All posts by Khabrain News

قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ایک فیصد سے ڈیڑھ فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔
اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر12.57 فیصد،ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر 12 فیصد اوربہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر 14.16 فیصد کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے گذشتہ روز باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ قومی بچت اسکیموں کیلئے منافع کی نئی شرح کا اطلاق کل(منگل)سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تین ماہ کی مدت کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر13.40 فیصد ، چھ ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر 13.90 فیصد ، ایک سال کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر 13.75 فیصد کردی ہے ۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پینشنرز بینیفٹس اکاؤنٹس کیلئے منافع کی شرح بڑھا کر12 فیصد، سیونگ اکاؤنٹس کیلئے 10.75 فیصد ،اسپیشل سیونگ اکاونٹس کیلئے 12.57 فیصد اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاونٹس کیلئے 14.16 فیصد کردی گئی ہے۔
فائلر پر انعامی اسکیموں کے منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس15 فیصد اور نان فائلرز پر30 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا ۔ اس کے علاوہ ڈھائی فیصد زکوۃ لاگو ہوگی۔

وزیراعظم کا نیب قوانین سمیت دیگر رولز میں تبدیلیاں لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کو تحفظ فراہم کرنے کے نظام میں اصلاحات میں کی جائیں گی اور نیب قوانین سمیت دیگر رولز میں تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بیورو کریسی کو تحفظ فراہم کرنے نظام میں اصلاحات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت نیب قوانین سمیت دیگر رولز میں تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے، کمیٹی کے سربراہ سابق سینئر بیورو کریٹ ناصر محمود کھوسہ ہوں گے، کمیٹی میں سابق چیف سیکرٹریز، سابق وفاقی سیکرٹریز، سابق آئی جیز سمیت دیگر افراد شامل ہوں گے، کمیٹی کے دیگر اراکین کا تعین کمیٹی سربراہ ناصر محمود کھوسہ خود کریں گے، ہائی پاور کمیٹی کو مکمل اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی محکمے سے متعلق کارکردگی کا جائزہ لیکر سفارش کرسکتے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہائی پاور کمیٹی تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہمیں تجاویز فراہم کرے، ناصر محمود کھوسہ بہترین انتہائی قابل اور تجربہ کار بیوروکریٹ ہیں ان کی خدمات لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہائی پاور کمیٹی بنانے کا فیصلہ بیوروکریٹس کے تحفظات سمیت دیگر مسائل کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کمیٹی بیوروکریسی کے تحفظات اور دیگر مسائل کا جائزہ لے کر ان کے تحفظات ختم کرنے بارے تجاویز دے گی، اور نیب قوانین سمیت دیگر قوانین اور آرڈیننس میں ضروری تبدیلیوں سے متعلق تجاویز دے گی، جب کہ کمیٹی ریفارمز لانے سے متعلق پلاننگ بھی تشکیل دے کر آگاہ کرے گی، اور وفاق و پنجاب میں سینئر بیوروکریٹس کی کارکردگی سمیت دیگر اقدامات پر بھی تجاویز دے سکتی ہے۔

راشد لطیف کشمیر پریمیئر لیگ کے ساتھ وابستہ ہوگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کشمیر پریمیئر لیگ کے ساتھ وابستہ ہوگئے۔
راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کے پی ایل پاکستان سپر لیگ کے بعد دوسری بڑی لیگ ہے، پہلا ایونٹ بہت زبردست رہا جس میں پاکستان کے ساتھ باہر سے بھی معروف کھلاڑیوں نے حصہ لیا، لیگ کو جوائن کرنے کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو سامنے لاکر انہیں خود کو منوانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے طور پر سیزن ٹو کے لیے لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ راشد لطیف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے بہترین وکٹ کیپر بھی رہے ہیں۔

