All posts by Muhammad Saqib

نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت صحت کے شعبے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور تیمور سلیم جھگڑا نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی، صحت کارڈ اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عوام کی بڑی تعداد مفت صحت کی سہولیات سے مستفید ہو رہی ہے، حکومت ملک کے پسماندہ اضلاع میں بچوں میں اسٹنٹڈ گروتھ کے تدارک کیلئے پروگرام کا اجراء کررہی ہے، ماں اور بچے کی صحت کی بہتری کیلئے پیدائش کے بعد سے ویکسینیشن کی تکمیل تک بچے کی صحت کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، ملک میں نرسنگ کے شعبے کی استعداد بڑھانے کیلئے حکومت بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم کر بتایا گیا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملک میں جنرل ویکسینیشن کی شرح 66 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد ہو چکی ہے، پنجاب میں اس کی شرح بڑھ کر 91 فیصد ہو گئی ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر پزیرائے ہو رہی ہے، کرونا ویکسینیشن کی شرح کے حوالے سے بھی متعین شدہ اہداف حاصل کئے جارہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے بنیادی صحت کے حوالے سے جاری منصوبوں اور اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، یونیورسل ہیلتھ کوریج کا نظام کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود نہیں، ہیلتھ کارڈ کا سب سے ذیادہ فائدہ غریب اور متوسط طبقے کو ہورہا ہے۔

دورہ پاکستان: آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے سکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے دورہ کےلیے سکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لیے ایک زبردست سیریز ہو گی۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم دورہ پاکستان کی سیکورٹی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور سیریز کے لیے پُرجوش ہیں، سیکورٹی انتظامات بھرپور کیے گئے ہیں اور اب ہم ایسے مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں طیارے میں سوار ہونے والے سب پرُسکون ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کے حالات میں بائیوسیکور ببل کی اضافی لیئر بھی ہے اس لیے ہم اچھا محسوس کررہے ہیں اور جب ایک بار وہاں پہنچیں گے تو تمام تر توجہ کھیل پر ہی مرکوز رکھیں گے۔
کمنز نے کہا کہ ان سے بڑھ کر یہ سیریز ہمارے لیے بہت خاص ہے کیونکہ ہم وہاں جارہے ہیں جو کہ ہمارے لیے ایک نیا تجربہ ہے اس لیے ہم بہت پرُجوش ہیں اور ہر کوئی اس پر خوش ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان میں شامل تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لئے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا گیا ہے۔
سیریز میں شامل تین ٹیسٹ میچز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اور پی سی بی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کو اس سیریز کے لئے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

پیکا آرڈیننس میں غلطیاں ہوئیں، چودھری برادران کی شرائط کوئی پوری نہیں کرسکتا: ارباب غلام رحیم

ملتان:(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سندھ امور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ اگر ضرورت ہوئی تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چودھری برادران کی شرائط کوئی پوری نہیں کرسکتا ہے۔
ارباب غلام رحیم نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم سندھ میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آموں کی پیٹیوں سے پیسے نکل آتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں ہر ادارہ کرپشن سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج کی اگر ضرورت ہوئی تو لگ سکتا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پیکا آرڈینیس میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم ان غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں وزیروں میں پہلی بار نمبروں کی گیم دیکھی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ امور نے کہا کہ مہنگائی بین الااقوامی سطح پر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلز پاس کرنے میں اپوزیشن ساتھ دے رہی ہے۔
ارباب غلام رحیم نے کہا کہ عمران خان نے روس میں بیٹھ کر کہا کہ آپس میں جنگ نہ کریں۔

