All posts by Khabrain News

وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی اسپیکرکو 14 مارچ کو اجلاس بلانے کی تجویز

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث اور ووٹنگ کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کو 14مارچ کو اجلاس بلانےکی تجویز دے دی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اسپیکرکو تجویز دی گئی ہےکہ 3 دن بحث کے بعد 18 مارچ کو ووٹنگ کرادی جائے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تجویز پر حتمی فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔

خیال رہے کہ قواعد کے مطابق ریکوزیشن پر اسمبلی اجلاس 14 دن میں بلانا ہوتا ہے۔

لیگل برانچ قومی اسمبلی کا کہنا ہےکہ اپوزیشن ریکوزیشن کے مطابق اسپیکر اب کسی بھی وقت اجلاس بلا سکتے ہیں، اجلاس بلانے کی حد 14 روز یعنی 22 مارچ بنتی ہے۔

لیگل برانچ حکام کا مزید کہنا ہےکہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد پیش ہونےکے 3 سے7 روز کے درمیان اس پر ووٹنگ کرانی ہوگی، اس کے علاوہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ اجلاس قومی اسمبلی ہال میں ہی ہوگا،قومی اسمبلی کا اجلاس سینیٹ ہال یا کسی اور مقام پر بھی ہو سکتا ہے۔

انسانوں کو دیکھ کر ریچھ بھی پش اپس لگانے لگا

لاہور: (ویب ڈیسک) انسان اور جانور بلا خوف و خطر مل جل کر رہنے لگیں تو کیسا رہے گا، جنگل میں 2 انسانوں کو دیکھ کر حیرت انگیز طور پر ایک ریچھ بھی پش اپس لگانے لگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں 2 لوگ کسی جنگل میں ورزش کر رہے ہیں جب کہ ان کے عقب میں ریچھ درخت کی شاخ کو پکڑ کر پش اپس لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ورزش کرنے والوں کا دھیان اتنے قریب موجود ریچھ کی طرف نہیں گیا، اور دونوں اپنی مشق میں مگن رہے۔ یہ بھی حیران کن ہے کہ ریچھ نے ان پر حملہ نہیں کیا۔ اس ویڈیو کو تاحال 28 ملین بار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، ویڈیو کہاں بنائی گئی ، گذشتہ ہفتے شیئر کی جانے والی اس ویڈیو میں کوئی معلومات نہیں دی گئی۔

بندر نے اڑتے بگلے کو پکڑ کر مار ڈالا، ویڈیو وائرل

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی چڑیا گھر میں لوگ ایک بندر کی بے رحمی دیکھ کر اس وقت خوفزدہ رہ گئے جب اس نے پرواز کرتے سمندری بگلے کو پکڑ لیا اور اسے بے رحمی سے لکڑی کے کھمبے پر پٹخ کر مارڈالا۔
برطانیہ کے چیس شائر میں واقع چیسٹر چڑیا گھر میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو اس وقت تیزی سے مشہور ہورہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر نے سمندری بگلے کو گرفت میں لے رکھا ہے اور اسے لکڑی کے بانس سے ٹکراکر کر مارڈالا ہے۔ یہ پورا ماجرا پانچ منٹ تک جاری رہا۔
بعض افراد کا خیال ہے کہ بندر نے پرواز کرتے پرندے کو پکڑا تھا لیکن یہ منظر ویڈیو میں نہیں آسکا۔ لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ سی گل پرندے نے خود بندر کو ستایا ہوگا کیونکہ یہ بے باک پرندے سیاحوں کو ٹھونگیں مارنے اور ان سے کھانا چھیننے میں بہت ماہر ہیں۔ کچھ لوگوں نے اس خوفناک منظر کو کنگ کانگ کی فلم سے تعبیر کیا ہے جس میں وہ ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر چڑھ کر ہیلی کاپٹر کو ہاتھ مارکر گرادیتا ہے۔
لیکن اس منظر میں کوئی عمارت نہیں تھی بلکہ 20 فٹ بلند ایک مینار نما کھمبا تھا جسے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے تعمیر کیا تھا۔ یہ ویڈیو چڑیا گھر آنے والے ایک 32 سالہ شخص ، بیک ایڈمسن نے بنائی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر نے جنون میں آکر ایک بڑے پرندے کو سر سے پکڑ رکھا ہے اور بار بار اس کی ضرب ٹھوس کھمبے پر لگارہا ہے۔ یہاں تک کہ نیم مردہ پرندہ نیچے گرجاتا ہے اور بندر تیزی سے نیچے اترکر دوبارہ اسے پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔
ایڈمسن نے بتایا کہ اس عمل میں بندر کی انگلیاں بھی زخمی ہوگئیں جس کے بعد اس نے نیچے اتر کر پرندے کو نوچا اور اسے کھانے لگا۔ یہ ویڈیو جب ٹک ٹاک پر ڈالی گئی تو بہت تیزی سے وائرل ہوئی جسے اب تک 20 لاکھ صارفین دیکھ چکے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کا کراچی میں بہتر وکٹ بنانے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی بے جان وکٹ کے بعد اب ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں بہتر وکٹ بنائی جائے۔
کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی لیکن کراچی میں میچ سے قبل کنڈیشن کا جائزہ لیں گے اور کراچی ٹیسٹ میں کتنے اسپینرز کھیلیں گے اس کا مجھے علم نہیں ہے، ہم ایسا میچ چاہتے ہیں جس میں باؤلرز کے لیے بھی مواقع ہوں۔
اوپنر بلےباز نے کہا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے اب تک سب کچھ مثبت ہے اور یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، پنڈی میں تماشائیوں نے بھی ہمیں سپورٹ کیا۔ کھیل کے دوران لطف اندوز ہونا چاہیے، تماشائی کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 24 برس کے بعد پاکستان کا دورہ خوش آئند اور کرکٹ کی کامیابی ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کو ممکن بنانے کے لیے بہت کام کیا۔
ڈیوڈ اورنر نے کہا کہ میں اسپن بولنگ پر راج کرنے والے اپنے ہم وطن آنجہانی شین وارن جیسا بننا چاہتا تھا، وہ ایک پائے کے کھلاڑی تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنی انگلیوں پر نچایا جبکہ میں نے اپنا کیریر بھی باؤلر کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔
اوپنر بلےباز کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے جب پی ایس ایل ہوتا ہے تو میں ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہوں، اس لیے ایک اچھی لیگ میں شرکت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

