All posts by Muhammad Saqib

کراچی: رات گئے مختلف علاقوں میں تین پولیس مقابلے، چار ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں رات گئے مختلف علاقوں میں تین پولیس مقابلے ہوئے جن میں چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق احسن آباد میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گے، زخمی ڈاکو کی شناخت گل باران اور عبدالعظیم کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب لیاری اور ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب پولیس مقابلے میں دو ڈاکووں زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔

کراچی: شیریں جناح کالونی میں فائرنگ ایک شخص جاں بحق، چار افراد زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع پر پیش آیا، فائرنگ کی زد میں آ کر راہ گیر جاں بحق ہوا جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔ مقتول کی شناخت ایوب کے نام سے کی گئی، زخمیوں میں عبدالملک، آدم، عبدالرحمان اور عرباز کے نام شامل ہیں۔
جاں بحق اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

‘تحریک عدم اعتماد آئینی حق، یہ آپشن استعمال کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا’

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا، غربت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، تحریک عدم اعتماد آئینی حق ہے، یہ آپشن استعمال کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
صدر پاکستان مسلم لیگ نون شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے سامنے مجھے رسوا کرنے کی کوشش کی گئی، مجھے صاف پانی میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، کہا گیا صاف پانی کیس میں اربوں کا غبن کیا گیا، مجھ پر صاف پانی کمپنی کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، اکتوبر 2018 میں نیب نے مجھے اپنے عقوبت خانے بلایا، صاف پانی کیس میں تمام لوگوں کو باعزت بری کیا گیا، انجینئر راجہ صاحب کو گرفتار کیا گیا، کئی ماہ جیل میں رہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صاف پانی کیس کا عدالتی فیصلہ ہم سب کی کامیابی ہے، قوم کی ایک ایک پائی بچائی ہے، سب سے کم بولی دینے والوں سے مزید پیسے کم کرائے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے کمپنی کے سی ای او، چیئرمین کو بھی نہ چھوڑا، پیپرا قانون کہتا ہے بولی دینے والے سے حکومت جوڑ توڑ نہیں کرسکتی، قوم کے اربوں بچائے، ساڑھے 3 سال سے اس جرم کی سزا بھگت رہا ہوں، غریب قوم کی ایک ایک پائی بچانے کاجرم کرتا رہوں گا، غریب قوم کیلئے ہزاروں جرم کرچکا جس میں کئی سو ارب بچائے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ 3 ہزار 300 ارب روپے 10 سال میں عوام کی خدمت کیلئے خرچ کیے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے معیشت تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، نئی لیکس میں پاکستان کے بعض لوگوں کے نام آئے، این سی اے نے سوئس بینکس میں بھی میرے اکاؤنٹس کی چھان بین کی، میرے خلاف کرپشن ثابت ہو جائے تو قبر سے نکال کر بھی تختہ دار پر لٹکا دینا، فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے چائے والے کہاں گئے ؟ عمران خان کے چائے والے کالی چائے پیتے ہیں یا دودھ والی ؟۔

یوکرین کو روس سے لڑنے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا گیا: ولادی میرزلنسکی

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر ولادی میرزلنسکی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ساتھ دیتا نظر نہیں آرہا، یوکرین کو روس سے لڑنے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا گیا،دشمنوں کا مقصد ملک کو سیاسی طورپرتباہ کرنا ہے۔
یوکرین کے صدر نے روس کے خلاف ساری فوج کوحرکت میں آنے کا حکم دے دیا ہے، اٹھارہ سے ساٹھ سال کے مردوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔ امریکہ نے ملک چھوڑنے والے یوکرینی باشندوں کو پناہ دینے کی حامی بھرلی۔
روس نے بحیرہ اسود میں یوکرین کے جزیرہ زمینی اور سنیک پر قبضہ کر لیا، لڑائی میں تیرہ یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یوکرین پر روسی حملے میں تاحال 137 افراد مارے گئے، 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ روس کا فوجی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یوکرینی اہداف پر بیلسٹک اور کروز میزائل سے حملے جاری ہیں، ایئر بیس پر کنٹرول کے لیے کیف کے مضافات میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔

روس کی یوکرین میں پیش قدمی، جزیروں پر قبضہ، 13 یوکرینی فوجی، 137 شہری ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) روس کی یوکرین میں پیش قدمی جاری ہے، بحیرہ اسود میں 2 اہم جزیروں زمینی اور اسنیک پر قبضہ کر لیا۔ لڑائی میں 13 یوکرینی فوجی اور 137 شہری ہلاک، 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔
روسی فوج کے یوکرائن کے فوجی اہداف پر بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملے جاری ہیں، ایئر بیس پر کنٹرول کیلئے دارالحکومت کیف کے مضافات میں گھمسان کی لڑائی ہے۔ روسی حمایت یافتہ جنگجو بھی اسلحہ اٹھائے کیف میں داخل ہو گئے ہیں۔
روسی فوجیوں نے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا ہے، فوجی تنصیبات کو تیس سے زائد بار نشانہ بنایا گیا، گیارہ ایئر فیلڈز، ایک بحری اڈہ تباہ کرنے، ایک ہیلی کاپٹر اور چارڈرون گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ کروز میزائلوں کا بھی بھرپور استعمال جاری ہے۔ کیف، سومائے اور خیرسن کے اطراف میں بھی فریقین میں شدید لڑائی جاری ہے۔
یوکرین کے صدر نے روس کے خلاف ساری فوج کوحرکت میں آنے کا حکم دے دیا ہے، اٹھارہ سے ساٹھ سال کے مردوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔ امریکہ نے ملک چھوڑنے والے یوکرینی باشندوں کو پناہ دینے کی حامی بھرلی۔

صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) یوکرین پر حملے پر امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ روسی بینکوں کے امریکہ اور برطانیہ میں اثاثے منجمد کر دیئے گئے، امریکا نے روس کے نائب سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیدیا۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کو یوکرین پر بلاجواز حملے کا جواب دینا پڑے گا، پیوٹن نے سفارت کاری مسترد کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، ماسکو پہلے ہی حملے کی تیاری کرچکا تھا، اب نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ادھر یوکرین اور روس کے مابین جنگ پوری شدت سے جاری ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوکرین کے ہزاروں شہریوں نے ہمسایہ ملکوں کا رخ کر لیا، جو ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتا وہ پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں۔ اے ٹی ایمز اور پیٹرول اسٹیشنوں کے باہر لمبی لائنیں لگ گئیں، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
روسی میزائل یوکرین کے رہائشی علاقوں میں گرنے سے ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے، درجنوں رہائشی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ جگہ جگہ جلتی گاڑیاں اور تباہ شدہ سڑکیں دیکھ کر شہری دہشت زدہ ہو گئے۔
ہزاروں افراد جنگ سے بچ کر یورپ جانے کے لیے گھروں سے نکل پڑے، دارالحکومت کیف کو روسی قبضے سے بچانے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
پیچھے رہ جانے والے افرادجان بچانے کے لیے پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں جو زیر زمین ریلوے اسٹیشنوں اور تہہ خانوں میں قائم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔
صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی، افغانستان میں ممکنہ اقتصادی بحران کو روکنے کی ضرورت ہے، پاکستان ایک مستحکم، پر امن افغانستان کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف فورمز پر پاک روس تعاون اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے علاقائی توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس پائپ لائن پراجیکٹ کو ملکی معاشی ترقی کے لیے فلیگ شپ منصوبہ قراردیا۔
عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کو یقین ہے کہ سفارت کاری سے دونوں ملکوں کے فوجی تنازعے کو ختم کیا جاسکتا ہے، تنازعات کی صورت میں ترقی پذیر ممالک معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عالمی شدت پسندی اور اسلاموفوبیا کے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ایس ایل سیون، دوسرے ایلیمینٹر میں آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ ٹکرائیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کا دوسرا ایلیمینٹر آج کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔ قذافی سٹیڈیم کے تاریخی میدان پر ایک اور تاریخ ساز مقابلہ، پی ایس ایل سیون میں پھر آر یا پار کا میچ درپیش ہے۔ دوسرے ایلیمینٹر میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ زندہ دلان کے شہر میں وہی شام ساڑھے سات بجے بگل بجے گا، زور کے جوڑ کا میدان سجے گا۔ کھلاڑی پرعزم تو مداح بھی پرجوش ہیں، چھکے چوکوں کی برسات اور وکٹوں کی بات ہو گی۔ غلطی کی گنجائش نہیں، ’’جو جیتا وہ سکندر‘‘ کے مصداق فاتح ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا، ہارنے والی ٹیم کو گھر جانا پڑے گا۔ دونوں ٹیموں نے ٹائٹل مقابلے تک رسائی پر نظریں جما لیں۔

کورونا وائرس سے مزید 25 افراد دم توڑ گئے، 24 گھنٹوں میں 1122 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ سات دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 139 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 6 ہزار 450 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 122 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 395، سندھ میں 5 لاکھ 66 ہزار 505، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 15 ہزار 743، بلوچستان میں 35 ہزار 316، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 448، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 169 جبکہ آزاد کشمیر میں 42 ہزار 874 کیسز رپورٹ ہوئے۔

روس نے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا، یوکرین کی تصدیق

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس اور یوکرین کے مابین جنگ جاری ہے جس میں نئی آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے یوکرین نے اپنے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر روس کی جانب سے قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پلانٹ کا کنٹرول کھو دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی فوجیوں نے روسی فوج کے آگے ہتھیار ڈالنے شروع کردیئے ہیں۔
قبل ازیں روس نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے یوکرین پر حملہ کر دیا، زمینی اور فضائی کارروائیوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ یوکرینی ایئربیس اور ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا، اس دوران 40 فوجی، 10 شہری مارے گئے، اسی دوران یوکرین نے جوابی اقدامات میں 50 روسی اہلکار مارنے اور 7 طیارے گرانے کا دعویٰ کر دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے بعد دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