All posts by Khabrain News

شیری رحمان نے صدر کی طرف سے الیکشن کے اعلان کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی کی جانب سے دو صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
اپنے ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کے مطابق صدر الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد ہی “عام انتخابات” کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت جلد بازی میں الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کی بھی خلاف ورزی کر بیٹھے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق صوبائی انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صوبے کے گورنر نے کرنا ہے، صدر نے نہیں۔ صدر عارف علوی عمران خان کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ صدر کو اپنے عہدے اور اختیارات کا احترام کرنا چاہئے۔

نگران وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، پی ایس ایل میچوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچوں کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ملتان کی طرح راولپنڈی کے کیمروں کو بھی سیف سٹی لاہور سے لنک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے 4 درجاتی سکیورٹی حصار بنایا جائے گا، ملتان کی طرح لاہور اور راولپنڈی کے میچوں کیلئے بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، پی ایس ایل کے روٹس پر سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو متبادل روٹس سے باقاعدہ آگاہ رکھنے کیلئے موثر تشہیری مہم چلائی جائے، انہوں نے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے آپس میں بہترین کو آرڈینیشن رکھیں، لاہورمیں گلبرگ کالج میں شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ معذور اور بزرگ افراد کیلئے کالج سے سٹیڈیم تک شٹل سروس چلائی جائے گی، تمام روٹ پر لائٹس لگانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، راولپنڈی میں 160 کیمروں کی مدد سے تمام روٹ اور سٹیڈیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

الیکشن کی تاریخ کا اعلان، صدر اپنے اختیارات سے باہر نکل رہے ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صدر کی اوقات ہی نہیں کہ الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کر سکے وہ اپنے اختیارات کے دائرے سے باہر نکل رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹو کا اپنا موقف ہے، آئی ایم ایف کے پاکستان کے ساتھ معاملات طے پا رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، پاکستان کی معاشی صورتحال بے قابو ہو رہی ہے چار ہزار روپے پر 14 سو 15 سو کنال مال روڈ پر گالف کلب دیا ہوا ہے اگر کسی کو بسانا ہے تو گالف کلب میں بسائیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ غریبوں کی بستیوں پر بلڈوزر کیوں چلاتے ہیں، پاکستان کے بڑے بڑے ادارے اور کمپنیاں ڈیفالٹ کر چکی ہیں، ملک کی آدھی آبادی غربت اور آدھی عیاشی کی زندگی گزار رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے جو چیزیں ملک کے لیے زرمبادلہ نہیں بنا رہی انکا کوئی اور حل نکالنا ہو گا، ملک کے اشرافیہ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1 ڈالر کے اضافے سے 1844 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کے روز فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 429 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 196500 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 168467 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

صدرمملکت کے پاس الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں، گورنرپختونخوا

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
صدر عارف علوی نے 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور کے پی اسمبلیوں میں الیکشن کی تاریخ دے دی، صدر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا کہ صدرمملکت کے پاس الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہے، اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

عمران خان کوگاڑی سے اتار کر عدالت میں لانا ناممکن ہے، عدالت حاضری قبول کرے: شاہ محمود

