All posts by Muhammad Saqib

معاشی حالات درست نہ کیے تو سب کی سیاست ختم ہو جائے گی: شجاعت حسین

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ معاشی حالات درست نہ کیے تو سب کی سیاست ختم ہو جائے گی، جو لوگ ہماری خدمت کرتے ہیں ان کے مسائل کو بھی سننا چاہیئے، معاشی حالات کو سب سے زیادہ اہمیت دینی چاہیئے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے اندر خاص طور پر لاہور میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے، ہر جماعت کے لیڈر مختلف باتیں کر رہے ہیں، ہر لیڈر اپنی اپنی جماعت کے مؤقف کو بیان کر رہا ہے، فضل الرحمان، آصف زرداری، شہباز شریف ملاقات کیلئے آئے، ملاقات میں ہر قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرانے واقعات یہاں تک کہ نواز شریف کے متعلق بھی گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں بعض تجاویز بھی زیر غور آئیں، ملاقاتوں میں مصروف رہے تو عوام سیاستدانوں پر اعتبار کرنا چھوڑ دیں گے۔

یوکرین میں پاکستانی طلبا پھنس گئے، وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر دی۔
پاکستانی طالب علم گلریز ہمایوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے میٹرو اسٹیشن میں پناہ لے رکھی ہے، کھانا دستیاب ہے نہ پانی، ہماری حالت بہت غیر ہے، ہم لاوارث ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ ترنوپل میں مکمل طور پر کام کر رہا ہے، کائیو میں سفارتخانہ کا نمائندہ ہر وقت دستیاب ہے، کھرکیو سے ترنوپل تک ٹرینیں بھی چل رہی ہیں اور ٹکٹ بھی دستیاب ہیں، جن شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی، طلبا متعلقہ اعزازی تعلیمی کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں۔
ادھر نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے حکومت سے یوکرین میں پھنسے 500 طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کے نتیجے میں پاکستانی شہری اور طلبہ یوکرین میں پھنس گئے ہیں، 500 سے زائد طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانی یوکرین سے انخلاء کے منتظر ہیں، یوکرین نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، یوکرین میں موجود پاکستانی سفارت خانہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی معاونت کرے، حکومت پاکستان یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی جلد اور باحفاظت واپسی کو یقینی بنائے۔

کراچی کی طرف مارچ پر لوگ پی ٹی آئی کو جوتوں کے ہار پہنائیں گے: سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) سعید غنی نے کہا ہے کہ حیرت ہے پی ٹی آئی لانگ مارچ میں کیا کہے گی، کراچی کی طرف مارچ پر لوگ انہیں جوتوں کے ہار پہنائیں گے، پیپلزپارٹی کی ریلی تحریک انصاف کے مارچ سے بڑی ہوگی۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کا جو حال کیا وہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا، پٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، ملک میں کھاد کا بحران ہے، اب وہ وقت نہیں کہ ایک حکم پر شہر بند کیا جاتا تھا، ماضی میں ایم کیو ایم لسانی فساد پھیلاتی رہی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ادویات اس قدر مہنگی کر دی گئیں ہیں کہ لوگ خرید نہیں پا رہے، ہمیں ڈھائی ماہ میں گیس میسر نہیں ہوئی، جرائم کے حوالے سے صرف کراچی کو فوکس نہ کیا جائے، جرائم کے حوالے سے صرف کراچی پر تنقید نہ کی جائے، جرائم صرف کراچی نہیں، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی ہیں، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا، وفاق رپورٹ پر سندھ حکومت کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا۔

غیرقانونی اسلحہ کیس: صحافی محسن بیگ کی ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے سینئر صحافی محسن بیگ کی ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقار حسین گوندل نے ملزم محسن بیگ کی بعداز گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ مقدمہ میں لگی دفعہ قابل ضمانت جرم ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے 30 ہزار روپے مچلکوں پر ملزم محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
یاد رہے ملزم کے خلاف تھانہ مارگلہ نے ناجائز اسلحہ کا مقدمہ نمبر 87 درج کیا تھا۔ محسن بیگ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت کیس میں تاحال ضمانت دائر نہیں کی۔

فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی، مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث ماہ صفائی مہم کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں نے کمپنی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔
فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں، شہری علاقوں میں موجود کچرا شہر کی خوبصورتی کو گہنا رہا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کے دورے بھی کسی کام نہ آ سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ شاذو و نادر ہی نظر ہی آتا ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کرواتے ہیں۔
مدینہ ٹاون اور رسول پارک کے علاقوں میں کچرے اور گوبر کے ڈھیر سے تعفن اٹھ رہا ہے، جس نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو ویسٹ منجیمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ روزانہ منتخب شدہ یونین کونسلز کی صفائی کروائی جاتی ہے، جلد مکمل شہر صاف کرلیا جائے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صفائی کے دوران ہی اگر شہر کا کچرہ ٹھکانے لگا دیا جاتا اور شاہراہوں، گلی اور محلوں کی باقاعدہ صفائی کر دی جاتی تو صورتحال کسی حد تک بہتر ہوتی لیکن ماہ صفائی مہم برائے نام رہی۔
شہر کے مختلف مقامات پر موجود کچرے کے ڈھیروں نے ایف ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کا پول کھول دیا مگر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہے کہ سب اچھا کا روایتی راگ الاپ رہی ہے۔

