All posts by Khabrain News

برطانوی وزیراعظم کے روس میں داخلے پر پابندی عائد

ماسکو : (ویب ڈیسک) ماسکو حکومت نے برطانوی وزیراعظم کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
ماسکو حکومت نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت متعدد اعلیٰ برطانوی حکومتی عہدیداروں کے روس میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔
ماسکو حکومت کی جانب سےیہ اعلان یوکرین پر روسی حملے کے خلاف برطانوی پابندیوں کے ردعمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔برطانیہ کی جانب سے حال ہی میں روس پر مزید پابندیوں عائد کی گئی ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن حکومت روس کے خلاف غلط سیاسی مہم اور معلومات کے پھیلاؤ میں مصروف ہے۔جس کا مقصد روس کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ منجو سنگھ انتقال کر گئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ منجو سنگھ 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بھارت میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی لیجنڈ اور 80 کی دہانی کی مشہور اداکارہ اور فلم پروڈیوسر منجوسنگھ کا انتقال ممبئی میں ان کی رئشگاہ پر ہوا۔ خاندان کے مطابق ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔
یاد رہے کہ منجو سنگھ 80 کی دہائی کی مشہور اداکارہ تھیں، انہوں نے فلم گول مال میں امول پالیکر کی بہن رتنا کا کردار نبھایا تھا۔ اس کے علاوہ اداکارہ منجو سنگھ نے اپنی زندگی میں شو ٹائم، ایک کہانی، ادھیکار، سوراج جیسے شوز کی اینکرنگ کی اور انہیں پروڈیوس بھی کیا۔
گیت نگار اور اسکرین رائٹر سوانند کرکرے نے اپنا کیرئیر بطور لکھاری منجو سنگھ کے ساتھ کیا، انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اداکارہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے لکھا کہ منجو جی ہی مجھے شو سوراج لکھنے کے لیے دہلی سے ممبئی لائی تھیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باددیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر کا تہوار حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کے لیے بھی خوشی کا باعث ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری ملک و قوم کی ترقی میں اپنی بھرپور خدمات سرانجام دے رہی ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش ہے ہمارے صوبے میں بھی مسیحی برادری کی بہت بڑی نمائندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل طور پر مذہبی آزادی اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور صوبے میں نہ صرف مکمل طور پر فعال ہےبلکہ صوبہ بھر کے طول و عرض میں اقلیتوں کے حقوق کی بہتر فراہمی میں بھی اپنا احسن کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے لیے مختص کوٹے پر پوری طرح سے عمل کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ مسیحی برادری سمیت تمام دیگر اقلیتوں کو ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مسیحی برادری اپنی خوشیوں میں ان نادار اور مستحق لوگوں کو بھی شریک رکھے جو اس کی استطاعت نہیں رکھتے، انہوں نے اس موقع پر تمام مسیحی برادری سے اپیل کی کہ اپنی عبادات میں ملک کی سلامتی تحفظ اور امن و امان کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور رواداری کو پروان چڑھانے کے پیغام کو عام کیا جائے تاکہ ہمارا معاشرہ دائمی امن اور رواداری کی جانب گامزن ہو سکے۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی، سستے بازار شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے سبب یوٹیلٹی سٹورز اور سستے بازار شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئے، سستے بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں بازار سے بھی بڑھ گئیں، یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کے حصول کیلئے روزے کیساتھ شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
انتظامیہ کی نااہلی کے باعث عام مارکیٹ میں اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے سستے بازار اور یوٹیلٹی سٹورز کا رخ کر لیا ہے تاہم وہاں بھی آٹا، چینی، گھی اور چاول سمیت اشیا خورونوش کی محدود سپلائی کے باعث تمام یوٹیلٹی سٹورز کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں ہیں۔
شہر کے 11رمضان بازاروں میں بھی اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام مارکیٹ سے مختلف نہیں، 10 کلو آٹے کا تھیلا ایک سو روپے سستا تو ہے تاہم کوالٹی بہتر نہ ہونے پر شہری مایوس ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کا دعوی ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
سستے بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ سے 10 سے 20 روپے کلو زیادہ ہیں اور یہی صورتحال مصالحہ جات، بیسن اور کھجور، چکن کی بھی ہے جس کا شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوٹو سیشن کی بجائے عملی اقدامات کر کے حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

