All posts by Khabrain News

وزیر اعظم نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو ترقی دینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔
گریڈ 1 سے 5 تک کے ملازمین کو 2، 2 گریڈ ترقی دی جائے گی جبکہ گریڈ 6 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھایا جائے گا، تمام وفاقی محکموں کے ملازمین کو ترقی دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ کسی محکمے کو اپ گریڈیشن نہ دینے سے حق تلفی ہوگی، کیسز عدالت میں چلے جائیں گے۔
تمام وفاقی محکموں کے ملازمین کے سورس اسٹریکچر ایک جیسے ہوں گے، وزیر اعظم کے سیکرٹری نے منظوری کے بعد سمری سیکرٹری خزانہ کو ارسال کر دی۔

عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، قوم کو مبارکباد: سپیکر محمد سبطین خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا، عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ آنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اب مزید تاخیر کے بجائے فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے، فیصلہ پاکستان کے عوام کی جیت ہے۔
محمد سبطین خان نے کہا کہ پنجاب میں عام انتخابات بارے آئین کے مطابق فیصلہ دے کر عدالت نے ملک کو ایک آئینی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند، الیکشن کمیشن فوری انتخابات کا اعلان کرے: پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے آئین کی سربلندی قائم رکھی، فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہئے، الیکشن کمیشن فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وکلا برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف عمران خان کی جدوجہد میں ساتھ دے، عدلیہ ہی آئین کی بالادستی کیلئے قوم کی امید ہے، عدلیہ مقررہ آئینی وقت میں انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی، سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے کے واقعات کا بھی نوٹس لیا جائے۔
چودھری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے متعصب آفیسرز کی تقرریوں اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، شکست کے خوف سے الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کی طرف بڑھا جا رہا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کا سارا فوکس صرف وزراء بنانے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے وسائل عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزرا پر لٹائے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ مزید 170 ارب کے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا اعلان کر رہے ہیں، حکمرانوں کے اعصاب پر عمران خان سوار ہیں، ان کی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد زمان پارک کے باہر جشن کا سماں

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان جشن منانے لگے۔
لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی درخواست منظور ہونے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، کارکنان نے عمران تیرے جانثار، بے شمار کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ آئین وجمہوریت کی جیت ہے، مسلم لیگ (ن) ڈرنے کے بجائے الیکشن کے میدان میں مقابلہ کرے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا ہے۔

’جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے‘، شاداب کا اپنی شادی پر دلچسپ تبصرہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نےاپنی شادی کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو دل بعد میں ٹوٹنے تھے وہ آج ٹوٹ گئے، ایسا تو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کی بہت زیادہ خوشی ہے، میں تو آسٹریلیا جانے والا تھا لیکن شادی ہوگئی، سب کچھ بہت جلدی ہوا جس کا مجھے اندازہ بھی نہیں تھا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز نے مل کر ایک ساتھ شادی کا کوئی پلان نہیں بنایا تھا، سب کرکٹرز کی شادی ایک ساتھ ہونا ایک اتفاق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہین اور شان مسعود کا شادی کا پلان پہلے سے تھا تاہم حارث اور میرا شادی کا کوئی پلان نہیں تھا.
انہوں نے بتایا کہ شادیوں کا سیزن چل رہا تھا، حارث رؤف کی انجری ہوئی، اس کو وقت ملا اور شادی کرلی، مجھے بھی انجری ہوئی آسٹریلیا نہیں جا سکا اور شادی کرلی۔
شاداب خان نے کہا کہ ثقلین مشتاق کو ثقی بھائی ہی بولوں گا، ان کے ساتھ ابھی تک سسر والا کوئی سین نہیں بنایا ہے، کوچ والا ہی تعلق ہے وہ ڈانٹتے بھی رہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی درخواست منظور، عدالت کا الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن کی تاریخ دینے کی درخواستیں منظور کر لیں اور الیکشن کمیشن پنجاب کو 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ نہ دینے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صدر مملکت کے بھیجے گئے مراسلے پر غور و خوض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صدر مملکت کے بھیجے گئے مراسلے پر غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران، سیکرٹری و دیگر حکام نے شرکت کی جنہوں نے خط کے آئینی و قانونی مضمرات، گورنرز کے اختیارات اور کمیشن کی آئینی ذمہ داریوں پر تفصیلاً غور کیا، الیکشن کمیشن اجلاس میں وزرات داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے خط کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزرات داخلہ نے بتایا کہ سکیورٹی حالات کے مدنظر الیکشن کے دوران فوج اور سول آرمڈ فورسز کو انتخابی ڈیوٹی پر نہیں لگایا جا سکتا، اجلاس میں فنانس ڈویژن کی طرف سے الیکشنز کے انعقاد کے لئے مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور کے پی کی طرف سے پیش کئے گئے سکیورٹی خدشات اور دیگر عوامل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اعجاز چودھری کی زیر صدارت جیل بھرو تحریک پر اجلاس، پارٹی رہنماؤں سے حلف لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور فوکل پرسن جیل بھرو تحریک سینیٹر اعجاز احمد چودھری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں تحریک انصاف کی سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، عندلیب عباس، شیخ امتیاز محمود، زبیر نیازی، علی امتیاز وڑائچ، ڈاکٹر نوشین حامد معراج، شنیلہ علی، سعدیہ سہیل، شینلا روتھ، طارق ثناء باجوہ، علی اعجاز چودھری، اعظم خان نیازی، رخسانہ نوید، وسیم رامے، عارف خان، عمر آفتاب ڈھلوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر جیل بھرو تحریک کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اعجاز احمد چودھری نے پارٹی رہنماؤں سے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حلف لیا، انہوں نے کہا پورے لاہور میں جیل بھرو تحریک کیلئے رجسٹریشن کیمپ لگائے جائیں گے، پارٹی سیکرٹریٹ میں اس حوالے سے ڈسک قائم کر دیا گیا ہے۔

ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں: وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کا سکیورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا، امن و امان کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں رابطوں، ہم آہنگی مزید بہتر کی جائے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چاروں صوبوں کا دورہ کریں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹس کی استعداد کار میں بہتری لانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں، سامان سے لیس اور اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر بھرپور عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کوہلو میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے افسران میجر جواد اور کیپٹن صغیر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا دہشت گرد امن کیلئے ہماری کوششوں کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں شہید ہونے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، ضمنی الیکشن میں حصہ لینے پر مشاورت

کراچی: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، ضمنی الیکشن کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کے شرکاء کی مختلف آراء سامنے آئیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ پی ڈی ایم کی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز پر مشاورت کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، حتمی فیصلہ بعد میں ہوگا۔