All posts by Khabrain News

عمران خان کی درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر دی گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان نااہلی کیس پر سماعت پیر کو کرے گا۔
واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کرپٹ پریکٹسز اور نااہلی کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں تھا جبکہ استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے آج ہی کیس کی سماعت کرنے کی استدعا کی تھی ، عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے درخواست دائر کی گئی تھی۔

فیض آباد توڑپھوڑ: ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی پردہشتگردی کا مقدمہ

فیض آباد: (ویب ڈیسک) فیض آباد توڑپھوڑ کرنے کے الزام میں ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی پردہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی وامق قیوم عباسی، سینیٹر فیصل جاوید اور عامر کیانی کے خلاف فیض آباد احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ پر تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ دہشتگردی ایکٹ سمیت اقدام قتل۔ پولیس کے ساتھ مزاحمت اور بلوا کرنے سمیت 9 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف

سڈنی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے بہترین کھیل کا مظاہرین کیا۔ نیوزی لینڈ کا پہلا کھلاڑی فن ایلن 16 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے دوسرے کھلاڑی کانے ویلیمسن نے 23 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ فلپس بھی زیادہ دیر پچ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 10 گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر آنے والے کھلاڑی ڈیون کانوے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے 2 اور ایڈم زامپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اعظم سواتی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
سپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت کیس میں مزید انکوائری کی ضرورت ہے، ٹرائل میں شواہد ریکارڈ کرنے کے بعد ثابت ہوگا کہ پٹیشنر کا ٹوئٹ کرنے کا مقصد اور ارادہ کیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی عمر 74 سال ہے اور کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں اس لیے اعظم سواتی کی 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی جاتی ہے، اعظم سواتی اپنا اصل پاسپورٹ تاحکم ثانی عدالت میں جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن کے پاس فیصلے کی کاپی نہیں تو سنایا کیسے گیا؟ فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس فیصلے کی کاپی نہیں تو فیصلہ کیسے سنایا گیا اور اراکین نے دستخط کہاں کیے؟
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب بند کمروں کے فیصلوں کا زمانہ گزر چکا ہے اور پاکستان کے لوگ فیصلے اپنے سامنے ہونا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی واحد وفاقی جماعت کے سربراہ کو نااہل کیا گیا اور عمران خان نے کوئی اپیل نہیں کی لیکن پھر بھی پورے پاکستان میں لوگ نکلے۔
انہوں نے کہا کہ قومی لیڈر کو نااہل کرنے کا مطلب ملک کو کمزور کرنا ہے اور چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی کابینہ اراکین کے ساتھ مل کر کھیل کھیلا۔ مخصوص نشستوں پر استعفے منظور کیے لیکن عوام نے وہاں بھی عمران خان کو منتخب کیا۔ ملک میں سازشیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو 24 گھنٹے ہونے والے ہیں تاحال ہمیں کوئی کاپی نہیں ملی۔
فواد چودھری نے کہا کہ 24 گھنٹے ہو گئے الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلہ جاری نہیں کیا اور اگر فیصلے کی کاپی نہیں تو پھر الیکشن کمیشن نے سنایا کیا ؟ اراکین کے دستخط کے بغیر کیسے فیصلہ دیا ؟ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں تبدیلی کا امکان ہے جس طرح فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ تبدیل کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلے میں حکومت کی پسندیدہ چیزیں شامل کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روز کا فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ تھا۔ آصف زرداری اور نواز شریف کا توشہ خانہ کیس 10 سال سے زیر التوا ہے جبکہ 11 سو ارب روپے کی کیسز ختم ہو رہے ہیں۔ اس لیے لانگ مارچ اور انقلاب کی طرف جانا پڑے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو مائنس نہیں کیا جا سکتا اور اب عوام کے پاس باہر نکلنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ گزشتہ روز پارٹی میں ایک رائے تھی کہ کل ہی لانگ مارچ شروع کردیا جائے اور دوسری رائے تھی لانگ پوری پلاننگ کے ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کرائمز کنٹرول کرنے کے لیے پولیس نظر نہیں آتی تاہم الیکشن کمیشن پر تین روز سے تعینات ہے۔ ملک کو یہاں تک پہنچانے کی صورتحال کا زمہ دار اسٹیبلشمنٹ کو سمجھتے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ سب سے پہلے کوئٹہ کے لوگ نکلے اور بعد میں کونسا شہر ہے جہاں لوگ دیوانہ وار باہر نہیں نکلے۔ عوام نے عمران خان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

