All posts by Muhammad Saqib

ضابطہ اخلاق میں تبدیلی، الیکشن کمیشن کا آرڈیننس پر اٹارنی جنرل سے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے آرڈیننس پر اٹارنی جنرل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حکومتی آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا جبکہ قانونی ٹیم نے آرڈیننس کے مختلف قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے آرڈیننس میں آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں، اس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں لیگل ٹیم جلد اٹارنی جنرل سے ملاقات کرے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کرکے ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔

پی ایس ایل7: پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جس میں آج کے میچ کے لئے لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی اور پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کررہے ہیں۔

پرویز الٰہی سے سوئس سفیر کی ملاقات، سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سوئٹزر لینڈ کے سفیربین ڈکٹ ڈی سرجیٹ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے اسمبلی چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں معاشی، تجارتی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں خصوصاً میڈیسن، کلینیکل سائنس، سائیکالوجی اور اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے شعبوں میں روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس پر کام کرنے کے بے شمار مواقع میسر ہیں، ملک میں پانی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں ہائیڈل بجلی کے تناسب کو بڑھانے کیلئے پانی اور پن بجلی کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، ہائیڈل پاور کے دس ڈیمز پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوکل باڈیز پر الیکشن کی قانون سازی میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اعتماد میں لیا ہے، پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے، سوئٹزرلینڈ کے ساتھ باہمی تعاون خصوصاً تعلیم، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اضافہ کیا جائے۔
سوئٹزر لینڈ کے سفیربین ڈکٹ ڈی سرجیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑا خوبصورت ملک ہے، یہاں پر تعیناتی میرے کیریئر کا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔ بعدازاں سوئس سفیر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کیا۔

یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تسلسل تشویشناک ہے، بھارت، عالمی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے اور یورپی یونین کو ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔
یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق نے وزارت خارجہ آمد کے موقع پر شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے گلمور کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔
وزیر خارجہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یورپی یونین کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داروں میں ہوتا ہے، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ ایس ای پی میں شامل ماحولیاتی تبدیلی، سیکورٹی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سمیت ہماری حکومت کا سماجی و اقتصادی ایجنڈا، جی ایس پی پلس سکیم کے ساتھ مماثلت رکھتا ہے، پاکستان، جی ایس پی پلس سے متعلقہ 27 کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے، یورپی کمیشن کے مانیٹرنگ مشن کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جو مارچ 2022 میں متوقع ہے۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم مخالف فسادات کا خدشہ

کرناٹک: (ویب ڈیسک) حجاب تنازع کے بعد بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر شیوا موگا میں مسلم مخالف فسادات کا خدشہ سر اٹھانے لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسندوں کے جھتے گلی گلی مارچ کرنے لگے، انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی دکانوں پر پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے کارکن کو نامعلوم افرادنے چاقو کےوار کرکے قتل کیا تھا، انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو قتل کا ذمہ دار قرار دے کر اشتعال انگیزی کا آغاز کردیا جبکہ کرناٹک کے وزیر نے مسلمانوں کو “غنڈہ “قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے اجتماع پر پابندی کے باوجود انتہا پسند سڑکوں پر موجود ہیں۔

عابد علی کی کامیاب ہارٹ سرجری کے بعد میدان میں واپسی

لاہور: (ویب ڈیسک) عارضہ قلب کے شکار ٹاپ آرڈر بلے باز عابد علی کی کامیاب ہارٹ سرجری کے بعد میدان میں واپسی ہو گئی ہے۔
37 سالہ قومی بلے باز عابد علی نے عارضہ قلب کو چھکا لگا کر باہر پھینک دیا، کامیاب ہارٹ سرجری کے بعد میدان کا رخ کر لیا، قومی کرکٹر نے ہلکی پھلکی رننگ شروع کر دی ہے ۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بہت جلد ٹریننگ شروع کر دیں گے، ٹاپ آرڈر بلے بازقائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلتے ہوئے دل کی تکلیف کے باعث زیر علاج رہے ۔

