صوابی: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلائیں گے، عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں۔
صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے عوامی مفاد سب سے پہلے ہیں، عمران خان پہلی مرتبہ آزاد خارجہ پالیسی لائے ہیں۔ پاکستان ایک آزآد و خودمختار ملک ہے۔ سب دنیا کے ساتھ برابری کے ساتھ تعلقات ہونگے۔ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں لینگے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد لانا لانا اپوزیشن کا حق ہے، عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں، لیکن پاکستان تحریک انصاف ایم این و اتحادی عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس جلد طلب کرینگے۔
All posts by Khabrain News
مسلم لیگ ق کا عدم اعتماد سے متعلق کل حتمی فیصلے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے کل کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اہم مشاورتی بیٹھک آج ہوئی جس میں مسلم لیگ (ق) کے اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشاورت کل بھی جاری رہے گی۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کسی بھی کشمکش کا شکار نہیں کل کے اجلاس میں حتمی فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو حکومت تاحال مطمئن نہیں کر پائی ہے جبکہ مسلم لیگ ق اور حکومت میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ تمام معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے، تاہم وفاقی وزیر طاہر بشیر چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چودھری کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کے دوران عدم اعتماد نہیں صرف پیکا آرڈیننس پر بات چیت ہوئی تھی۔
دوسری طرف ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔
کراچی ٹیسٹ: عثمان خواجہ کی سنچری، آسٹریلیا کے 3 وکٹوں پر 251 رنز
کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے کراچی میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف پہلے روز کھیل ختم ہونے پر تین وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے۔
آسٹریلیا کی طرف سے اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا، بظاہر بیٹنگ وکٹ نظر آنے والی پچ پر دونوں بیٹسمین نے زبردست انداز میں اننگز شروع کی، اس دوران وارنر نے جارحانہ انداز بھی دکھایا تاہم 82 کے مجموعی سکور پروہ فہیم اشرف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ ون ڈاؤن بیٹسمین مارنس لبوشین صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔
اس دوران عثمان خواجہ اور سٹیو سمتھ نے سکور کو آگے بڑھایا اور دونوں نے مل کر 409 گیندوں پر 159 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کا خاتمہ حسن علی نے کیا، سمتھ 72 رنز بنا کر فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے شاندار کیچ تھاما۔ اس دوران عثمان خواجہ نے شاندار سنچری اننگز بھی کھیلی۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے ہیں، عثمان خواجہ 127 اور نیتھن لیون کریز پر موجود ہیں۔ حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گفتگو سیاستدانوں سے ہوتی ہے گالیاں دینے والوں سے نہیں، مریم اورنگزیب کافوادچوہدری کوجواب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بات چیت سیاستدانوں سے ہوتی ہے گالیاں دینے والوں، غنڈوں اوربدمعاشوں سے نہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کودشمنی میں بدلا اورجس نے معاشرے میں تقسیم ، انتشاراور فساد پیدا کیا اس کا نام عمران خان ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت سیاستدانوں سے ہوتی ہے گالیاں دینے والے غنڈوں اور بدمعاشوں سے نہیں۔ سیاست میں گند اور غلاظت عمران صاحب نے ڈالا ہوا ہے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اس گندگی اور غلاظت کو صاف کرکے معاشرے میں پھیلے تعفن اور گھٹن کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کوگالی اوردھمکیاں دی گئیں بے بنیاد الزامات لگائے گئے اوربہنوں بیٹیوں کوجیلوں میں ڈالا گیا۔ اس سب کے بعد بات چیت کے لیکچر دینے والے فواد چوہدری نے کیا عوام کوپاگل سمجھ رکھا ہے۔
علیم خان اور جہانگیر ترین ناراض ضرور ہیں لیکن پی ٹی آئی سے الگ نہیں ہوسکتے، گورنر سندھ
کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ علیم خان اور جہانگیر ترین ناراض ضرور ہیں لیکن وہ پی ٹی آئی سے الگ نہیں ہوسکتے۔
کراچی پریس کلب میں فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ علیم خان سے تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں، وہ لندن گئے تھے جلد ان سے پھر ملاقات ہوگی، تحریک انصاف کا ایک بھی رکن اپوزیشن کے جال میں داخل نہیں ہوگا منحرف اراکین کو ووٹرز گھروں میں رہنے نہیں دیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں بھی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت ملے لیکن ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر جاری نہیں کرسکے، مختلف این جی اوز سے اس حوالے سے بات چیت عمل جاری ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پریس کلب سے ان کا گہرا تعلق ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں صحافیوں کے لیے میڈیکل انشورنس کارڈ کا اجرا کریں گے۔
گورنر نے صحافیوں کے سوال پر کہا کہ وزیراعظم کا ایم کیو ایم کے دفتر کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، عدم اعتماد سے متعلق وہاں کوئی بات نہیں ہوئی۔
عدم اعتماد کی حکمت عملی، متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ مشاورتی اجلاس پیر کو طلب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن قومی اسمبلی میں جمع کروانے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ مشاورتی اجلاس پیر کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہو گا، اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کو عشائیہ دیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہونگے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ سردار اختر مینگل سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کی ریڈ اور ایم این ایز پر تشدد اور گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
