لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرا دی، اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد کو ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا گیا، ہر روز پٹرول اور بجلی مہنگی ہو رہی ہے، لوگ اس بدترین حکومت سے نجات کیلئے دعائیں کر رہے ہیں، ان حالات میں ریاست مدینہ کی بات کرنا زیب نہیں دیتا، آٹا، دال، چینی اور ادویات سمیت تمام اشیا کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، سلیکٹڈ میں عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں، یہ شخص ہر جگہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ٹرمپ نے ان کو فون کیا تو کہا میں دوسرا ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، انہوں نے کہا تھا مر جاؤں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، انہوں نے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، ان کا دوغلا اور کھوکھلا پن ظاہر ہوچکا، آپ غیر قانونی طریقے سے آئے، ہم آئینی طریقے سے بھیجنا چاہتے ہیں، میں نے اور میرے خاندان نے جیلیں کاٹی ہیں، عمران نیازی ! بھگوڑے آپ ہوگے، ہم نے یہیں رہنا ہے، عمران نیازی دھمکیاں دینا بند کریں۔
صدر مسلم لیگ نون نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں فضل الرحمان کے ساتھیوں اور کارکنوں پر تشدد کیا گیا، جب آئین اپنا راستہ اپنائے گا تو ان کی زبانوں کو تالے لگ جائیں گے، مشاورت کے بعد جو فیصلہ ہوگا وہ مانیں گے، نواز شریف کو غیر جمہوری طریقے سے اقتدار سے باہر کیا گیا، آپ غیر قانونی طریقے سے آئے، ہم آئینی طریقے سے بھیجنا چاہتے ہیں۔
All posts by Khabrain News
ترکی میں روس اور یوکرائن کے مابین مذاکرات ناکام، کیف پر قبضے کیلئے شدید لڑائی جاری
کیف: (ویب ڈیسک) روس کا یوکرین پر حملہ تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا، ترکی میں مذاکرات کی ناکامی کے بعد روس نے یوکرین کے شہروں پر حملے تیز کر دیئے، دارلحکومت کیف پر قبضے کے لیے شدید لڑائی جاری ہے۔
روسی فوج نے کیف کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے نواحی قصبے بوچا کا کنٹرول حاصل کرلیا، شہر کے باہر روسی اوریوکرینی فورسز میں شدید لڑائی جاری ہے۔ یوکرینی فوجیوں نے روس کے متعد ٹینک تباہ کر دیئے۔ افغان جنگ میں فیصلہ کن ادا کرنے والے سٹنگر میزائل سے روسی ہیلی کاپٹر بھی مارگرایا۔
ادھرخرکیف، سومی اور ماریوپول سمیت دیگر شہروں میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکی میں روسی اور یوکرینی وزرائے خارجہ میں مذاکرات بے نتیجہ رہنے کےبعد انخلا کا عمل مزید تیز ہوگیا۔
روس نے اعلان کیا ہے کہ شہریوں کو روس جانے کے لیے روز انسانی راہداری مہیاکی جائے گی، یوکرین میں پاکستانی ٹور آپریٹر معظم خان نے 2500 بھارتی طلبا کی بھوک اورسخت سردی میں مدد کی، انہیں 500 ڈالر کی بجائے 20 سے 30 ڈالر میں بارڈر پر پہنچا یا اورسب کے دل جیت لیے۔
ادھر یوکرین کی سرحد کے بالکل قریب امریکا اور رومانیہ کی جنگی مشقیں شروع ہوگئی ہیں تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا تیسری جنگ عظیم کو روکنے کے لیے روس کے خلاف یوکرین میں اپنی فوج نہیں اتارے گا۔
پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار جے یو آئی ف کے ایم این ایز اور کارکن رہا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار جے یو آئی ف کے ایم این ایز اور کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں دھرنے ختم کر دیئے گئے۔
خیال رہے اسلام آباد پارلیمنٹ لاجز میں جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں کی موجودگی پر پولیس نے آپریشن کیا۔ چوتھے فلور پر ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے کمرے کا گھیراؤ کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ لاجز میدان جنگ بنا رہا۔
پولیس نے دروازہ توڑ کر متعدد رضاکاروں کو گرفتار کیا۔ جے یو آئی کے دو ارکان قومی اسمبلی صلاح الدین اور جمال الدین کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا، مزید نفری بھی طلب کی گئی۔ انصار الاسلام کے متعدد رضاکار کپڑے تبدیل کر کے لاجز سے نکل گئے۔
لیگی رہنما ایاز صادق، خواجہ آصف، سعد رفیق، رانا ثنااللہ بھی اظہار یکجہتی کے لئے پہنچے، دھکم پیل کے دوارن دروازہ لگنے سے سعد رفیق کے پاؤں پر چوٹ آئی۔ ایم این اے صلاح الدین ایوبی نے کارکنوں کی گرفتاریوں پر مزاحمت بھی کی۔
