All posts by Khabrain News

’اے طائر لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی‘ مریم نواز کا وزیراعظم پر طنز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پر انہوں نے لکھا کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جس میں اپنے ہی اراکین کو نااہلی اور گھیراو کی دھمکیاں دے کر زبردستی ساتھ رکھنے کی سر توڑ کوششوں کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو اور جہاں اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بعد بھی آپ پسپا ہو رہےہوں؟ یہ حکومت نہیں ذلت ہے، شرمندگی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ پر انہوں نے علامہ اقبالؒ کا شعر بھی لکھا۔
اے طائرِ لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی!
آخر میں انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مگر یہ عزت والے انسان کے لیے ہے، آپ کے لیے نہیں۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے وزیراعظم سے متعلق لکھا کہ آج مجھے وہ الفاظ یاد آ رہے ہیں جو آپ نے ہزارہ برادری کو کہے تھے جو اپنے پیاروں کی لاشیں اپنے سامنے رکھ کر سردی میں دھرنا دیے بیٹھے تھے اور آپ کو پکار رہے تھے! میں بلیک میل نہیں ہوں گا!۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مظلوموں کی وہ آہیں اب آپ کا پیچھا کر رہی ہیں۔

پی ٹی آئی حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی زیادہ دلجمعی کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں شوکت علی، شیر علی، ارباب راجہ، خرم شہزاد ، علی نواز اعوان، راشد شفیق، منصور حیات خان، ذوالفقار علی خان، کنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ خٹک، نورین فاروق ابراہیم، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری اشفاق، حاجی یونس علی انصاری، میاں کاشف اشفاق شامل تھے۔
وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں سے ورثہ میں ملنے والی دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، ملکی معیشت سسٹین ایبل گروتھ کی راہ پر گامزن ہے، عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم کو ایوان بالا کی حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا گیا۔
شہزاد وسیم نے کہا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اسی طرح ناکام بنائے گی، جیسے اس سے قبل کئی موقعوں پر اس نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی زیادہ دلجمعی کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پی ٹی آئی حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔

یوکرین میں مغربی ہتھیار سپلائی کرنے والوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں: روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے کہا ہے کہ یوکرین میں مغربی ہتھیار سپلائی کرنے والوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ سرگئی ریابکوو نے کہا کہ ہم نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ مختلف ممالک سے یوکرین میں ہتھیار بھیجنا نہ صرف ایک خطرناک چال ہے، بلکہ اس کی وجہ سے روسی فوج نشانہ بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماسکو نے یوکرین کو مہیا کیے جانے والے ہتھیاروں کے نتائج بارے خبردار کیا تھا جن میں ایک آدمی کی مدد سے چلنے والا ایئر ڈیفینس سسٹم، اینٹی ٹینک میزائل سسٹم اور اس طرح کے دیگر ہتھیار شامل ہیں۔
روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے روس کی وارننگ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ یوکرین کے معاملے پر امریکا اور روس کے درمیان کو بات چیت نہیں ہو رہی۔
اس سے قبل جمعے کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی جنگ میں حصہ لینے کے لیے مشرق وسطیٰ سے 16 ہزار جنگجوؤں کو بھرتی کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

“آنے والے دنوں میں ترین گروپ کی اہمیت کا اندازہ سب کو ہو جائے گا”

لاہور: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ کے ترجمان سلمان نعیم نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ترین گروپ کی اہمیت کا اندازہ سب کو ہو جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترین گروپ کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ترین گروپ کے خلاف بیان دیتے ہیں جب کہ عمران خان ترین گروپ کو منانے میں لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود کو اپنی اہمیت کا اندازہ اگلے کچھ دن میں ہو جائے گا۔

ن لیگ کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی گرفتاری، مریم نواز کا رد عمل سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ن لیگ کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی گرفتاری پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا رد عمل سامنے آ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ن لیگی رہنما چودھری تنویر کو کراچی میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا پھر بغیر ٹرانزٹ بیل کے لاہور بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما دل کے دائمی مریض ہیں، دوائیاں لے رہے ہیں۔ ان کے خاندان والے ادویات ان تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن رسائی نہیں مل رہی۔
آخر میں مریم نواز لکھا کہ کیا شرم کی بات ہے۔

وزیراعظم اتوار کو حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرینگے: سینیٹر فیصل جاوید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اتوار کو حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا کہ منڈی بہاؤالدین، میلسی اور دیر کے کامیاب جلسوں کے بعد وزیراعظم عوامی رابطہ مہم کے تحت کل حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عوام کا وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد ہے ، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد عمران خان پر اعتماد پلس میں بدل گئی ہے۔

