All posts by Khabrain News

بالاکوٹ میں پاکستان کے جواب سے پوری دنیا میں پیغام گیا: وزیراعظم عمران خان

کامرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے، بالا کوٹ میں پاکستان کے جواب سے پوری دنیا میں پیغام گیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، مسلح افواج کے باعث آج کوئی بیرونی طاقت ہم پر دباؤنہیں ڈال سکتی۔
وزیراعظم عمران خان نے کامرہ میں تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، 40 سال پہلے ایف 16 کی شمولیت پر خوشی ہوئی تھی، اپنی قوم کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جے 10 سی سے دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا، ہم پر اعتماد ہیں کہ ہماری آرمڈ فورسز ملک کا دفاع کرسکتی ہیں، مسلح افواج کی طاقت اس وقت بنتی ہے جب قوم ساتھ کھڑی ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کی سمت درست، معیشت بہتر ہو رہی ہے، پاکستان مستحکم ہوتا جا رہا ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، جب قوم پیچھے کھڑی ہو تو افواج کا حوصلہ بڑھتا ہے، حکومت نے نچلے طبقے کیلئے اقدامات کیے، ہمارا اصل مقصد نچلے طبقے کی بہتری ہے، صحت کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، ترسیلات زر اور ٹیکس میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ملک کی آمدنی بڑھنے سے غربت میں کمی ہوگی۔

‘پارلیمانی لاجز پر قبضے کی کوشش کرنیوالے جے یو آئی کے جتھے کی مذمت کرتے ہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین کو ہراساں کرنے کے لیے پارلیمانی لاجز پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے جے یو آئی کے جتھے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس تعریف کی مستحق ہے جس نے انہیں بے دخل کیا، انہوں نے فضل الرحمان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اسے آئینی عمل ہی رہنے دیں، ڈرانے کی کوشش نہ کریں، یہ کام نہیں کرے گا۔
شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ کیا فضل الرحمان دارالحکومت میں افراتفری پھیلا کر 22 مارچ کو ہونے والی اسلامی ممالک کی تنظیم کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ وہ کامیاب نہیں ہوں گے لیکن یہ ایک قابل مذمت کوشش ہے اور کشمیر کاز کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف آئینی درخواست جمع

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف آئینی درخواست جمع کرا دی گئی۔ درخواست سنئیر وکیل رہنماء امان اللہ کنرانی نے شہری کی حیثیت سے جمع کرائی ۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں امان اللہ کنرانی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف آئینی درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بطور پاکستانی شہری وزیر اعظم کے خلاف آئینی درخواست جمع کروا ئی ہے۔ عمران خان نے اپنے عہدے، آئین اور اخلاقیات کی خلاف ورزی کی ہے۔
آرٹیکل 9 میں قانون کے مدنظر ہر شہری کا تحفظ لازمی ہے۔ ایڈووکیٹ امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صاف الفاظ میں زرداری صاحب کو مارنے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ ریاست مدینہ کے دعوے دار مولانا کو فضلو پکار کر اسلام اور آئین کی خلاف ورزی کی ہے، آرٹیکل 63 جی کے تحت وزیر اعظم عمران خان پارلیمینٹیرین کی حیثیت نہیں رکھتے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس قانونی راستہ موجود ہے جسے عدالت کے ذریعے اختیار کیا ہے۔

پاک آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں استعمال ہونیوالی پنڈی سٹیڈیم پچ غیر معیاری قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں استعمال ہونیوالی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری قرار دے دیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا پر اختتام پذیر ہوا تھا جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو معیار سے کم قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پانچ روز میں پچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وکٹ پر نہ فاسٹ بولرز کیلئے کچھ تھا اور نہ ہی سپنرز کو کوئی مدد مل سکی لہذا پنلٹی کے طور پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو لوئر دیر میں آج جلسہ کرنے سے روک دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کو لوئر دیر میں آج جلسے میں شرکت سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر نظرثانی کردی، الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، تمام ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی ، پبلک آفس ہولڈرز پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نےخیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے لیے دوسرے مرحلے کے لیے آج انتخابی جلسہ سے خطاب کرنا تھا۔

‘بجلی کے بعد پٹرول پر بھی یوٹرن لیا جائے گا، حکومتی ریلیف پیکج جھوٹ پر مبنی ہیں’

کراچی: (ویب ڈیسک) نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ بجلی کے بعد پٹرول کی قیمتوں پر بھی یوٹرن لیا جائے گا، حکومت کے تمام ریلیف پیکج جھوٹ پر مبنی ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عوامی مارچ کے دباؤ میں پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اب حکومت نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت پانچ اعشاریہ نو چار روپے مہنگی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے صارفین پر اٹھاون ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس حکومت میں ریلیف صرف امیروں کو ملا ہے۔

ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ، پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان فائنل میں پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ سنوکرچیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان فائنل میں پہنچ گئے۔
احسن رمضان نے سیمی فائنل میں ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، فائنل میں ان کا مقابلہ ایران کے عامر سرکوش سے ہوگا۔
دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے بیسٹ آف نائن فریمز میں ابتدائی دو فریمز ہارنے کے بعد احسن نے آخری تین فریم جیت کر سنسنی خیز مقابلہ جیت لیا۔

ویمن ورلڈکپ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی

ماؤنٹ مونگنوئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6رنز سے شکست دے دی، شاندار بولنگ پرفارمنس پر شبنم اسماعیل میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔
آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں پاکستان کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑگیا، جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے میں 6 رنز سے ہرا دیا۔ ماؤنٹ مونگنوئی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 223 رنز بنائے۔ ولوارڈٹ 75 اور سنی لوس 62 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، غلام فاطمہ اور فاطمہ ثنا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 217 رنز ہی بنا سکی، عمیمہ سہیل کے 65 اور ندا ڈار کے 55 رنز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، قومی خواتین ٹیم اگلا میچ 14 مارچ کو بنگلا یش کے خلاف کھیلے گی۔

جے 10 سی طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت، وزیراعظم عمران خان کی شرکت

کامرہ: (ویب ڈیسک) جے 10 سی طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت کی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان، چینی سفیر بھی تقریب میں شریک ہیں۔
خیال رہے جے 10 سی طیارے کا انجن چینی ساخت ہوگا۔ جے ٹین سی میڈیم ویٹ فائٹر کومبیٹ ایئر کرافٹ ہے اور سنگل انجن طیارہ ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر اور جے ٹین سی کا تقابلی جائزہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ دونوں طیارے الگ الگ بہترین خصوصیات کے مالک ہیں۔ جے ٹین سی اس وقت ایف 16 بلاک 70 72 کے ہم پلہ ہیں۔ پاکستان کے پاس جو ایف 16 ہیں ان کا تعلق بلاک 52 پلس سے ہیں۔
جے ٹین سی کے نام میں شاید ایف کا اضافہ کیا جائے کیونکہ پاکستان کے بیشتر طیاروں میں ایف آتا ہے۔ یہ 4.5 پلس پلس جنریشن طیارہ ہے۔ یہ چین کی ایئر فورس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس کا انجن چینی ساختہ ہے جس میں ڈبلیو ایس ٹین بی یا ڈبلیو ایس ٹین سی نصب ہو گا۔ اس کے ریڈار میں 1400ٹی آر ایم ہیں جبکہ رفال کے ریڈار آر بی ای ٹو میں یہ 1200 ہیں۔ اس میں فضا سے فضا، فضا سے زمین اور فضا سے سمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
جے 10 پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس چین کا حصہ 2004 میں بنا تھا اس کا نام جے ٹین اے تھا۔ جے ٹین کے مختلف ویریئنٹ ہیں جن میں جے 10 اے ، جے ٹین بی اور جے ٹین سی شامل ہیں۔ جے ٹین کو ویگرس ڈریگن بھی کہا جاتا ہے۔ پاکستان کو ملنے والے طیاروں میں اے ای ایس اے ریڈار نصب ہوں گے۔

‘پارلیمان اور جمہوری قدریں ختم ہوگئیں، حکومت ہر ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمان اور جمہوری قدریں ختم ہوگئیں، حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ ہر ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہے ، اسپیکر اس معاملے پر اب تک خاموش ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ لاجز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل شام افسوسناک واقعہ پیش آیا، پولیس دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئی، پولیس نے کامران مرتضیٰ اور سعدرفیق کو زدوکوب کیا، 5 ارکان اسمبلی کو حبس بے جا میں رکھا گیا، پولیس جے یو آئی کے 2 ایم این ایز کو اغواکر کے لے گئی، کیا حکومت اتنی خوفزدہ ہے کہ ہر ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہے ؟ کیا پارلیمان اور جمہوری قدریں ختم ہوگئی ہیں؟۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر اس معاملے پر اب تک خاموش ہیں، اسپیکر غیر جانبدار ہوتا ہے، اسپیکر کو ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کی عزت کی کوئی پرواہ نہیں، اسپیکر صاحب ! کیا آپ نے پولیس کو پارلیمنٹ لاجز میں داخلے کی اجازت دی۔