عمران خان نے نااہلی کیخلاف الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دئیے جانے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کرپٹ پریکٹسز، نااہلی کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کی سماعت بھی آج ہی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست الیکشن کمیشن کے فیصلے کی کاپی کے بغیر ہی دائر کی گئی ہے، فیصلے کی کاپی فراہم کرنے کے لیے دی جانے والی درخواست کی کاپی ساتھ منسلک ہے۔
دریں اثنا رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے جن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی جبکہ پٹیشن کے ساتھ غیر مصدقہ کاپی منسلک ہے۔
رجسٹرار آفس کے اعتراض میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کیس میں کوئی جلدی نہیں جو آج سننا ضروری ہے۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل علی محمد بخاری نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نا اہلی کا فیصلہ دیا، گزشتہ روز بھی تفصیلی فیصلہ حاصل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا، تاہم ابھی تک الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلے کی کاپی فراہم نہیں کی۔
وکیل علی محمد بخاری نے کہا کہ قانون کے مطابق فیصلہ سناتے ہی فریقین کو تصدیق شدہ کاپی دی جاتی ہے، الیکشن کمیشن کا لیگل ونگ کہہ رہا ہے کہ فیصلے پر ممبر کے دستخط نہیں ہوئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن قانون کے خلاف جاکر اقدامات کر رہا ہے جو بدقسمتی ہے۔
عمران خان کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے، میں ایک گھنٹے سے الیکشن کمیشن کے باہر موجود ہوں لیکن کچھ نہیں بتایا جارہا، انہوں نے سوال کیا کہ ایک ممبر کے دستخط نہیں تو فیصلہ متفقہ کیسے کہا جاسکتا ہے؟۔

گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا آرمی چیف اور عمران خان کے سر ہے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا آرمی چیف اور عمران خان کے سر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں، فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی کامیابی پوری قوم کی بہت بڑی فتح ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اس کامیابی کا سہرا عمران خان اور ان کی ٹیم کے سر ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس کامیابی میں اپنا بھرپور کرداراداکیا، عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ گرے لسٹ سے نکلنے کی کامیابی کے اصل ہیروہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی نام نہاد حکومت کا گرےلسٹ سے نکلنے میں وہی کردار ہے جو کرکٹ میچ میں بارہویں کھلاڑی کا ہوتا ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا، ن لیگ کو اس ڈھٹائی سے اس کامیابی کا کریڈٹ لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

‘کسی کی نااہلی یا گرفتاری پر شادیانے بجانا نامعقول کام ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کسی کی نااہلی یاگرفتاری پرشادیانے بجانا نامعقول کام ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر اپنے بیان میں کہا کہ کسی کی نااہلی یاگرفتاری پرشادیانے بجانا نامعقول کام ہے، عمران کی نااہلی پر افسوس ہے مگر مخالفین کو پھانسنے کے جال انہی نے بُنے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہرغلط کام عمران نے خود کیا ،کرایا اوراس کا گند دوسروں پراچھالا، اقتدار کیلئے بنائے گئے بیانیے کے مکروہ کھیل کے بینیفشری عمران نیازی ہی تھے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نےتوشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیتے ہوئے فوجداری کارروائی کا بھی حکم دیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نااہلی آرٹیکل تریسٹھ ون پی کے تحت ہوئی ، وہ صرف موجودہ اسمبلی کی مدت تک نااہل رہیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے جان بوجھ کرجھوٹی اسٹیٹمنٹ اور ڈکلیریشن جمع کرائی،توشہ خانے سے حاصل تحفے اثاثوں میں ظاہر نہ کئے الیکشن ایکٹ کے تحت کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے۔

نئے سینما کے قیام اور فنکاروں کو مراعات کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، مریم اورنگزیب

استنبول: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلمی صنعت میں تعاون کو فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستانی فلموں کی نمائش کے لیے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کی شرکت کا اعلان بھی کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام میں تعاون اور ترکیہ یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے حوالے سے اجلاس ہو گا جس میں تاریخ کا تعین ہو گا۔ پاکستان میں تیار ہونے والی 3 نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔ 1970 کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فلم بنانے والا ملک تھا تاہم 2008 میں فلم صنعت کی بحالی کا کام شروع ہوا اور ملکی تاریخ کی پہلی فلم اینڈ کلچر پالیسی تشکیل دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کو ٹیکس میں استثنیٰ اور نئی فلمیں بنانے کے لیے مالی معاونت کی سہولت دی گئی جبکہ پاکستان میں فلموں کی تیاری پر 70 فیصد تک ٹیکس میں رعایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، معیار، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے اور نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ بین الاقوامی ورکشاپس میں بہترین ساکھ کے حامل پروڈیوسرز کو بلائیں گے۔

آئرلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔
قومی ویمنز 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز 4 سے 16 نومبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اسکواڈ میں فاطمہ ثنا کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ڈیانا بیگ انجری کے باعث شامل نہیں ہیں۔
ویمنز ایک روزہ اور ٹی 20 اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کریں گی جبکہ ایمن انور، عالیہ ریاض، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس اور سعدیہ اقبال اسکواڈ میں شامل ہیں۔
عائشہ نسیم، سدرہ امین، سدرہ نواز اور امِ ہانی کو بھی 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