All posts by Muhammad Saqib

95 سالہ ملکہ برطانیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وبا کے دوران اپنے محل تک محدود ہو جانے اور عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کے باوجود ملکہ برطانیہ کورونا وبا میں مبتلا ہوگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شاہی محل سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ معمولی علامات ظاہر ہونے پر 95 سالہ ملکہ ایلزبتھ دوم کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ میں معمولی نوعیت کی علامات ہیں جب کہ ان کی مجموعی صحت کافی بہتر ہے اور وہ شاہ محل قلعہ ونڈسر میں مقیم ہیں جہاں ماہر معالجین ان کی دیکھ بحال کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔
شاہی محل سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملکہ برطانیہ نے اپنی عوامی سرگرمیاں منسوخ کردیں اور صرف ضروری کاموں کی انجام دہی میں خود کو مشغول رکھا ہے۔
ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم نے چند روز قبل ہی ملک کے آئندہ بادشاہ اور ملکہ کے ناموں کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا اور اس سے شاہی محل کے اگلے وارثوں کے بارے میں جاری چہ مہ گوئیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ اپنی صحت اور غذا کا نہایت خیال رکھنے والی ملکہ برطانیہ نے کورونا وبا کے ابتدا میں ہی خود کو شاہی قلعہ ونڈسر میں محدو کرلیا تھا اور اس دوران شاہی ریسیپی سے تیار کردہ اپنا ٹماٹو کیچپ اور براؤن ساس مارکیٹ میں متعارف کرایا تھا۔

آخری میچ میں بھی کراچی کنگز کو شکست،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 23 رنزسے فتحیاب

پاکستان سپر لیگ 7 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے شکست دےدی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کراچی کو جیت کے لیے167 رنز کا ہدف دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز:
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس میں اوپنر جیسن رائے نے 64 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے۔
ان کے علاوہ وِل سمیڈ نے 10، جیمز ونس نے 29 رنز بنائے، مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے 2، جب کہ افتخار احمد نے 21 اور حسن خان نے 3 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں لیگ سے دستبردار ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کی جگہ پاکستان کے انڈر 19 پلیئر محمد شہزاد کو شامل کیا تھا۔
کراچی کی جانب سے عماد وسیم، میر حمزہ، عثمان شنواری اور لیوس گریگری نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گروپ میں اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے۔
کراچی پہلے ہی باہر ہوچکا تھا جب کہ کوئٹہ کو پلے آف میں کوالیفائی کرنا کے لیے یہ میچ بھاری مارجن سے جیتنا تھا، اس کے علاوہ یہ بھی ضروری تھا کہ اسلام آباد آج شام ملتان سلطانز سے ہونے والا میچ ہار جائے۔

وسیم اکرم باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے

ورلڈکپ 1922 کی فاتح ٹیم کے اہم رکن اور پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم 20 فروری بروز اتوار کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے ہیں، انہوں نے 1985 سے 2003 پر مشتمل اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر میں 915 وکٹیں اور 6615 رنز اسکور کیے۔
آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈز نے باضابطہ طور پر انہیں پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرتے ہوئے ایک اعزازی ٹوپی اور ایک پلاک پیش کی، یہ تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے 28ویں میچ سے قبل منعقد کی گئی۔
وسیم اکرم کے علاوہ سابق کپتان عمران خان، عبدالقادر، فضل محمود، حنیف محمد، جاوید میانداد، وقار یونس اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ ہیں، ان تمام ارکان کو بھی آئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرلیا جائے گا۔
وسیم اکرم کا کہناہے کہ انہیں اس اعزاز کو سر ویوین رچرڈز کی جانب سےاپنے ہوم وینیوپر وصول کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سابق کھلاڑیوں کو سراہنے کے لیے اس اقدام پر پی سی بی کے معترف ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ 18 سالہ کیرئیر میں 460 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز تھا، اس دوران پھینکی گئی ایک ایک گیند اور بننے والا ایک ایک رن ان کے لیےبہت قیمتی ہے، وہ اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع ملنے پر رب تعالیٰ کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تمام فینز، دوستوں اور اہلخانہ کے مشکور ہیں جنہوں نے اس کیرئیر کے دوران ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
سر ویوین رچرڈزنے کہا کہ خوشی ہے کہ وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا موقع انہیں ملا ہے، وسیم اکرم کے ساتھ ان کی پہلی ملاقات 1984 میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی، انہیں خوشی تھی کہ وہ اپنے کیرئیر میں ان کا زیادہ سامنا نہیں کریں گے۔
انہیں واضح طور پر یاد ہے کہ وہ اس وقت ہی اپنی ٹیم کے جونیئر ساتھیوں سے کہا کرتے تھےکہ وسیم اکرم اپنے دور کے بیٹرز کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور وسیم اکرم نے بھی انہیں درست ثابت کیا، وسیم اکرم کھیلوں کے ایک بہترین ایمبیسڈر اور ایک شاندار کرکٹر تھے۔

بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ نظر آیا، مولانا فضل الرحمان

ہنگو: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اصل چہرہ نظر آیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ہنگو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نےدھاندلی کر کے حکومت کی لیکن بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ کہاں گئے وہ جو کہتے تھے کہ 50 لاکھ گھر دیں گے لیکن آپ نے تو 50 لاکھ گھر دیئے نہیں بلکہ گرائے ہیں۔ قیام پاکستان سے اب تک دی گئی نوکریوں کی تعداد بھی ایک کروڑ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث یہ دن آیا کہ لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور مہنگائی کے باعث مریض ادویات نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست انبیا کا وظیفہ ہے اور سیاست حدیث سے ثابت ہے۔ جہاں معیشت تباہ ہو، مہنگائی ہو، تو بدامنی آتی ہے اور جہاں بھوک ہو وہاں بد امنی تو ہو گی۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت فحاشی اور بد اخلاقی کا سیلاب لے کر آئی۔ پی ٹی آئی کی حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کر دیا۔

دنیا کے 139 مہنگے ممالک میں پاکستان آخری نمبر پر ہے، شوکت ترین

اسلام آباد:  وزیر خزانہ شوکت ترین نے دنیا کے 139 مہنگے ممالک میں سے پاکستان کو سب سے آخری یعنی 139ویں نمبر پر قرار دے دیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے یہ بات اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہی۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کرایا جس میں مہنگائی کے اعتبار سے 139 ممالک کے نام دیے گئے ہیں اور اس میں پاکستان کا سب سے آخری 139واں نمبر ہے۔

فہرست میں برمودا، سوئزرلینڈ اور ناروے کو بالترتیب مہنگے ترین ممالک قرار دیا گیا ہے جب کہ بھارت 138 ویں، افغانستان 137 ویں، نیپال 136 ویں اور سری لنکا 135 ویں نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں چین 84 اور ایران 87 نمبر پر ہیں۔

عمران خان کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے،انکےاراکین ہم سے رابطہ کرر ہے،خواجہ آصف

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جنرل الیکشن کسی وقت بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ سال الیکشن کاسال محسوس ہورہا ہے۔اگلے دو تین ہفتے میں سب کچھ واضح ہوجائے گا
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے۔ان کے اراکین ہم سے رابطہ کرر ہے ہیں۔ تاکہ کوئی منصوبہ بنائیں اور اسکی حکومت ختم کریں۔
انہوں نے کہا سروے کے مطابق نواز شریف مقبولیت میں تین صوبوں میں برتری پر ہے۔یہ سچ کی فتح ہے کہ عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عنقریب نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔ اگر نواز شریف کے ساتھ عوام ہیں تو انہیں اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا۔عمران خان جواب دہ ہو گا۔عمران خان کا اصل چہرہ مکمل طور پر عیاں ہوجائے گا۔عمران خان کے ہاں لوٹوں اور لٹیروں کی اہمیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان سلطان راہی والے ڈائیلاگ بول رہے تھے کہ چوروں ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑوں گا۔عمران خان خود دو نمبر ہے۔عمران خان بھی چور ہے اور اسکے ساتھی بھی لٹیرے ہیں۔جب تک ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوگی چور آتے رہیں گے۔

بحیرہ روم؛ سخت سردی میں تارکین وطن کی ٹھٹھر کر ہلاکت پر مصری اسمگلر گرفتار

روم: (ویب ڈیسک)
گزشتہ ماہ بحیرہ روم کے راستے لیبیا سے یورپی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش میں 7 تارکین وطن کھلے سمندر میں سخت سردی کے باعث ٹھٹھر کر ہلاک ہوگئے تھے جس پر مصر سے تعلق رکھنے والے ایک انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اچھے مستقبل کی تلاش میں یورپی ممالک میں داخل ہونے کے لیے بحیرہ روم کے انتہائی پُرخطر راستے پر خستہ حال کشتی میں سفر کرنے والے 300 سے زائد تارکین وطن میں سے 7 سخت سردی میں ٹھٹھر کر ہلاک ہوگئے تھے۔
ریسکیو ٹیم نے خستہ حال کشتی میں سے زندہ افراد کو اسپتال منتقل کیا تھا جو زندگی اور موت کی کشمکش میں تھے۔ اگر ریسکیو ٹیم بروقت نہ پہنچتی تو تمام مسافر اس سخت موسم میں ہلاک ہوجاتے۔
گزشتہ ماہ ہونے والی ان ہلاکتوں پر اٹلی پولیس نے اب انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک مصری ملزم کو گرفتار کر لیا جس پر رقم کے عوض تارکین وطن کو خستہ حال اور پرانی کشتی میں پُرخطر رستے کے ذریعے یورپی ممالک بھیجنے کا الزام ہے۔
سخت سردی میں ٹھٹھر کر ہلاک ہونے والے تارکین وطن کا تعلق بنگلادیش سے ہے جب کہ زندہ بچ جانے والوں میں بھی اکثر کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال ہزار سے زائد افراد روشن مستقبل کے لیے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک پہنچنے کی کوشش میں زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

