All posts by Muhammad Saqib

زائرہ وسیم نے بھارت میں حجاب پر پابندی کو ناانصافی قرار دے دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک)
سابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا ہے۔
زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلم خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مسلم خواتین اور حجاب کی حمایت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسلام میں حجاب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ایک فریضہ ہے۔ اسی طرح جب ایک عورت حجاب پہنتی ہے تو وہ اس فریضہ کو پورا کررہی ہوتی ہے جو اسے اس کے اللہ نے دیا ہے جس سے وہ محبت کرتی ہے اور اپنی محبت کے اظہار میں وہ بتارہی ہوتی ہے کہ اس نے اپنے آپ کو اس کے سپرد کردیا ہے۔
زائرہ وسیم نے خود کو مثال کے طور پیش کرتے ہوئے لکھا میں ایک عورت کے طور پر جو کہ شکرگزاری اور عاجزی کے ساتھ حجاب پہنتی ہوں اس پورے نظام کی مخالفت کرتی ہوں جہاں خواتین کو صرف ایک مذہبی وابستگی کی وجہ سے روکا اور ہراساں کیا جارہا ہے۔ مسلم خواتین کے خلاف تعصب کو فروغ دینا اور ایسا نظام قائم کرنا جہاں انہیں تعلیم اور حجاب میں سے ایک کو منتخب کرنا اور دوسرے سے دستبردار ہونا ہو سراسر ناانصافی ہے۔
زائرہ وسیم نے ہندو انتہا پسندوؤں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا آپ انہیں (مسلم خواتین کو) ایک بہت ہی محدود انتخاب کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ آپ کے ایجنڈا کو فروغ دیتا ہے اور پھر ان پر تنقید بھی کررہے ہیں جب کہ وہ آپ ہی کے ذریعہ بنائی گئی چیزوں میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں حکومت کی جانب سے اسکول اور کالجوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف کئی مشہور شخصیات نے آواز اٹھائی ہے جن میں سونم کپور، شبانہ اعظمی، سوارا بھاسکر اور جاوید اختر شامل ہیں جب کہ اداکارہ کنگنا رناوت نے ہمیشہ کی طرح تعصب پسندی کا اظہار کرتے ہوئے حجاب کے خلاف بیان دیا ہے۔

بولیویا کے شہری کو گھر پر شیطانی مجسمے بنوانا مہنگا پڑگیا

بولیویا: (ویب ڈیسک)
بولیویا کے ایک کانکن نے سینگوں والی شیطانی کھوپڑیاں اور دیگر پراسرار جانور اپنے گھروں کی دیواروں پر تعمیر کئے تھے۔ لیکن اب مقامی افراد اس سے خوف کھانے لگے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ شاید اس گھر میں جادوئی اور شیطانی عمل بھی ہوتے ہیں۔
یہ مکان ایل ایلٹو نامی شہر میں قائم کیا گیا ہے جو بلندی پر واقع ہے۔ ڈیوڈ شوک نامی کان کن نے اپنے مکان کی تعمیر کے بعد ایک فنکار کو بلایا اور اس سے کہا کہ گھر کی دیواروں، دروازوں اور چھت پر لکڑی اور سیمنٹ سے بنے خوفناک شیطانی مجسمے بنائے۔
ان میں انسانی کھوپڑیوں پر سینگ بھی بنوائے گئے جو دیو نما شبیہہ ظاہر کرسکیں۔ اسی طرح دروازے پر اژدہے اور ڈریگن کاڑھے گئے ہیں۔
ڈیوڈ کا مؤقف ہے کہ وہ ان مجسموں سے وہ ہولناک ظلم دکھانا چاہتے ہیں جب اسپینی غاصب حکمرانوں نے چاندی کی تلاش کے لیے یہاں حملہ کیا اور کانوں میں کام کرنے والے غریب کانکنوں پر بہت ظلم کیا کرتے تھے۔ اس نے بتایا کہ ہسپانوی نوآبادیات میں یہاں کے لوگوں کو بہت ڈرایا گیا تھا اور یہ تعمیر اسی کی نشانی ہے۔
اسپین نے بولیویا پر تین سوسال تک حکومت کی تھی اور وہ یہاں سے چاندی لوٹ کر لے جاتے رہے تھے۔ ہسپانوی حکمران اس وقت کانکنوں کو خوفناک پتلوں اور شیطانی اشکال سے ڈرایا کرتے تھے۔
لیکن مقامی افراد اس مکان سے خوفزدہ ہیں اور بعض نے کہا ہے کہ ڈیوڈ شاید سفلی علم کے ماہرہیں اور شیطانی عمل کرتے ہیں۔
دوسری جانب ڈیوڈ نے کہا ہے کہ اس کا شیطانی عمل سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ یہاں آنے والے سیاحوں کو ہسپانوی نوآبادیاتی مظالم دکھانا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق مجسمے اچھائی کی علامت ہیں ناکہ کسی شیطانی عمل کو ظاہر کرتے ہیں۔
تاہم ڈیوڈ کی ایک پڑوسی خاتون ماریہ نے بتایا کہ اس نے گھرسے عجیب وغریب منتروں کی آوازیں سنی ہیں۔ لیکن ڈیوڈ اس سے انکاری ہیں۔

