All posts by Muhammad Saqib

روس یوکرین تنازع سفارتکاری کے ذریعے حل ہونا چاہیے: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پیوٹن میں تفصیلی ملاقات ہوئی، افغانستان، مقبوضہ کشمیر اور خطے کے امن پر بات کی گئی، روس کی گوادر میں ایل این جی ٹرمینل لگانے میں دلچسپی ہے، روس یوکرین تنازع سفارتکاری کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم کی روسی صدر کیساتھ ساڑھے 3 گھنٹے ملاقات ہوئی، وزیراعظم روسی صدر کی دعوت پر روس گئے تھے، توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، مقبوضہ کشمیر اور خطے کے امن پر بات ہوئی، اسلاموفوبیا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زیادہ تر افغانستان اور جنوبی ایشیا پر بات چیت کی گئی، صدر پیوٹن کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، پاکستان، روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم سے روسی نائب وزیراعظم اور وزیر توانائی کی بھی ملاقات ہوئی، نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن پر گفتگو ہوئی، ہم نے روس سے گیس کی خریداری پر بات چیت کی، گوادر میں ایل این جی ٹرمینل لگانے میں روس نے دلچسپی کا اظہار کیا۔

‘خرید و فروخت کا بازار سجانے والے سن لیں عمران خان ترپ کا پتا کھیلے گا’

لاہور: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید و فروخت جاری ہے، نواز شریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی، خرید و فروخت کا بازار سجانے والے سن لیں عمران خان ترپ کا پتا کھیلے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 5 سال پورے کرتا دیکھ رہا ہوں، یہ راتیں، یہ ملاقاتیں، یہ باتیں اور کھانے سب ڈرامہ ہے، تحریک عدم اعتماد ہوگی یا نہیں کچھ پتہ نہیں، سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا، اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودنے جا رہی ہے، امید ہے اتحادی عمران خان کیساتھ کھڑے ہوں گے، بکاؤ مال کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے منتخب حکومت کیساتھ کھڑے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، عمران خان ایسا ڈرون مارے گا یہ سیاسی طور پر نیست و نابود ہوجائیں گے، جو عمران خان کو چھوڑے گا وہ سیاسی نااہل اور بیوقوف ہوگا، ایک سال بعدالیکشن ہیں، لوگ بکاؤ مال کو منہ نہیں لگائیں گے، اقتدار کے بھوکے ناکام کوشش کر رہے ہیں اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے، یقین ہے تمام اتحادی عمران خان کو ووٹ دیں گے۔

امریکا نے روس کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی پر پابندی عائد کر دی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے یوکرین پر حملے کے ردعمل کے طور پر روس کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی سووکم فلوٹ پر پابندی لگا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے روس کی شپنگ کمپنی سووکم فلوٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کی لین دین پر پابندی عائد کی ہے۔
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات واضح نہیں ہے کہ 30 سے زائد بحری جہاز رکھنے والی شپنگ کمپنی جو مختلف ممالک کو ایل این جی، آئل اور گیس سپلائی کرتی ہے اس پر یہ پابندیاں کس طرح سے اور کس حد تک اثر انداز ہوں گی۔