بھارت میں حجاب نہ اتارنے پر 58 طالبات کو کالج سے نکال دیا گیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک)
بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب اتارنے کے حکم ماننے سے انکار پر کالج انتظامیہ نے 58 طالبات کی رجسٹریشن معطل کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے 5 سے زائد اضلاع کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس میں تیزی اس وقت آگئی جب ایک کالج کی انتظامیہ نے حجاب نہ اتارنے پر 58 طالبات کو کالج سے نکال دیا۔
طالبات نے کالج سے باہر شدید احتجاج کیا جس پر کالج انتظامیہ نے ان طالبات کی رجسٹریشن معطل کردی اور رجسٹریشن کی بحالی تک کالج میں داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔
کرناٹک میں دو ماہ سے حجاب پر پابندی کے باعث تعلیمی مدارس بند تھے تاہم تدریسی عمل شروع ہونے کے بعد بھی یہ تنازع اپنی جگہ کھڑا ہے۔ کرناٹک کی طالبات نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے جس پر اب تک فیصلہ نہیں آسکا ہے۔
عدالت میں حجاب پر پابندی کے خلاف درخواست دائر ہونے کے بعد باحجاب طالبات کے لیے علیحدہ کلاسوں کے انتظام کا کہا گیا تھا جس پر چند کالجز میں عمل بھی ہوا تاہم انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ پر یہ سلسلہ بند کردیا گیا۔
دوسری جانب حجاب پر پابندی اب کرناٹک سے نکل کر مدھیہ پردیش اور اترپردیش سمیت کئی ریاستوں میں پھیل گیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کی مہم بی جے پی نے چلائی ہے جو کرناٹک میں ہونے والے انتخابات میں ہندو ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کو جیت کے لئے 167 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک)
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لئے 167 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے 28ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور ول سمید نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ول سمید غلط شارٹ کھیلنے ہوئے 10 رنز بنانے کے بعد عثمان شنواری کی گیند پر لوئس گریگوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے بیٹسمین جیمز ونس نے جیسن روئے کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور 117 رنز کے مجموعی اسکور پر جیمز ونس 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
اگلے آنے والے بیٹسمین عمر اکمل بھی محض 2 رنز بنانے کے بعد واپس پویلین چلتے بنے جس کے بعد جیسن روئے شاندار 82 رنز بنانے کے بعد میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کنگنا نے عالیہ کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ کو ریلیز سے قبل فلاپ قرار دیدیا

ممبئی: (ویب ڈیسک)
کنگنا رناوت نے عالیہ بھٹ کی آنے والی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھا سکے گی۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری پر عالیہ بھٹ کی آنے والی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ کو اپنی طرف سے فلاپ فلم قرار دیا ہے۔ اداکارہ نے لکھا اس جمعہ کو باکس آفس پر 200 کروڑ روپے جل کر راکھ ہوجائیں گے ۔ کنگنا نے عالیہ پر طنز کرتے ہوئے انہیں پاپا کی پری بھی کہا جو کہ برطانوی پاسپورٹ رکھنا پسند کرتی ہے۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں فلم کا نام لیے بغیر اس کی کاسٹنگ پر اعتراض اٹھایا اور کہا فلم کی سب سے بڑی خرابی اس کی غلط کاسٹ ہے، یہ نہیں سدھریں گے۔ جب تک مووی مافیا کے پاس طاقت ہے بالی ووڈ کی تباہی مقدر ہے۔
واضح رہے کہ اس جمعہ یعنی 25 فروری کو عالیہ بھٹ کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔ بالی ووڈ کے مایا ناز فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ میں اداکارہ عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جو کہ 1960 کی دہائی کے دوران ممبئی کے ریڈ لائٹ ایریا کماٹھی پورہ کی سب سے زیادہ طاقتور خواتین میں سے ایک تھیں۔