فضائی آلودگی گردوں کوکئی طرح سے تباہ کرسکتی ہے

لندن: (ویب ڈیسک)
فضائی آلودگی کے خوفناک جسمانی اثرات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اب ایک تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ یہی آلودگی گردوں کے لیے بھی بہت تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔
اگرچہ کئی مطالعوں سے ثابت ہوچکا ہے کہ فضائی آلودگی میں موجود پی ایم 2.5 نامی ذرات پھیپھڑوں اور گردوں کے لیے مضر ثابت ہوچکے ہیں لیکن اب سائنس نامی جرنل کے ایک ذیلی جرنل ’سائنس پارٹنر‘ میں ایک اہم رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ لیکن واضح رہے کہ یہ سارے تجربات ایک لیبارٹری میں کئے گئے ہیں۔
امپیریئل کالج لندن کے اسکول آف ہیلتھ کے سائنسداں یقون ہان نے تجربہ گاہی تحقیق کے بعد کہا ہے کہ اگر کوئی شخص طویل عرصے تک پی ایم 2.5 ذرات سے بھرپور فضائی آلودگی میں رہے تو اس سے گردوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اب اگر اسی آلودگی کو کم کیا جائے تو گردوں کی صحت بہتر ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سائنسدانوں نے چین میں ہونے والی تحقیق میں 5115 ایسے افراد کا جائزہ لیا جو مختلف علاقوں میں رہ رہے تھے اورتجربہ گاہ میں بھی ان کے بعض ٹیسٹ لئے گئے تھے۔ معلوم ہوا کہ سال 2011 سے 2015 کے درمیان کئی افراد پی ایم 2.5 ذرات والی فضا میں سانس لے رہے تھے اور عین اسی دوران ان کے گردے کی کارکردگی متاثر دیکھی گئی۔
اس کے بعد سائنسدانوں نے کہا کہ اگر پی ایم 2.5 کی مقدار میں 10 مائیکروگرام فی مکعب میٹر کمی کی جائے تو اس سے گردوں کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گردوں کی فلٹریشن بہتر ہوتی ہے ۔ جبکہ بلڈ یوریا نائٹروجن کی مقدار بھی بہتر دیکھی گئی۔
اس تحقیق نے چین نے فضائی آلودگی کم کرنے کے کئی طریقوں پر کام کیا اور اب دنیا بھر میں اس طریقے سے عوام کے گردوں کو تندرست رکھا جاسکتا ہے۔