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان احاطہ عدالت میں موجود ہیں، ججزتسلی کرلیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ عمران خان کوگاڑی سے اتار کر عدالت میں لانا ناممکن ہے لہٰذا جج سے درخواست کریں گے، عمران خان کی حاضری کو قبول کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان احاطہ عدالت میں موجود ہیں، ججزتسلی کرلیں۔
شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے فول پروف سکیورٹی کا وعدہ پورا نہیں کیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ نے 5 بجے طلب کیا تھا تاہم وہ عدالت کے احاطے میں موجود ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کی آخری مہلت، عمران خان عدالت پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کی آخری مہلت، عمران خان عدالت پہنچ گئے
لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان کو پیش ہونے کا آخری موقع دیا جس کے بعد عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے عدالت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کو پیش ہونے کے لیے شام 5 بجے کا وقت دیا تھا تاہم عمران خان تقریباً 5 بجکر 50 منٹ پر ہائی کورٹ پہنچے۔
حفاظتی ضمانت کی درخواست میں عمران خان کے مختلف دستخط کا کیس لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں چل رہا ہے جبکہ تھاناسنگجانی میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جج علی باقر نجفی کر رہے ہیں، دونوں عدالتوں میں عمران خان کی پیشی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کے لیے عمران خان کو آج 2 بجے طلب کیا تھا۔
2 بجےکیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ 2 بجےکا وقت تھا،کہاں ہیں عمران خان؟عمران خان کے وکلا نے بتایا کہ وہ راستے میں ہیں،کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نےکہا کہ سکیورٹی کا مسئلہ میں نے حل نہیں کرنا، سماعت کچھ دیرکے لیے ملتوی کر رہے ہیں، عدالت میں رش بھی کم کریں۔
وقفےکے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست ان کے دستخط سےفائل نہیں ہوئی تھی۔
عدالت نےکہا کہ اگر عمران خان نے یہ درخواست دائر نہیں کی تو واپس کیسے لے سکتے ہیں؟ یہ نہیں ہوتا کہ سماعت تھوڑی تھوڑی دیر بعد ملتوی ہوتی رہے۔
وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ درخواست خارج کر دیں، اس پر عدالت نے کہا کہ سماعت پھر بھی چلےگی، آپ کا رویہ معذرت خواہانہ ہونا چاہیے تھا، میں آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گا جواب تیارکرتے رہیں۔
وکیل خواجہ طارق رحیم نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر عمران خان کے دستخط نہ ہونےکا اعتراف کرتے ہوئےکہا کہ ہم درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
وکیل خواجہ طارق رحیم کا کہنا تھا کہ یہ تاثر آرہا ہےکہ عمران خان پیش نہیں ہونا چاہتے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس کرتا ہوں اور 3 ہفتےکی تاریخ ڈال دیتا ہوں۔
وکیل خواجہ طارق رحیم نےکہا کہ عمران خان کل ہی آجاتےہیں، اس جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
عدالت نےکہا کہ اتنی جلدی نہیں ہے، اب حکم لکھوانے دیں، آپ قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، عمران خان لیڈر ہیں، رول ماڈل ہیں، انہیں رول ماڈل ہی رہنا چاہیے۔
وکیل خواجہ طارق رحیم نےکہا کہ 5 بجے عدالت آجاتے ہیں یہ عمران خان کے لیے بھی اچھا ہے، اس پر عدالت نےکہا کہ عدالت نے پہلے ہی بہت رعایت دی ہے۔
وکیل نے کہا کہ 5 بجے عمران خان ادھر ہوں گے۔
عدالت نے سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کرتے ہوئے عمران خان کو 5 بجے پیش ہونےکا آخری موقع دے دیا۔
واضح رہےکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ کرنے اور رکن قومی اسمبلی پر حملےکےکیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عدالت نے حلف نامے اور وکالت نامے پر عمران خان کے مختلف دستخط کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں آج طلب کرلیا تھا۔
عدالت نے عمران خان کو آج طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت میں آ کر حلف پر دستخط کی وضاحت کرنا ہوگی، عدالت نے پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کا عندیہ دیا تھا۔

پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا ہے ، پچ تھوڑ ی مختلف ہے جس کے مطابق ٹیم کمبی نیشن ترتیب دیا ہے ۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آج اچھی بیٹنگ وکٹ لگ رہی ہے، ہم بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے ، میچ میں عمر اکمل کی جگہ محمد حفیظ کھیلیں گے ۔

اسلام آباد: نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہر اقتدار میں جنسی زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، ملزمان نے خاتون کو گاڑی میں زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے راولپنڈی کی رہائشی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان امجد خان اور عامر زمان نے نوکری کا جھانسہ دے کر گن پوائنٹ پر خاتون کے ساتھ زیادتی کی، ملزمان پہلے گاڑی میں بٹھا کر گھماتے رہے اور پھر نازیبا حرکات شروع کر دیں۔
خاتون کے شور مچانے پر ملزمان نے گاڑی ایف 11 میں بنے فلیٹس کی عقبی طرف ویرانے میں روک لی، شور مچانے پر ملزمان نے خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور گاڑی میں ہی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

صدر کی جانب سے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط موصول ہونے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں اعلان کردہ تاریخ سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق یہ قابل عمل نہیں اس پر شیڈول جاری نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا، واضح رہے صدر کی جانب سے 9 اپریل 2023 کو دو صوبائی اسمبلیوں پر انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