واٹس ایپ نے وائس نوٹ فیچر میں تبدیلیاں کردیں

لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے وائس نوٹ فیچر میں اہم تبدیلیاں کردیں۔
وائس نوٹ آئیکن : اینڈرائیڈ صارفین کا واٹس ایپ وائس نوٹ آئیکن جو عام طور پر پیلا ہوتا ہے اس تبدیلی کے بعد فارورڈ کیا جانے والا پیغام پیلے سے نارنجی رنگ میں تبدیل ہوجائے گا۔
واٹس ایپ نے وائس نوٹ فیچر میں تبدیلیاں کردیں
مختلف آئیکنز کا استعمال: وائس نوٹ اور آڈیو فائلز فارورڈ کرنے کے دوران فرق واضح کرنے کے لیے واٹس ایپ اب مختلف آئیکنز کا استعمال کرے گا۔وائس ویو فارمز: بھیجے جانے والے وائس نوٹ اب ویو (wave)فارمز پر مشتمل ہوں گے لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے کہ جب وائس نوٹ زیر غور واٹس ایپ ورژن کو استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا ہو جہاں یہ فیچر فعال ہو۔
پلے بیک اسپیڈ: ہم جانتے ہیں کہ واٹس ایپ نے حال ہی میں وائس نوٹ پلے بیک اسپیڈ کے لیے مختلف فیچر متعارف کروائے تھے، نئے فیچر میں آڈیو فائلز کے علاوہ وائس نوٹ میں بھی یہ خصوصیات شامل ہوں گی۔
واٹس ایپ انتظامیہ اس فیچر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے جلد متعارف کروائی گی۔

یوکرین کے چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر روس کا قبضہ، تابکاری کا اخراج

یوکرین : (ویب ڈیسک) یوکرین کے مشہور چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر روسی قبضے کے بعد تابکاری کا اخراج شروع ہوگیا۔
یوکرین کی نیو کلیئر ایجنسی کا کہنا ہےکہ چرنوبل سے گاما شعاعوں کا اخراج بڑھا ہے اور تابکاری قابل قبول حد سے زائد ہے جب کہ موجودہ صورتحال میں اس کی وجہ معلوم کرنا مشکل ہے۔
یوکرین کاکہناہےکہ دشمن کیف میں پارلیمان کی عمارت سے 9 کلومیٹر دور شمالی ضلع اوبولان میں ہے لہٰذا امن پسند شہری، ہوشیار رہیں اور گھروں سے باہرنہ نکلیں۔یوکرین کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ کیف پرحملےکیلئے روس بیلاروس کی گومل ائیر فیلڈ استعمال کررہا ہے۔
یوکرین میں ایندھن کی قلت
دوسری جانب یوکرین کے صدارتی مشیر کے مطابق یوکرین میں ایندھن کی کمی ہوگئی ہے، ملک کا بینکنگ سسٹم کام کررہا ہے البتہ بندرگاہیں اور فضائی حدود بند ہیں۔
صدارتی مشیر کا کہنا تھا کہ روس کیف پر قبضہ کرکے یوکرینی صدرکو ہلاک کرنا چاہتا ہے، صدر زیلنسکی کیف میں ہیں۔
روسی وزارت دفاع کا بیان
علاوہ ازیں روسی وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ اس کی فوج نے بحر اسود یوکرینی جزیرے زمینائی آئی لینڈ پر قبضہ کرلیا ہے، زمینائی میں 82 یوکرینی فوجیوں نے سرینڈر کیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق روس نے یوکرین کی118 ملٹری انفرا اسٹرکچر سائٹس تباہ کردی ہیں، چرنوبل پاور پلانٹ کی حفاظت کے لیے پیراٹروپرز تعینات کیے جائیں گے جب کہ چرنوبل پاور پلانٹ کے علاقے میں تابکاری کی سطح معمول پر ہے۔

