All posts by Khabrain News

رشی سونک کو برطانوی وزیراعظم کا امیدوار بننے کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کا اگلا وزیراعظم بننے کی دوڑ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگئی، رشی سونک نے وزیراعظم کا امیدوار بننے کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت حاصل کرلی۔
103 کنزرویٹیو اراکین پارلیمنٹ نے رشی سونک کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا جب کہ سابق وزیراعظم بورس جانسن اب بھی دوڑ میں شامل رہنے پر بضد ہیں اور وہ بیرون ملک تعطیلات ادھوری چھوڑ کر برطانیہ واپس آگئے ہیں۔
اس کے علاوہ پینی مورڈنٹ کا ستارہ اس بار بھی روشن نہ ہوسکا اور وہ چند اراکین کی حمایت ہی حاصل کر سکیں، کنزرویٹیو پارٹی کے نئے لیڈر کے انتخاب کا عمل 28 اکتوبر کو مکمل ہوگا۔

قربانیوں کی بدولت دہشتگردوں کیخلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں، کورکمانڈر پشاور

پشاور: (ویب ڈیسک) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سراروغہ میں محسود جرگہ کے دوران قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
کور کمانڈر پشاور نے قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کے خلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر پشاور نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لوگ سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر لڑے ہیں، پاک فوج سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین کی جانب سے امن کی بحالی پر پاک فوج سے اظہارتشکرکرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو غیرمتزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

بھارت کا گوگل پر 35 ارب روپے کا جرمانہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے گوگل پر 35 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے مقامی مارکیٹ میں گوگل کی اپنی اینڈرائیڈ ایپس کے ذریعے بالادستی برقرار رکھنے کی مبینہ کوششوں پر جرمانہ عائد کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کی کمپنی کا اینڈرائیڈ موبائل آپریٹنگ سسٹم اب تک بھارت میں غالب ہے اور یہ ملک کے تمام اسمارٹ فونز کے 95 فیصد پر چلتا ہے۔
بھارت کے مسابقتی کمیشن (سی سی آئی) نے کہا کہ گوگل نے آن لائن سرچ اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ اسٹور میں اپنی بالادست پوزیشن کو اپنی ایپس جیسے کروم اور یوٹیوب کے تحفظ کے لیے استعمال کیا اور مخالف ایپس کو دبایا۔
سی سی آئی نے کہا کہ مارکیٹس کو میرٹ پر مقابلہ کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور یہ ذمہ داری گوگل پر ہے کہ اس کا طرز عمل اس مقابلے کو میرٹ پر متاثر نہ کرے۔
مسابقتی کمیشن نے اینڈرائیڈ پلیٹ فارم کے لیے گوگل کو اپنا طریقہ کار بدلنے کا حکم بھی دیا۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے فیصلے کا جائزہ لیا جارہا ہے جس کے بعد اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔

برطانیہ میں نئے وزیراعظم کی دوڑ کا آغاز ہو گیا

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم لزٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد ایک بار پھر برطانیہ میں نئے وزیراعظم کی دوڑ کا آغاز ہو گیا ہے۔
اس دوڑ میں رشی سونک سب سے مضبوط پوزیشن پر ہیں جبکہ سابق وزیراعظم بورس جانسن بھی اس نئی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ کنزرویٹو رہنما پینی مورڈنٹ بھی وزیراعظم بننے کی امیدوار ہیں۔
وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی حکمراں کنزرویٹو پارٹی ایک ایسے وقت میں ایک ہفتے کے اندر ایک نیا وزیر اعظم مقرر کرنے کے لئے کو شاں ہے، جب برطانیہ انتہائی اعلی سطح پر غیر یقینی صورت حال کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔
لاکھوں لوگ ایسے حالات گزر بسرکے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جب کہ کھانے پینے کی اشیاء، ایندھن اور دوسری بنیادی اشیاء صرف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اور ریکارڈ افراط زر کے سبب مورٹگیج کی شرح بہت بڑھ گئی ہے اور کساد بازاری سر پر منڈلا رہی ہے۔
واضح رہے لز ٹرس نے 45 دن میں ہی وزیراعظم کے عہدے سے استعفی کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کا عزم لے کر وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا، جس مینڈیٹ کی بنیاد پر منتخب ہوئی تھی اسے ڈیلیور کرنے میں ناکام رہی۔

ایف اے ٹی ایف نے روس پر مزید پابندیاں لگا دیں

ماسکو:(ویب ڈیسک) ایف اے ٹی ایف (فیٹف) نے روس پر مزید پابندیاں عائد کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے روس کو تنظیم کے تمام معاملات سے علیحدہ کر دیا ہے۔
صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا کہ روس کے یوکرین میں اقدامات ایف اے ٹی ایف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں اور روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یوکرین پر حملہ کرنے پر امریکہ سمیت دیگر ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کر دی تھیں اور روس سے جنگی بندی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ امریکہ نے دنیا بھر میں نقل مکانی کرنے والے روسی امیر ترین افراد کو ڈھونڈ کر ان کے اثاثے منجمد کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