علیم خان نے ترین گروپ سے راہیں جدا کرلیں

لاہور: (کوہ نورنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ سے راہیں جدا کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
ترین گروپ کی علیم خان سے اُن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ناکام رہی جس کی اندروانی کہانی بھی سامنے آگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دورانِ ملاقات ترین گروپ کے سخت گیر اراکین کی وجہ سے علیم خان گروپ کی دوریاں مٹ نہ سکیں، جس کے بعد علیم خان نے اپنی سیاسی حکمت عملی اور سرگرمیوں کو ترین گروپ سے علیحدہ کرلیا اور وہ ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران علیم خان نے ترین گروپ کے رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس پر عون چوہدری نے اپنے گروپ کے سخت گیر ارکان کے رویے کی وضاحت کی اور علیم خان سے معذرت بھی کی، جسے انہوں نے مسترد کردیا۔
ملاقات میں ترین گروپ کے سعید اکبر نوانی نے شریک ہونا تھا لیکن علیم خان اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ علیم خان اپنا دورۂ لندن مکمل کر کے وطن واپس لوٹے ہیں، برطانیہ میں اُن کی سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نوازشریف سے ملاقات ہوئی جبکہ علیم خان نے جہانگیر ترین سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی فلم رن وے 34 کا پوسٹر ریلیز

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے شہناہ امیتابھ بچن اور اسٹار اداکار اجے دیوگن کی نئی آنے والی فلم رن وے 34 کا تھرلر سے بھرپور پوسٹر ریلیز کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رن وے 34 فلم کی کہانی ایوی ایشن انڈسٹری کے گرد گھومتی ہے جس میں امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور راکول پریت سنگھ سمیت دیگر نامور اداکار اپنے جلوے بکھیریں گے۔ مذکورہ فلم رواں سال 29 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کا آج پوسٹر ریلیز ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فلم میں اجے اداکاری کے ساتھ پروڈکشن اور ہدایت کاری کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔ رن وے 34 اجے دیوگن فلمز(پروڈکشن کمپنی) کے بینر تلے تیاری کی گئی ہے۔
فلم کے پوسٹر کو مختصر ترین ویڈیو کی صورت میں حرکت کرتا دکھایا گیا ہے۔ رن وے 34 میں اجے پائلٹ کا کردار نبھا رہے ہیں تاہم امیتابھ بچن کا کریکٹر تاحال واضح نہیں ہوسکتا لیکن امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ ایک تحقیقاتی افسر کے طور پر فلم میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کا نام پہلے ’مے ڈے‘ رکھا گیا تھا تاہم بعد میں اجے دیوگن نے تبدیل کیا۔ نئی آنے والی فلم رن وے 34 کی شوٹنگ کا آغاز ستمبر 2020 سے ہوگیا تھا اور اب مداحوں کو پروجیکٹ کے ریلیز کا انتظار ہے۔

ایک ہی دن میں 2 مالی گاڑیوں کو حادثات

حیدرآباد / لودھراں:(ویب ڈیسک) سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد اور لودھراں میں مالی گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا مگر ٹرینوں کی آمد ورفت بری طرح سے متاثر ہوگئی۔
حیدرآباد کے آؤٹر سگنل پر مال گاڑی کی 7 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، جس کے باعث اپ ٹریک مکمل بلاک ہو گیا۔
دوسری جانب لودھراں کے بعد پہلے ریلوے اسٹیشن جمرانی واہ پر بھی مال گاڑی کی آخری بوگی پٹری سے نیچے اترگی۔ حادثے کے بعد ریلوے حکام نے 38ڈاؤن فرید ایکسپریس ٹرین کو کہروڑپکا ریلوے اسٹیشن پر روک دیا۔
محکمہ ریلوے کے چیف ایگیزیکٹیو آفیسر ظفر زمان رانجھا نے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریلیف ٹرینوں کو جائے حادثہ کی جانب ایک طرف سے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ اُن پٹریوں پر تمام ٹرینوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا ہے۔
سی ای او ظفر زمان رانجھا نے بتایا کہ متعلقہ ڈی ایس ریلوے کو ریلوے ٹریفک جلد بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان دونوں واقعات کے باوجود مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا۔
ظفر زمان نے ڈی ایس ریلوے سے جائے حادثہ کی رپورٹس طلب کیں اور جلد از جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جو عمران خان کو ووٹ نہیں دیتا تو اسے اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا چاہیے، شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کوئی گروپ نہیں اور علیم خان ہمارے دوست ہیں۔
اپنے بیان میں میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ جو بلے کے نشان پر منتخب ہوکر آیا وہ عمران خان کو ووٹ دینے کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی عمران خان کو ووٹ نہیں دیتا تو اسے اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کوئی گروپ نہیں ہے، علیم خان ہمارے دوست ہیں کوئی گروپ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ اجلاس بلانے کا اختیار اسپیکر کا ہے وہ فیصلہ کریں گے۔