مسلم لیگ ن کا کالے قوانین کیخلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے پیکا سمیت تمام کالے قوانین کے خلاف ہر فورم پر جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاہ حکومت سیاہ قوانین سے عدم اعتماد سے نہیں بچ سکتی۔ عدالت نے ہمارے وکیل منصور کو عدالتی معاون مقرر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقدمے کی سماعت کے دوران وکیل ہمارے مؤقف کو بیان کر دیں گے اور حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ پارلیمنٹ کو مفلوج بنا کر رکھ دیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ 3 سال میں حکومت نے ملک کا جو حال کیا وہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور ہمیں ڈھائی ماہ میں گیس میسر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادویات اس قدر مہنگی کر دی گئی ہیں کہ لوگ خرید نہیں پا رہے۔ ماضی میں ایم کیوایم لسانی فساد پھیلاتی رہی لیکن اب یہ وہ وقت نہیں کہ جب ایک حکم پر شہر بند کیا جاتا تھا۔ ملک میں کھاد کا بھی بحران ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سگیاں روڈ کی توسیع و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں میں سگیاں روڈ کی توسیع و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ راوی پل سے پھول منڈی چوک تک 3.9 کلو میٹر سڑک کی تعمیر و بحالی ہوگی۔
پھول منڈی چوک سے لاہور شیخوپورہ روڈ تک 1.2 کلو میٹر اور فیض پور انٹر چینج تک 3.1 کلو میٹر سڑک کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ منصوبے پر چار ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاہدرہ میں فلائی اوور کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کو اسی سال شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج شرق پور شریف کو بھی اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کو اپ گریڈ کر کے پوسٹ گریجوایٹ کالج کا درجہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بوائز شرق پور شریف کو مولانا شیر ربانیؒ کے نام سے منسوب اور ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ بھی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ60 ارب روپے کی لاگت سے گلبرگ سے موٹر وے تک ایکسپریس وے بنے گی، ایکسپریس وے بننے سے عوام کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی، سابق حکومت نے ورثے میں لاوارث منصوبے اور 56 ارب روپے کے ڈس آنر چیک چھوڑے، سابق حکومت سے زیادہ ڈویلپمنٹ کام اب ہو رہے ہیں، تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہماری حکومت نے دیا ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 36 اضلاع میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، لاہور پاکستان کا دل اور ترقیاتی منصوبے اس شہر کا حق ہے، ہماری حکومت نے لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے اربوں روپے کے منصوبے دیئے ہیں، سابق حکومت نے لاہور پر کم اور چندعلاقوں پر زیادہ خرچ کیا، آج ہر شہر اور علاقے کے ساتھ انصاف کیا جا رہا ہے، ہمارے دور میں کسی شہر یا علاقے سے ناانصافی نہ ہوئی ہے اور نہ ہوگی، عوام کو اچھی طرز حکمرانی فراہم کرنا اور سہولتیں فراہم کرنا میرا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر ضلع میں ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے، خود ہر ضلع میں جا کر ترقیاتی منصوبو ں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیتا ہوں، عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، پورے پنجاب میں جہاں جائیں گے ترقی کی آواز آئے گی، پی ٹی آئی انصاف کیلئے برسراقتدار آئی، گڈ گورننس ہمارا نصب العین ہے، یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت پنجاب کے 7 ڈویژن میں قومی صحت کارڈ فنکشنل ہو چکا ہے، قومی صحت کارڈ کے ذریعے ہر شہری 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ گیم چینجر منصوبے ہیں، نیا شہر آباد ہوگا، لاہور کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنائیں گے، گلبرگ تا والٹن روڈ اور کیولری گراؤنڈ سگنل فری کوریڈور پر بھی کام کر رہے ہیں، لعل شہباز قلندرؒ اور گلاب دیوی انڈر پاس کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جناح اور سروسز ہسپتال میں 300 بیڈ کے ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر بنیں گے، ان منصوبوں پر 12 ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے، لاہور میں ساڑھے 9 ارب روپے کی لاگت سے واٹر میٹر لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز، گنگا رام مدر اینڈ چائلڈ بلاک، ایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال بنائیں گے، داتا گنج بخشؒ فلائی اوور اور شاہکام چوک فلائی اوور کے منصوبو ں پر تیزی سے کام جاری ہے، بیدیاں روڈ اور کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن پر انڈر پاس بنائیں گے، بارش کے پانی کے بہتر استعمال کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں، لاہور کی خوبصورتی اجاگر کرنے کیلئے دلکش لاہور پراجیکٹ شروع کیا ہے، وکلاء ٹاور، ایم پی اے ہاسٹل فیز ٹو، ویمن ڈویلپمنٹ آفس کمپلیکس اور پریزن کمپلیکس پر بھی کام جاری ہے، سول سیکرٹریٹ میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مزار بی بی پاکدامنؒ کی تعمیر و توسیع بھی ہو رہی ہے، ریونیو اکیڈمی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل بس ٹرمینل بھی بنائیں گے، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق لاہو رمیں پناہ گاہ اور لنگر خانے بھی قائم کئے گئے ہیں، لاہور میں 60 ارب روپے کی لاگت سے بلند ترین بلڈنگ بھی بنائی جائے گی، شیخوپورہ میں وارث شاہ یونیورسٹی، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اور کیڈٹ کالج نارنگ منڈی بنائیں گے، شیخوپورہ رنگ روڈ کی تعمیر بھی شروع ہو چکی ہے، بہت سے منصوبے ایکنک میں ہیں، منظور ہو گئے تو ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے بھی بڑھ جائے گا جو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 55 فیصد ترقیاتی فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں، متحدہ عرب امارات کے ساتھ 60 ارب روپے کے پراجیکٹ پر معاہدہ ہوا ہے، یہ منصوبہ 14 برس سے رکا ہوا تھا، اس منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بعض لوگ ترقی کے سفر میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مخالفین صرف تخریب کاری کی سیاست کر رہے ہیں، ہمارے مخالفین کو صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اچھی نہیں لگتی، ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈویلپمنٹ پروگرام کو روکنے کیلئے منفی سیاست کی جا رہی ہے، ہم منفی سیاست کرتے ہیں نہ یقین رکھتے ہیں، ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب آگے بڑھتا جائے گا، عوام کی خدمت کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔
تقریب میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، مراد راس، میاں خالد محمود، ایم پی اے مولانا جلیل شرقپوری، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