طالبان حکومت بارڈر پر سکیورٹی بڑھائے، افغان ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے پاک افغان سرحد پرگزشتہ چند روز میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی علاقوں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ یہ علاقے پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو سکیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، افغان حکومت سے پاک افغان سرحدی علاقہ محفوظ بنانے کی کئی بار درخواست کی ، دہشتگرد افغان سرزمین کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے استعمال کررہے ہیں، کالعدم دہشتگرد جتھے پاکستان کی سرحدی حفاظتی چوکیوں پر حملے کررہے ہیں، 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے پاک فوج کے 7 جوان شہید کیے، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں،یہ پاک افغان سرحد پر امن برقرار رکھنے کی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنائے، افغان ناظم الامور کو دو واقعات پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، افغان نظام الامور کو ۔14 اپریل کے واقعہ پراحتجاجی مراسلہ دیا گیا، افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر بھی احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر ایمریٹس ایئرلائین کی پرواز ای کے 615 کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے، شہزاد اکبر نام چند دن پہلے ایف آئی اے نے سٹاپ لسٹ میں شامل کیا تھا
شہزاد اکبر کا نام اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر سٹاپ لسٹ سے نکالا گیا۔

وزیراعظم نے دیامیر بھاشا ڈیم 2026ء تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے دیامیر بھاشا ڈیم 2026ء تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا، انہوں نے ڈیم کے دورے کے دوران جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنیوالی پاکستانی اور چینی کمپنیوں نےغیرمعمولی کارکردگی دکھائی، یہ ڈیم معیشت کیلئے بھی بڑی اہمیت کاحامل ہے، ہمیں توانائی کے بڑے منصوبوں کے بارے میں بھی سوچنا ہو گا، ہماری فصلوں کو بڑے پیمانے پر فراہمی آب کی ضرورت ہے، توانائی سمیت تمام بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے، دیامر بھاشا ڈیم کو 2029 کے بجائے 2026 میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، منصوبے کیلئے چیئرمین واپڈا کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو جاری تعمیراتی کام پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ منصوبےکی تکمیل سےبجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی بڑھے گی۔ قومی اہمیت کے منصوبے سے فوڈ سکیورٹی میں اضافہ ہو گا۔ 2.6 ٹریلین روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ منصوبےسے16 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ چیئرمین واپڈا نے منصوبےمیں کچھ تکنیکی چیلنجز کی بھی نشاندہی کی۔ وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو ہدایت دی کہ منصوبے کی متوقع وقت سے پہلے تکمیل یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف آج قراقرم ہائی وے، 3 میگا واٹ تھک پاور منصوبے اور چلاس کیڈٹ کالج کا فضائی دورہ بھی کریں گے۔ شاہدخاقان عباسی، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ہنگو میں ضمنی الیکشن، پولنگ کا عمل جاری، سکیورٹی کے سخت اقدامات

ہنگو: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ تینتیس ہنگو میں ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا جس کے دوران تین لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ اے این پی ، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ملک بھر میں آج موسم خشک، خیبرپی کے اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نےآج ملک بھرمیں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں رات کو بادل برسنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج سندھ میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے، نوابشاہ، مٹھی، دادو اور دیگر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی آج موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیارہ درجہ حرارت31، قلات میں 26، گوادر میں 35، جیونی میں32، نوکنڈی میں39، تربت میں42، سبی میں44 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے مغربی اور شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چاغی ، کوئٹہ ، پشین، زیارت، مسلم باغ ، موسیٰ خیل اور ژوب میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کورونا دم توڑنے لگا، کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، 97 نئے مریض ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس دم توڑنے لگا، چوبیس گھنٹے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم ستانوے نئے مریض ریکارڈ پر آ گئے۔ این آئی ایچ کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 248 ہو گئی جن میں سے ایکٹو کیسزکی تعداد 3279 ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہزار 363 بتائی گئی ہے۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے 2659 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفا پانے والوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 93 ہزار 606 تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 24گھنٹے کے دوران 23 ہزار 425 کورونا ٹیسٹ کیےگئے اب تک ملک بھرمیں 2 کروڑ 79 لاکھ 3 ہزار 660 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا سے متاثر 213 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