وزیراعظم عمران خان سے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
چیئر مین سینیٹ کی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور حکومت کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کے پیکج اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کی یقین دبانی کرائی۔

فیک نیوز کی تعریف کالے قانون میں نہیں، صرف کہنے سے گرفتاری ہو جائیگی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس اظہار رائے کی آزادی کو روکنے اور زباں بندی کے لیے لایا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی آرڈیننس تمام پاکستانیوں پر لاگو ہو گا لیکن سب سے پہلے یہ قانون عمران خان پر لاگو ہونا چاہیے اور جھوٹے الزامات پر عمران خان کو گرفتار کر کے دس سال سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اچانک آرڈیننس لانا سمجھ سے بالاترہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا 2016 کا قانون ہے جس میں آرڈیننس کے ذریعے ترامیم کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون میں بہتری لانا ضروری ہے۔
ن لیگ کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ موجودہ قانون میں سیکشن 20، 2 اور 43 میں ترامیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا گفتگو اس میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو یہ قانون پڑھنا بہت ضروری ہے۔
سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا قانون عمران خان کی 22 کروڑ عوام کو ذہنی غلام بنانے کی کوشش ہے اور اسی لیے ترامیم کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترامیم اس لیے کی گئیں کہ عمران خان کو تنقید برداشت نہیں ہے۔
ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کالا قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ جو حکومت نے بنایا اس پر تنقید قابل سزا جرم بنا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز تصور کر کے مقدمہ درج کرلیا جائے گا اور گرفتاری ہو جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیشک پانچ سال بعد فیک نیوز نہ نکلے تو یہ اس کی قسمت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ الزام کی کوئی تعریف بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے اس قانون کے تحت فیک نیوز کہہ دینے سے سزا ہو جائے گی۔

پی ڈی ایم نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ہونے والی قانون سازیوں کو مسترد کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ہونے والی قانون سازیوں کو مسترد کردیا۔
پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمداللہ کاکہنا ہے کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) صدارتی آرڈیننس ایک کالاقانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی جمہوریت کے منافی آمریت کی علامت ہے، دستوری ترامیم آرڈیننس کے ذریعے تبدیل کرناقبول نہیں۔

کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کروں گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کروں گا۔
وائی ایم سی گراونڈ میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا بڑھ جانا تشویشناک ہے، صورتحال سے خود اور حکومت کو بری الزمہ قرار نہیں دے رہا لیکن ملکی معاشی حالات کی وجہ سے بھی جرائم میں اضافہ ہوا ہے، افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہم بھی بھگت رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر کے امن و امان کے حوالے سے اجلاس طلب کیا ہے، جسمیں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے اور امن وامان کی بہتری کے لیے فیصلے کیے جائیں گے، اور پولیس کو آج مزید ہدایات دی جائیں گی، اگر پولیس کی کوئی کوتاہی ہوگی تو ان کو سزا بھی دی جائےگی، اطہر متین کی موت پر افسوس ہے، مجھے ہر حال میں عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا ہے، اس حوالے سے کچھ سخت اقدامات کروں گا، اجلاس میں ہونےوالےفیصلوں سےجلدآگاہ کردیا جائےگا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان سے صوبوں کو تقریبا نکال دیا گیا، کچھ عرصہ پہلے آئی جی کی مشاورت سے تبدیلی لائے تھے، کراچی پولیس سے کہا ہے کہ اپنی تجاویز میرے پاس لائیں، کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیےاقدامات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج دنیا میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، کراچی شہر میں ہر ملک کے شہری موجود ہیں، اور صوبے میں جو بھی مادری زبانیں بولی جاتی ہیں ان کا ہم احترام کرتے ہیں، ہم سندھ میں تمام بولی جانے والی زبانوں کی ترقی کیلئے کام کریں گے، ماحولیات کو تحفظ دینا بھی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