پولینڈ میں مظاہرین نے روسی سفیر کے منہ پر رنگ پھینک دیا، ویڈیو وائرل

وارسا: (ویب ڈیسک) پولینڈ کے دارالحکومت میں یوکرین جنگ کے مخالف مظاہرین نے روسی سفیر سارگے اندریو کے منہ پر لال رنگ پھینک دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ میں روسی سفیر سارگے اندریو ایک قبرستان میں دوسری جنگ عظیم میں مرنے والے روسی فوجیوں کی قبروں پر پھول چڑھانے اور خراج تحسین پیش کرنے پہنچے تھے تاہم وہاں یوکرین جنگ کے مخالف مظاہرین کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی۔
مظاہرین نے روسی سفیر کو دیکھ کو یوکرین پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اس دوران مظاہرین نے روسی سفیر کے چہرے پر لال رنگ بھی پھینک دیا۔ مظاہرین نے فاشسٹ فاشسٹ کے نعرے بھی لگائے۔
اس دوران روسی سفیر سارگے اندریو پُرسکون رہے، اپنے چہرے سے رنگ صاف کرتے رہے اور کسی قسم کی مزاحمت یا تلخ کلامی نہیں۔ روسی فوجیوں کی قبر پر پھول رکھنے اور چند منٹ خاموشی سے کھڑے رہنے کے بعد سارگے اندریو واپس چلے گئے۔
واضح رہے کہ روسی فوج نے 26 فروری کو یوکرین میں داخل ہوکر کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا اور تاحال بیلا روس کی سرحد سے یوکرین پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

شدید عوامی دباؤ پر سری لنکا کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیدیا

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے شدید مالی بحران کے بعد ملک گیر ہونے والے عوامی احتجاج، مظاہروں اور امن و امان کی شدید بگڑتی ہوئی صورت حال سے مجبور ہوکر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں شدید مالی اور سیاسی بحران کے بعد عوامی دباؤ پر وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ توقع ہے صدر گوتبیا راجا پاکسے پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل مشترکہ کابینہ تشکیل دینے کے لیے مدعو کریں گے۔
صدر گوتبیا راجا پاکسے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کے چھوٹے بھائی ہیں اور اسی وجہ سے وہ ملک میں شدید مالی بحران اور پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے ضرورت کی بے پناہ قلت اور عوامی دباؤ کے باوجود اپنے بھائی سے استعفیٰ نہیں لے رہے تھے۔
سری لنکا کی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کا استعفیٰ اُس وقت سامنے آیا ہے جب صدر گوتبیا راجا پاکسے نے جمعے کے روز ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں حالات سے مجبور ہو کر وزیراعظم سے ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے مستعفی ہونے کی درخواست کی تھی۔
صدر گوتبیا راجا پاکسے نے اپنے بھائی اور وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے کی سیٹ بچانے کے لیے مظاہروں سے نمٹنے کے لیے ملک میں کرفیو بھی نافذ کیا تھا اور طاقت کا بے دریغ استعمال کیا تھا تاہم مظاہرے تھم نہ سکے تھے۔

فلپائن؛ نئے صدر کے انتخاب کیلیے ملک بھر میں ووٹنگ جاری

فلپائن: (ویب ڈیسک) فلپائن ميں نئے صدر کے لیے سابق آمر کے بیٹے اور موجودہ نائب صدر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے جس کے دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دینے کے منتظر ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں صدارتی الیکشن میں آج ووٹنگ کا عمل جاری ہے، عوام کا جوش و خروش عروج پر ہے اور پولنگ اسٹینشنز کے باہر لمبی لمبی قطاروں میں ووٹرز کی موجودگی اس بات کا پتہ دیتی ہے کہ اس بار ٹرن آؤٹ بہت زیادہ ہوگا۔
صدارتی انتخاب میں ملک کے آنجہانی آمر کے بیٹے فرڈیناڈ مارکوس جونیئر بھی امیدوار ہیں۔ فرڈیناڈ مارکوس جونیئر سینیٹر بھی ہیں اس کے علاوہ ممبر اسمبلی بھی رہے اور بطور گورنز بھی خدمات انجام دیتے رہے اور عوام میں بونگ بونگ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔
فرڈیناڈ مارکوس جونیئر کی مضبوط ترین مخالف امیدوار موجودہ نائب صدر لینی روبریڈو ہیں جو نا صرف انسانی حقوق کی ايک چيمپئن ہيں بلکہ ایک معروف وکیل بھی ہیں۔ لینی روبریڈو عوام میں کافی مقبول ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر 8 اميدوار بھی دوڑ ميں شامل ہيں۔
صدر کے انتخاب کے ساتھ ساتھ 24 رکنی سينيٹ کے نصف ارکان، ايوان نمائندگان کی 300 نشستوں اور ہزاروں سرکاری پوسٹوں کے ليے بھی ووٹنگ جاری ہے۔ 67 ملين فلپائنی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

