All posts by Khabrain News

پاک فوج کی امدادی ٹیم ریسکیو آپریشن کے بعد ترکیہ سے آج وطن پہنچے گی

انقرہ: (ویب ڈیسک) پاک فوج کی امدادی ٹیم کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد ترکیہ سے آج وطن پہنچے گی۔
استنبول ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر استنبول اور مختلف سرکاری اہلکاروں نے اُنہیں رخصت کیا، 35 رکنی ٹیم نے 91 مقامات کو سرچ کیا، 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن کیا جبکہ 8 افراد کو زندہ بچایا۔
پاک فوج کے دستے نے ملبے سے 138میتیں نکال کر انتظامیہ کے حوالے کیں اور 2 سائٹس خیمہ بستی کے لیے کلیئر کیں۔
پاک فوج کی اربن اور ریسکیو ٹیم کو بین الاقوامی اور ترکیہ کے مقامی چینلز نے بھی پذیرائی دی، ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا، ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاک فوج نے وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔
واضح رہے کہ پاک فوج کا 35 رکنی دستہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے سب سے پہلے ترکیہ پہنچا تھا۔

چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفی منظور، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے استعفیٰ کے منظوری دے دی۔
وزارت قانون نے استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق آفتاب سلطان کا استعفیٰ 15 فروری سے منظور کیا گیا۔
واضح رہے کہ آفتاب سلطان نے نیب میں مبینہ مداخلت پر استعفیٰ دیا تھا، اپنے الوداعی خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک اچھا ادارہ ہے صرف ایک فیصد لوگ غلط کام کر رہے ہیں، نیب افسران ان ایک فیصد لوگوں کی بات نہ مانیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے یہ نہیں ہوتا کہ یہ زمین دلا دیں یا فلاں کے بھائی کو چھوڑ دو، دوسرے کیخلاف کیسز بنواتے ہیں خود 10،10 ارب بیرون ملک رکھے ہوئے ہیں، ایک ایک پلاٹ والے کو کہا جاتا ہے اندر کر دو، اربوں روپے والے باہر ہیں۔

ججز کو تنقید کا نشانہ بنانا سنگین خطرے کی علامت ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کا جلسوں میں بیڈ جرنلز اور گڈ جرنلز کے بعد بیڈ ججز اور گڈ ججز کا نام لینا خطرے کی گھنٹی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید نے لکھا کہ سپریم کورٹ کا 9 رکنی بنچ کسی پارٹی کا حصہ نہیں، ملک کے آئین و قانون کے دفاع کے لیے بیٹھا ہے، ججز کو تنقید کا نشانہ بنانا اور اُن کے ہونے والے فیصلوں سے انکاری کا اشارہ دینا سنگین خطرے کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرنیل اور ججز کو چوک اور چوراہے میں گینگ آف 5 کہنا جمہوریت کو آخری سلام کہنے کے مترادف ہے، اگر 90 دن میں الیکشن نہیں ہوتے تو سیاست اور سیاستدان رمضان میں تروایح پڑھیں گے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک و آئین بچانا ہے یا اپنی سیاست، سپریم کورٹ پر دباؤ کے سنگین نتائج ہوں گے، مہنگائی کے خلاف بغاوت ہوگی۔

انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس: سپریم کورٹ میں سماعت آج پھر ہو گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کی سماعت آج پھر ہو گی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل، چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرل، پی ڈی ایم سمیت سیاسی جماعتوں، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
سوموٹو پر 9 رکنی بینچ کے تین ججز نے سوالات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے کہ کیا دونوں اسمبلیاں آئین کے مطابق تحلیل ہوئیں؟
جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ تحفظات نوٹ کر لئے ہیں، آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، انتخابات وقت پر چاہتے ہیں، سنگین حالات میں وقت بڑھ سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کی بازیابی کیلئے درخواست، سرکاری وکیل سے جواب طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل سے 27 فروری کو جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی اور ولید اقبال کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ وقار مشتاق عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو حراست میں کیسے اور کب لیا گیا؟
تحریک انصاف کے وکیل ایڈووکیٹ وقار مشتاق نے کہا کہ قانون کے تحفظ اور بحالی کی تحریک کے دوران حراست میں لیا گیا۔
جسٹس شہرام سرور نے ریمارکس دیئے کہ یہ کہاں لکھا ہے کہ پلیز مجھے گرفتار کر لیں؟ عدالت نے درخواست گزار زین قریشی سے پوچھا کیا آپ کے والد بھی گرفتار ہوئے ہیں؟
زین قریشی نے جواب دیا کہ جی بالکل شاہ محمود قریشی کو گرفتار کیا ہوا ہے، ہمیں اپنے والد سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ زین قریشی اگر آپ اپنے والد سے ملنا چاہتے ہیں تو چیئرنگ کراس چلے جائیں۔
زین قریشی نے کہا کہ ہم تو وہاں گئے تھے، ہمیں تو گرفتار نہیں کیا گیا۔
جسٹس شہرام سرور نے کہا آپ تو خود گئے کہ ہمیں گرفتار کر لیں بتائیں کہ آپ خود نہیں گاڑی میں بیٹھے؟، آپ کو دکھ اس بات کا ہے کہ لاہور سے باہر لے کر گئے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے، ہمارے 100 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں رکھا گیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ سرکاری وکیل سے آج ہی جواب طلب کرے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم فریقین کو نوٹس کر دیتے ہیں، عدالت نے تحریک انصاف کی آج ہی جواب طلب کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 27 فروری کو سرکاری وکیل سے رپورٹ طلب کر لی۔

