All posts by Muhammad Saqib

پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی تیسری سالگرہ پر ملی نغمہ جاری کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 برس مکمل ہونے پر ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نیا ملی نغمہ جاری کردیا۔
نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے جبکہ اس کی عکس بندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی ہے۔ یہ ترانہ پاک فضائیہ کے ان سپوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے دشمن کے ساتھ 2019 میں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔

پاک افواج نے 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،ڈی جی آئی ایس پی آر

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو آج تین سال مکمل ہو گئے، 27 فروری کو بھارت کی ناکام جارحیت کا پاکستان کی مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے 27 فروری کو “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ” کے دوران بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے۔ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ مادروطن کی حفاظت کے لیے آج کا دن پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسلحہ اور تعداد میں زیادہ ہونا نہیں صرف قومی عزم اور پیشہ وارانہ تیاری سےہی کامیابی ملتی ہے ۔

کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری، مزید 20 افراد جاں بحق، 847 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بیس افراد دم توڑ گئے، آٹھ سو سینتالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد تیس ہزار ایک سو تہتر ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد چھتیس ہزار آٹھ سو تین ہے۔ ملک میں پندرہ لاکھ آٹھ ہزار پانچ سو چار افراد کورونا سے متاثر ہوئے، چودہ ہزار اکتالیس ہزار پانچ سو اٹھائیس صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق آٹھ سو سینتالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔

بھارتی غرور کو خاک میں ملانے کا دن، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے آج تین سال مکمل

کراچی: (ویب ڈیسک) آج سرپرائز ڈے کی تیسری سالگرہ ہے، 2019 میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 27 فروری کو دو بھارتی جہازوں کو تباہ کیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے مارگرائے جانے والے جنگی جہاز کے ٹکڑے پی اے ایف میوزیم میں موجود ہیں۔
تین سال قبل 27 فروری کو پاکستان کے جری ہوابازوں نے بھارت کے نام نہاد سورماوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر پھر تاریخ رقم کر دی تھی۔ دو بھارتی جنگی جہاززمین بوس ہوئے جبکہ بھارتی ہوا باز ابھینندن گرفتار کر لیا گیا تھا، اس معرکے سے منسوب پاک فضائیہ کی جنگی گیلری آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ابھینندن کے زیراستعمال یونیفارم اور جنگی ہوابازی میں استعمال ہونے والا سامان دشمن کی پسپائی کی داستان سنا رہا ہے۔
گیلری کی ایک دیوار پر ابھینندن کے طیارے کو مارگرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی خان، بھارت کے دوسرے جہاز کو مارگرانے والے سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ بھارت کے خلاف اہم مشن میں شامل گروپ کیپٹن فہیم خان کی تصاویر آویزاں ہیں۔
ستائس فروری کو پاک فضائیہ کی جرات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین جنگوں کے دوران پاکستان ائیرفورس کی جانب سے دشمن ملک کے ہوابازوں کوناکوں چنے چبوانے اورانھیں کاری ضرب لگانے کی داستانیں بکھری پڑی ہیں۔

پی ایس ایل سیون کا چیمپئن کون ، فائنل میں آج سلطانز اور قلندرز مدمقابل ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا چیمپئن کون ہو گا، فیصلے کا دن آ گیا۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ٹائٹل مقابلے میں آج مدمقابل ہوں گی، کپتان محمد رضوان اور شاہین آفریدی نے جیت پر نظریں جما لیں۔
زندہ دلان کے شہر میں کرکٹ کی زندہ دلی کا آج فیصلہ کن دن ہے، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہو رہے ہیں، ٹائٹل کی جنگ قذافی سٹیڈیم کے تاریخی میدان میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گی۔ فاتح ٹیم کو 8 کروڑ روپے ملیں گے، رنر اپ کو تین کروڑ بیس لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی.
گذشتہ روز آرام کے دن بھی ٹیمیں فُل ایکشن میں رہیں، نیٹ پریکٹس، بیٹنگ، بولنگ کے سیشن کئے گئے۔ چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے میں زورکا جوڑ ہو گا، رش بھی کھڑکی توڑ ہو گا۔
چھکے چوکے اور وکٹیں دیکھنے کے لیے پرستار، انتظار میں بے قرار ہیں۔ لاہور قلندرز کو میزبان ہونے کا مان ہے تو ملتان سلطانز بھی گذشتہ سال کی چمپئن ہے۔ رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں تین بار آمنے سامنے آئیں، لاہور کی ٹیم ایک بار فاتح رہی، آخری پانچ میچز میں سے چار بار ملتان سلطانز ہی جیتے۔ آج فتح پانے کے لیے کپتان رضوان اور شاہین خان پرعزم ہیں تو پرستار بھی پرجوش ہیں ۔

پاکستان کرکٹ کیلئے تاریخی دن، آسٹریلوی ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، مہمان کھلاڑی کورونا کلئیرنس کے بعد پریکٹس شروع کرینگے۔
آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، ناتھن لیون،جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، مچل اسٹارک اور دیگر شامل ہیں۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ شیڈول ہے۔ فریقین کا پہلا ٹیسٹ میچ چار مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 12مارچ سے کراچی میں کھیلا جائےگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 21 مارچ سے لاہورمیں شروع ہوگا۔ ون ڈے میچز 29 مارچ،31 مارچ اور 2 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلےجائیں گے۔

