All posts by Muhammad Saqib

7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا کرائے دار گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے علاقے شیرا کوٹ میں 7 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
شیرا کوٹ پولیس نے 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم ابراہیم کو گرفتار کرلیا، جو بچی کا پڑوسی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بچی کو بہانے سے کمرے میں لے کر گیا، جس کے بعد والدین اُسے تلاش کرتے ہوئے بالائی منزل پر واقع کمرے میں پہنچے تو وہاں ملزم بچی کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
والدین نے بتایا کہ ملزم ابراہیم بھی مکان کے بالائی پورشن پر کرایہ پر رہائش پذیر ہے۔ والدین کی شکات پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، معصوم بچوں، خواتین کے ساتھ زیادتی اور انہیں ہراساں کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

یوکرین میں محصور برازیلین فٹبالرز نے مدد کی اپیل کردی

کیف: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد کئی برازیلین فٹبالرز اور ان کے اہل خانہ محصور ہوگئے اور اپنے ملک سے مدد کی اپیل کردی۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے یوکرین میں فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد دونوں مالک کے درمیان تنازع میں شدت آچکی ہے۔ روسی حملے کی وجہ سے یوکرینی دارالحکومت کیف میں متعدد برازیلین فٹبالرز اپنے خاندان کے ہمراہ پھنسے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فٹبالرز اپنی برازیلین حکومت سے اپیل کررہے ہیں یوکرین سے ان کا انخلا جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔
کھلاڑیوں نے کیف میں قائم ایک ہوٹل میں ویڈیو ریکارڈ کی جس میں وہ اپنے ملک سے مدد کی درخواست کرتے نظر آرہے ہیں۔ فٹبالرز جتنی جلدی ممکن ہوسکے یوکرین سے نکلنے کی کوشش میں ہیں۔
خیال رہے کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ روسی کارروائی کے نتیجے میں یوکرین میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، سرحدیں بند کی جاچکی ہیں، بینکس کے دروازے بھی بند ہیں، عوام کو فیول اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

کسی کی خواہش پر تعلقات رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کریں گے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کسی کی خواہش پر تعلقات رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کریں گے، پاکستان اپنے مفادات کو دیکھے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ باہمی تعلقات کا آغاز ہوا ہے، وزیراعظم اور روسی صدر میں عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، چاہتے ہیں تعلقات کا سلسلہ رکے نہیں آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ روس دنیا کا 40 فیصد گندم پیدا کرتا ہے جب کہ سب سے زیادہ گیس روس کے پاس ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ روسی نائب وزیراعظم توانائی کے معاملات بھی دیکھتے ہیں جس سے متعلق معاملات پر گفتگو ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں روس پاکستان کے توانائی کے معاملات میں سرمایہ کاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح فیصلہ کیا صورتحال کے باوجود دورے کو مکمل کرنا چاہیے، روسی صدر نے بھی دورے کو گرمجوشی سے لیا ہے۔

پی ایس ایل7: ایلمینیٹر1، پشاورزلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کوجیت کیلئے 170 رنز کا ہدف

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے 58 جب کہ شعیب ملک نے 51 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے تین جب کہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آج کے میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ دوسرے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز سے ہو گا۔

کراچی: کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

کراچی: (ویب ڈیسک) ملیر میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ہینڈگرنیڈزاور اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں گہرام عرف مقبول سومرو،فدا سبزوئی اوروقار شامل ہیں، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے رینجرز اور پاک آرمی پر ہینڈ گرنیڈحملوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن کی ترسیل اور دیگرجرائم میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کو مزید کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب بن قاسم پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، دو ملزمان نے 14 فروری کو محمد سلطان کو سر پر سریا مار کر قتل کر دیا تھا، اور لاش جنگل میں چھپا دی تھی، گرفتار ملزمان میں حبدار سھاگ اور نصیر شامل ہیں، ملزمان قتل کی واردات کے بعد سندھ فرار ہو گئے تھے۔