پانی میں آلودگی بتانے والا دستی ڈی این اے کمپیوٹر

الینوائے: (ویب ڈیسک)
دنیا بھر میں آلودہ پانی کی شناخت کرنے والے بہت سے فلٹرموجود ہیں لیکن اب اصل ڈی این اے کی بنیاد پر ایک بہت دلچسپ واٹرسینسربنایا گیا ہے لیکن وہ آلودگی کا اظہار کمپیوٹر کی زبان میں کرتا ہے۔
الینوائے کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے جولیئس لکس نے ڈی این سے حیاتیاتی کمپیوٹر کے تحت کام کرنے والا سینسر بنایا ہے جو بہت کم خرچ اور سادہ ہے۔ ایک جانب تو یہ آبی آلودگی ظاہر کرنے والا سادہ سینسر ہے تو دوسری جانب اس سے حیاتیاتی کمپیوٹر سازی میں بھی پیشرفت ہوگی۔
پانی کے صرف ایک قطرے سے یہ آلودگی شناخت کرسکتا ہے۔ اس میں ایک تبدیل شدہ پروٹین کا ڈی این اے ملایا گیا ہے جو آلودہ کیمیا اجزا کی موجودگی میں روشنی کے سالمات خارج کرتا ہے۔ اس طرح صرف دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پانی کا نمونہ کسقدر گندا ہے۔
پہلے فلٹر میں زندہ بیکٹیریا شامل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ لیکن اس کی انجینیئرنگ سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ بیکٹیریا کو سرگرم رکھنا بہت مشکل تھا۔ اس کےبعد مصنوعی (سنتھے ٹِک) حیاتیات پرغورکیا گیا۔
اب یہ جدید ترین سینسر کمپیوٹر تبدیل شدہ ڈی این اے کی بدولت شاندار نتائج فراہم کرتا ہے اور پانی میں موجود خطرناک کیمیائی اجزا کو محسوس کرسکتا ہے۔ اسے روزالِنڈ ٹو کا نام دیا گیا ہے جس میں 8 چھوٹی ٹیسٹ ٹیوب نصب ہیں اور ہر ایک میں مختلف شدت کی آلودگیاں ناپنے والے مختلف سینسر لگے ہیں۔
اب اگر ایک ٹیوب روشنی دے تو وہ بتاتی ہے کہ اس میں ایک آلودگی ہے۔ اگر زیادہ ٹیوب روشنیاں خارج کریں تو وہ بتاتی ہیں کہ پانی قدرے آلودہ ہے۔
تبدیل شدہ ڈی این اے کے ریشے ہر آلودہ شے سے چپک کر روشنی خارج کرتے ہیں۔ اس طرح ہر ٹیوب آلودگی کی شدت کو بتاتی جاتی ہے۔ اس طرح ٹیوب میں روشنی دیکھ کر آلودگی کی شدت کا پتا لگایا جاسکتا ہے۔
جب اسے آزمایا گیا تو ڈی این اے سینسر نے کامیابی سے پانی میں جست، اینٹی بایوٹکس اور صنعتی فضلے سے خارج ہونے والے کئی کیمیکل کامیابی سے شناخت کئے۔ اس سینسر کا محلول منجمند کرکے ایک سے دوسری جگہ بھیجا جاسکتا ہے۔ اب چند قطرے پانی ڈال کر اسے تیارکیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر جولیئس کے مطابق یہ سینسر بطورِ خاص پینے کے پانی کی آزمائش کے لیے بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب یہ نہایت کم خرچ اور استعمال میں آسان ہے۔

دنیا کے 139 مہنگے ممالک میں پاکستان آخری نمبر پر ہے، شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وزیر خزانہ شوکت ترین نے دنیا کے 139 مہنگے ممالک میں سے پاکستان کو سب سے آخری یعنی 139ویں نمبر پر قرار دے دیا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے یہ بات اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہی۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کرایا جس میں مہنگائی کے اعتبار سے 139 ممالک کے نام دیے گئے ہیں اور اس میں پاکستان کا سب سے آخری 139واں نمبر ہے۔
فہرست میں برمودا، سوئزرلینڈ اور ناروے کو بالترتیب مہنگے ترین ممالک قرار دیا گیا ہے جب کہ بھارت 138 ویں، افغانستان 137 ویں، نیپال 136 ویں اور سری لنکا 135 ویں نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں چین 84 اور ایران 87 نمبر پر ہیں۔

