۔