اطلاع ملنے پر مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی اور جے یو آئی کے دیگر رہنما بھی پہنچے، سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ان کے ارکان کو یرغمال بنانے کی اطلاع پر آنے والے رضا کار غیر مسلح تھے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا پارلیمانی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔
آئی جی اسلام آباد نے ڈی چوک پر ناکہ انچارج، پارلیمنٹ لاجز کے انسپکٹر انچارج اور لائن آفیسر کو معطل کر دیا۔
فیصل آباد میں مرغی کی قیمتیں سال کی بلند ترین سطح پر، سفید پوش طبقہ پریشان
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں برائلر مرغی کی قیمتیں سال کی بلند ترین سطح پر پنہچ گئیں، گوشت کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے سے سفید پوش طبقہ پریشان ہو گیا۔
گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں کے بعد اب مرغی کا گوشت بھی متوسط طبقہ کی پنہچ سے دور ہو چکا ہے، فیصل آباد میں برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت 425 روپے فی کلو ہو چکی ہے جبکہ بعض پولٹری دکانوں پر قیمت اس سے بھی زیادہ ہے، خریداروں کا کہنا ہے کہ مرغی خریدنے آئے تھے، قیمت سن کر خالی ہاتھ جا رہے ہیں۔
مرغی کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف خریدار بلکہ پولٹری شاپ مالکان بھی پریشان ہیں، کہتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے اور فروخت میں بھی واضح کمی آئی ہے ۔
مرغی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ اسسٹنٹ کمشنر صدر طلب اور رسد کو قرار دیتے ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت انسانی جسم کو صحت مند رکھنے کے لئے ضروری ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور پولٹری ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات طے نہ پانے تک عوام کو زائد قیمتیں ادا کر کے مرغی خریدنا پڑے گی۔
لاہور: سی آئی اے پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مبینہ مقابلے میں خطرناک شوٹر ہلاک
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے چوہنگ میں سی آئی اے پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مبینہ مقابلے میں خطرناک شوٹر حامد بٹ ہلاک ہو گیا۔
سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس کے مطابق خطرناک شوٹر حامد بٹ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ حامد بٹ کو گرفتار کر کے آرہے تھے کہ ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ ملزم کے ساتھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے فرار ہو گئے۔
حامد بٹ قتل، ڈکیتی اور بھتہ وصول کرنے کے مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم سٹی ڈویژن میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
محمد یوسف کو کراچی ٹیسٹ نتیجہ خیز ہونے کی امید، وکٹ مرضی کی بنانیکا اعلان
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم کو اپنی مرضی اور استعداد کے مطابق وکٹ بنانے کا حق ہوتا ہے ، کراچی میں بھی ہم اپنی مرضی کے وکٹ بنائیں گے جس کا جلد فیصلہ آنے کا امکان ہے ،ٹیسٹ کے نتیجے خیز ہونے کی امید ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران محمد یوسف نے بتایا کہ پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے سربراہ رمیز راجہ کا جواب سامنے آ چکا ہے ، بیرون ملک ہماری مرضی کی وکٹیں نہیں ملتیں، خوشی کی بات ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن توقعات پر پورا اتر رہی ہے ، امید ہے کہ بیرون ملک بھی اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔ سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ پنڈی میں پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر خوشی ہوئی، کم بیک کرنے والے امام الحق کے ساتھ تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق اور سینئر بیٹر اظہر علی نے عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کو فائدہ پہنچایا، ہم پنڈی کے 12 سیشن میں آسٹریلیا پر حاوی رہے ، کراچی میں منعقدہ کیمپ سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا۔ محمد یوسف نے کہا کہ ہر میزبان ملک اپنی وکٹوں سے فائدہ اٹھاتا ہے ، بیرون ممالک جاکر مہمان سائیڈز کو مشکلات کا سامنا ہی کرنا پڑتا ہے ، بھارت نے بھی اپنی وکٹوں سے فائدہ اٹھایا، پاکستان میں گراس روٹ پر بہت ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ پی ایس ایل سے بھی اچھے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں، ہم اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد اور حوصلہ دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ کھلاڑی بیرون ملک جاکر بھی اپنی اچھی کار کردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، نیشنل سٹیڈیم کی وکٹ دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