مسلم لیگ ق پر تنقید، مونس الٰہی اور شیخ رشید آمنے سامنے
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما، وفاقی وزیر مونس الٰہی اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید آمنے سامنے آ گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مونس الٰہی نے شیخ رشید کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے آپ اپنی زمانہ طالب علمی میں پیسے لیا کرتے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، پنجاب میں جن کے پاس پانچ ووٹ ہیں وہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے پنجاب میں دس اراکین اسمبلی ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں پانچ ایم این ایز ہیں۔
جنگ میں ٹرنگ پوائنٹ آنے سے ہماری فتح یقینی ہوگئی، یوکرینی صدر
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی افواج کے دارالحکومت کا محاصرہ کرنے سے اب جنگ میں ٹرنگ پوائنٹ آگیا ہے جس سے ہم فتح کے مزید قریب آگئے۔
یوکرین کے صدر نے قوم سے پُرجوش خطاب میں کہا کہ یہ کہنا تو مشکل تو ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو کتنے دن میں روسی فوج سے آزاد کر پائیں گے لیکن یہ دن اب بہت جلد آنے والا ہے۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے مزید کہا کہ روسی افواج کے دارالحکومت کے محاصرے سے جنگ میں ٹرنگ پوائنٹ آگیا ہے جس سے ہم اپنے ہدف یعنی فتح کے نہایت قریب آگئے ہیں۔
یوکرین کے صدر نے اپنی جلد فتح کے دعوے سے متعلق زیادہ تفصیلات تو فراہم نہیں کیں تاہم روسی حملے کے بعد سے قوم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے مسلسل خطابات کر رہے ہیں۔
روسی حملوں کے باعث یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی مسلسل اپنی جگہ تبدیل کر رہے ہیں۔ اُن پر پانچ بار قاتلانہ حملہ بھی کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہر بار محفوظ رہے اور اب ممکنہ طور پر پولینڈٖ کی سرحد کے نزدیک کہیں مقیم ہیں۔
روس کے حملوں میں تیزی کے بعد سے امریکا نے بھی نئی پابندیاں عائد کردی ہیں جن میں روس کے ارب پتی تاجر اور صدر ولادیمیر پوٹن کے ترجمان کے قریبی رشتہ داروں پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔
ادھر ترکی میں روس اور یوکرین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی بے نتیجہ اختتام پذیر ہوگئی جب کہ بیلاروس کی سرحد پر ہونے والے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کے تین ادوار بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکے۔
بھارتی پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی جیت؛ سابق کامیڈین وزیراعلیٰ نامزد
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاستوں کی اسمبلیوں میں ہونے والے انتخابات میں مشرقی پنجاب کے نتائج نے سب کو حیران کردیا جہاں کانگریس کے بڑے بڑے بت ’’عام آدمی پارٹی‘‘ کے عام سے امیدواروں نے زمین بوس کردیئے جبکہ اترپردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں بی جے پی جیت گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس بار ہونے والے ریاستی انتخابات روایت شکن ثابت ہوئے۔ سب سے حیران کن نتائج مشرقی پنجاب کے رہے جہاں نجوت سدھو سمیت کانگریس کے بڑے اور مضبوط امیدوار قدرے نا تجربہ کار اور متوسط طبقے کے امیدواروں سے شکست کھاگئے۔
نئی دہلی کی حکمراں جماعت ’’عام آدمی پارٹی‘‘ کے امیدوار جو موبائل فون کی دکان پر سیلز مین ہے نے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو شکست دیدی۔ وزیر اعلیٰ کو شکست دینے والے لابھ سنگھ اگو کے والد کھیتوں میں مزدور اور والدہ اسکول میں خاکروب ہیں۔
کانگریس کے رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ ساتھ شرومنی اکالی دل کے رہنما پرکاش سنگھ بادل اور بیٹے سکھبیر سنگھ کو بھی شکست ہوئی۔ عام آدمی پارٹی مشرقی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔
عام آدمی پارٹی نے بھگونت مان کو ریاست کے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے جو ایک اداکار اور کامیڈین بھی رہے ہیں۔ علاوہ ازیں 2019 میں وہ عام آدمی پارٹی پنجاب کے کنونیر بنے اور اب تک 3 بار رکن اسمبلی بن چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 2013 میں انا ہزارے سے علیحدہ ہوکر الیکشن میں حصہ لینے والے اندرکیجروال نے اپنی جماعت بنالی تھی اور نئی دہلی میں اتحادی حکومت قائم کی لیکن کرپشن کے خلاف بل منظور نہ کراپانے پر محض 49 دن میں مستعفی ہوگئے تھے۔
بعد ازاں 2015 کے الیکشن میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 نشستیں جیت کر بی جے پی کو وائٹ واش کردیا تھا۔ اروند کیجروال دوبارہ نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ بن گئے اور مشرقی پنجاب میں بھی عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔
یوکرین میں امریکی فوج بھیجنے کا مطلب تیسری عالمی جنگ ہوگا،امریکی صدر
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدرجوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا روس سے براہ راست تصادم کے لئے اپنی فوج یوکرین نہیں بھیجے گا۔
امریکا کے صدرجوبائیڈن نے بیان میں کہا کہ یوکرین میں امریکی فوجی بھیجنے کا مطلب تیسری عالمی جنگ ہوگا۔براہ راست تصادم سے بچنے کے لئے امریکی فوجی یوکرین میں نہیں بھیجے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نیٹو کا مکمل طاقت کے ساتھ دفاع کریں گے تاہم امریکا یوکرین میں روس سے جنگ نہیں کرے گا۔نیٹو اورروس کے درمیان براہ راست تصادم کا مطلب تیسری عالمی جنگ ہوگا۔
امریکی صدراس سے قبل بھی واضح کرچکے ہیں کہ یوکرین میں امریکی فوجی بھیجنے کی کوئی تجویز زیرغورنہیں ہے۔یوکرین پرروس کے حملے کے بعد امریکا اوردیگرممالک نے روس سے نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔
گذشتہ چند روز میں بائیڈن انتظامیہ نے روس اورروسی صدرولادی میرپوٹن کیخلاف خلاف سخت پابندیاں لگائی ہیں۔