دورہ روس پر ہم نے امریکا کے معصومانہ سوال کا مؤدبانہ جواب دے دیا، وزیر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روس کے دورے سے قبل امریکا کی جانب سے ایک اعلی سطح کا رابطہ کیا گیا تھا، اور پاکستان سے امریکا نے معصومانہ سوال کیا تو ہم نے موٴدبانہ جواب دے دیا، پاکستان کا مؤقف جوں کا توں رہا اور کوئی دباوٴ قبول نہیں کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہوزیراعظم روسی صدر کی دعوت پر روس گئے تھے، کسی بھی پاکستانی وزیر اعظم کا گزشتہ 23 سالوں میں پہلا دورہ روس تھا، جس میں وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی، جو ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہی، ملاقات میں پاک روس تعلقات اور توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کے امن پر بات ہوئی، اسلاموفوبیا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، پاکستان، روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم سے روسی نائب وزیراعظم اور وزیر توانائی کی بھی ملاقات ہوئی، نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن پر گفتگو ہوئی۔ ہم نے روس سے گیس کی خریداری پر بات چیت کی، گوادر میں ایل این جی ٹرمینل لگانے میں روس نے دلچسپی کا اظہار کیا، ہم نے روس سے گیس کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی، ہمارا فوکس انرجی اور تجارت پر رہا۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور روسی تاجروں کے فورم سے بات چیت کی، روسی مسلمانوں کے وفد سے بھی بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے دوسرے جنگ عظیم میں جانیں دینے والے گمنام روسی فوجیوں کی یاد گار پر حاضری دی، پھول رکھے، پاکستان نے تمام نشستوں میں روس کے ساتھ طویل مدت اور کثیر الجہتی تعاون پر توجہ مرکوز کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس کے ساتھ افغانستان کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی آئی ہے، افغانستان کے حوالے تفصیلی بات چیت ہوئی، ملاقاتوں میں مارچ کے آخر میں چین میں مزید دو پاک روس ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا، مستقبل قریب میں پاک روس مشترکہ مقاصد کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا جائے گا، جنوبی ایشیا میں عدم توازن پر پاکستان کی تشویش پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یوکرائن کی صورت حال کا بھی ذکر کیا، یوکرائن کی صورت حال کی ایک طویل تاریخ ہے، پاکستان ہمیشہ سفارت کاری سے مسائل کے حل پر زور دیتا آیا ہے، روس جانے سے پہلے روس یوکرائن صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس نشست میں 4 سابق سفارت کار بھی موجود تھے، دورے پر تفصیلی مشاورت کے بعد اپنے راستے کا تعین کیا اور آگے بڑھے، مجموعی وزڈم کے تحت ہم نے فیصلہ کیا کہ ہمارا پروگرام جوں کا توں رہے گا، دورے کے بعد ہمارے اطمینان میں اضافہ اور سفارتی اسپیس ملا، ہم نے افغان صورت حال کے حوالے سے موقع کا استعمال کیا، ہماری خارجہ پالیسی کا تقاضا علاقائی رابطہ کاری کو بڑھانا ہے اور روس اس رابطہ کاری کا اہم حصہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں سفارتخانہ ہم وطنوں سے مسلسل رابطے میں ہے، سفارتخانے کو پاکستانیوں، خصوصا طلبہ کی محفوظ علاقوں کی طرف منتقلی کی ہدایات دی ہیں، سفارتخانے کو پولینڈ کے قریب ٹرنوپل منتقل کیا ہے، یوکرائن پاکستانی طالب علم کی ہلاکت کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ روس کے دورے سے قبل امریکا کی جانب سے ایک اعلی سطح کا رابطہ کیا گیا تھا، اور پاکستان سے امریکا نے معصومانہ سوال کیا تو ہم نے موٴدبانہ جواب دے دیا، پاکستان کا مؤقف جوں کا توں رہا اور کوئی دباوٴ قبول نہیں کیا، پاکستان نے واضع کیا ہے کہ کسی کیمپ سیاست کا حصہ نہیں بننا، پاکستان اپنی پالیسیز کے مطابق غیر جانبدار ہے، ہم نے جانبدار پالیسی کی بہت بڑی قیمت چکائی ہے، اب وہ پالیسیز اور نہیں چل سکتیں، ماسکو میں کچھ سیاسی لوگوں کی گھبراہٹ کے ٹویٹس دیکھے، وزیر اعظم نے اعتماد کے ساتھ پاکستان کا موقف پیش کیا اور ہمارے دورے کا فوکس یوکرائن کی صورتحال کو سامنے رکھ کر نہیں کیا گیا، روس کے ساتھ ہمارے تعلقات کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے، ہمارا دورہ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں تھا، ہمارے سفارتی تعلقات یوکرائن اور روس دونوں کے ساتھ ہیں، ہمارے روس کے ساتھ کثیر الجہتی بالخصوص دفاعی تعلقات ہیں، پچھلے کچھ برسوں میں روس کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعلقات بہت مضبوط ہوئے ہیں، روس پر پابندیاں ابھی پائپ لائن میں ہیں، کچھ کا اعلان ہوا ہے کچھ کا نہیں، مگر پاکستان اپنا مفاد دیکھے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فیٹف پر بھی روسی وزیرِ خارجہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، روس نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی، اور کہا کہ فیٹف فورم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئیے، ہمارے دور میں منی لانڈرنگ کے خلاف بہترین اقدامات لیے گئے ہیں، آج کے وزیرِ اعظم کے سوئس، لندن اور کہیں بھی جائیدادیں اور اکاؤنٹس نہیں، عمران خان روس ملک کا مقدمہ لڑنے گئے تھے، اپنے ذاتی مفاد کا نہیں، ہماری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا کہ اپوزیشن والے کس سے ملتے ہیں، شوق سے ملیں، بلاول اور شہباز شریف کو تفصیلی جواب لاڑکانہ میں ملے گا۔