حکومت کا زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کیلیے عوام سے سونا ادھار لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وفاقی حکومت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے عوام سے گولڈ بار ادھار لینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
عالمی قرض دہندگان سے گزشتہ تین ماہ میں5 بلین ڈالر سے زیادہ قرض لینے کے باوجود حکومت کی پوزیشن مستحکم نہیں ہے، وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس تجویز پر اقتصادی ایگزیکٹو کونسل (ای ای سی) میں بحث کی گئی، جس میں اقتصادی وزرا اور گورنر اسٹیٹ بینک شامل ہیں۔
تجویز کے مطابق کمرشل بینک سونے کے مالک کو ایک قابل تبادلہ رعایتی دستاویز جاری کریں گے اور قیمتی دھات پر شرح سود ادا کریں گے،کمرشل بینک یہ سونا اسٹیٹ بینک کے پاس جمع کرائے گا جو زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے اس سے مزید نفع کماسکتا ہے،جس نے مہنگے غیر ملکی قرض لے کر زرمبادلہ کے ذخائر بنائے ہیں۔
31 دسمبر 2021 کو اسٹیٹ بینک کے ذخائر کی پوزیشن کے مطابق اسٹیٹ بینک کے پاس پہلے ہی 2.01 ملین فائن ٹرائے اونس سونے کے ذخائر ہیں جن کی مالیت 3.8 بلین ڈالر ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل سکڑ رہے ہیں، 11 فروری کو یہ مزید17 بلین ڈالر تک گر گئے۔
پچھلے 3 ماہ میں حکومت نے سعودی عرب سے3 ارب ڈالر کا قرض لیا، موٹر وے گروی رکھ کر آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے مہنگا ایک ارب ڈالر قرض لیا، لیکن پھر بھی غیر ملکی قرضوں کی بڑھتی ہوئی ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ کم برآمدات اور زیادہ درآمدات کی وجہ سے ذخائرکو مستحکم نہیں کیا جا سکا۔
وزارت خزانہ نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا، عوام سے سونا ادھار لینے کی تجویز ابتدائی طور پر پاکستانی نژاد طاہر محمود نے وزیراعظم عمران خان کو پیش کی تھی، اس کے بعد وزیر اعظم نے معاملہ ای ای سی کے پاس بھیج دیا جس نے اس تجویز کو قابل عمل بنایا تاکہ زرمبادلہ ذخائر کو بڑھایا جاسکے اور گھروں میں پڑے قیمتی اثاثے کے ذریعے مارکیٹ میں مزیدکیش لایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ای ای سی کے اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ سونے پر مبنی قابل تبادلہ رعایتی دستاویز کا مقصد غیر ملکی زرمبادلہ بڑھانے کے لیے سونے کو غیر ملکی کرنسی میں تبدیل کرنا ہے، وزیر خزانہ کے مطابق یہ تجویزکا مقصد گھروں میں بیکار پڑے سونے کو پیداواری ملکی اثاثوں میں تبدیل کرنا ہے، تاہم بینک زیورات کے بجائے صرف گولڈ بار وصول کریں گے، تجویزکے مطابق سونے کے مالک گولڈ سرٹیفکیٹ کے عوض قرض لے سکتے ہیں۔
ای ای سی نے جیولرز کی طرف سے کم ٹیکس دینے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا، ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ گولڈ انڈسٹری سے واجب الادا ٹیکسوں کی وصولی کے لیے ایک منصوبہ تیار کرے،ملک میں36 ہزار جیولرز ہیں اور صرف50 ایف بی آر کے پاس رجسٹرڈ ہیں، گزشتہ ماہ حکومت نے سونے اور زیورات کی فروخت پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ غیرملکی زرمبادلہ میں پاکستان میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے پر حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اور تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ سوا2ارب ہوگئی،امین الحق

