All posts by Muhammad Saqib

ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ حافظ سعد حسین رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے بعد سعد رضوی کو رہا کر گیا گیا ہے، وہ مسجد رحمت اللعالمین پہنچیں گے۔

سعد رضوی کا جیل سے رہائی کے وقت کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔ ٹی ایل پی کارکن مسجد رحمت اللعالمین کے باہر ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سعد رضوی کی رہائی حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔

سعد رضوی اپنے والد مولانا خادم حسین رضوی کے کل سے شروع ہونے والے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، مولانا خادم حسین رضوی کا عرس 21 نومبر تک جاری رہے گا۔

رومانین گلوکار ایڈرین سینا نے ہنزہ کو جنت قرار دیدیا

مشہور زمانہ رومانین میوزک بینڈ “ایکسنٹ” کے گلوکار ایڈرین سینا نے پاکستان کی وادی ہنزہ کو زمین پر جنت قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈرین سینا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے دورہ پاکستان پر وادی ہنزہ سے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے ہنزہ سے اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ہنزہ کو زمین پر جنت سے تشبیہ دی۔ گلوکار نے اپنی تصاویر میں وادی کو “جادوئی” بھی قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ مشہور گانے “دیٹس مائی نیم” کے گلوکار ایڈرین سینا نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کے شمالی علاقوں کا دورہ کریں گے اور اب وہ اپنا سفر کرنے کیلئے باضابطہ طور پر ہنزہ پہنچ گئے ہیں۔

ہاکی کے سابق عالمی چیمپئن شہباز جونیئر کینیڈین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

ہاکی کے سابق عالمی چیمپئن اور اولمپیئن شہباز جونیئر کینیڈین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ بن گئے۔
شہبازجونیئر بطور ہیڈ کوچ ٹیم کے ہمراہ ورلڈ ماسٹرز ہاکی انڈور ورلڈکپ میں خدمات انجام دیں گے۔
ورلڈ ماسٹرز ہاکی انڈور ورلڈکپ 15 تا 20 فروری 2022 امریکامیں کھیلا جائے گا۔
شہباز جونیئر پاکستان ہاکی کے اسسٹنٹ کوچ کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

بنگلادیش کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کریں گے جبکہ شاداب خان قومی ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، فخر زمان، شعیب ملک، خوشدل شاہ، محمد نواز، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ایگل، دنیا کا سب سے طاقتور کوانٹم پروسیسر

آئی بی ایم نے دنیا کا سب سے طاقتور کوانٹم پروسیسر پیش کردیا ہے جسے ایگل کا نام دیا گیا ہے۔ ایگل کی پروسیسنگ رفتار 127 کوانٹم بٹس (کیوبٹس) ہے۔
توقع ہے کہ اس اہم پیشرفت سے انتہائی تیزرفتار کوانٹم کمپیوٹر کی تجارتی تیاری کی راہ کھلے گی۔ روایتی ڈجیٹل کمپیوٹروں میں ڈیٹا یا تو صرف کی صورت میں جمع ہوتا ہے یا پھر ایک کی شکل میں ہوتا ہے۔ اس کے برخلاف کوانٹم کمپیوٹروں میں کیوبٹ صفر اور ایک کے درمیان ہوسکتی ہے لیکن ایک ہی وقت میں دونوں کیفیات میں بھی ڈیٹا رکھا جاسکتا ہے۔ اس سے صاف ثابت ہوتا ہے کہ ڈیٹا پروسیسنگ کے لامحود آپشن کھل سکتے ہیں۔اب 127 کیوبٹس ایگل کو دنیا کے طاقتور ترین کوانٹم پروسیسر کا اعزاز مل گیا ہے ۔ اس طرح چین کے 113 کیوبٹ جیوزیگ ، ، گوگل کے 72 کیوبٹ والے برسل کون کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ 2.0
کوانٹم کمپیوٹروں کو کمپیوٹنگ کا مستقبل قرار دیا جارہا ہے جنہیں کوانٹم فزکس کے اصولوں پر بنایا جاتا ہے۔ اس سے کمپیوٹنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ آئی بی ایم نے چپ کے پورے آرکیٹیکچر کو نئے سرے سے بنایا ہے ۔ پروسیسر میں کوبٹس کو ایک ہی سطح (سنگل لیئر) پر رکھا گیا ہے ۔ اس سے غلطیوں میں کمی ہوجاتی ہے اور کنٹرول وائرنگ کئی طبعی سطحوں پر پھیل جاتی ہے۔
اگر روایتی کمپیوٹر کو ایگل کوانٹم کمپیوٹر کی طرح بنایا جائے تو اس کے لئے دنیا کے ہر فرد کے جسموں میں موجود ایٹم کے برابر ہوں ذرات درکار ہوں گے۔ آئی بی ایم کے مطابق یہ کوانٹم کمپیوٹنگ کے شعبے میں کسی انقلاب سے کم نہیں اور اسے ماہرین نے کوانٹم مفاد (ایڈوانٹیج) کا نام دیا ہے۔
2019 میں گوگل نے 53 کیوبٹ کا سائیکامور پروسیسر بنایا تھا اور اس کے بعد آئی بی ایم بھی اس دوڑ میں شامل ہوگیا ۔ اس کے بعد گزشتہ سال چینی ماہرین نے اپنے کوانٹم کمپیوٹر سے اس حساب کتاب کو منٹوں میں انجام دیا جو روایتی کمپیوٹنگ سے ڈھائی ارب سال میں مشکل سے حل ہوسکتا تھا۔
آئی بی ایم کے مطابق اگلے برس وہ 433 کیوبٹ پروسیسر پیش کرے گی جسے آسپرے کا نام دیا گیا پھر 1121 کیوبٹس کا کونڈور نامی کمپیوٹر 2023 میں پیش کیا جائے گا۔

