All posts by Khabrain News

کورونا ہلاکتوں میں کمی، 3 مریض جاں بحق، 609 افراد وائرس سے متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کیسز میں کمی آنے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 3 مریض دم توڑ گئے، 609 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 307 ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 17 ہزار 961 ہے۔ ملک میں 15 لاکھ 18 ہزار 692 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 14 لاکھ 70 ہزار 424 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 609 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا مثبت کیسز کی تعداد 1.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صوبہ پنجاب میں 5 لاکھ 3 ہزار 715 افراد وبا میں مبتلا ہیں، سندھ میں 5 لاکھ 71 ہزار 854 ، خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 70 جبکہ بلوچستان میں 35 ہزار 437 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 818 اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار 631 کیسز پائے گئے ہیں۔

‘لبوشین،کبھی تم نے لبِ شیریں سنا ہے’ ، کراچی ٹیسٹ کے چند دلچسپ بینرز’

کراچی:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز لے کر پہنچے۔

بینرز اور پوسٹرز پر دلچسپ تحریریں درج تھیں تاہم ان ہی میں سے ایک نے صارفین کی توجہ اپنی جانب خوب سمیٹی جو کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق تھا۔

مداح اپنا پوسٹر لیے اسٹیڈیم پہنچا جس پر لکھا تھا کہ ‘شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنے سے کانپیں ٹانگ جاتی ہیں’، چونکہ شاہین آفریدی انتہائی تیز ترین گیندیں کراتے ہیں، لہٰذا مداح نے بیٹر کے خوف سے متعلق یہ بینر تخلیق کیا

تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی حق ، وزیراعظم کنٹینر پر سوار ہونے کی بجائے سامنا کریں: سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کو رگیدنے کی بجائے حکومت کی پونے چار سالہ کارکردگی بتائیں۔ سیاست دان ایک دوسرے کے خلاف جو زبان استعمال کر رہے ہیں کسی بھی مہذب معاشرے میں زیب نہیں دیتی۔ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے، وزیراعظم کنٹینر پر سوار ہونے کی بجائے سامنا کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم اور ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں اور دوسری طرف اپنے جلسوں میں مغرب میں قانون کی بالادستی کی بات بھی کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے۔ ملک کا ہر حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ قانون غریب کے لیے لوہے کے چنے اور امیر کے لیے موم کی ناک ہے۔ ملک اس وقت بحرانی کیفیت کا شکار ہے ، عوام کی فکر پہلے کسی کو تھی نہ اب ہے۔ 22کروڑ عوام ملک کے حقیقی وارث ہیں ، انہیں فیصلے کا حق دیا جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شفاف اور متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ہم تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں کوئی بڑا فرق نہیں سمجھتے۔ جماعت اسلامی کی لڑائی چہرے بدلنے کی بجائے نظام بدلنے کے لیے ہے۔ ہم آئین و قانون کی بالادستی اور اسلامی نظام کی بات کرتے ہیں۔ ہمارا موقف کل بھی واضح تھا آج بھی کلیئر ہے۔ اپوزیشن اور حکمران جماعتیں ہمیں ساتھ دینے کا کہتی ہیں تو ہم ان سے سوال کرتے ہیں کہ کیا ان کا ایجنڈا ملک میں سودی نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے ہے، تو کوئی جواب نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ملک کو درپیش بحرانوں کے حل کے لیے کوئی ویژن نہیں۔ سابقہ حکمرانوں نے بھی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ سٹیٹس کو سے نجات حاصل کرنے سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ جاگیرداروں اور وڈیروں سے جان چھڑانا ہو گی۔

بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ خودکریگی، شیخ رشید نہیں، جام کمال

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کا وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیدکے بیان پر ردعمل سامنے آگیا۔
ایک ٹوئٹ میں جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بی اے پی اپنا فیصلہ خودکرےگی، شیخ رشید نہیں۔ جام کمال نےٹوئٹ میں شیخ رشید کی پریس کانفرنس کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
خیال رہےکہ کوئٹہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، میں بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں باقی لوگوں کا ذمہ دار نہیں ہوں۔