کیا اداکارہ سوناکشی سنہا نے منگنی کرلی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا کی جانب سے انسٹاگرام پر تازہ پوسٹ جاری کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے انہیں منگنی کی مبارکباد دینا شروع کر دی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دیکھا گیا ہے کہ سوناکشی سنہا نے بڑے پتھر والی انگوٹھی انگلی میں پہن رکھی ہے جبکہ کسی شخص کے ساتھ تصویر بھی بنوائی ہے۔
ھارتی اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’آج ان کے لیے ایک بڑا دن ہے کیونکہ میرا سب سے بڑا خواب پورا ہونے جا رہا ہے اور میں یہ خوشخبری شیئر کرنے کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتی‘‘۔
سوناکشی سنہا کی پوسٹ پر مداحوں اور دوستوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈھیروں مبارکباد بھی دی ہیں، جن میں شبانی ڈنڈیکر، آنانیا برلا، کبرا سیٹھ، پریانکا شرما اور دیگر شامل ہیں۔

سنہرے سِگار جیسی نایاب سمندری مخلوق ڈریگن فش نکلی

برکلے، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے سمندر کی گہرائی میں ایک نایاب مچھلی دیکھی ہے جو دیکھنے میں رائفل کی لمبی گولی یا سگار دکھائی دیتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نایاب ترین ڈریگن فِش ہے جو ایک طویل عرصے بعد دکھائی دی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ الف کے حرفِ تہجی کی مانند سیدھی تیرتی ہے جس کا حیاتیاتی نام ’بیتھوفائلس فلیمنگائی‘ ہے۔ لگ بھگ 30 سالہ تحقیق اور 27600 گھنٹے کی ویڈیو میں یہ صرف چار مرتبہ دیکھی گئی ہے اور حال ہی میں کیلیفورنیا کے پاس مونٹیری بے میں دکھائی دی ہے۔ اس بار ماہرین نے 1000 فٹ کی گہرائی میں ڈریگن فِش کی خوبصورت اور واضح ویڈیو لی ہے جبکہ یہ اس سے بھی گہرائی میں ہی رہنا پسند کرتی ہے۔
ویڈیو میں یہ بہترین تیراک معلوم ہوتی ہے لیکن شکار کے لیے بہت دیر تک تاریکی میں چھپ کر خاموش بھی بیٹھی رہتی ہے۔ اس کے جسم پر دھاتی کانسی رنگت کے چھلکے ہیں، جو چمکتے ہوئے سنہرے لگتے ہیں۔ خود سے چھوٹی مچھلیوں کو یہ اپنے تیزدانتوں میں چباکر انہیں کھاجاتی ہے۔
ڈریگن فش کی دیگر اجسام بھی ہیں ان میں سے ایک کی آنکھیں سرخ روشن ہیں جو کھانے کی تلاش میں کسی سرچ لائٹ کا کام کرتی ہیں۔ دوسری قسم کی ڈریگن فش کی ٹھوڑی پر روشنی خارج کرنے والی باریک تیلیاں ہوتی ہیں جنہیں دیکھ کر خود شکار کھنچا چلاآتا ہے۔
لیکن ان میں سے کانسی رنگت کی ڈریگن فش کی لمبائی 16 سینٹی میٹر تک ہوسکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے دیکھنا بھی محال ہوتا ہے۔

