All posts by Khabrain News

رونالڈو کا عربی گیتوں پر تلواروں کے ساتھ روایتی رقص

ریاض: (ویب ڈیسک) پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی یوم تاسیس کے موقع پر عربی گیتوں پر تلواروں کے ساتھ روایتی رقص بھی کیا۔
پرتگالی سٹار اور پانچ بار دنیا کے بہتر کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر سعودی عرب کے یوم تاسیس کے موقع پر جشن کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ النصر کلب کے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ رونالڈو نے سعودی لباس میں جشن منایا۔کرسٹیانو رونالڈو نے تلواروں کے روایتی سعودی رقص ’العرضہ‘ میں حصہ لیا۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” سعودی عرب کا یوم تاسیس مبارک ہو، سعودی عرب کے یوم تاسیں کے جشن میں شرکت کا تجربہ شاندار رہا۔”
دوسری جانب النصر فٹبال کلب کی جانب سے بھی رونالڈو کی یوم تاسیس کے موقع پر سعودی گیتوں سے لطف اندوز ہونے کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔ اسٹار فٹبالر رونالڈوسعودی قہوے سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں پی ایس ایل 8 کا 12واں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بابر الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے، اچھا اسکور کرکے ہدف کا دفاع کریں گے، آج کے میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

عالمی مارکیٹ میں کمی، پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ پاکستان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 14 ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 1826 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 96 ہزار 100 روپے ہو کر نئی سطح پر آگئی ہے۔
دس گرام سونے کی قیمت 429 روپے بڑھ کر نئی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار 124 روپے کی سطح پر آ گئی۔

الیکشن سے خوفزدہ نہیں، وفاقی اور صوبائی انتخابات اکٹھے ہونے چاہئیں، رانا ثنا اللہ

سرگودھا: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم انتخابات سے خوفزدہ نہیں، ملک میں قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن اکٹھے ہونے چاہئیں۔
سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ مریم نواز کی قیادت میں انتخابی مہم کا آغاز کر چکی ہے، ہم الیکشن میں اس فتنے کو شکست دیں گے، الیکشن سے خوفزدہ ہیں نہ پیچھے ہٹے ہیں، ن لیگ پنجاب میں حکومت بنائے گی، ن لیگ کی قیادت عوام میں جانے سےنہیں گھبراتی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، ن لیگ نےعدلیہ کی آزادی کے لیے تحریک چلائی، لانگ مارچ کیا، عدلیہ کو آزادی ن لیگ کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ملی، ہم نےعدلیہ کی بحالی کیلئے جدوجہد کی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ایسے الیکشن ہونے چاہئیں کہ نتائج پوری قوم تسلیم کرے، ملک میں مشکلات کی وجہ فتنہ خان کی پالیسی ہے، ملک معاشی طور پر پیچھے جا رہا ہے، ملک میں آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتےہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور سرگودھا کے تاریخی جلسہ میں خطاب کریں گے، پاکستان نوازشریف کی قیادت میں ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا، انہوں نے کہا کہ ملکی مشکلات کا حل صرف نواز شریف ہے، نواز شریف کے بغیر ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فتنہ خان کا ایجنڈا ملک میں عدم استحکام اور انتشار کے سوا کچھ نہیں۔

نوجوان قرضے لے کر واپس، سرمایہ کار معاف کرواتے ہیں: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں بلاجواز کئی سو ارب روپے کے قرضے معاف کئے جا چکے، سرمایہ کار قرضے معاف کرواتے ہیں۔
اسلام آباد میں یوتھ لون سکیم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 2013 میں نوجوانوں کیلئے قرضوں کی سکیم کا اجراء کیا، سکیم کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو اربوں کے قرضے دیئے گئے، اس سے ملک اور نوجوانوں کو بے پناہ فائدہ ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ایم یوتھ لون سکیم کا آغاز پنجاب سے کیا گیا تھا، نوجوان قرض لے کر دیانتداری سے کماتے ہیں اور واپس بھی کرتے ہیں، کسان سکیم اور تمام دوسرے ایسے پروگرامز کی ریکوری بھی 99 فیصد رہی ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں نے قرضے لے کراس سے کاروبار کرکے بتایا کہ یہ کسی سے کم نہیں، ملکی معیشت مشکلات سے گزر رہی ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان اورآزاد کشمیرکے نوجوانوں کو دیں گے۔