پاکستان کی کوششوں اور پیش رفت کو تسلیم کرتے ہیں، امریکا

امریکہ :(ویب ڈیسک) پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آنے پر امریکہ کا رد عمل سامنے آگیا، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں اور پیش رفت کو تسلیم کرتے ہیں۔
پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے دیئے ہوئے اہداف میں کمی کو پورا کیا، ان کوششوں کے باعث پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکلا، اینٹی منی لانڈرنگ،کاؤنٹر فنانس ٹیررازم کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 2018 میں 27 نکاتی ایکشن پلان دیا گیا جس کا بنیادی مقصد دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنا تھا، جون 2022 میں پاکستان کے 27 ایکشن آئٹمز میں سے27 نکات مکمل کر لیے گئے تھے، آخری ایکشن پلان بھی جون 2022 میں مکمل کرلیا گیا تھا۔
پاکستان نے اپنا 2021 کا ایکشن پلان ایف اے ٹی ایف کی طرف سے مقرر کردہ ٹائم لائنز سے پہلے مکمل کیا،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف خدشات کو دورکرنے کے لیے جامع حکمت عملی اورایک تفصیلی روڈ میپ تیارکیا، پاکستان نے ان خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی کے نظام کو مضبوط کیا۔
پاکستان میں منی لانڈرنگ کے 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، ان کیسز کی گزشتہ 13 مہینوں کے دوران تحقیقات مکمل کی گئی ہیں۔

میلونی اٹلی کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب

اٹلی :(ویب ڈیسک) جارجیا میلونی اٹلی کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوگئی ہیں۔
اٹلی کی نئی کابینہ میں 6 خواتین وزراء بھی شامل ہوں گی، اٹلی کی نئی وزیراعظم اور کابینہ اراکین آج حلف لیں گے۔ صدر سرگیو مٹاریلا نے پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے بعد میلونی کو حکومت سازی کی ہدایت دی.
جس کے کچھ ہی دیر میں میلونی نے جارجیٹی کو اپنا وزیر معیشت مقرر کیا۔
31 برس کی عمر میں جارجیا میلونی نے سلویو برلسکونی کی حکومت میں نوجوانوں سے متعلق وزارت سنبھالی۔ دس برس قبل میلونی نے ‘برادرز آف اٹلی’ کی بنیاد رکھی، جس کی وہ 2014 سے قیادت کر رہی ہیں۔ سن 2020 میں، انہوں نے یورپی کنزرویٹو اینڈ ریفارمسٹ پارٹی کی قیادت بھی سنبھالی تھی۔

عینی جعفری کی 4 برس بعد شوبز میں واپسی

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ عینی جعفری چار سال بعد ویب سیریز “مندی” سے سکرین پر واپسی کریں گی۔
سوشل میڈیا کی ویڈیو شیئرنگ اپیلی کیشن انسٹا گرام پر پوسٹ میں عینی جعفری نے لکھا کہ 4 برس کے بریک کے بعد انتہائی باصلاحیت کاسٹ کے ساتھ پروجیکٹ کا حصہ بننے پر میں بہت خوش اور پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اداکاری کے میدان میں دوبارہ واپسی پر بیک وقت میں نروس بھی ہوں اور بہت پرجوش بھی ہوں، اتنا وقت گزرنے کے باوجود فن کے لیے مجھ میں جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم ہی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اویس خان کی ہدایت کاری میں سیاست کے موضوع پر بننے والی ویب سیریز “مندی” کی شوٹنگ کا آغاز لاہور میں ہوچکا ہے، ویب سیریز میں عینی جعفری کے علاوہ صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ عدالت کی ایک پیشی کی مار ہے، شیخ رشید

راولپنڈی:(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ عدالت کی ایک پیشی کی مار ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف کاازخود ایکسٹینشن نہ لینےکا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ عمران خان کی حکومت اور سارے اداروں کو جاتا ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی کافیصلہ ہائیکورٹ، سپریم کورٹ کی ایک پیشی کی مارہے۔ یہ مبہم ہے، سقم ہےاور غیرآئینی ہے۔جیلوں سے بھاگنے والے عمران کو جیل میں ڈالناچاہتےہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ رات ساڑھے بارہ بجے اسلام آباد کی پولیس نے میرے اسلام آباد کے گھر پر ریڈ کیا جبکہ میں لال حویلی میں تھا۔ڈارکی آمد کے بعد پاکستان کی ریٹنگ مائنس سےکم کرکے ٹرپل C+دوسری بارگری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم سپریم کورٹ کے نیب کےترمیمی آرڈینیس پر فیصلےکی منتظر ہے۔ الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ چوک چوراہے میں ہوگا یا میز پر، 30 نومبر سے پہلے ہوگا۔

مہنگائی میں ہفتہ 0.35 فیصد اضافہ، سالانہ 27.13 فیصد رہی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد اضافہ ہوا ہے اورسالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 27.13 فیصد رہی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ حالیہ ہفتہ نمک کی قیمتوں میں 4.84 فیصد،ٹماٹر قیمتوں میں2.63 فیصد، خشک دودھ قیمتوں میں 2.22 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں 1.24 فیصد، تازہ دودھ کی قیمتوں میں1.23 فیصد، ایری سکس چاول کی قیمتوں میں 1.02 فیصد آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 1.57 فیصد اضافہ اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا کہ آلو کی قیمتوں میں 1.88فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.45 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 3.63 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.13فیصد،دال ماش کی قیمتوں میں 1.74 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 3.49 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 1.95 فیصد کمی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 22.65 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 22.01 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح میں26.14 فیصد رہی۔