جاپان کی 146 سالہ تاریخ میں ’اکثریتی قانون‘ میں عمر کی تبدیلی کا بڑا فیصلہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں باضابطہ طور پر اکثریت کی قانونی عمر کو 20 سے کم کر کے 18 سال کردی گئی ہے۔ سول کوڈ یکم اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔
جاپانی اخبار کے مطابق مذکورہ بالا قانون میں ترمیم ملک کی 146 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوئی ہے۔ 1876 میں جاپانی کونسل کے جاری کردہ ایک اعلان کے تحت بالغ ہونے کی عمر 20 سال مقرر کی گئی تھی۔ تاہم اب یہ عمر عالمی معیار کے طور پر 18 سال کردی کی گئی ہے۔
ایک صدی سے بھی زائد پرانے سول کوڈ میں یہ تبدیلی آئینی ترامیم اور ووٹنگ کی عمر کم کرنے کے لیے ضروری طریقہ کار پر بات چیت کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔
آئینی ترمیم کے لیے قومی ریفرنڈم میں حمایتی ووٹوں کی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ نظرثانی شدہ ریفرنڈم قانون کے تحت، نوجوانوں میں فعال سماجی مشغولیت کی حوصلہ افزائی کرنے کے مقصد سے ووٹ ڈالنے کی عمر کو 18 سال کیا گیا تھا جس نے اکثریت میں شامل ہونے کی عمر کو بھی موضوع بحث بنادیا۔
جاپانی وزارت انصاف نے کہا کہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کے 35 رکن ممالک میں سے 32 نے اپنی اکثریت کی قانونی عمر 18 سال مقرر کی ہے اور جاپان G-7 کا واحد بڑی معیشت ہے جس نے بالغ ہونے کی عمر 20 سال مقرر کی تھی۔ ان حالات میں، نظرثانی شدہ پبلک آفسز الیکشن ایکٹ، جو 2015 میں منظور کیا گیا تھا، نے ووٹ ڈالنے کی عمر اور اکثریت کی قانونی عمر کو 20 سے کم کرکے 18 کر دیا ہے۔

روس کی پیش قدمی،جرمنی کا یوکرین کو جنگی ساز و سامان مہیا کرنے کافیصلہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے دعویٰ کیا ہے کہ جرمنی نے یوکرین کو 400 ٹینک شکن راکٹ لانچروں کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کو جنگی سامان کی فراہمی جرمنی کا اس دیرینہ پالیسی سے یو ٹرن ہے جس کے تحت اس نے متنازع علاقوں میں ہتھیاروں کی برآمدات پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو عہدیداروں کے مطابق یورپی یونین اور نیٹو اتحادیوں کے دباؤ کے درمیان برلن کی فوجی پالیسی میں اچانک تبدیلی رونما ہوئی ہے اور اس نے یوکرین کی مدد کے لیے 400 ٹینک شکن راکٹ لانچر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب روس کے پڑوسی ملک چیچنیا نے روسی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے یوکرین میں فوج تعینات کردی ہے۔
چیچن جمہوریہ کے سربراہ رمضان قدیروف کا کہنا ہے کہ چیچن فوجیوں کو ابھی تک کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے روسی افواج آسانی سے یوکرین کے بڑے شہروں پر قبضہ کر سکتی ہیں، بشمول دارالحکومت کیف لیکن روسی فوج کی پوری کوشش ہے جانی نقصان کم سے کم ہو۔
واضح رہے کہ قدیروف خود کو پوٹن کا ’فُٹ سولجر‘ قرار دیتے ہیں۔ قادروف اس سے قبل شام اور جارجیا میں بھی روس کی فوجی کارروائیوں کی حمایت کے لیے اپنی افواج تعینات کر چکے ہیں۔ 1991 میں سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد، روس نے مسلم علاقے چیچنیا میں علیحدگی پسندوں کے ساتھ دو خونریز جنگیں لڑی تھیں، لیکن اس کے بعد روس نے اس علاقے کی تعمیر نو کے لیے خطیر رقم خرچ کی اور قدیروف کو وسیع پیمانے پر خطے کے انتظامات چلانے کیلئے خودمختاری دی۔

یوکرین میں پاکستانی طلبہ کو سہولیات نہ دینے پر مریم نواز حکومت پر برس پڑیں

لاہور: (ویب ڈیسک) روس کی طرف سے مسلط کی جنگ کے بعد یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو سہولیات نہ دینے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز حکومت پر برس پڑیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ایک ماں کی حیثیت سے میں سمجھ سکتی ہوں یوکرین میں پھنسے طلبہ کے گھر والوں پر کیا گزر رہی ہوگی، مگر حکومت کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک نے اپنے شہریوں کے انخلا کے انتظام کئے۔ مگر پاکستان کے مستقبل کو غیر سر زمین پر جنگ کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا۔
آخر میں مریم نواز نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ظالم لوگ قرار دیدیا۔
ٹویٹر پر ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا 3 سال سے قانون کے طلبہ کا امتحان نہ لینا اورانکے مستقبل کے ساتھ کھیلنا قابل افسوس امر ہے اس سے بڑی ناہلی کی مثال کیا ہوگی ؟ ہائیکورٹ نے جو طلبہ کے حق میں فیصلہ دیا اس کی روشنی میں طلباء کو انکا حق فوراً ملنا چاہیے۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کی صحت کے لیے دعا کی۔

عالمی ادارہ صحت پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات کا معترف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا خوش آئند ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو پولیو فری ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کیلئے نمایاں اقدامات کئے ہیں، گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا جو خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا اوروالدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں اور ہماری ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔
ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو پولیو فری ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور امید ہے رواں سال کی پولیو مہم پاکستان کو پولیو سے نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
خیال رہے کہ سال 2022 میں پاکستان میں پہلی پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