کچھ لوگ خود ہی آئین شکنی کر کے توڑنے کی شکایت کرتے ہیں: گورنر پنجاب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ خود ہی آئین شکنی کر کے توڑنے کی شکایت کرتے ہیں۔
نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں خصوصی بچوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ خود ہی آئین شکنی کرتے ہیں اور خود آئین توڑنے کی شکایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا معاملہ عدالتوں میں چل رہا ہے، اس لیے وہ اس پر کوئی بات نہیں کریں گے۔
دوسری جانب تعلیم کی شرح میں کمی پر بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ ہر سال نئے بچے سکولوں میں داخل ہوتے ہیں لیکن سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں پھر بھی کمی نہیں آ رہی، 2013 میں سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کم تھی۔

جیل بھرو تحریک ختم اور ’’ضمانت کراؤ‘‘ تحریک شروع ہوچکی: امیر مقام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک، جیل سے بھاگو تحریک بن گئی ہے، جیل بھرو تحریک ختم اور ضمانت کراؤ تحریک شروع ہوچکی ہے۔
جیل بھرو تحریک پر اپنے رد عمل میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران نیازی صرف جیب بھر سکتا ہے، جیل نہیں، جیل بھرنے کی بڑھکیں رونے، “رہا کرو” اور “بیمار ہوں” کی منتوں میں بدل گئی ہیں، پولیس ہر روز زمان پارک کے باہر جیل بھرو تحریک کا اعلان کرے۔
امیر مقام نے کہا کہ سوات میں محمود خان کے گھر کے باہر جیل بھرو کی دعوت دی جاتی رہی لیکن وہ گھر سے باہر نہ نکلے ، عمران کے لئے جان حاضر ہونے کے دعویدارجیل جانے کے خوف سے بھاگ چکے، پی ٹی آئی کے دیگر رہنما “پلستر نیازی” کی طرح بیماریوں کے پیچھے چھپ گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے کا آج راولپنڈی سے آغاز ہوگا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج راولپنڈی سے نماز جمعہ کے بعد ہوگا، گرفتاریاں کمیٹی چوک اور تھانہ آر اے بازار کے باہر پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی رہنماؤں یا کارکنوں نے امن و امان خراب کیا تو گرفتار کریں گے، راولپنڈی پارٹی رہنماوں کو امن و امان برقرار رہنے تک گرفتار نہیں کریں گے۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی میں امن و امان خراب کرنے والے رہنماوں کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، راولپنڈی سے گرفتار رہنماوں کو ریجن کی دیگر جیلوں میں بھیجا جائے گا، اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدی موجود ہیں، مزید قیدی نہیں رکھ سکتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پولیس نے 9 قیدی گاڑیاں سٹینڈ بائی کر دی ہیں، راولپنڈی پولیس کی 20 بسیں بھی سٹینڈ بائی پر رہیں گی، راولپنڈی ضلع میں تاحال دفعہ 144 نافذ نہیں کی گئی۔

کھیتران کی گرفتاری، مغویوں کی بازیابی انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتی: سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کھیتران کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سعد رفیق نے لکھا کہ طاقتور پیشہ ور قاتل سردار کے خلاف مظلوم عورت کی آہ و بکا پر ریاست کو بروقت حرکت میں آنا چاہیے تھا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مجرم اور اس کے سہولت کار روزانہ خصوصی عدالتی سماعت اور فوری فیصلہ کے حقدار ہیں، مظلوم کی پکار سنی جائے۔

ڈالر کی قدر اور بجلی کے بل میں اضافے سے فیصل آباد کی پاور لومز انڈسٹری تباہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) بجلی اور ڈالر کی قدر میں اضافے سے خام مال انتہائی مہنگا ہوگیا جس کے بعد فیصل آباد کے پاور لومز مالکان پیداواری نقصان سے بچنے کے لیے فیکٹریاں بند کرنے لگے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پیداواری لاگت ناقابل برداشت سطح پر پہنچ جانے سے فیصل آباد میں پاور لومز بندش کا شکار ہو رہی ہیں، روزگار کے دروازے بند ہونے پر مزدور انتہائی پریشان ہیں۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاتھ میں ڈبا ہوتا ہے جب ہم فیکٹری آتے ہیں، آگے فیکٹری بند ہوتی ہے تو مالک کہتا ہے کہ سوتر مہنگا ہوگیا ہے فیکٹری نہیں چلنی، ہم گھر جاتے ہیں تو گھر میں نہ دودھ، نہ گھی، نہ چینی، نہ آٹا ہم کہاں جائیں۔
چیئرمین لیبر قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی اور خام مال نے پاور لومز سیکٹر کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 30 فیصد پاور لومز انڈسٹری مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد پر دیسی مزدور اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو چکے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کباڑخانوں کے اندر پاور لومز انڈسٹری توڑ کر بیچی جا رہی ہے۔
فیصل آباد میں 24 گھنٹے چلنے والی فیکٹریوں کی بندش اور کام کی شفٹیں کم ہونے سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور انتہائی پریشان ہیں۔