لاہور میں میلہ مویشیاں جاری، بکری، گھوڑے اور اونٹ کے ڈانس نے شہریوں کو محظوظ کیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہورفورٹریس سٹیڈیم میں تین روزہ میلہ مویشیاں جاری ہے، بکری، گھوڑے اور ریگستانی اونٹ کے ڈانس نے شہریوں کو خوب محظوظ کیا۔ ہیوی بائیکرز نے بھی بائیکس پر اپنے فن کا خوب مظاہرہ کیا۔ پیرا شوٹرز نے آسمان پر سماں باندھ دیا۔
لائیو سٹاک نے مختلف جانوروں کو نمائش کے لیے پیش کیا، ڈاگ ریس اور نیزے بازی کے بھی مقابلہ ہوئے۔ خواتین نے بھی نیزے بازی کے مقابلے میں حصہ لیا۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں سکولوں کے بچوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بہترین پرفارمنس دینے والے افراد کو شیلڈز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ شہریوں نے ساڑھے چار ہزار میٹر کی بلندی سے زمین پر بحفاظت لینڈنگ پر خوب داد دی۔
نیزے بازی کے مقابلہ میں جیتنے والوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے، ڈی سی او لاہور عمر چٹھہ نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو شاندار میلہ ہے ، شام کی تقریب بہت شاندار ہو گی۔

کوئٹہ کسٹمز کی کاروائیاں، 4 کروڑ روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان برآمد

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ کسٹمز کے عملے نے مختلف چیک پوسٹوں پرخفیہ اطلاع پرکاروائیاں کیں جن کے دوران 4 کروڑ روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان برآمد کر لیا۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق کسٹمز کے فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نے خفیہ اطلاعات پر نوشکی اور شہید شیخ عبدالقدوس چیک پوسٹ کولپور پر کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ٹرکوں سے بڑی مقدارمیں غیر قانونی چائنہ نمک، انڈین گٹکا، چھالیہ، لیڈیز کپڑا اور کشمش برآمد کرلی جو اندورن ملک سمگل کی جارہی تھی۔
پکڑے جانےوالے سامان کی مالیت 4 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس میں 810.66 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 43853.62 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.88 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 37 لاکھ 79 ہزار 580 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 140 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجوہات میں سٹیٹ بینک کی طرف سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو برقرار رکھنے، روس اور یوکرین کی جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی تیل کی عالمی قیمتوں میں بڑی کمی ہے۔ قوی امکان ہے کہ اگر ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی صورتحال چھٹ جاتی ہے تو تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملے گا۔

امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 178 روپے 63 پیسے کی سطح پر برقرار ہے۔

بجلی 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹریک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5.94 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کے بعد قیمت بڑھنے سے صارفین پر58 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنی ہوں گی تاہم اضافےکا اطلاق لائف لائن اور کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

پاکستان کے دورے پر آئے آسٹریلوی کھلاڑی ہوٹل کے پول میں گر گئے

پاکستان کے تاریخی دورے پر  آئے آسٹریلوی وکٹ کیپر  بیٹر ایلیکس کیری ہوٹل کے سوئمنگ پول میں گر گئے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انسٹاگرام پر ایلکس کیری کو مینشن کرتے ہوئے 2  ویڈیوز شیئر کیں جس میں دوسرے کھلاڑیوں سے خوش گپیوں میں مصروف ایلکس باتیں کرتے کرتے پول میں پول میں گرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

ایک کھلاڑی نے  ایلکس پکارتے ہوئے خبردار بھی کیا لیکن اس کے باوجود ایلکس پول میں گرگئے۔

دوسری ویڈیو میں پول میں گرے ایلکس پر تمام کھلاڑیوں کو ہنستے اور اس واقعے سے مکمل طور پر لطف اندوز ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو  کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایلکس کیری کے لیے گِرنا اس وقت زیادہ سنگین ہوا جب انہوں نے دیکھا کہ اُن کا بیگ بھی کھلا ہوا ہے اور موبائل بھی بھیگ گیا ہے جس پر انہوں نے موبائل پول کے باہر کھڑے کھلاڑی کی جانب پھینکا اور پھر خود باہر آئے۔