فوجیوں کی جان بچانے والی طبی مددگار عینک

پینٹاگان: (ویب ڈیسک) میدانِ جنگ میں کئی مرتبہ فوجیوں کی جان خطرے میں پڑجاتی ہے لیکن اب ایک وی آر اور آر عینک فوجی ڈاکٹروں کی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکی ادارے ڈارپا نے دیگر اداروں سے مل کر ایک آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) آلے پر کام شروع کردیا ہے جو طبی معاون (میڈیکل اسسٹنٹ) کا کام انجام دے سکتا ہے۔ اس عینک کو پہن کر فوجی ڈاکٹر ایک دو نہیں بلکہ 50 طبی عوامل میں مصنوعی ذہانت سے مدد لے سکتا ہے۔
خوں ریز جنگوں میں عسکری طبی ماہرین کی اہمیت سب سے زیادہ ہوتی ہے دوسری جانب زخموں سے چُور سپاہی کو بچانے کے پہلے گھنٹے یا پہلے دس منٹ کو گولڈن آور یا گولڈن ٹین منٹس بھی کہا جاتا ہے۔ عین اسی لمحے مریض کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم یہ ہر طرح کی صورتحال نئے طریقے کا تقاضہ کرتی ہےا ور عین اسی موقع پر اے آر عینک مدد کرسکتی ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ ضروری نہیں کہ جنگ میں ساتھ رہنے والا ڈاکٹر سرجن بھی ہو اور یوں بدلتی ہوئی جان لیوا صورتحال میں وہ بھرپور کردار ادا نہیں کرسکتا۔ عین یہی جگہ ہے جہاں مصنوعی ذہانت والی عینک اس کی مدد کرسکتی ہے۔ ڈارپا نے جو عینک بنوائی ہے کا پورا نام میڈیکل اسسٹنس، گائیڈنس، انسٹرکشن اینڈ کریکشن (میجک) ہے جس میں آڈیو اور ویڈیو کی سہولت موجوت ہے۔ مصنوعی ذہانت کی ہدایات ڈاکٹروں کو بتاتی رہتی ہیں کہ اسے کیا کرنا اور کس طرح آگے بڑھنا ہے۔
پروگرام کو تربیت دینے کے لیے 2500 ویڈیوز اور پانچ کروڑ تصاویر دکھائی گئی ہیں۔ اتنی وسیع معلومات سے اے آئی الگورتھم سیکھنا شروع ہوا ہے۔ یوں سمجھئے کہ یہ سب ملکر اسے ڈجیٹل طبی معاون بناتے ہیں۔ منصوبے کے تحت فوجی ڈاکٹر کو صوتی ہدایات ملیں گی جن پر عمل کرتے ہوئے وہ سامنے پڑے زخمی سپاہی کی جان بچاسکے گا۔
میجک کی پہلی آزمائش اگلے 18 ماہ میں متوقع ہے۔

سیاسی محاذ آرئی، سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، اربوں روپے کا نقصان

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری سیاسی محاذ آرئی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر میں سیاسی محاذ آرائی چھائی ہوئی ہے، اس دوران پی ٹی آئی نے ملک بھر میں جلسوں کا آغاز کیا ہوا ہے، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے جلسوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز ہی بدترین مندی سے ہوا، صبح دس بجے تک 100 انڈیکس 476.01 پوائنٹس کھو بیٹھا تھا، دوپہر 12 بجے تک مندی 1 ہزار پوائنٹس سے بھی کراس کر گئی تھی۔ دوپہر دو بجے کے قریب کاروبار میں انڈیکس میں 1500 پوائنٹس سے زائد کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ بہتری ہوئی اور انڈیکس 1447.67 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی، یہ مندی حصص مارکیٹ میں 5 ماہ کی بدترین مندی ہے جبکہ ٹریڈنگ کے دوران 44 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور 100 انڈیکس 43393.14 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کے دور میں 100 انڈیکس 3200 پوائنٹس تک گر گیا ہے۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.23 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 17 کروڑ 7 لاکھ 35 ہزار 940 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جبکہ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 180 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
معاشی ماہرین کے مطابق سیاسی محاذ آرائی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر بھی گراوٹ کی وجہ بن رہی ہے۔