ملک میں کورونا کی وبا: 24 گھنٹے میں 7 افراد انتقال کر گئے، 723 نئے مریض
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ آٹھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 298 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 17 ہزار 512 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 723 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 3 ہزار 426، سندھ میں 5 لاکھ 71 ہزار 268، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 17 ہزار 857، بلوچستان میں 35 ہزار 427، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 608، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 767 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 159 کیسز رپورٹ ہوئے۔
آرمی چیف کا پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان کا دورہ، یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار نے مردان میں پنجاب رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کی تنصیب کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سنٹر آمد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آرمی چیف نے پنجاب رجمنٹ کے 21ویں کرنل کمانڈنٹ کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کو رینک کے بیجز لگائے، امن اور جنگ کے دوران پنجاب رجمنٹ کے تمام رینک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ان کی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب رجمنٹ کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے حوصلے اور اعلیٰ ترین معیار کو سراہا، جدید ترین رجحانات کے مطابق پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں سبقت حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پارلیمنٹ لاجز واقعہ، جے یو آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمان کی احتجاج کی کال پر پارلیمنٹ لاجز واقعہ کے خلاف مختلف شہروں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔
مختلف شہروں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، خضدار، نوشہرو فیروز سمیت دیگر کئی مقامات پر دھرنے دیئے گئے، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ پاک ایران اور پاک افغان شاہرات بھی بند کر دی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے منان چوک پر جمعیت کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسلام آباد واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
کوئٹہ کے علاوہ خضدار، مستونگ اور کچلاک میں بھی جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے دھرنا دیا۔
بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلام آباد واقعہ کے بعد کارکنان میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے، جس پر وہ احتجاج کر رہے ہیں، مرکزی قائدین کے فیصلے کے بعد صوبے بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کا ڈی چوک پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان، وزیراعظم خطاب کریں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ڈی چوک اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کردیا جس سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ٹوئٹ کی کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے ڈی چوک اسلام آباد پر، عوام اپنے وزیر اعظم پر بھر پور اعتماد کا تاریخی مظاہرہ کرے گی، لٹیروں کی سیاسی دکانیں ہمیشہ کے لئے بند ہونے جا رہی ہیں۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ جلسے کی وقت اور تاریخ کا اعلان جلد ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کا کہنا ہے کہ ’خان کسی وقت بھی آپ کے سامنے ایک ایسا سچ لائے گا کہ ان ضمیر فروشوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پوری قوم انہیں جوتے مارے گی۔‘