کراچی: (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ سوا 2 ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔
کراچی میں محمد علی جناح یونیورسٹی میں سام سنگ انوویشن پروگرام کے اختتامی سیشن اور آئی بی ای سی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ جب ڈیجیٹل دنیا کی بات کی جائے تو اس حقیقت کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ ماضی میں ہم نے آئی ٹی کے شعبے کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی وزارت ملنے کے بعد اپنی اولین ترجیحات میں ملک بھر میں سیاسی و علاقائی امتیاز سے بالاتر ہوکر موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی، جامعات و اکیڈمیز کے ساتھ مل کر آئی ٹی تربیت اور جدید علوم سے آگاہی سمیت مختلف اقدامات کو شامل کیا، آئی ٹی خدمات کی برآمدات بڑھانے کے لیے عملی کوششوں کے نتیجے میں اس وقت47 فیصد اضافے کے ساتھ آئی ٹی ایکسپورٹ سوا 2 ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔
اس موقع پرماہرین تعلیم ڈاکٹر سجاد حسین، قاضی نعمان،عماد علی بگھیو، ڈاکٹر امبر میر، آصف ارشد، محمد نواز اور عبداللہ فیروز سمیت اہم شخصیات موجود تھیں، وفاقی وزیر نے 50 ممالک کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد وصی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے دور دراز کے مقامات میں ڈھائی کروڑ افراد کو کنکٹیوٹی فراہمی کیلئے 44 ارب روپے سے 49 پراجیکٹس شروع کیے جس میں صرف سندھ کیلیے 12 ارب روپے سے زائد کے پراجیکٹس بھی شامل ہیں۔ اسی طرح ملک میں کم قیمت تھری و فورجی اسمارٹ فونز کی تیاری کے لیے تمام بنیادی اقدامات و پالیسی کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس صنعت کا آغاز کیا۔
انھوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو پیپر لیس کرنے کے بعد جلد ہی قومی اسمبلی و سینٹ کو بھی پیپرلیس کردیا جائے گا، واٹس ایپ طرز پر جدید و محفوظ بیپ پاکستان ایپلی کیشن تیار کرلی گئی ہے جس کی آزمائش کا مرحلہ طے ہونے کے بعد ابتدا میں سرکاری ملازمین اور بعد ازاں عوام کے لیے اسے لانچ کردیں گے، امریکا کے 911 طرز پر ایمرجنسی ریسپانس سینٹر تشکیل دے رہے ہیں صرف ایک نمبر ڈائل کرنے سے پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولینس سمیت تمام ایمرجنسی سروسز مہیا ہوسکیں گی۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ فائیو جی لانچ کرنے کے لیے تمام ابتدائی مراحل طے کرلیے گئے ہیں 2023 فائیو جی کا سال ہوگا، ہماری جماعت متحدہ قومی موومنٹ خواتین کو باختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اپنی وزارت اور آئی ٹی منصوبوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنارہے ہیں، وزارت میں شفافیت و میرٹ کا معیار یہ ہے کہ جس وقت جو چاہے آکر ہماری کارکردگی اور امور کا جائزہ لے سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آج کا نوجوان نوکری مانگنے کہیں نہیں جائے بلکہ اسے آئی ٹی کے شعبے میں وہ تربیت حاصل ہوکہ وہ خود اپنا کام بھی شروع کرے اور دوسروں کو نوکریاں فراہم کرنے کا سبب بھی بنے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ فری لانسرز اس ضمن میں اپنا موثر کردار نبھا رہے ہیں جبکہ فری لانسنگ کے فروغ کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز بھی جاری ہیں اسی طرح گیمنگ، اینیمیشن، مصنوعی ذہانت، بلاک چین سمیت جدید دنیا کے تقاضوں کے تحت اہم پروگرام کی تربیت کے لیے کراچی یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات و اکیڈمیز کے اشتراک سے پروگرام شروع کردیے گئے ہیں۔
قبل ازیں استقبالیہ خطاب میں محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیراحمد شیخ نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی سندھ کی رینکنگ میں اول نمبر پر ہے، سام سنگ کے تحت مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنسز کی تربیت یونیورسٹی میں فراہم کی گئی، سام سنگ جامعہ کے 30 کامیاب طلبہ کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گا،انھوں نے اس موقع پر سیپٹک کے تعاون سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے لیے 5 اسکالر شپس کا بھی اعلان کیا۔

جھوٹی خبروں پر کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا، فروغ نسیم

