All posts by Muhammad Saqib

وزیراعظم عمران خان کا روس کی سب سے بڑی مسجد کا دورہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے روس کی سب سے بڑی مسجد کا بھی دورہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان روس کی سب سے بڑی مسجد واسلامک سینٹر پہنچے،جہاں انہوں نے مختلف حصوں کا دورہ کیا، وزرا اوروفد کے ارکان بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے، مسجد کی انتظامیہ نے وفد کو ماسکو کی مسجد کی تاریخ پر بریف کیا۔
دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور نائب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ سے زائد لوگوں کی منڈی کے طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مارچ میں منعقد ہونے والی آئندہ سرمایہ کاری کانفرنس میٹالرجیکل، توانائی، تعمیرات اور تیل و گیس کمپنیوں کے لیے ملک میں بے پناہ صلاحیتوں کو تلاش کرنے کا موقع ہوگی۔

یوکرین کے دفاع کیلئے عام شہریوں کو مسلح کرنے کا فیصلہ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے خلاف لڑائی میں جو عام شہری ملکی دفاع کے لیے شامل ہونا چاہتا ہے اسے ہتھیار فراہم کریں گے۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ ملکی دفاع کی خاطر حکومت نے عام شہریوں کو مسلح کرنے کا فیصلہ کیا ہے، روسی جارحیت کے خلاف لڑائی میں شامل ہونے کے خواہش مند شہری سامنے آئیں۔
زیلنسکی نے روسی شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ولادی میرپیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے خلاف گھروں سے نکلیں، وہ روسی جن کا ضمیر زندہ ہے وہ جنگ کے خلاف آواز بلند کریں۔
یوکرینی صدر نے ملکی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے عالمی طاقتوں سے دفاعی سامان فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔
انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن، برطانوی وزیراعظم بورس جونسن اور چیئرمین یورپین کونسل چارلس مائیکل سمیت دیگر بااثر رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی مدد کے لیے سامنے آئیں۔
دوسری جانب یوکرین کی پریذیڈینسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی حملے میں اب تک 40 فوجی اور10 شہری ہلاک ہوئے۔ جبکہ یوکرین نے جوابی کارروائی میں 5 روسی طیارے اورایک ہیلی کاپٹرتباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

روس یوکرین کشیدگی: بحر اسود میں ترک مال بردار جہاز نشانہ بن گیا

انقرہ: (ویب ڈیسک) بحرِ اسود میں موجود ایک ترک سامان بردار جہاز یوکرین کی حدود کے قریب میزائل حملے کا نشانہ بن گیا۔
ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق جوپیٹر نامی ترک بحری جہاز یوکرین کے شہر اوڈیسہ سے رومانیہ جارہا تھا جب اُسے شہر کے 50 میل کی دوری پر میزائل لگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز پر موجود عملہ محفوظ ہے جبکہ ترک بحریہ کے جنرل ڈائرکٹریٹ نے بھی کہا ہے عملے کی جانب سے کوئی امداد طلب نہیں کی گئی ہے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ میزائل کہاں سے آکے گرا تاہم اس سے قبل آج صبح 2 روسی جہازوں پر بھی میزائل حملہ ہوچکا ہے۔ روسی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آج صبح SGV-FLOT اور SERAPHIM SAROVSKIY نامی دو جہازوں پر یوکرینی افواج نے میزائل حملہ کیا تھا۔

ملکی مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح میں کمی ہوئی ہے: شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کے تناسب سے پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ مالی سال2015-16کی بنیاد پر جی ڈی پی کے تعین کے بعد مالی سال 2021ء میں مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے مجموعی سرکاری قرضوں کی شرح 71.8 فیصد ہے جبکہ2005 -06کے مالی سال کی بنیاد پر مالی سال 2021میں جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کی شرح کا اندازہ 83.5فیصد لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ مالی سال2015-16کی بنیاد پر جی ڈی پی کے تناسب سے سرکاری قرضوں کی شرح میں تقریباً 12فیصد کمی ہوئی ہے ۔

لاہور: خاتون کیساتھ اجتماعی زیادتی، ملزمان برہنہ کرکے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے رہے