اپوزیشن کو ایک بار پھر کہتا ہوں عدالت کے بجائے اسپیکر آفس آئے: فواد چودھری

فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ایک بار پھر کہتا ہوں عدالت کے بجائے اسپیکر آفس آئے، اصلاحات کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم کے نظام کو پہلے سمجھیں، تمام خدشات دور کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر پیچھے نہیں ہٹ سکتے، یہ ہمارا انتخابی وعدہ تھا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شریف زرداری فیملی سیاست قصہ پارینہ ہے، اب اپوزیشن میں بھی نئے کھلاڑیوں کی باری ہے، اگلے دو سال پاکستان کی تاریخ کے اگلے دو عشروں کی سیاست طے کریں گے، 1990 کی دہائی کی سیاست کا مکمل اختتام اگلے دو سالوں میں طے ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ کل کی کامیاب قانون سازی کے بعد اپوزیشن کی کمر ٹوٹ چکی، آج سے پاکستان میں ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے، الیکشن کے طور طریقے بدلنے لگیں گے، اب الیکشن غنڈا گردی اور چالاکی سے نہیں بلکہ عوام سے رابطے پر لڑا جائے گا، اوورسیز پاکستانی کا اصل مقام اسے واپس مل گیا، عمران خان نے تاریخ رقم کر دی۔

فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر، ایکواڈور نے چلی کو شکست دیدی

فٹبال ورلڈکپ کوالیفائر میں ایکواڈور نے چلی کو دو صفر سے شکست دے دی ۔
ایونٹ کے دیگر میچوں مں کوسٹا ریکا نے ہنڈراس، پناما نے ایلسلواڈور اور کینیڈا نے میکسیکو کے خلاف دو ایک ، دو ایک سے فتح سمیٹ لی۔
ان میچوں میں جوشیلے بھڑکیلے کھیل کے ساتھ کمنٹری نے بھی شائقین کا لطف دوبالا کیا۔

فاسٹ بولر محمد عامر کورونا کا شکار

فاسٹ بولر محمد عامر عالمی وبا کورونا کا شکار ہو گئے۔
محمد عامر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا کا شکار ہو گیا تھا لیکن اب بہتر ہوں، صحتیابی کے لیے دعاؤں کی ضرورت ہے۔فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہی اس سال ٹی 10 لیگ نہیں کھیل رہا۔

شہرت ، دولت کی ہوس نے اداکاراﺅں کو جرائم پیشہ افراد سے مراسم پر مجبور کردیا

لاہور (خصوصی ر پورٹر)شہرت کی بلندیوں اور دولت کی ہوس نے سٹیج اور فلموں کی مشہور اداکاروں کو جرائم پیشہ افراد سے مراسم پید اکرنے پر مجبور کردیا، ذاتی تحفظ اور مفت خوروں سمیت پروڈیوسروں سے لی گئیں رقوم واپس نہ کرنے پر کئی بے دردی سے قتل کردی گئیں۔ بیرون ملک جا نے کے چکروں میں بیشتر قحبہ خانوں کی زینت بن گئیں،پولیس افسران اور سیاسی افراد تحفظ فرام کرنے کی آڑ میں بلیک میل ہونے والی اداکاراوں سے نجی محفلیں سجانے لگے، ماضی میں بھی خوبرو اداکارائیں شدت پسند عاشقوں سے بچنے کیلئے جرائم پیشہ افراد سے مراسم رکھتی رہی ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں شامل ہونے والی خوبرو حسیناوں کی تہلکہ انگیز پرفارمنس کے ساتھ شہر میں قتل و غارت گری کے واقعات میں بھی اضافہ کا باعث بن رہا ہے

امارات کا پاکستانی کمپنی سے ہتھیاروں کی فراہمی کیلئے اربوں روپےکا معاہدہ

دبئی ائیر شو 2021 میں پاکستانی کمپنی نے 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً 7 ارب روپے سے زائد) کا دفاعی معاہدہ حاصل کرلیا۔

خلیجی اخبارکے مطابق اماراتی وزارت دفاع نے نمائش کے چوتھے روز 7 بڑے دفاعی معاہدے کیے ہیں جن کی مالیت ساڑھے 22 ارب اماراتی درہم ہے۔

وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری نے بتایا کے پاکستانی کمپنی  ‘گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلیوشن’ (جی آئی ڈی ایس) کے ساتھ مختلف ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے14کروڑ 40 لاکھ درہم کا معاہدہ ہوا ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری نے بتایا کہ اس کے علاوہ  امریکی کمپنی ‘لاک ہیڈ مارٹن گلوبل انک ‘کے ساتھ ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کمانڈ سسٹمز کے لیے تکنیکی معاونت اور اسپیئر پارٹس کی خریداری کا بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ  فرانسیسی کمپنی THALES کے ساتھ کمیونیکیشن سسٹم کے لیے تکنیکی معاونت اور مرمت کی خدمات کی فراہمی کے لیے بھی معاہدہ ہوا ہے، یہی کمپنی اماراتی  فضائیہ کو تکنیکی مدد بھی فراہم کرے گی۔