پاک فوج میں پہلے ہندو افسر کی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج میں پہلے ہندو افسر کو لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ کیلاش کمار پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے ہندو افسر ہیں۔وزیراطلاعات چودھری فواد حسین نے کیلاش کمار کو مبارک باد دیتے ہوئے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ آپ ہمارے لئے باعث فخر ہیں، پاک فوج زندہ باد۔

یوکرین میں طلبا کی مدد کیلئے پاکستانی سفارتخانہ متحرک، ترنوپل پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان پاکستانی سفارتحانہ نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ ترنوپل میں مکمل طو رپر کام کررہا ہے، کیو نکے علاقہ میں سفارتخانے کا نمائندہ ہر وقت دستیاب ہے۔
روس اور یوکرین کی جنگ کی وجہ سے یوکرین میں موجود پاکستانی سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یوکرین میں موجود پاکستانی طلبا موبائل نمبر 380681734727 پر رابطہ کرسکتے ہیں، تمام پاکستانی طلبا ترنوپل پہنچنے کی کوشش کریں۔
ترجمان کے مطابق طلبا ترنوپل میں ڈاکٹر شہزاد انجم سے (+380979335992۔۔ +380632288874) پر رابطہ کرسکتے ہیں، کھرکیو سے ترنوپل تک ٹرینیں بھی چل رہی ہیں اور ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔ جن شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی، طلبا متعلقہ اعزازی تعلیمی کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں۔

‘پیکا قانون کا مکمل حامی، سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیکا قانون کی مکمل حمایت کرتا ہوں، سوشل میڈیا پر لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قانون کو بہتر کر لیں لیکن یہ کہنا کہ کوئی قانون نہ ہو، یا ایسا قانون ہو جو نافذ ہی نہ ہو سکے بالکل بےتکی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نہیں سماجی معاملہ ہے، سیاسی جماعتوں کو میڈیا اصلاحات کیلئےاکٹھا ہونا چاہئیے۔
واضح رہے کہ پیکا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کو چند روز قبل بلوچستان یونین آف جرنلسٹ اور بار کونسل نے بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون آزادی صحافت پر حملہ اور میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس آئین کی خلاف ورزی ہے۔