All posts by Khabrain News

سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، ترقی کا سفر روکنے کیلئے اپوزیشن سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا اور مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اشرف خان رند، سردار منصور احمد خان، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان اور عون حمید بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، آپ نے ہمیشہ ہمارے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے، اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتیات کے گرد گھومتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے، عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

اسلام میں عورت کو حقوق ہی نہیں تحفظ بھی دیا گیا ہے: شاہدہ منی

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ اسلام میں صرف عورت کو اس کے حقوق ہی نہیں بلکہ اسے تحفظ بھی دیا گیا ہے ، ہمارے دین میں وراثت کا قانون موجود ہے اوریہ کیا کم تحفظ ہے ، ماں ، بیٹی اور بہن کی صورت میں رشتوں کا انتہائی تقدس ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ایسی سر گرمیاں نہیں کرنی چاہئیں جس سے معاشرے میں بے چینی پھیلے ،اپنے حقوق کی بات کرنا اور آزادی اظہار رائے سب کا حق ہے لیکن اس کی بھی حدود و قیود ہیں۔

سلمان خان نے پکارا تو نام سے محبت ہوگئی: سارہ لورین

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کرنے والی پاکستانی اداکارہ سارہ لورین نے اپنے نام کی تبدیلی کے حوالے سے انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان نے جب سارہ لورین کہہ کر پکارا تو مجھے اس نام سے محبت ہوگئی۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ان کا نام کافی سوچ بچار اور کنسلٹنٹ کے مشورے سے سارہ لورین رکھا گیا لیکن وہ اپنے نام سے کچھ زیادہ خوش نہیں تھیں۔ ایک ایوارڈز کی تقریب میں جہاں دیگر معروف اداکار بھی تھے اور پوری دنیا کے سامنے جس نے مجھے اس نام سے پکار کر سٹیج پر بلایا وہ سلمان خان تھے ، جب انہوں نے میرا نام پکارا تو مجھے اس نام سے محبت ہوگئی۔
دوران انٹرویو اداکارہ نے کہا کہ اس کے بعد میں نے اپنے نام کو تسلیم کرنا شروع کیا اور کہا اب سب مجھے اس نام سے بلا سکتے ہیں۔

ایسی وکٹیں بنانے کیلئے کوشاں ہیں جہاں یکساں مقابلہ ہو: پی سی بی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے فیصلے کو قبول کرتا ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے پاکستان کے کسی وینیو کو ڈی میرٹ پوائنٹ ملا۔ ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایسی وکٹیں بنانے کیلئے کوشاں ہے جس میں یکساں مقابلہ ہو۔
خیال رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں استعمال ہونیوالی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری قرار دیا تھا۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو معیار سے کم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پانچ روز میں پچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وکٹ پر نہ فاسٹ بولرز کیلئے کچھ تھا اور نہ ہی سپنرز کو کوئی مدد مل سکی لہذا پنلٹی کے طور پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔

نیشنل سٹیڈیم پاکستان ٹیم کا گڈ لگ گراؤنڈ ہے: فواد عالم

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کو ٹیم پاکستان کا گڈلک گراؤنڈ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں فواد عالم نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نیشنل سٹیڈیم پر صرف 2 ٹیسٹ میچز ہی اب تک ہاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کئی نامور کھلاڑی اس گراؤنڈ میں کھیل چکے ہیں۔
فواد عالم نے مزید کہا کہ اپنے شہر میں ملک کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ ہے، اسی لیے مجھے پچ اور موسم کی کنڈیشن کا اندازہ ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ جیسی بھی وکٹ ہوگی، میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

آسٹریلوی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی پاکستان آمد، قرنطینہ مکمل کرنے لگے

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ شان ٹیٹ پاکستان پہنچ گئے۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ شان ٹیٹ پاکستان پہنچ گئے وہ مقامی ہوٹل میں سہ روزہ قرنطینہ مکمل کرنے کے بعدقومی ٹیم کے ساتھ بائیو سیکیورببل میں داخل ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انتقال کرنے والے والد کی آخری رسومات میں شرکت کے سبب شان ٹیٹ کی پاکستان آمد میں تاخیر ہوئی۔