فہد مصطفیٰ کا ثنا جاوید سے اظہارِ یکجہتی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز وفلم انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ ڈرامہ اسٹار ثنا جاوید کے حق میں بول پڑے اور اداکارہ کی حمایت میں پیغام جاری کردیا۔
فہد مصطفیٰ نے ثنا جاوید کے ساتھ کھینچی گئی ایک تصویر سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی اور لکھا کہ میں نے مذکورہ اداکارہ کے ساتھ مختلف پروجیکٹس پر کام کیا، وہ پچھلے دو سال سے میرے شو کا بھی حصہ ہیں، میں نے انہیں ناصرف اپنے ساتھ بلکہ اپنی ٹیم کے ساتھ بھی انتہائی پروفیشنل اور شائستہ پایا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ چند دنوں سے متعدد ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ اور اداکار سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے ساتھی فنکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر برتے جانے والے نامناسب اور ناقابل برداشت رویے کے بارے میں آواز اٹھارہے ہیں۔
ماڈل منال سلیم نے ثنا جاوید کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی، کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں۔ منال سلیم کے بعد متعدد میک اپ آرٹسٹوں اور اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھی ثنا جاوید کے رویے کو نامناسب قرار دیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے خلاف پیروپیگنڈا کرنے والی ماڈلز اور میک اپ آرٹسٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا۔

وزیر اعظم گھبرائے ہوئے نہیں ہیں لیکن اب کیا ہوگا یہ نہیں معلوم، فروغ نسیم

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان گھبرائے ہوئے نہیں ہیں لیکن اب آگے کیا ہونے جارہا ہے یہ معلوم نہیں ہے۔
کراچی میں فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیرمین قاضی خالد کے ہمراہ ٹریبونل کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم-پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کا استحقاق ہے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کیا فیصلہ کرتے ہیں۔
انہوں نے خالد مقبول صدیقی کو مخاطب کرکے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ اب اگر کوئی معاہدہ ہو تو عدالت سے ڈگری کرا لیجئے گا تاکہ اس بار آپ سے دھوکہ نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بلکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں، میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سینیٹر بنا ہوں اور پارٹی قوانین اور فیصلوں کا پاپند ہوں، جو پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے تابع رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا ووٹ اسمبلی میں ہونا ہے، میرا ووٹ ہے نہیں میں سینیٹر ہوں، ایم کیو ایم ملکی استحکام کے ساتھ کھڑی ہے، کسی آئین میں یہ نہیں ہے کہ کوئی اتحادی جماعت کسی دوسری اپوزیشن پارٹی سے نہیں مل سکتی ہے۔
علاوہ ازیں فروغ نسیم نے کہا کہ بھارت نے سازش کرکے بلوچستان کے ڈیرھ سو وکلا کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ہاتھوں شہید کروایا وکیل اورجج ایک دن میں نہیں بنتے۔

سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار ایک دن میں81 ملزمان کا سر قلم

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں دہشت گردی کے الزام میں ایک ہی دن میں 81 افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق عبادت گاہوں اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے، سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل، بارودی سرنگیں بچھانے، اغوا، تشدد، عصمت دری اور مسلح ڈکیتی جیسے جرائم میں ملوث 81 افراد کا سر قلم کردیا گیا۔
سزائے موت پانے والوں میں القاعدہ اور داعش سے تعلق رکھنے والے سعودی اور غیر ملکی شہری شامل ہیں جن میں اکثریت یمن کے شہریوں کی ہے جن پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے منصوبوں میں معاونت اور ہتھیاروں کی فراہمی کا الزام تھا۔
وزارت نے کہا کہ مجرموں کو متعلقہ عدالت میں مقدمات کی سماعت کے بعد سزا سنائی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ سزائے موت کے فیصلوں پر اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ سے منظوری کے بعد عمل درآمد کے لیے شاہی حکم جاری کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایک ہی دن میں 81 افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ گزشتہ برس اتنے ہی افراد کو پورے سال میں سزائے موت دی گئی تھی۔