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جعلی خبروں پر کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور کیا ہم نہیں چاہتے کہ جعلی خبر اب نہیں ہونی چاہیے۔ آج کے دور میں میڈیا کی بڑی اہمیت ہے اور جھوٹی خبر معاشرے کو نقصان پہنچاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو گیا ہے۔ پیکا والے قانون کی ڈرافٹنگ میں نے کی ہے جبکہ الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کا ایکٹ بابر اعوان نے بنایا ہے۔ پیکا قانون سب کے لیے ہو گا۔ حکومت پہلی بار جرنلسٹس پروٹیکشن بل لائی ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ بعض لوگ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا تنقید کرنے میں آزاد ہے لیکن جھوٹی خبر نہیں ہونی چاہیے اور جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے یہ قانون ضروری تھا۔ یہ آرڈیننس میڈیا پر قدغن سے متعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی خبر پر 3 سال کی جگہ 5 سال تک سزا ہو سکتی ہے اور جعلی خبر پر 6 ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیا جعلی خبریں نشر نہ کرے کیونکہ جس معاشرے کی بنیاد جھوٹ پر رکھی جائے تو کیا بنے گا؟ خاتون اول سے متعلق غلط خبریں پھیلانا کیا ٹھیک ہے؟
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ جعلی خبروں پر کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا اور جعلی خبر دینے والی کی ضمانت بھی نہیں ہو گی۔ سابق چیف جسٹس کے خلاف کتنے غلط الفاظ استعمال کیے گئے اور وزیر اعظم کی ذاتی زندگی سے متعلق باتیں پھیلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آر سی پی یہ نہیں کہہ سکتی کہ جعلی خبر ہونی چاہیے۔ ایم کیو ایم پاکستان کا کسی وزارت سے مقابلہ نہیں اور میں نہیں مانتا کہ ہمارے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ اسٹریٹ کرائم میں کمی کے لیے بلدیاتی نظام کا فعال ہونا ضروری ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ جعلی خبر نیوز اور تنقید میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ اگر آرڈیننس غلط تھا تو 18ویں ترمیم کے دوران ختم کر دیتے جبکہ غیر جمہوری وہ چیز ہوتی ہے جو قانون اور آئین میں نہ ہو۔ پیپلز پارٹی کے دور میں آرڈیننس کی بھرمار تھی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف ہار گئی یہ سوال پی ٹی آئی سے ہی کریں کیونکہ میرا تعلق تو ایم کیو ایم سے ہے۔

حجاب پر پابندی، کویتی پارلیمنٹ میں بھارت کیخلاف قرارداد پیش

کویت: (ویب ڈیسک) کویتی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ارکان کے ملک میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف کویت کے پارلیمنٹ اراکین نے بھی آواز بلند کر دی۔ کویتی اراکین پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہا پسند ہندو حکمران جماعت کے اراکین کو ملک میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔
کویت کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر صالح کی جانب سے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس پر 10 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کے دستخط ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمان لڑکیوں پر سرعام ظلم ڈھایا جارہا ہے۔
متن میں لکھا گیا کہ حجاب تنازع کی ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ہیں لہٰذا اس جماعت کے اراکین کی کویت میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔
گزشتہ روز کویت میں بھارتی سفارتخانے کے باہر حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا تھا جس میں مظاہرین نے بی جے پی حکومت سے اس متنازع اور مسلم دشمن اقدام کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
چند روز قبل بھارت میں مسلم خواتین کے خلاف حملوں اور باپردہ حجابی خواتین کے حق میں کویت میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے ایک گروپ نے الارادہ اسکوائر پر بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

اگلے سیزن کراچی کنگز کا نیا ہیڈ کوچ میں ہوں گا،کرس گیل

لاہور: کرس گیل شکستوں سے پریشان کراچی کنگز کی ڈھارس بندھانے لگے۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کرس گیل نے لکھا کہ اگلے سیزن کراچی کنگز کا نیا ہیڈ کوچ میں ہوں گا،اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہوسکتی۔

یاد رہے کہ ماضی میں کرس گیل کراچی کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں مگر پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے میں نہیں آیا تھا،ان کے اس معنی خیز تبصرے کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہورہی ہے