غلام محمود ڈوگر کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس، خدمات پنجاب حکومت کے سپرد

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے بعد وفاق کی جانب سے غلام محمود ڈوگر کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد واپس کر دی گئیں، وہ سی سی پی او لاہور تعینات نہیں ہوئے، غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کرنے کیلئے پنجاب حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
واضح رہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے لاہور میں جرائم پر قابو نہ پانے کی وجہ سے جنوری 2021 میں عمر شیخ کی جگہ غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کیا تھا، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی مختصر حکومت آنے کے بعد وفاق نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔
بعد ازاں چودھری پرویز الہٰی نے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا، غلام محمود ڈوگر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے بننے والی جے آئی ٹی کے کنویئنر تھے۔

ملکی برآمدات بڑھانے میں آئی ٹی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے، سید نوید قمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر ملک کے روشن مستقبل کی کنجی ہے، ملک کی برآمدات بڑھانے میں یہ سیکٹر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی میں زوم میٹنگ کے ذریعے پاک امریکن آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کاروباری شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر وہ شعبہ ہے جو سہولت کاری اور درست پالیسیوں کی بدولت مستقبل قریب میں مزید تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔
اجلاس میں معروف آئی ٹی انٹرپرینیورز اور پروفیشنلز بشمول نوید شیروانی، محمد انور خان، نعیم رضا، جنید قریشی، علی فہد، معظم چودھری اور دیگر نے شرکت کی، ملاقات میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اسد گیلانی، ڈپٹی چیف آف مشن سید نوید بخاری، ٹریڈ منسٹر عظمت محمود اور سینئر افسر بھی موجود تھے۔
شرکاء نے اجلاس کے دوران متعدد تجاویز پیش کیں جن کا مقصد ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانا اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات بالخصوص آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
ان تجاویز میں آئی ٹی کے کاروبار کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا، آئی ٹی پروفیشنلز کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ، فنڈز کی وصولی اور ترسیل کے عمل کو آسان بنانا، سکولوں اور کالجوں میں آئی ٹی مضمون متعارف کرانا، منظم بین الوزارتی رابطہ کاری اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شامل ہیں۔
شرکا نے سان فرانسسکو میں ایک قونصل خانہ قائم کرنے کی تجویز بھی دی، وزیر تجارت نے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ٹی پروفیشنلز اور ٹیک سیکٹر کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا مستقبل آئی ٹی سیکٹر ہے اور اگر ہم نے آئی ٹی انڈسٹری کو سہولتیں فراہم نہیں کیں تو پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کا ہدف ادھورا رہے گا، ملک میں آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر کی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیر تجارت نے مزید کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون کو مضبوط بنانا پاک امریکہ تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات سے آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر سمیت تمام متعلقہ شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہو گی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان رہا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج مندی کا رجحان رہا۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج میں 100 انڈیکس 329 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار838 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، ایک موقع پر 100 انڈیکس 40 ہزار 772 پوائنٹس پر بھی ٹریڈ کرتا رہا۔
مارکیٹ میں آج 5 ارب 11 کروڑ 2 لاکھ 33 ہزار 235 روپے کا کاروبار ہوا، مارکیٹ میں 9 کروڑ 45 لاکھ 76 ہزار 734 شیئرز کے سودے ہوئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی سینیٹ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی سینیٹ کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
سینیٹ میں اکثریتی رہنما سینیٹر چارلس شومر وفد کی قیادت کر رہے تھے، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

پاکستان افغانستان کا دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔
ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد نے افغانستان کا دورہ کیا جس میں دہشت گردی کے تدارک اور بالخصوص ٹی ٹی پی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان او ائی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی، شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