سندھ حکومت کے تعلیم کی بہتری کے دعوے صرف بیانات تک محدود

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کے تعلیم کی بہتری کے دعوے صرف بیانات تک محدود نظر آنے لگے۔ بن قاسم ٹاؤن میں سرکاری اسکول خستہ حالی کا شکار ہے۔ خراب حالت کے باعث 100 سے زائد طلبا و طالبات نے اسکول چھوڑ دیا۔
عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ کلاس رومز میں جانور بندھے ہیں۔ کمروں کی چھتیں بھی گر رہی ہیں لیکن پھر بھی سندھ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کی دعویدار ہے۔
کراچی کے سندھ گورنرمنٹ بوائز پرائمری اسکول بن قاسم ٹاون کی بد ترین حالت محکمہ تعلیم سندھ کو چیخ چیخ کر پکار رہی ہے۔ اسکول کی مخدوش حالت کے باعث طلبا و طالبات کی تعداد میں بھی کافی حد تک کمی آگئی۔ بے چارے طلبہ سندھ حکومت سے اپنی تعلیم کا حق مانگ رہے ہیں۔
اسکول ٹیچر کا کہنا ہے کہ پڑھائی کے دوران کلاس روم کی چھت کا ملبہ بھی گرا لیکن خوش قسمتی سے بچی بچ گئی۔ اسکول میں تین اساتذہ تعینات ہیں۔ طلبہ کی تعداد 200 سے کم ہو کر محض پچاس رہ گئی۔ یہ سرکاری اسکول پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سلیم بلوچ کے حلقے میں موجود ہے۔

حکومت کیخلاف لانگ مارچ: پیپلزپارٹی کی تیاریاں فائنل راؤنڈ میں داخل

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی تیاریاں فائنل راؤنڈ میں داخل ہوگئیں۔ شہر قائد پارٹی جھنڈوں، بینرز اور بل بورڈز سے سج گیا۔
وفاقی حکومت کی پالیسیوں، بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی نے طبل جنگ بجا دیا۔ ضلعی صدور مارچ کی کامیابی کیلئے متحرک ہوگئے ہیں، کارکنوں کیلئے بھی کنٹینر بنائے جا رہے ہیں۔ مختلف اضلاع میں رات میں جلسے دن میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ شاہراہ فیصل، شاہراہ پاکستان، شاہراہ قائدین سمیت پورے شہر میں پیپلزپارٹی جھنڈوں کی بہار ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ آج بلاول ہاؤس سے مزار قائد تک ریلی نکالی جائےگی۔
پیپلزپارٹی رہنماؤں کے مطابق حکومت مخالف مارچ عوام دشمن پالیسیوں اور معاشی بدحالی سے نجات دلائے گا۔

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بارش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔
جڑواں شہروں میں صبح سویرے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ اسلام آباد ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہو گیا۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کو خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں 35 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 24 ملی میٹر، مظفرآباد میں 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 10 ملی میٹر، پٹن میں 9 ملی میٹر، دیر میں 8 ملی میٹر، مالم جبہ، سیدو شریف میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پیکا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتوں کا احترام ہے، وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی بجائے پارلیمنٹ کو مضبوط کریں اور وہاں اپنا کردار ادا کریں، سیاسی جماعت کا یہاں آنا پارلیمنٹ کی بے توقیری ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر کے وکیل کو مخاطب کر کے کہا اصل سٹیک ہولڈرز نے پہلے ہی چیلنج کر رکھا ہے جن کے پاس کوئی متبادل فورم بھی نہیں۔ پٹیشنر پارٹی تو مجلس شوری پارلیمنٹ میں موجود ہے، آپ پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں، غیر ضروری درخواستیں عدالتوں میں نہ لائیں، اٹارنی جنرل کو پہلے ہی اس معاملے پر سن چکے ہیں، اب تو حتمی دلائل ہونے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا آرڈیننس کو ہاؤس کے سامنے پیش کرنے کے لیے 120 دن کا وقت ہوتا ہے، ہم بھی عدالت کی معاونت کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا جتنی بھی جماعتیں حکومت میں رہ چکی ہیں وہ آرڈیننس جاری کرتے رہی ہیں، پارلیمنٹ کا بہت بڑا اختیار ہوتا ہے، وہ آئین میں بھی ترمیم کر سکتے ہیں، سیاسی جماعت کے پاس مجلس شوری کا فورم موجود ہے وہاں جا کر اپنا کردار ادا کریں۔ آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ اس معاملے پر کسی اور سیاسی جماعت کی درخواست کو بھی انٹرٹین نہیں کریں گے۔

پی سی بی نے پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق تین ٹیسٹ میچز میں علیم ڈار اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر ہوں گے، آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رنجن مدھو گالے میچ ریفری ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز میں امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار، آصف یعقوب احسن رضا اور راشد ریاض سر انجام دیں گے۔
پاک آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ چار مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کی میزبانی بھی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کرے گا۔