بس! اب حکومت نے پارلیمنٹ کا اعتماد کھونا ہے، شازیہ مری

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اورمائیں و بہنیں حکومت کو گالیاں دی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس! اب حکومت نے پارلیمنٹ کا اعتماد کھونا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ عطا مری نے کہا کہ ہم اقتدار کے نہیں جمہویت کے بھوکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی پکار نے ہمیں باہر نکلنے پر مجبور کیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ عوام نے ہمیں باہر نکلنے کا اشارہ دیا ہے وگرنہ یہ دس دن کا سفر ہمارا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ساڑھے تین سال بعد عوامی مارچ کا اعلان کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ادویات 700 فیصد تک مہنگی ہو چکی ہیں جب کہ غربت و مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ہمیشہ یہی کہا تھا کہ استعفے دینے سے حکومت گرنے والی نہیں ہے لیکن اس حوالے سے پیپلزپارٹی پر الزامات لگائے گئے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ عطا مری نے کہا کہ جنہوں نے استعفوں کی بات کی تھی انہوں نے بھی استعفے نہیں دیے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں پر سبسڈی 24 فروری سے 31 مارچ تک برقرار رہے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں افغانستان اور ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ معاہدے کے ضوابط کی اجازت دیدی گئی جبکہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے چینی کے ذخائر قائم کیے جائیں گے۔
ای سی سی کے مطابق افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی سمری واپس لے لی گئی جبکہ پاسکو کو 65 ارب کی کریڈٹ لمٹ پر 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف دیدیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاسکو 1950 روپے فی 40 کلوگرام کی شرح سے گندم خریدے گا، وزارت اقتصادی امور کے لیے 68.40 کروڑ کی پہلی قسط کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی کے مطابق سندھ میں اقتصادی ترقی کے پلان کے لیے دو کروڑ روپے کی گرانٹ اور وزارت ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کے لیے پی ایس ڈی پی سے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے لیے 45 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

روس نے یوکرین کے مزید 2 طیارے مار گرائے، 5 افراد ہلاک

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے مزید 2 طیارے مار گرائے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین کی جنگ جاری ہے، روس نے یوکرین کا ایک لڑاکا طیارہ تباہ کردیا، روس نے یوکرینی فوج کے زیر استعمال جہاز دارالحکومت کیف کے قریب مار گرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے مار گرائے جانے والے عسکری جہاز میں 14 افراد سوار تھے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک

میرانشاہ:(ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 امن دشمنوں کو مار ڈالا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزونی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اسی دوران دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 6 ملک دشمن مارے گئے، مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اختر حسین، شیر اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشتگردوں کے پاس اسلحہ، گولہ بارود اور سامان بھی تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے سب مشین گنیں، ہینڈ گرنیڈ، بارودی سرنگیں، ہتھکڑیاں اور بڑی مقدار میں متعدد کیلیبر راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔ مارے جانے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے گئے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

جعلی چیک مقدمہ، ن لیگی ایم این اے ملک سہیل خان عدالت سے فرار

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) جعلی چیک کے مقدمے پر ضمانت خارج ہونے پراین اے 56 اٹک 2 سے ن لیگی رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان گوجرانوالہ کی سیشن عدالت سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک سہیل 6 کروڑ روپے کے جعلی چیک کے مقدمہ میں عبوری ضمانت پر تھے، ایڈیشنل سیشن جج صابر سلطان نے لیگی ایم این اے کی ضمانت خارج کر دی، بحٹ کے دوران ممبر قومی اسمبلی عدالت میں موجود رہے، درخواست ضمانت کے فیصلہ پر ن لیگی ایم این اے عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایم این اے کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں جعلی چیک کا مقدمہ درج ہے، مقدمہ بوگس چیک کے الزام میں 29 جنوری کو درج کیا گیا، ملزم کے متعدد پیٹرول سٹیشن ہیں۔
مدعی مقدمہ نے موقف اپنایا کہ پیٹرول اسٹیشن پر پیٹرول اور ڈیزل سپلائی کرتا تھا، پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں ملزم نے بذریعہ چیک 6 کروڑ روپے ادا کیے، چیک بینک میں جمع کروایا تو کیش نہیں ہوا۔