راولپنڈی میں بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے والے باپ کو عمر قید، 1لاکھ روپے جرمانہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) کم عمر سگی بیٹی کے ساتھ جبری زیادتی کرنے والے باپ کے خلاف عدالتی فیصلہ سنادیا گیا۔
راولپنڈی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبزادہ نقیب شہزاد کی عدالت نے سفاک سگے باپ طارق حبیب کو 10سالہ بیٹی کے ساتھ زیادتی کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی اور 1لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید6ماہ قید کاٹنی ہوگی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مجرم نے بیٹی جیسا خونی رشتہ پامال کیا،وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ پولیس نے مجرم کو عدالت سے جیل بھیج دیا۔
تفتیشی ٹیم نے میڈیکل رپورٹ، ڈی این اے رپورٹ پیش کی جن میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔ تھانہ سٹی میں واقعے کا مقدمہ والدہ زہرہ نے درج کرایا تھا۔

دوسرے ایلیمینیٹر سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑی کی ٹیم میں واپسی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں لاہور قلندرز کے خلاف دوسرے ایلیمینیٹر سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بیٹر پال سٹرلنگ اہم میچ میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے مابین میچ آج شام 7:30 بجے کھیلا جائے گا۔اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے ٹکرائے گی۔پی ایس ایل 7 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین دو میچز کھیلے گئے جن میں قلندرز نے فتح سمیٹی۔

اندرون ملک پروازوں میں دوران سفر کھانے پینے پر پابندی ختم

کراچی: (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم مارچ سے اندرون ملک پروازوں میں سفر کے دوران کھانے پینے کی پابندی ختم کردی۔
سی اے اے حکام کی جانب سے ملک کی ایک شہر سے دوسرے شہر کے درمیان آپریٹ ہونے والی پروازوں پرعائد پابندیوں میں نرمی کردی،جاری کردہ لیٹر کے مطابق یکم مارچ سے اندرون ملک ہوائی سفرکے دوران کھانے پرپابندی ختم کردی گئی۔
اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو وقت کے مطابق اسنیکس اور دیگر مینو کے مطابق کھانا فراہم کیا جائے گا، تاہم ہوائی سفر کے دوران ماسک پہننے کی شرط برقراررہے گی، پی آئی اے سمیت نجی ائرلائنز کو مراسلہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کورونا وبا کی وجہ سے پروازوں میں کھانے پینے کی ممانعت کی گئی تھی۔

نواز شریف اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے خاتمے پر اعتراضات کے خلاف اپیل دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار نے نواز شریف اور جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی کے خاتمے کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کردی۔
دائر کردہ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئینی نقطے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا، درخواست پر لگائے گئے اعتراضات بلا جواز ہیں، آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق سے تاحیات نااہلی ہوجاتی ہے اور سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں۔
اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے ہیں کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے لیے کورٹ آف لاء کا ڈکلیئریشن ہونا چاہیے، اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ اعتراضات ختم کرکے آئینی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

بلاول زرداری ہیں، بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں ہوجاتا، علی زیدی

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری ہیں، بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں ہوجاتا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتےہ وئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ کل دوپہر کو گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کا آغاز کریں گے، ہم سندھ کے مظلوم عوام کی آواز بلند کرنے جارہے ہیں، یہ بالکل نہیں ہوسکتا کہ پیپلزپارٹی پولیس اور انتظامیہ کو ملوث کر کے ہمارے کارکنان اور رہنماؤں کو ہراساں کرے، کل کراچی کے مختلف علاقوں میں ہمارے کارکنان کو جھنڈے لگانے سے روکا گیا، اور اس کے لئے پولیس کو استعمال کیا جارہا ہے، جب کہ پیپلز پارٹی کو جہاں سے ووٹ نہیں بھی ملتے وہاں بھی جھنڈے لگائے جاتے ہیں، جیسے انہوں نے اپنے جھنڈے لگائے اس طرح سب لگا سکتے ہیں، یہ لوگ ابھی سے خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہے، لیکن ہمیں ان ہتھکنڈوں سے ڈر نہیں لگتا ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ سیاست میں دہشت گردی سب سے پہلے پیپلز پارٹی لائی تھی، کوئی نہ بھولے کہ ال ذولفقار نے جہاز اغوا کیا تھا، ال ذولفقار سے لے کر لیاری گینگ وار تک پیپلز پارٹی نے دہشتگردی کی ہے، جو فہمیدہ سیال اور ناظم جوکھیوں کے ساتھ ہوا وہ کس نے کیا، بلاول کوئٹہ سانحے میں تو پہنچ گئے تھے لیکن سندھ میں کچھ ہوتا ہے تو کیوں نہیں جاتے، نام میں بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں ہو جاتا، بلاول زرداری ہیں اور زرداری کی طرح ان میں منافقت بھری ہوئی ہے۔

کوئی ہے جو یوکرین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کی آواز سن سکے: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کوئی ہے جو یوکرین میں پھنسے پاکستانی طالب علموں کی آواز سن سکے۔
پاکستانی طلبہ سےمتعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے لکھا کہ یوکرین میں سیکڑوں پاکستانی طالب علم وہاں سے نکالے جانے کے منتظر ہیں۔
مریم نواز نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یوکرین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی طلباء کی فریاد سننے والا کوئی ہے۔