کراچی ٹیسٹ: آسٹریلیا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اب سے کچھ دیر بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز ہیں۔ قومی ٹیم میں فہیم اشرف اور حسن علی کی شمولیت متوقع ہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سوئپسن ڈیبیو کریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

کورونا کی پانچویں لہر کی شدت میں کمی، 24 گھنٹوں میں 6 افراد دم توڑ گئے

اسلام آباد: (کویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ پانچ چار فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 304 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 83 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 571 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 3 ہزار 590، سندھ میں 5 لاکھ 71 ہزار 548، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 17 ہزار 936، بلوچستان میں 35 ہزار 429، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 620، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 797 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 163 کیسز رپورٹ ہوئے۔

روس کا یوکرین میں لڑنے کیلئے شامی رضا کار بھرتی کرنے کا فیصلہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین میں لڑنے کے لیے روس نے شامی رضا کار بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی رضا کار یوکرین میں روسی فوج کے شانہ بہ شانہ لڑ سکتے ہیں۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ پیوٹن 16 ہزار رضا کار یوکرین بھیجنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، ماسکو نے شام کو تباہ کیا اور اب وہاں سے قاتلوں کو بھرتی کر رہا ہے۔

ایٹمی ملک پر میزائل برسانا بھارتی غیر ذمہ داری کی انتہا ہے: معید یوسف

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں میں میزائل گرنے اور بھارتی اعتراف کے بعد وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے غیر ذمہ داری کی انتہا ہے انہوں نے پاکستان جیسے ایٹمی ملک پر میزائل برسا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں معید یوسف نے لکھا کہ 9مارچ کو ایک انہونا اور خطرناک واقعہ پیش آیا۔ بھارتی میزائل 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا پاکستانی حدود میں گرا۔ بھارتی سپرسانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پاکستان میں آگرا۔ یہ کیسا ملک ہے جس کا میزائل چل گیا اور تین دن بعد وضاحت دے رہا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اس طرح کی حساس ٹیکنالوجی کو سنبھالنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات اُٹھ رہے ہیں، یہ میزائل اندرون اور بیرون ملک کمرشل ایئر لائنز کے راستے کے قریب سے گزرا اور شہریوں کی حفاظت کو خطرہ بنا دیا۔
مشیر برائے قومی سلامتی کا مزید کہنا تھا کہ یہ بھی انتہائی غیر ذمہ داری ہے بھارتی حکام نے پاکستان کو فوری طور پر یہ اطلاع نہ دی کہ کروز میزائل کا نادانستہ تجربہ کیا گیا ہے۔جوہری ماحول میں اس طرح کی بے حسی، نااہلی بھارتی ہتھیاروں کے نظام کی حفاظت پر سوال اٹھاتی ہے۔ بھارت میں پہلے ہی یورینیم کی چوری کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اور ماضی قریب میں اس کے شہریوں کو یورینیم اسمگل کرتے ہوئے گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
معید یوسف نے مزید کہا کہ بھارت یہ ایک فسطائی نظریہ کے تحت چلایا جانے والا ریاستی بن چکی ہے ، جو 2019ء میں پاکستان پر بمباری کی کوشش کر کے اپنی لاپرواہی کا ثبوت دے چکی ہے۔ ہم نے دنیا سے مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر نظر رکھے جو علاقائی استحکام کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔ ہماری مطالبوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں چنوں میں ہونے والے واقعہ اور اس سے پہلے کے واقعات کو دیکھتے ہوئے دنیا کو غور کرنا چاہیے کیا بھارت اپنے جوہری اور دیگر اعلیٰ ترین ہتھیاروں کے نظام کی حفاظت یقینی بنانے کے قابل ہے؟
مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھاکہ بھارتی کی طرف سے غلطی کے اعتراف کے بعد ان پر یقین کرنا مشکل ہے، لہٰذا اس واقعے کی تحقیق کی جانی چاہیے تاکہ معلوم ہو سکے آیا یہ نادانستہ لانچ تھا یا کچھ اور جان بوجھ کر۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ دنیا بھارتی رویے، سفارتی سمت اور اپنے پڑوس میں امن و استحکام کی ضرورت کو نظر انداز کرنے کے بارے میں اپنی آنکھیں بند نہ کرے، دنیا کو میاں چنوں واقعے کو حساسیت اور خطرے کی گھنٹی کے ساتھ دیکھنا چاہیے۔