لاہور:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے رائیونڈ میں خاتون کو اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنا دیا گیا اور 3 ملزمان برہنہ کر کے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے رہے۔
لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر درندہ صفت ملزمان نے خاتون کی عصمت دری کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بنالیں۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزمان ابرار، وقاص اور رفیق درخواست واپس لینے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو باآسانی 62 رنز سے شکست دیدی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو باآسانی 62 رنز سے شکست دیدی۔
سری لنکا کی ٹیم 200رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناسکی۔سری لنکا کی جانب اسلانکا53 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔بھارت کی جانب سے وینکتیش ائیر اور بھونیشور کمار نے دو،دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے۔بھارت کی جانب سے ایشن کشن نے 56 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔ویرات کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ کے بعد آج بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

پی ایس ایل7: پہلا ایلیمینیٹر، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاورزلمی کو شکست دےدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے ایلمینیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایلمینیٹر 2 میں داخل ہوگئی اور پشاور زلمی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا ایلیمینٹر مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔
زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا۔
کامران اکمل 58، محمد حارث 12، یاسر خان 8، اور حسین طلعت 28 اور شعیب ملک 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 3، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس طرح پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی جانب سے ایلکس ہیلز نے 62، اعظم خان نے 28 اور شاداب خان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے تین جب کہ بینی ہاول نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پی ایس ایل فائنل میں رسائی کے لیے دوسرا ایلیمینٹر کل کھیلا جائے گا جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

روس سے تنازعہ:یوکرین کے عوام سابقہ خاتون وزیراعظم کو یاد کرنے لگے

کیف: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین میں جنگ چھیڑنے کے بعد عوام اپنی پہلی اور سابقہ خاتون وزیراعظم یولیا توموسینکووا کو یاد کرنے لگے۔
یولیا توموسینکووا دو مرتبہ یوکرین کی وزیراعظم رہیں اور اس دوران وہ کھل کر روس کے خلاف بولتی تھیں۔ یولیا مغربی ممالک سے بہتر تعقات کی حامی تھیں اور یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنا چاہتی تھیں۔
یوکرین پر روس کے حملے درمیان یوکرین کی ایک ایسی لیڈر کو یاد کیا جارہا ہے، جس کا ڈر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو بھی تھا، یولیا کچھ مہینوں کیلئے 2005 میں اور پھر 2007 سے 2010 تک یوکرین کی وزیر اعظم رہی ہیں۔ یولیا اپنی مدت کار میں مغربی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے کی کوشش کرتی رہیں اور ان کے دور میں روس ہمیشہ دو قدم پیچھے ہی رہا۔ انہوں نے کئی مرتبہ روس کو کھلا چیلنج بھی کیا کہ وہ لڑے بغیر روس کو اپنے ملک کی ایک انچ زمین دینے کے حق میں نہیں۔
یولیا کو یوکرین میں گیس کوئن کے نام سے جانا جاتا تھا کیونکہ وہ گیس کا کاروبار سے منسلک تھیں۔ ان کا شمار یوکرین کی سب سے کامیاب کاروباری خاتون میں ہوتا تھا۔
یاد رہے کہ یولیا نے 2010 میں صدارتی الیکشن لڑا ، جس میں ان کی شکست ہوئی۔ یولیا کے وزیر اعظم رہتے ہوئے روس کے ساتھ ہوئی ایک گیس ڈیل میں بدعنوانی کے الزام میں صدر وکٹر نے انہیں جیل بھیج دیا اور 2011 سے 2014 تک انہیں جیل کاٹنا پڑی۔
سال 2005 میں یولیا کو فوربس میگزین نے دنیا کی سب سے طاقتور خواتین کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھیں۔ یولیا یوکرین ہی نہیں بلکہ سابقہ سویت یونین کے ممالک میں پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔

تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کا تاثر غلط ہے، مونس الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مسلم لیگ(ق) کے رہنما مونس الہی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مونس الہی میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مجھے فون کیا ہے ، ہم نے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔میں نے ان سے کہا کہ سیاسی بات چیت اور مشاورت جاری رہے گی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم اپنے وعدوں کے پابند ہیں اور ان کا مکمل احترام کریں گے۔

جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، تنازعات کو بات چیت سے حل کیا جانا چاہیے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، تنازعات کو بات جیت سے حل کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی آج ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی اورعالمی امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے روس کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ کےعزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے یوکرین اور روس کے درمیان تازہ صورتحال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی کےمفاد میں نہیں، تنازع سے ترقی پذیرملکوں کی معیشت کوسب سے زیادہ نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید تھی کہ سفارت کاری کے ذریعے جنگ سے بچا جا سکتا تھا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں انسانی بحران اورمعاشی مشکلات کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن علاقائی توازن برقراررکھنے میں معاون ثابت ہو گا۔