سعودی عرب نے اپنے شہریوں پر بھارت کے سفر پر پابندی عائد کردی

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے تاحال اپنے شہریوں پر بھارت سمیت 15 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں رواں ماہ کی 5 تاریخ سے کورونا پابندیوں کے خاتمے کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودیہ آمد پر پی سی آر ٹیسٹ، آئسولیشن اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔
تاہم اب بھی سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو 15 ممالک کے سفر سے روک رکھا ہے۔ یہ وہ ممالک ہیں جہاں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد اب بھی کافی زیادہ ہے۔ پاکستان اس فہرست میں شامل نہیں۔
محکمۂ پاسپورٹ کے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر سعودی شہری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے سعودی شہریوں پر بھارت، ترکی، افغانستان، انڈونیشیا، آرمینیا، لبنان، یمن، شام، ایران، ڈیموکریٹک کانگو، لیبیا، بیلا روس، ویتنام، صومالیہ اور وینیزویلا کے سفر پر پابندی عائد ہے۔

روس نے فیس بک کے بعد انسٹاگرام پر بھی پابندی لگادی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی میڈیا کے حوالے سے امتیازی سلوک کا حوالہ دیتے ہوئے روس نے فیس بک کے بعد انسٹاگرام پر پابندی کا اعلان کردیا۔
روسی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں روسی فوجیوں کے خلاف تشدد کا مطالبہ کرنے والی پوسٹوں کو اجازت دینے کی ہدایت کرنے پر انسٹاگرام کو پیر سے ملک میں بلاک کر دیا جائے گا۔
روس میں انسٹاگرام پر پابندی کا فیصلہ اٹارنی جنرل کے دفتر کی درخواست پر کیا گیا ہے جبکہ ایک ہفتہ قبل روس نے فیس بک پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
دوسری جانب معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ڈائریکٹر ایڈم موسیری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ روسی پابندی سے 8 کروڑ صارفین متاثر ہوں گے کیونکہ روس کے 80 فیصد بیرون ملک مقیم لوگ انسٹاگرام اکاؤنٹ فالو کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا پلیٹ فارمز نے اپنے سوشل نیٹ ورکس فیس بک اور انسٹاگرام پر روسی شہریوں کے خلاف تشدد کی کالز پر مشتمل معلومات کو پوسٹ کرنے کی اجازت دی تھی۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز فاسٹ بولرز کو پچ سے مدد نہیں ملی، رضوان

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان و وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان کا کہنا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز فاسٹ بولرز کو پچ سے زیادہ مدد نہیں ملی جس کے باعث جلد وکٹیں لینے میں مشکل ہوئی۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے رو ز کھیل کے اختتام پر محمد رضوان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں بتایا کہ کراچی کی پچ راولپنڈی سے زیادہ مختلف نہیں لیکن مجھے امید ہے کراچی ٹیسٹ کا نتیجہ نکلے گا۔
محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے کا بھر پور فائدہ اٹھایا لیکن ٹاس ہارنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ہتھیارڈال دیں تاہم چوتھی اننگ کھیلنا ہمارے لیے چیلنجنگ ہوگا۔
وکٹ کیپر بلےباز نے کہا کہ کراچی کی وکٹ پر آہستہ آہستہ بال کو زیادہ اسپن ملے گا تاہم آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلے سے فائدہ اٹھایا، اگر کھیل کے دوسرے دن ہفتہ کو پاکستان حریف ٹیم کو جلد آوٹ کرنے میں کامیاب ہوا تو اس کا فائدہ مل سکتا ہے۔
رضوان نے ہاتھ کی انجری سے متعلق سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ انگلی کا درد آرام سے دور نہیں ہوتا، درد سہنا پڑتا ہے۔
کراچی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلوی بلےبازوں کی جانب سے اوپنر عثمان خواجہ نے 127 رنز بنائے جبکہ اسٹیو استمھ 71 رنز بناکر نمایاں رہے، پہلے روز پاکستان کو محض 3 وکٹیں ملیں۔